بدنام کرنے پر فیروز خان نے شوبز شخصیات کو نوٹس بھجوا دئیے

کراچی: (ویب ڈیسک) پاکستانی اداکار فیروز خان نے اپنے خلاف ٹوئٹس کرنے پر متعدد شوبز شخصیات کو قانونی نوٹس بھجواتے ہوئے 15 دن میں تحریری معافی مانگنے کا مطالبہ کیا ہے۔
جس کی تصدیق فیروز خان نے ٹوئٹ کے ذریعے کی، انہوں نے لکھا کہ ان تمام شخصیات کو قانونی نوٹس بھیج دیا ہے، جنہوں نے ان کے خلاف سوشل میڈیا پر جھوٹی مہم چلائی۔
فیروز خان کے وکیل فائق علی جاگیرانی نے بھی ایک ویڈیو کے زریعے تصدیق کی، اور کہا کہ انہوں نے اداکار کی ہدایت پر متعدد شوبز شخصیات کوفیروز خان کو بدنام کرنے کا قانونی نوٹس بھیج دیا ہے۔
اس فہرست میں ان کی سابق اہلیہ علیزے فاطمہ، آسکر ایوارڈ یافتہ ہدایت کارہ و پروڈیوسر شرمین عبید چنائے، گلوکار عاصم اظہر، اداکار خالد عثمان بٹ، ثروت گیلانی، ہدایت کار مصدق ملک، اداکارہ ایمن خان، منال خان اور اداکارہ میرا سیٹھی کے نام شامل ہیں۔
اداکار کے وکیل کے مطابق قانونی نوٹس میں تمام شخصیات کو 15 دن کی مہلت دی گئی ہے، جس میں ان سے تحریری معافی مانگنے کا مطالبہ کیا گیا ہے، اگر وہ ایسا نہیں کرتے ہیں تو ان پر ہرجانے کا مقدمہ دائر کیا جائے گا۔
درخواست میں موقف اپنایا گیا ہے کہ مذکورہ شخصیات نے شواہد کے بغیر ہی ان کے مؤکل کے خلاف سوشل میڈیا پر جھوٹی مہم چلائی اور انہیں بدنام کیا۔
جبکہ وکیل نے یہ بھی دعوی کیا ہے کہ فیروز خان کے خلاف عدالت میں کوئی بھی گھریلو تشدد کا مقدمہ زیر سماعت نہیں ہے۔
واضح رہے فیروز خان اور علیزے فاطمہ نے شادی کے 4 سال بعد ستمبر 2022 میں راہیں جدا کر لی تھیں، اور ان کی اہلیہ نے ان پر گھریلو تشدد کا الزام لگا کر سوشل میڈیا پر تصاویر بھی شئیر کی تھیں۔
علیزے نے اپنی انسٹا پوسٹ میں لکھا تھا کہ انہیں اس رشتے میں بے وفائی اور بلیک میلنگ کا بھی سامنا کرنا پڑا، اور بہت سوچنے کے بعد میں اس نتیجے پر پہنچی ہوں کہ میں اپنی پوری زندگی اس خوفناک ماحول میں نہیں گزار سکتی، میں نہیں چاہتی کہ میرے بچے ایسے تشدد زدہ ماحول میں پرورش پائیں، میرے بچوں کی بھلائی کیلئے یہ فیصلہ اہم تھا۔ میں اپنے بچوں کو سکھاؤں گی کہ کوئی زخم اتنا گہرا نہیں ہوتا کہ بھر نہ سکے۔
جس کے بعد کئی نامور ستاروں نے فیروز خان کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا، اور ان سے لاتعلقی کا اظہار بھی کیا۔ یاد رہے فہروز خان اور علیزے فاطمہ کے دو بچے ہیں، جو اس وقت والدہ کے پاس ہیں۔

بجلی کی قیمت میں 10روپے سے زائد کمی کا امکان

کراچی: (ویب ڈیسک) کے الیکٹرک نے 10 روپے 26 پیسے کمی کی درخواست نیپرا میں جمع کرا دی۔
کے الیکٹرک نے دسمبر کے لیے ماہانہ فیول ایڈجسٹمنٹ کی مد میں کمی کی درخواست کر دی جس میں نیپرا سے 10 روپے 26 پیسے فی یونٹ بجلی کم کرنے کی درخواست کی گئی ہے۔
نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) کے الیکٹرک کی درخواست پر 30 جنوری کو سماعت کرے گی اور بجلی کی فی یونٹ کمی کی صورت میں کے الیکٹرک صارفین کو 12 ارب روپے کا ریلیف ملے گا۔
اس سے قبل نیپرا نے کے الیکٹرک کے لیے بجلی کی قیمت میں ایک روپے 49 پیسے سے لے کر 4 روپے 49 پیسے تک اضافے کی منظوری دی تھی اور یہ ایڈجسٹمنٹ اکتوبر، نومبر، دسمبر 2022 اور جنوری 2023 میں استعمال کیے گئے یونٹ پر چارج کرنے کا فیصلہ کیا گیا تھا جو جنوری سے اپریل 2023 تک 4 ماہ میں وصول کی جائے گی۔

ٹوئٹر پر تنقید : طالبان کے خریدے ہوئے ”بلیو ٹک” غائب

لاہور : (ویب ڈیسک) ٹوئٹر نے طالبان کے خریدے ہوئے تصدیق شدہ بلیو ٹک مسترد کر دئیے ہیں۔
صارفین کی جانب سے سوشل میڈیا پلیٹ فارم کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا گیا اور کئی صارفین نے تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے تصدیق شدہ اکاونٹس کے خلاف رپورٹس بھی کی گئیں، جس کے بعد طالبان عہدیداروں کے بلیو ٹک ‘غائب’ ہو گئے ہیں۔
افغانستان میں اب تک دو طالبان رہنما اور ان کے چار حامی اکاؤنٹس بلیو ٹک کا استعمال کر رہے تھے۔
برطانوی نشریاتی ادارے کی رپورٹ کے مطابق طالبان حکومت کے محکمہ اطلاعات تک رسائی کے سربراہ ہدایت اللہ ہدایت اور ذرائع ابلاغ کے سینئر عہدیدار عبدالحق حماد کا ٹوئٹر اکاؤنٹ پیر تک ویریفائیڈ تھا۔ جن کے فالوررز کی تعداد ایک لاکھ 87 ہزار اور ایک لاکھ 70 ہزار ہے۔
گزشتہ روز طالبان رہنماؤں کو بھی ٹوئٹر نے بلیو ٹک کی سہولت فراہم کر دی تھی، جس کے بعد طالبان رہنماوں کی جانب سے ایلون مسک کے لیے تعریفی ٹویٹ بھی کی گئیں، طالبان اہلکار نے ٹوئٹر کے سربراہ کی تعریف کرتے ہوئے لکھا کہ ایلون مسک ٹوئٹر کو دوبارہ سے عظیم بنا رہے ہیں۔
واضح رہے طالبان بھی ٹوئٹر کے تصدیقی فیچر کے استعمال کے لیے ٹوئٹر کو ادائیگیاں کررہے ہیں، ٹوئٹر پر صارفین کے تصدیقی اکاونٹ لیے پیڈ سروس دسمبر 2022 میں متعارف کرائی گئی تھی جس کے تحت بلیو ٹک کے خواہشمند افراد کو آٹھ ڈالر ماہانہ ادا کرنے ہوں گے۔

خیبرپختونخوا کابینہ نے جاتے جاتے اہم فیصلے کر دیے

خیبرپختونخوا: (ویب ڈیسک) خیبرپختونخوا کابینہ کے آخری اجلاس میں 15 نکاتی ایجنڈے میں بڑے بڑے فیصلے کیے گیے۔
اجلاس میں اساتذہ کے دیرینہ مطالبے پرصوبے کے ایک لاکھ 30 ہزار اساتذہ کی اپ گریڈیشن کر دی گئی، ۔کلائمیٹ چینج کے تناظر میں اربن پالیسی اور ایکشن پلان کی منظوری دے دی گئی۔
خیبرپختونخوا وقار نسواں کمیشن ترمیمی بل کی منظوری بھی ایجنڈے میں شامل تھی۔
ایجنڈے میں مینگورہ گریٹر گریوٹی واٹر سپلائی سکیم کے لئے اراضی حاصل کرنے کی منظوری، امید اسپیشل ایجوکیشن سکول کے لئے مالی سال 2022-23 کا 5 ملین روپے گرانٹ بھی منظور کر لی گئی۔
بنوں کی تحصیل ککی میں ریسکیو 1122 اسٹیشن کے قیام کے لئے 3 کنال اراضی کے ٹرانسفر کی منظوری، ۔محکمہ پولیس میں چار سال قبل پبلک سروس کمیشن کے ذریعے منتخب ہونے والے 77 اے ایس آئیز کو عمر میں رعایت کی منظوری، صوبے کے 20 حساس اضلاع میں گاڑیوں کی بلٹ پروفنگ کے لئے 180 ملین روپے ضمنی بجٹ کی فراہمی بھی منظور کر لی گئی ہے۔
جانوروں کی بیماری زونوٹک کے تدارک لئے ڈیزیز کنٹرول ایکٹ 2022اور خیبرپختونخوا اینمل ویلفیئر ایکٹ 2022 کی منظوری، مالی سال 2022-23 کے لئے شاہراہوں کی تعمیر کے لئے 19 ہزار 414ملین روپے کی سالانہ بجٹ کی منظوری، بورڈ آف جنرل پراویڈنٹ فنڈ کے لئے سرکاری ملازمین کی جانب سےگریڈ 19 کے آفیسر عدیل شاہ کی بطور ممبر نامزدگی کی منظوری، ایجوکیشنل اینڈ ٹریننگ انسٹی ٹویشن آرڈیننس 1971 کا دائرہ صوابی ماڈل سکول کوٹھا تک بڑھانے کی منظوری جبکہ چترال فارسٹ ڈویژن کے فارسٹر شہید جمشید اقبال کے لئے خصوصی معاوضہ پیکج کا اعلان کیا گیا ہے۔
ایجنڈے میں انیگریٹڈ ٹورزم ڈیویلپمنٹ پروجیکٹ کے تحت ایبٹ آباد ٹھنڈیانی روڈ امپرومنٹ اور اپ گریڈیشن کی منظوری اور پشاور پریس کلب کے لئے 5 ، سوات پریس کلب کے لئے 2 کروڑ،، نوشہرہ پریس کلب کے لئے 50 لاکھ ونٹ ٹائم گرانٹ کی منظوری بھی شامل ہے۔

10سے 15 دن میں وفاقی حکومت سے بھی جان چھوٹ جائے گی، فواد چودھری

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) رہنما تحریک انصاف اور سابق وفاقی وزیر فواد چودھری نے کہا ہے کہ میرے خیال میں 10 سے 15 دن میں وفاقی حکومت سے بھی جان چھوٹ جائے گی۔
فواد چودھری نےکہا کہ قانون کے مطابق جس کے پاس مبرز سب سے زیادہ ہوں اپوزیشن لیڈ ر ان کا ہوگا، اپوزیشن لیڈر، پارلیمانی لیڈر اور چیئرمین پی اے سی کا عہدہ پی ٹی آئی کو دیں۔ ہم توپہلے سے استعفے قبول کرنے کے لیے اصرار کررہے تھے، اب بہتر ہے کہ باقی ملک میں بھی عام انتخابات کی طرف بڑھے، تقریبا 800میں سے 500نشست پر الیکشن ہونےجارہے ہیں۔ پی ڈی ایم حکومت نے احمقانہ فیصلے کیے ہیں یہ ہماری گیم میں آگئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ہم عام انتخابات کیطرف جانا چاہتے ہیں ،لائحہ عمل واضح ہے اور صدرمملکت اب بھی وزیراعظم کو اعتماد کے ووٹ کا کہہ سکتے ہیں، جن بوتل سے باہر آگیا ہے اب یہ سنبھال نہیں پائیں گے۔

حکومت نے آئی ایم ایف پروگرام کی بحالی کیلئے حکمت عملی تیار کر لی

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) حکومت کے اعلیٰ پالیسی سازوں نے آئی ایم ایف پروگرام کی بحالی کے لیے تعطل کو توڑنے کے لیے ایک حکمت عملی تیار کر لی۔
وزیراعظم شہباز شریف کو اب سخت اقدامات کے فیصلے کرنے ہوں گے جن میں بنیادی طور پر بالواسطہ ٹیکسوں اور ودہولڈنگ ٹیکس کی شرحوں میں اضافہ کے ذریعے 300 سے 400 ارب روپے کے اضافی ٹیکس لگانا یا بجلی کی پوری قیمت 7.50 روپے فی یونٹ اور گیس کی قیمتوں میں 50 سے 60 فیصد تک صارفین کو فوری طور پر منتقل کرنا شامل ہیں۔
اعلیٰ سرکاری ذرائع کے مطابق اعلیٰ پالیسی سازوں میں مایوسی بڑھ رہی ہے کیونکہ انہوں نے حکمت عملی، منسلک لاگت اور آئی ایم ایف کے نسخوں پر عمل درآمد نہ ہونے کی صورت میں اس کے مضمرات کو بیان کیا ہے جیسا کہ ایڈجسٹمنٹ کی لاگت ہر گزرتے دن کے ساتھ مزید بڑھے گی۔
موجودہ حکومت اس بات کی ضمانت چاہتی ہے کہ وہ آنے والے مہینوں میں بھی اپنی کارکردگی جاری رکھیں گے کیونکہ یہ خدشات ہیں کہ یوٹیلیٹیز کی قیمتوں میں اضافے اور اضافی ٹیکسوں کے ذریعے سخت فیصلے لینے کے بعد انہیں دروازہ دکھایا جا سکتا ہے۔
سیاسی عدم استحکام فیصلے لینے کی راہ میں بڑی رکاوٹ ثابت ہوا ہے کیونکہ موجودہ حکومت اس بات سے بے خبر ہے کہ اگر وہ آئی ایم ایف پروگرام کے تحت سخت فیصلے لے کر سیاسی سرمائے کی قیمت ادا کرے اور پھر ملک اگلے عام انتخابات کی جانب بڑھے تو کیا ہوگا۔
لہٰذا حکمران اتحاد مکمل الجھن کا شکار ہو گیا ہے اور وہ غیر فیصلہ کن موڈ میں چلا گیا ہے۔
آئی ایم ایف بنیادی طور پر پاکستانی حکام کی جانب سے مطلوبہ اصلاحات کے راستے کو شروع نہ کرنے اور ساختی اصلاحات پر عمل درآمد کرنے میں ناکامی کی وجہ سے پریشان ہے، گردشی قرضے کا عفریت 4 کھرب روپے سے تجاوز کر گیا، حکومت کو بجلی کے نرخوں میں 7.30 روپے فی یونٹ اضافہ کرنا پڑے گا۔
گردشی قرضہ جو 1640 ارب روپے تک پہنچ گیا تھا اسے ختم کرنے کے لیے گیس کی قیمتوں میں اضافہ کرنا ہوگا، پاور سیکٹر کے دو بڑے اداروں کے منافع اور پھر ٹیرف میں اضافے کے ذریعے اسے کم کیا جائے گا، آئی ایم ایف نے پیٹرولیم ڈویلپمنٹ لیوی (پی ڈی ایل) کی مد میں درآمدات میں کمی اور 855 ارب روپے کی عدم کامیابی کے تناظر میں ایف بی آر کے ٹیکس وصولی کے 7470 ارب روپے کے ہدف پر اپنے تحفظات کا اظہار کیا ہے۔
آئی ایم ایف نے اسلام آباد سے منی بجٹ میں 400 ارب روپے کے اضافی ٹیکس لگانے کا کہا ہے جو کہ سالانہ بجٹ ٹیکسیشن اقدامات سے زیادہ ہوگا جب حکومت نے 250 ارب روپے کے اضافی ٹیکس لگائے تھے۔
اگر حکومت نے 400 ارب روپے کے اضافی اقدامات کیے تو رواں مالی سال کے بقیہ عرصے میں 175 سے 200 ارب روپے اکٹھے کر سکتے ہیں۔
ذرائع نے کہا کہ اضافی محصولات کے اقدامات صرف بالواسطہ ٹیکسوں اور ودہولڈنگ ٹیکس کی بڑھتی ہوئی شرحوں کے ذریعے حاصل کیے جا سکتے ہیں۔
ذرائع کا مزید کہنا تھا کہ 1 سے 3 فیصد کی حد میں فلڈ لیوی سے 60 ارب روپے اضافی حاصل کرنے کی تجویز دی جا سکتی ہے۔ حکومت زر مبادلہ کی شرح میں مبینہ ہیرا پھیری کے ذریعے بینکوں کو حاصل ہونے والے منافع میں سے 60 سے 70 فیصد تک کٹوتی پر محصول عائد کرنے کے اختیارات پر غور کر رہی ہے۔

رواں مالی سال کے 5 ماہ کے دوران بڑی صنعتوں کی پیداوار میں 3.58 فیصد کمی

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) رواں مالی سال کے 5 ماہ کے دوران بڑی صنعتوں کی پیداوار میں 3.58 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی۔
ادارہ شماریات کی جانب سے صنعتی پیداوار کے حوالے سے رپورٹ جاری کی گئی ہے جس کے مطابق ٹیکسٹائل کے شعبے کی پیداوار میں 11.45 فیصد کمی دیکھی گئی۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہےکہ لکڑی کی مصنوعات کی پیداوار میں 63.61 فیصد کمی، فارماسیوٹیکل مصنوعات کی پیداوار میں 23.22 فیصد کمی، آئرن اسٹیل مصنوعات کی پیداوار میں 0.87 فیصد کمی اور کیمیکلز کے شعبے کی پیداوار میں 0.73 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی۔
ادارہ شماریات کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ فرنیچر کے شعبے کی پیداوار میں 99.29 فیصد اور چمڑے کی مصنوعات کی پیداوار میں 8.18 فیصد اضافہ سامنے آیا ہے۔

معروف کورین بینڈ پوپ کے گلوکار داؤد کم نے عمرے کی سعادت حاصل کر لی

مکہ مکرمہ: (ویب ڈیسک) معروف کورین ولاگر اور سوشل میڈیا اسٹار داؤد کِم نے مکہ المکرمہ میں عمرے کی سعادت حاصل کی ہے۔
کم داؤد نے انسٹاگرام پر اپنے روحانی سفر کی تصاویر شیئر کی ہیں اور ساتھ ہی ایک نہایت جذباتی کیپشن لکھا ہے۔
انہوں نے لکھا کہ اسلام نے ان کو زندگی کی اندھیری راہوں سے نکال کر روشنی کے راستے پر ڈال دیا ہے۔=
سوشل میڈیا سٹار نے انکشاف کیا کہ وہ اپنی زندگی میں روشنی کی تلاش کے لئے اکیلے مارے مارے پھر رہے تھے، میری زندگی تباہ ہوچکی تھی، اور میرے خیال میں مَیں دنیا کا بدقسمت ترین شخص تھا۔
انہوں نے لکھا کہ میں ہمیشہ کوشش کرتا تھا کہ اپنے سوالوں کا جواب ڈھونڈوں، اسلام نے مجھے میرے سب سوالوں کے جوابات دے دیئے ہیں اور میں خوش قسمت ہوں کہ اللہ نے مجھے اسلام کیلئے چن لیا ہے۔

پریانکا چوپڑا کا شائقین کو پاکستانی فلم جوائے لینڈ ضرور دیکھنے کا مشورہ

ممبئی: (ویب ڈیسک) معروف بالی ووڈ سٹار پریانکا چوپڑا پاکستانی فلم جوائے لینڈ کی تعریف کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ فلم دیکھنا ضروری ہے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے ایک پیغام میں بالی ووڈ سٹار پریانکا چوپڑا نے جوائے لینڈ کو ایک مسرور کن فلم ہے قرار دیتے ہوئے کہا کہ فلم کی ٹیم کو مبارک باد جس نے ایسی کہانی کو زندہ کیا۔
اداکارہ کا کہنا تھا کہ اس فلم کو دیکھنا ضروری ہے، اپنے ٹوئٹر پیغام میں پریانکا چوپڑا نے فلم کے اداکار اور ٹیم ممبرز کو ٹیگ بھی کیا۔
خیال رہے کہ فلم جوائے لینڈ ایک خواجہ سرا کی زندگی پر بنائی گئی پاکستانی فلم جوائے لینڈ کو دنیا کے سب سے بڑے ایوارڈز آسکر ایوارڈ کے لئے شارٹ لسٹ کیا گیا ہے۔

ملالہ یوسفزئی آسکرز کیلئے نامزد امریکی فلم کی شریک پروڈیوسر بن گئیں

نیویارک: (ویب ڈیسک) نوبل انعام یافتہ ملالہ یوسفزئی آسکرز کیلئے نامزد ہالی ووڈ فلم ’اسٹرینجر ایٹ دی گیٹ‘ کی شریک پروڈیوسر بن گئیں۔
آسکرز کیلئے نامزد پاکستانی فیچر فلم ’جوائے لینڈ‘ کے بعد ملالہ یوسفزئی کو امریکی دستاویزی فلم ’اسٹرینجر ایٹ دی گیٹ‘ کی ٹیم میں بطور ایگزیکٹیو پروڈیوسر شامل کر لیا گیا ہے۔
اس شارٹ ڈاکیومنٹری کی کہانی ایک ایسے امریکی میرین افسر پر مبنی ہے جومسلمانوں کی عبادت گاہ مسجد کو بم سے اُڑانے کا منصوبہ بناتا ہے تاہم اس منصوبہ بندی کے دوران کئی مرتبہ مسجد جانے اور مسلمانوں سے متاثر ہو کر اس کا دل بدل جاتا ہے اور وہ مسجد کو بم سے اُڑانے کے بجائے اسلام قبول کر کے مسلمان ہوجاتا ہے۔
غیر ملکی میڈیا کو دیئے ایک انٹرویو میں ملالہ کا کہنا تھا کہ جب انہوں نے یہ فلم دیکھی تو ان کا نظریہ ہی بدل گیا یہ فلم ایک مضبوط سچی کہانی پر مبنی ہے۔
ملالہ کا کہنا تھا کہ انہیں امید ہے یہ فلم ناظرین کو چیلنج کرے گی کہ وہ اپنے مفروضوں پر سوال اُٹھائیں اور ہر اس شخص کے ساتھ رحم دلی کا مظاہرہ کریں جس سے وہ ملتے ہیں۔
اپنی ٹوئٹ میں ملالہ نے لکھا کہ ’جب میں نے پہلی بار یہ فلم دیکھی تو اس نے میرا ذہن کھول دیا اور میرا نقطہ نظر بدل دیا، مجھے امریکی ہدایتکار جوشوا سیفٹیل کی ’اسٹرینجر ایٹ دی گیٹ‘ کی حمایت کرنے پر فخر ہے، یہ نجات کے بارے میں ایک طاقتور اور سچی کہانی ہے‘۔
یاد رہے کہ امریکی میرین افسر رچرڈ میک کینی اب مذکورہ مسجد کے صدر ہیں اور عبادت میں مشغول رہتے ہیں۔