پاکستانی روپے کے مقابلے میں امریکی ڈالر مزید مہنگا

کراچی: (ویب ڈیسک) پاکستانی روپے کے مقابلے میں امریکی ڈالر کی قدر میں اضافے کا سلسلہ جاری ہے۔
آج انٹر بینک تبادلہ مارکیٹ میں کاروبار کے اختتام پر ایک امریکی ڈالر کا بھاؤ 228 روپے 91 پیسے ہے۔ انٹربینک میں ڈالر کا بھاؤ گذشتہ روز 228 روپے 66 پیسے تھا۔
انٹربینک میں آج ڈالر 25 پیسے مہنگا ہوا ہے۔ ادھر اوپن مارکیٹ میں ڈالر 25 پیسے مہنگا ہو کر 239 روپے کا ہوگیا ہے۔

جاپانی کمپنی نے نوڈلز کا ذائقہ بتانے والا پہلا برقی نظام تیارکرلیا

ٹوکیو: (ویب ڈیسک) جاپان کی ایک کمپنی نے دنیا کا پہلا برقی آلہ بنایا ہے جو ایک قسم کے نوڈلز کا ذائقہ بتاسکتا ہے۔ یہ برقی نظام سوبا نامی نوڈلز کے مزیدار ہونے یا نہ ہونے کے متعلق آگاہ کرسکتا ہے۔ یہ میتھی کے ذائقے والے نوڈلز ہوتے ہیں۔
مقامی کمپنی یاٹسروگیگائکِن انکارپوریشن نے ایک زرعی یونیورسٹی کے تعاون سے ذائقہ شناخت کرنے والا نظام بنایا ہے۔ اعلیٰ ٹیکنالوجی پر مبنی نظام کے ایک حصے میں دو گرام نوڈلز رکھے جاتے ہیں۔ پھر اس پر بالائے بنفشی ( الٹراوائلٹ) ایل ای ڈی کی روشنی ڈالی جاتی ہے۔ اس کےاندرکا نظام نوڈلز میں پروٹین، فاسفولائپڈز اور ذائقے کی تشکیل کرنے والے دیگر اجزا کا اندازہ لگاتا ہے۔ صرف چند سیکنڈوں میں یہ ذائقہ ظاہر کرنے والے چار عوامل اسکرین پر بتاتا ہےجنن میں خوشبو، تازگی، ذائقہ اور سبزاجزا کا معیار شامل ہے۔
واضح رہے کہ جاپانی افراد غذا کے ذائقے کے معاملے میں بہت حساس ہوتے ہیں اور اس کے لیے خطیر رقم خرچ کرتے ہیں۔ وہاں نوڈلز رغبت سےکھائے جاتے ہیں اور ان کےمعیار کی بلند ترین قیمت بھی ادا کی جاتی ہے۔ یہی وجہ ہے کہ نوڈلز کے لیے پانی، ابالنے کا وقت، اور طریقہ کار کو بھی غیرمعمولی اہمیت دی جاتی ہے۔
نوڈلز کا ذائقہ بتانے والے اس نظام پر سات برس سے تحقیق جاری تھی جس کی اب پیٹنٹ (حقِ ملکیت) کی درخواست دائر کی جاچکی ہے۔

چین نے 70 منزلہ بلند ہوائی ٹربائن بنانے کا اعلان کردیا!

بیجنگ: (ویب ڈیسک) چین نے سمندر میں دنیا کی سب سے بلند ہوائی ٹربائن بنانے کا اعلان کیا ہے جو 70 منزل سے بھی اونچا ہوگا اور ایک ٹربائن ٹاور لگ بھگ 18 میگا واٹ بجلی بناسکے گا۔
ہر مرتبہ گھومنے پر یہ ونڈ ٹربائن نیشنل فٹ بال لیگ کے 12 میدانوں کے برابر وسیع ہوگی اور اس کی تینوں پنکھڑیوں کی لمبائی 128 میٹر ہوسکتی ہے۔ اس طرح سیارہ زمین پر یہ سب سے بڑی ونڈ ٹربائن ہوگی۔ اس کا تکنیکی نام مِنگ یانگ ایم وائی اس ای 16.0-242 رکھا گیا ہے۔
اسے سمندر میں نصب کیا جائے گا اور خاص طور پر شدید ہواؤں کو برداشت کرنے کے لیے بنایا گیا ہے۔ اگر ہوا 56 میٹر فی سیکنڈ کی تیزترین ہوا (بلکہ طوفان) بھی ہو اسے بھی یہ برداشت کرسکے گی۔ تاہم اگر ہوا کی رفتار 8.5 میٹر فی سیکنڈ سے بڑھ جائے تو اس کی پنکھڑیاں گھومنے لگتی ہیں اور بجلی کی پیداوار شروع ہوجاتی ہے۔ اگرچہ یہ ایک وقت میں 18 میگاواٹ بجلی بناسکتی ہے لیکن پورے سال 80 گیگا واٹ آور بجلی ایک ٹاور سے حاصل کی جاسکتی ہے۔
اس جناتی ونڈ ٹربائن کو سمندر کنارے لگانا بہت بڑا اور مہنگا چیلنج بھی ہوگا۔ تاہم وقت ہی بتائے گا کہ یہ منصوبہ کس طرح عمل سے گزرتا ہے۔

دس منٹ کی سی ٹی اسکین سے بلڈ پریشر کی عام وجہ اور علاج میں کامیابی

کیمبرج: (ویب ڈیسک) انسانی جسم میں ہارمون کے بعض غدود کی سرگرمی سے مستقل بلڈ پریشر کا عارضہ لاحق رہتا ہے۔ اب برطانوی ماہرین نے صرف 10 منٹ کے سی ٹی اسکین سے ان غدود کی شناخت اور علاج کا بالکل نیا طریقہ دریافت کیا ہے۔
کوئن میری ہسپتال، جامعہ کیمبرج اور بارٹس ہسپتال کے ڈاکٹرون نے ایک نئی قسم کا سٹی ٹی اسکین وضع کیا ہے جو ہارمون کے غدود پر بڑھنے والے ریشوں پر روشنی پھینک سکتا ہے اور پھر انہیں نکال باہر کرکے بلند فشارِ خون (ہائی بلڈ پریشر) کا علاج کیا جاسکتا ہے۔
یہ تحقیق نیچر میڈیسن میں شائع ہوئی ہے جس نے طب کو درپیش 60 سالہ مسئلہ حل کردیا ہے۔ ہائی بلڈ پریشر میں مبتلا 20 میں سے ایک مریض کے انہی غدود پر یہ ابھار (نوڈیولز) ہوتے ہیں۔ اس سے قبل ڈاکٹر ان کی تشخیص اور نکال باہر کرنے کی سرتوڑ کوششیں کرتے رہے اور ناکامی کا منہ دیکھنا پڑا۔
اس مطالعےمیں شامل افراد اوسطاً 128 ہائی بلڈ پریشر کے شکار تھے اور اسٹرائیڈ ہارمون کی وجہ سے ایسا ہورہا تھا۔ ماہرین نے سی ٹی اسکین کی مدد سے دیکھا کہ دو تہائی مریضوں میں ’ایلڈوسٹیرون‘ ہارمون کا افراز کچھ زیادہ ہے جو ان کے بدن کے ایک غدے (گلینڈ) سے آرہا تھا جسے ایڈرینل گلینڈ کہا جاتا ہے۔ ماہرین نے اس گلینڈ کے اوپر باریک ابھار نوٹ کئے۔ جب ان ابھار کو نکالا گیا تو مریضوں کا بلڈ پریشر قابو میں آنے لگا۔
لیکن وضع کردہ طریقہ بہت پیچیدہ اور بالکل نیا بھی ہے۔ اسکین کے دوران ایک تابکار (ریڈیو ایکٹو) ڈائی ’میٹومائڈیٹ‘ غدے پر ڈالی جاتی ہے جو باریک ابھار سے چپک کر روشنی خارج کرکے اس کی نشاندہی کرتی ہے۔ پھر اسے کامیابی سے نکال باہر کیا جاتا ہے۔ یہ طریقہ روایتی علاج کے مقابلے میں تیربہدف اور مؤثر ثابت ہوا ہے جس میں وقت کم لگتا ہے اور تکلیف بھی کم کم ہوتی ہے۔
اس سے قبل ایڈرینل غدود کے ابھار کو عام سی ٹی اسکین سے دیکھنے میں 99 فیصد ناکامی کا سامنا تھا۔ تاہم کئی برس کی محنت کے بعد اب بلڈ پریشر کی اس عجیب وغریب قسم میں مبتلا افراد کا کامیاب علاج کرنا ممکن ہے۔
کل 18 مریضوں پر اسے کامیابی سے آزمایا گیا ہے اور یوں اسے انسانوں پر بڑے پیمانے پر استعمال کیا جاسکتا ہے۔

نواز شریف ایک ماہ میں وطن واپس آ رہے ہیں، گورنر محمد بلیغ الرحمان

لاہور: (ویب ڈیسک) گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمان نے کہا کہ نواز شریف ایک ماہ میں وطن عزیز واپس آ رہے ہیں، قائد مسلم لیگ ن کا استقبال کرنے میں خود ائیر پورٹ جاؤں گا۔
سینئر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے گورنر پنجاب نے بتایا کہ مریم نواز بھی ایک ہفتے میں پاکستان پہنچ رہی ہیں۔
محمد بلیغ الرحمان نے کہا کہ پرویز الٰہی نے مجھ سے ون ٹو ون ملاقات میں کہا تھا وہ اسمبلی نہیں توڑنا چاہتے، پرویز الٰہی نے کہا تھا وہ اسمبلی نہ توڑنے پر عمران خان کو قائل کر لیں گے، نگران وزیر اعلیٰ پر اتفاق کے لئے بہت کوشش کی مگر کامیاب نہ ہو سکا۔
گورنر پنجاب کا کہنا تھا کہ نگران وزیراعلیٰ کے لئے پرویز الٰہی اور ملک احمد خان سے بات کی، دونوں نے ایک دوسرے کے نام مسترد کر دیئے، عام انتخابات مقررہ مدت میں ہونے چاہئیں، گورنر راج کے نفاذ پر کبھی سنجیدگی سے غور نہیں ہوا۔

سندھ بلدیاتی الیکشن میں دھاندلی، ثابت ہو گیا ای وی ایم کیوں نہیں آنے دی: عمران خان

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان نے کہا ہے کہ سندھ میں بلدیاتی الیکشن میں دھاندلی سے ثابت ہو چکا کہ الیکشن کمیشن، مجرموں کے گروہ اور انکے سرپرستوں نے ای وی ایمز کی راہ میں کیوں روڑے اٹکائے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے بیان میں سابق وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ اگر الیکشن کمیشن، ریاست اور پی ڈی ایم اسی قسم کے انتخابات چاہتے ہیں تو ملک کو وہ استحکام، جو انتخابات کے انعقاد سے جڑا ہے کبھی میسر نہ ہو گا، اس قسم کے دھاندلی زدہ انتخابات احتجاج، پولرائزیشن اور انتشار کی شدت میں مزید اضافے کا باعث بنیں گے۔
چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے کہا کہ سندھ میں تازہ ترین بلدیاتی انتخابات کے حوالے سے رپورٹس کے بعد واضح ہو چکا، پیپلز پارٹی آزادانہ و شفاف انتخابات میں قطعاً یکسو نہیں، پیپلز پارٹی ووٹوں کے حصول کیلئے طاقت، بلیک میلنگ، پولیس اور پیسے کا استعمال کرتی ہے، ای وی ایمز شفافیت اور نتائج کی فوری دستیابی ممکن بناتی ہیں۔
سابق وزیر اعظم عمران خان نے مزید کہا کہ ای وی ایمز سے دھاندلی اور نتائج میں ردو بدل کے دروازے بند ہوتے ہیں، بلدیاتی انتخابات کے وہ نتائج جنہیں بیشتر مقامات پر چند گھنٹوں ہی میں سامنے آ جانا چاہیئے تھا، کئی روز کی ناقابل فہم تاخیر سے موصول ہوئے جس سے بڑے پیمانے پر گڑبڑ کے امکانات ہیں۔

نائن الیون کے بعد کہا گیا مدرسے والا مولوی خطرناک، دہشتگرد ہے، فضل الرحمان

پشاور: (ویب ڈیسک) جمعیت علما اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ نائن الیون کے بعد کہا گیا مدرسے والا مولوی بڑا خطرناک اور دہشت گرد ہے، یہ تاثر پھیلایا اور پھر دینی مدارس کی رجسٹریشن بند کرا دی۔
مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ امریکا، نیٹو پر کسی نےحملہ نہیں کیا، وہ خود افغانستان پر حملہ کرنے آئے، 20 سال افغانستان پر بمباری کی گئی، 20 سال بعد پھر دوحہ میں مذاکرات کیے گئے۔
سربراہ جے یو آئی کا کہنا تھا کہ امریکا، مغربی دنیا طاقت، بارود کی بنیاد پر اپنا نظریہ، اپنا مذہب ہم پر مسلط کرنے کی کوشش کرے تو یہ دہشت گردی ہے۔
انہوں نے کہا کہ مدارس بارے بڑا غلط تاثر دیا گیا، آج دنیا میں بڑا کہا جاتا ہے کہ شفافیت ہونی چاہیے، جب دینی مدرسے کا اکاؤنٹ بند ہو گا تو شفافیت کا راستہ تو خود بند کر دیا، جب اکاؤنٹ چلے گا تو مکمل حساب کتاب کا پتا چلے گا۔

انڈونیشیا اور فلپائن زلزلے کے جھٹکوں سے لرز اُٹھے

جکارتا/منیلا: (ویب ڈیسک) انڈونیشیا کے جزیرے سولاویسی میں 7.1 اور فلپائن میں 6 شدت کا زلزلہ آیا جس سے شہری خوف زدہ ہو کر اپنے گھروں سے نکل کر کھلے میدان میں جمع ہوگئے۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق انڈونیشیا اور فلپائن میں زلزلے کے جھٹکے محسوس ہوئے ہیں جس سے ساحلی علاقوں پر مقیم مکینوں میں خوف و ہراس پھیل گیا اور شہری گھروں سے نکل آئے۔
انڈونیشیا کی جیو فزکس ایجنسی کا کہنا ہے کہ زلزلے کا مرکز میلونگوانے قصبے سے 141 کلومیٹر جنوب مشرق میں 64 کلومیٹر کی گہرائی میں تھا۔ جس کے بعد 10 آفٹر شاکس بھی آئے۔
جیو فزکس ایجنسی کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ سونامی کا کوئی خطرہ نہیں اور امریکا میں قائم پیسیفک سونامی وارننگ سینٹر نے بھی سونامی کے خطرے کی پہلے کی وارننگ کو منسوخ کر دیا۔
انڈونیشیا میں کئی مکانات کو نقصان پہنچا اور شہری گھروں سے باہر نکل کر کھلے میدان میں جمع ہوگئے۔ خوش قسمتی سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔
فلپائن کی زلزلہ پیما ایجنسی کے مطابق ملک کے جنوبی علاقوں میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے جن کی شدت انڈونیشیا کے مقابلے میں کم تھی۔ 6 شدت کے زلزلے کے جھٹکوں میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔

ایرانی صدر کا مظاہرین کیخلاف کریک ڈاؤن آپریشن جاری رکھنے کا عزم

تہران: (ویب ڈیسک) ایران کے صدر ابراہیم رئیسی نے ملک میں جاری پُرتشدد مظاہروں کے خلاف کریک ڈاؤن آپریشن جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا ہے۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق گزشتہ برس ستمبر میں حجاب درست طریقے سے نہ پہننے پر گرفتار ہونے والی نوجوان کرد لڑکی مھسا امینی کی زیر حراست ہلاکت پر ملک بھر میں مظاہرے تاحال جاری ہیں۔
ان پُرتشدد مظاہروں میں پولیس اور مظاہرین کے درمیان جھڑپیں بھی ہوئیں اور اب تک 500 سے زائد افراد ہلاک ہوچکے ہیں جن میں 46 پولیس اہلکار بھی شامل ہیں جب کہ 4 مظاہرین کو پھانسی پر چڑھایا جا چکا ہے۔
ایران کی حکومت نے ان مظاہروں کو مغربی قوتوں کی حمایت حاصل ہونے کا الزام عائد کرتے ہوئے کریک ڈاؤن آپریشن مزید سخت کردیا ہے اور اب تک ایک درجن سے زائد مظاہرین کو پھانسی کی سزا سنائی جا چکی ہے۔
4 مظاہرین کو تختہ دار پر لٹکانے اور مزید 12 سے زائد مظاہرین کو پھانسی کی سزا سنائے جانے پر امریکا سمیت عالمی رہنماؤں کی تنقید پر ایران کے صدر ابراہیم رئیسی نے تشدد میں ملوث افراد کی شناخت، ٹرائل اور سزا کے عمل کو جاری رکھنے پر اصرار کیا۔
صدر ابراہیم رئیسی کا کہنا تھا کہ مغربی ممالک کی ایران کو کمزور کرنے کی سازش کو کامیاب ہونے نہیں دیں گے۔ امن کو تہہ و بالا کرنے والے مظاہرین کے ساتھ ریاست سختی سے نمٹے گی۔
انسانی حقوق کی تنظیم کا کہنا ہے کہ پُر تشدد مظاہرین کے خلاف کریک ڈاؤن کی نگرانی صدر ابراہیم رئیسی خود کر رہے ہیں بالکل اسی طرح جیسے 1988 میں انھوں نے بطور پراسیکیوٹر سیاسی قیدیوں کو سزائیں دلوانے میں اہم کردار ادا کیا تھا۔
یاد رہے کہ 1988 میں خمینی انقلاب کے مخالف سیاسی قیدیوں کو اُس وقت قائم کی گئی حکومتی ڈیتھ کمیٹی نے موت کی سزائیں دی تھیں۔ اس کمیٹی میں ابراہیم رئیسی پراسیکیوٹر شامل تھے وہ نائب جج بھی رہے تھے۔

یوکرین میں ہیلی کاپٹراسکول پرگر گیا؛ بچوں اور وزیر سمیت 18 ہلاک

کیف: (ویب ڈیسک) یوکرین کے شہر برووری میں ہنگامی ڈیوٹی پر مامور ہیلی کاپٹر گر کر تباہ ہوگیا جس کے نتیجے میں 18 افراد ہلاک اور 29 زخمی ہوگئے۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق یوکرین کے ایمرجنسی ریسکیو ہیلی کاپٹر میں وزیر داخلہ اور دو اہم سرکاری عہدیداروں سمیت 9 افراد سوار تھے اور نامعلوم مقام کی جانب جا رہے تھے۔
پرواز بھرنے کے تھوڑی دیر بعد ہیلی کاپٹر ہچکولے کھاتے ہوئے زمین بوس ہوگیا۔ ہیلی کاپٹر میں سوار تمام افراد سمیت جہاں ہیلی کاپٹر گرا وہاں موجود مزید 7 افراد ہلاک ہوگئے۔
ہیلی کاپٹر گرنے کے مقام پر بڑی تعداد میں شہری اور بچے موجود تھے اس لیے حادثے میں 3 بچے بھی ہلاک ہوئے جب کہ 29 زخمیوں میں بھی 15 بچے شامل ہیں۔
سرکاری میڈیا نے ابتدا میں یہ بتایا تھا کہ ہیلی کاپٹر ایک پرائمری اسکول پر گرا تھا تاہم بعد میں کہا گیا کہ ہیلی کاپٹر ایک نرسری کے نزدیک گرا تھا جہاں بڑی تعداد میں بچے مقیم تھے۔
یہ بھی کہا جا رہا ہے کہ ہیلی کاپٹر پہلے پرائمری اسکول سے ٹکرایا اور پھر نزدیکی عمارت کے قریب گر کر مکمل طور پر تباہ ہوگیا اور اس میں آگ بھڑک اُٹھی تھی۔
تاحال ہیلی کاپٹر حادثے کی وجہ کا تعین نہیں ہوسکا ہے تاہم حادثے کے وقت تاریکی تھی اور فوگ کی وجہ سے حد نگاہ نہ ہونے کے برابر تھی۔ واقعے کی تحقیقات کے لیے انکوائری کمیٹی تشکیل دیدی گئی۔