چپکلی کی نئی قسم دریافت

پیرو: (ویب ڈیسک) جنوبی امریکہ کے ملک پیرو میں چپکلی کی نئی نسل دریافت ہوئی ہے۔
غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق پیرو کے نیشنل پارک اوتیشی سے دریافت ہونے والی چپکلی سائنس کے خزانے میں ایک نیا اضافہ ہے۔
اینڈیز پہاڑی سلسلے میں حیاتیاتی تحفظ کے تحت قائم قومی پارک میں ماہرین کو کسکو کے علاقے سے یہ نئی چپکلی ملی جو گہرے سرمئی رنگ کی ہے جبکہ اس کے جسم پر پیلے رنگ کے نشانات بھی موجود ہیں اور اس چپکلی کی دم پورے دھڑ سے بھی بڑی ہے۔
دریافت ہونے والی چپکلی کو “پروکٹو پورس ٹائٹنز” کا نام دیا گیا ہے اور یہ بلند پہاڑوں پر پائی جاتی ہے دریافت ہونے والی چپکلی بھی سطح سمندر سے تقریبا 3 ہزار 200 میٹر کی بلندی پر پائی گئی ہے۔
پیرو کے نیشنل پارک اوتیشی کا رقبہ ساڑھے 7 لاکھ ایکڑ ہے اور یہ طویل پہاڑی سلسلے پر پھیلا ہوا ہے۔

اس وقت نئی فوجی قیادت سے کوئی تعلق نہیں ہے، عمران خان

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) سابق وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ ان کا اس وقت نئی فوجی قیادت سے کوئی تعلق نہیں ہے، اور یہ حکومت اپریل میں الیکشن کرانے پر مجبور ہو جائے گی۔
بی بی سی اردو کو خصوصی انٹرویو دیتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ آج تک کون سا سیاسی رہنما آیا ہے جو اپنی حکومت گرا دیتا ہے جو کہ 70 فیصد پاکستان ہے، یہ حکومت آکشن کے ذریعے آئی ہے، الیکشن کے ذریعے نہیں۔
انہوں نے الزام لگایا کہ وزیر اعظم شہباز شریف کی حکومت ہارس ٹریڈنگ کے ذریعے آئی ہے جس نے 20، 25 کروڑ روپے دے کر لوگوں کو خریدا، جنرل باجوہ نے ہمارے اوپر بٹھانے کے لیے ان کی مدد کی۔ انہوں نے حکومت میں آ کر گیارہ سو ارب روپے کے کرپشن کیسز ختم کروائے۔ ہماری معیشت کا بیڑہ غرق کر کے رکھ دیا اورکبھی پاکستان کے معاشی حالات وہ نہیں جو آج ہیں۔
عمران خان نے انٹرویو میں کہا کہ ان تمام مسائل کا حل صاف و شفاف انتخابات ہیں، جب تک پاکستان میں الیکشن نہیں ہوتے، کیونکہ نہ اندر سے کوئی سرمایہ کار، کاروباری شخصیت ان پر اعتماد رکھتا ہے، نہ باہر سے کوئی ان پر اعتماد رکھتا ہے۔
ہم ایک دلدل میں ڈوبتے جا رہے ہیں، سری لنکا جیسی صورتحال سے بچانے کے لیے حل ایک ہی ہے فری اینڈ فیئر الیکشن ہے، اس وجہ سے ہم نے اپنی دو حکومتیں گرائی ہیں۔
انتخابات کے بارے میں بات کرتے ہوئے سابق وزیراعظم نے کہا کہ اس وقت دو مہینے بھی بہت دور لگ رہے ہیں، ہمیں یہ خطرہ ہے کہ جس طرح ہماری معیشت گِر رہی ہے، ہمارے چار ارب ڈالر کے ذخائر رہ گئے ہیں۔ بندرگاہ پر چار ارب کی چیزیں پڑی ہیں جو اٹھا نہیں رہے۔ چیزیں مہنگی ہو رہی ہیں، بے روزگاری، فیکٹریاں بند ہو رہی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ہمیں ان کے دو ماہ اور گزارنا مشکل لگ رہا ہے، میری اپنی پیشگوئی ہے کہ جو بھی ہوجائے، یہ حکومت اپریل میں الیکشن کرانے پر مجبور ہوجائے گی۔
سابق وزیر اعظم نے دعویٰ کیا کہ اسٹیبلشمنٹ نے پرویز الہی پر پورا زور لگایا کہ وہ ن لیگ کے وزیر اعلی بن جائیں یاعمران خان کے کہنے کے باوجود وزارت اعلیٰ نہ چھوڑیں۔ لیکن ہم نے فیصلہ کیا تھا ہم اسمبلیوں کو تحلیل کریں گے۔
پرویز الہی نے ہم سے وفاداری نبھائی اور ہمیں وفاداری واپس دینی تھی۔ وہ یہ ہے کہ وہ تحریک انصاف میں ضم ہوجائیں گے اور ہماری پارٹی کا حصہ بن جائیں گے۔
فوجی قیادت کے بارے میں بات کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ ان سے کوئی یہ سوال پوچھے کہ انھوں نے سازش کر کے ہماری حکومت کیوں گرائی تھی؟ جبکہ 17 سال میں ہماری سب سے بہتر معاشی کارکردگی تھی۔ ہم کون سی کوئی غلطی کر رہے تھے جو انھوں نے ایک آرمی چیف کے ساتھ مل کر ہماری حکومت گرائی، اس کے بعد ان سے سنبھالی نہیں گئی۔ آج اٹھا کر دیکھ لیں پاکستان میں اپریل میں کدھر کھڑا تھا اور آج کدھر کھڑا ہے۔
میری دفعہ اپوزیشن نے تین لانگ مارچز کیے تھے، سارا وقت انھوں نے میری حکومت پر تنقید کی، اس کے باوجود ہم ترقی کر رہے تھے۔
بی بی سی اردو کی جانب سے پوچھے گئے سوال پر کہ نئے آرمی چیف جنرل عاصم منیر کے ساتھ عمران خان اور ان کی جماعت کے کیسے روابط ہیں اور آیا انھوں نے صدر عارف علوی کی مدد سے نئی قوجی قیادت کے ساتھ رابطے قائم کیے ہیں، عمران خان نے کہا ہارا اس وقت نئی فوجی قیادت سے تو کوئی ریلیشن شپ نہیں۔

اوورسیز کو ووٹنگ سے روکنے کیلئے پولنگ کا طریقہ مشکل بنا دیا گیا: سپریم کورٹ

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) سپریم کورٹ نے کہا ہے کہ اوورسیز پاکستانیوں کو ووٹنگ سے روکنے کیلئے پولنگ کا طریقہ کار مشکل بنا دیا گیا۔
سپریم کورٹ میں سمندر پار پاکستانیوں کو ووٹ کا حق دینے کے کیس کی سماعت ہوئی، عدالت نے عمران خان اور شیخ رشید کی درخواستوں پر الیکشن کمیشن کو نوٹس جاری کر دیا۔
معاونت کے لیے اٹارنی جنرل اور نادرا کو بھی نوٹسسز جاری کیے گئے، وکیل داؤد غزنوی کی الیکشن ایکٹ ترمیم کیخلاف اپیل پر بھی نوٹس جاری کیا گیا۔
جسٹس اعجازالاحسن نے استفسار کیا کہ اوورسیز پاکستانیوں کو ووٹ ڈالنے پاکستان آنا ہوگا یا باہر رہ کر بھی ووٹ ڈال سکتے ہیں، بظاہرووٹنگ کا طریقہ اتنا مشکل بنا دیا گیا ہے کہ اوورسیز ووٹ ڈال ہی نہ سکیں، ووٹ کا حق ختم نہیں کیا گیا مسئلہ صرف طریقہ کار کا ہے۔
درخواست گزار کے وکیل نے موقف اختیار کیا کہ سپریم کورٹ نے اپنے فیصلے میں سمندر پار پاکستانیوں کو ووٹ کا حق دیا تھا، الیکشن ایکٹ میں ترمیم عدالتی فیصلے کی روح کے خلاف ہے، عدالت کے حکم پر نادرا نے سسٹم بنایا اور ضمنی انتخابات میں تجربہ ہوا تھا، ضمنی انتخابات میں کوئی اعتراض سامنے نہیں آیا، ترمیم کر کے دوبارہ پائلٹ پراجیکٹ کرنے کا کہا گیا تاکہ قانون سازی ہو سکے۔
عدالت نے کہا نادرا اور الیکشن کمیشن معاونت کریں کہ بنایا گیا سسٹم معیار کے مطابق ہے یا نہیں، کیس کی سماعت مزید 2 ہفتے کیلئے ملتوی کر دی گئی۔

عمران خان دور میں نیب آرڈیننس سے بری اور مستفید ہونے والوں کی تفصیلات طلب

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) سپریم کورٹ نے عمران خان کے دور میں نیب آرڈیننس سے بری اور مستفید ہونے والوں کی تفصیلات طلب کر لیں۔
چیف جسٹس پاکستان کی سربراہی میں سپریم کورٹ کے تین رکنی خصوصی بینچ نے نیب ترامیم کیس کے خلاف عمران خان کی درخواست پر سماعت کی۔
سپریم کورٹ نے عمران خان کے دور میں نیب آرڈیننس سے بری اور مستفید ہونے والوں کی تفصیلات طلب کر لیں۔
چیف جسٹس پاکستان نے کہا کہ یہ بھی حقیقت ہے نیب ترامیم کے بعد 386 کیسز احتساب عدالتوں سے واپس ہوئے۔
وفاقی حکومت کے وکیل مخدوم علی خان نے دلائل دئیے کہ جسٹس اعجازالاحسن نے آبزرویشن دی کہ 386 کیسز میں سے کتنے اراکین پارلیمنٹ کے تھے، عدالت یہ بھی پوچھ سکتی تھی کہ تحریک انصاف کے ساڑھے تین سالہ دور میں 5 نیب آرڈیننس لائے گئے، اس وقت کتنے نیب ریفرنس واپس اور افراد بری ہوئے۔
وکیل نے کہا کہ عدالت یہ بھی پوچھے کہ تحریک انصاف کے آرڈیننسز سے بری ہونے والے ملزمان میں کون کون شامل ہے، نیب قانون میں حالیہ ترامیم پرانے قانون کا ہی تسلسل ہے، عدالت خود کو 386 نیب کیسز تک محدود نہ رکھے۔
چیف جسٹس پاکستان نے وکیل سے کہا کہ آپ بتا دیں نیب سے کیا سوالات پوچھیں نوٹ کرا دیتے ہیں۔
وکیل مخدوم علی خان نے کہا نیب بتائے کہ پی ٹی آئی کے آرڈیننسز کے ذریعے کتنے ریفرنس واپس ہوئے؟ نیب بتائے کہ نیب آرڈیننسز سے کتنے افراد بری ہوئے اور ٹرائل کورٹ نے بریت کی کتنی درخواستیں واپس کیں؟
جسٹس منصور علی شاہ کا کہنا تھا کہ اگر نیب کو ختم کر بھی دیا جائے تو جرائم کے سد باب کے لیے دیگر قوانین موجود ہیں، ایسا کہنا درست نہیں کہ نیب کیسز سے بری ہونے والے صاف شفاف ہونے والے گھر چلے جاتے ہیں، یہ تاثر غلط ہے کہ نیب ختم ہو جانے سے قانون کی گرفت بھی ختم ہو جائے گی۔
جسٹس اعجازالاحسن نے ریمارکس دئیے کہ تحریک انصاف کا موقف ہے کہ نیب کیسز میں جرم ثابت کرنے کا معیار ہی بدل دیا گیا ہے، سوال یہ بھی اہم ہے کہ نیب کیسز میں سزائیں ہونے کے بعد حالیہ ترامیم کا اطلاق ماضی سے کیسے ہو سکتا ہے؟ ایسا نہیں ہو سکتا کہ نیب قانون میں ترامیم لا کر اطلاق 1985 سے کر دیا جائے۔
جسٹس اعجازالاحسن نے کہا کہ نیب قانون میں حالیہ ترامیم عظیم ایمنسٹی ہیں اور یہ بڑی عجیب بات ہے، مجھے یہ بھی پتا ہے کہ نیب قوانین کے علاوہ دیگر قوانین بھی موجود ہیں، اگر احتساب عدالت جرم سے بری کر دے تو ملزم گھر ہی جائے گا، کیس کے دوران میرے کیے گئے سوالات عارضی نوعیت کے ہیں۔
بعدازاں پریم کورٹ آف پاکستان نے نیب ترامیم کیس کے خلاف عمران خان کی درخواست پر کیس کی سماعت 19 جنوری تک ملتوی کردی۔

وزیر اعلیٰ سندھ کا حافظ نعیم الرحمان سے ٹیلی فونک رابطہ

کراچی: (ویب ڈیسک) وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے وزیر اعلیٰ کا امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمان سے ٹیلی فونک رابطہ ہوا ہے۔
اس موقع پر وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے حافظ نعیم الرحمان کو یقین دہانی کروائی کہ ان کے جو بھی جائز خدشات ہیں ان کو دور کیا جائے گا۔
وزیر اعلیٰ سندھ کا کہنا تھا کہ جماعت اسلامی کے جو الیکشن کمیشن سے مسائل ہیں ان پر الیکشن کمیشن سے رابطہ کریں، جو مسائل سندھ حکومت سے ہیں، ان کے حل کے لئے سندھ حکومت غیر جانبدارانہ کردار ادا کرے گی۔

وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ نجی دورے پر لندن روانہ

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما اور وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ نجی دورے پر آج دوپہر لندن روانہ ہوگئے ہیں۔
رانا ثناء اللہ نجی پرواز کے ذریعے اسلام آباد انٹر نیشنل ایئر پورٹ سے لندن روانہ ہوئے، رانا ثناء اللہ لندن میں پاکستان مسلم لیگ (ن) کے قائد اور سابق وزیراعظم نواز شریف سے اہم ملاقات کریں گے
وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ پاکستان مسلم لیگ (ن) پنجاب کے صدر بھی ہیں، اس حیثیت سے وہ پارٹی قائد کو پنجاب اور ملک کی مجموعی سیاسی صورتحال سمیت اہم امور پر تفصلات سے آگاہ کریں گے۔

ن لیگ نے پارلیمانی کمیٹی کے ناموں کی منظوری دے دی

لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی اتحادی حکومت کے بعد اپوزیشن نے بھی پارلیمانی کمیٹی کے 3 ناموں کی منظوری دے دی ہے۔
پنجاب میں نگران وزیر اعلیٰ کے تقرر کے لئے اپوزیشن کی پارلیمانی کمیٹی میں ملک احمد خان، حسن مرتضیٰ اور خلیل طاہر سندھو کے نام شامل ہیں۔
خیال رہے کہ حکومتی اتحاد کی جانب سے پارلیمانی کمیٹی کے لئے میاں اسلم اقبال، راجہ بشارت اور ہاشم جواں بخت کے نام پہلے ہی سپیکر کو بھجوا دیے گئے ہیں۔

آئندہ ہفتے ڈالرز آئیں گے تو زرمبادلہ ذخائر بڑھ جائیں گے: گورنر سٹیٹ بینک

کراچی: (ویب ڈیسک) گورنر سٹیٹ بینک جمیل احمد نے کہا ہے کہ ڈالرز دیکھ کر امپورٹ کا فیصلہ کرتے ہیں، اگلے ہفتے سے ڈالرز آئیں گے تو زر مبادلہ کے ذخائر بڑھنا شروع ہو جائیں گے۔
فیڈریشن آف پاکستان چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹریز (ایف پی سی سی آئی) میں خطاب کرتے ہوئے گورنر سٹیٹ بینک جمیل احمد نے کہا ہے کہ ہمیں کاروبار کو سہولت دینی ہے، کرنٹ اکاؤنٹ خسارے کے سبب ہمیں کچھ اقدامات کرنے پڑے۔
انہوں نے کہا کہ ہماری امپورٹس کم ہوئی ہیں، 33 ہزار ایل سیز کے کیسز کلیئر کیے ہیں، ایل سی کو جانچنے میں کافی وقت لگتا ہے، ایل سیز جلد کھول دیں گے۔
ان کا کہنا تھا بینکس سے کہا ہے کہ خوراک، ادویات اور تیل کو ترجیح میں رکھیں، ہم نے ایکسپورٹ کے لیے امپورٹ مال کو ترجیح دی ہے، زرعی شعبے کے لیے امپورٹ میں سہولت پیدا کر رہے ہیں، مزید ڈالرز آتے ہی مزید امپورٹس کو سہولت دینے کا منصوبہ ہے، ڈالرز کو دیکھتے ہوئے ہی امپورٹ کا فیصلہ کرنا ہوتا ہے۔
گورنر اسٹیٹ بینک کا کہنا تھا اگر امپورٹرز ڈالر کا بندوبست کرتے ہیں تو ہمیں اعتراض نہیں ہو گا، ایکسپورٹرز کو اپنے ڈالرز سے امپورٹ کا بندوبست کرنے کی اجازت ہے۔
ان کا کہنا تھا اگلے ہفتےسے ملک میں ڈالرز آنا شروع ہو جائیں گے، اب زرمبادلہ ذخائر بڑھنا شروع ہوں گے، کچھ مال بلا اجازت امپورٹ کے سبب بھی پورٹ پر پھنسا ہوا ہے، شرح سود کے بارے میں فی الحال کچھ نہیں کہہ سکتا۔

بلدیات کے تمام تر اختیارات بیوروکریسی کے سپرد

لاہور: (ویب ڈیسک) گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمان نے صوبے میں ایڈمنسٹریٹرز کی تعیناتی کا گزٹ نوٹیفیکیشن جاری کر دیا جس میں بلدیات کے تمام تر اختیارات بیوروکریسی کے سپرد کر دیے گئے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق صوبے کے بلدیاتی نظام کو چلانے کے لئے نئے ایڈمنسٹریٹز کا گزٹ نوٹیفکیشن کردیا گیا ہے، گورنر پنجاب نے کیبنٹ کمیٹی کی منظوری کے بعد گزٹ نوٹیفیکیشن جاری کرنے کے احکامات دیے ہیں جس میں لوکل گورنمنٹ ایکٹ 2022ء کے تحت ایڈمنسٹریٹرز کو بحال کیا گیا ہے۔
صوبے کی 11 میٹروپولیٹن کارپوریشنز کے سربراہ کمشنر ہوں گے، سیمی اربن علاقوں کی گیارہ ڈسٹرکٹ کونسلز کے سربراہ ڈپٹی کمشنرز ہوں گے۔
جاری نوٹیفیکیشن کے مطابق دیہاتی علاقوں کی 30 ڈسٹرکٹ کونسلز کے ایڈمنسٹریٹرز بھی ڈپٹی کمشنرز ہوں گے جبکہ یونین کونسلز کے سربراہ متعلقہ اسسٹنٹ ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ ہوں گے۔

روس سے سستا تیل اور گیس کی خریداری پر مذاکرات شروع

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) روس سے سستے تیل اور ایل این جی کی خریداری کے معاملے پر پاکستان سٹریم گیس پائپ لائن پر تین روزہ مذاکرات شروع ہو گئے۔
ذرائع کے مطابق آج پہلے روز ماہرین کی سطح پر مذاکرات ہو رہے ہیں جو بین الحکومتی کمیشن کی سطح پر ہو رہے ہیں جبکہ کل ہونے والے اجلاس میں دونوں ملکوں کے وزراء بھی شریک ہوں گے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ وزارتی سطح کے اجلاس میں پاکستان کی نمائندگی ایاز صادق کریں گے اور وزیر مملکت پیٹرولیم مصدق ملک بھی شریک ہوں گے۔
ذرائع کے مطابق روس کے وزیر توانائی آج پاکستان پہنچ رہے ہیں، مذاکرات میں روس سے خام تیل، پیٹرول اور ڈیزل کی سستے داموں خریداری پربات ہوگی۔
ذرائع کا کہنا ہےکہ روس سے ایل این جی کا حصو ل اورپاکستان سٹریم گیس پائپ لائن کی تعمیر کامعاملہ بھی ایجنڈے میں شامل ہے۔