بلوچستان میں فوج کی تعیناتی اور آپریشنز پر توجہ مرکوز کی جا رہی ہے، آرمی چیف

کوئٹہ: (ویب ڈیسک) چیف آف آرمی اسٹاف عاصم منیر نے دورہ خضدار کے موقع پر بلوچستان کو غیر مستحکم کرنے کی کوششوں کو ناکام بنانے کے لیے بہترین آپریشنل تیاری پر زور دیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق چیف آف آرمی اسٹاف جنرل سید عاصم منیر نے بلوچستان کے علاقوں خضدار اور بسیمہ کا دورہ کیا، اس موقع پر آرمی چیف کو سیکیورٹی کی موجودہ صورتحال اور فارمیشن کی آپریشنل تیاریوں پر بریفنگ دی گئی اور پرامن اور محفوظ ماحول یقینی بنانے کے لیے اٹھائے جانے والے اقدامات سے آگاہ کیا گیا۔
آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر کے بلوچستان پہنچنے پر کور کمانڈر کوئٹہ لیفٹیننٹ جنرل آصف غفور نے پرتپاک استقبال کیا۔
آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ آرمی چیف نے بلوچستان کو غیر مستحکم کرنے کی کوششوں کو ناکام بنانے کے لیے بہترین آپریشنل تیاری پر زور دیا۔
جنرل سید عاصم منیر نے بلوچستان میں فوجیوں کے ساتھ بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ بیرونی دشمنوں کے بلوچستان میں پرامن ماحول کو خراب کرنے کے مذموم عزائم سے آگاہ ہیں، اسی لیے صوبے میں فوج کی تعیناتی اور آپریشنز پر توجہ مرکوز کی جا رہی ہے ۔
آئی ایس پی آر کے مطابق اس موقع پر آرمی چیف کا کہنا تھا کہ بلوچستان میں سماجی و اقتصادی ترقی کے لیے سازگار ماحول فراہم کریں گے۔

پی ٹی آئی میں جو بڑے لیڈر بنتے ہیں اُن کے استعفے منظور ہوئے، رانا ثنا اللہ

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وزیر داخلہ رانا ثنا للہ نے کہا ہے کہ اسپیکر نے پی ٹی آئی کے اُن اراکین قومی اسمبلی کے استعفے منظور کیے جو بڑے لیڈر بننے کی کوشش کرتے ہیں۔
اسپیکر قومی اسمبلی کی جانب سے استعفوں کی منظوری اور الیکشن کمیشن کے پی ٹی آئی اراکین کو ڈی نوٹیفائی پر ردعمل دیتے ہوئے وزیرداخلہ نے پی ٹی آئی اراکین کو بیان حلفی جمع کرانے کی پیش کش کی۔
انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کے اراکین اگر سمجھتے ہیں کہ اُن کے ساتھ زیادتی ہوئی ہے تو وہ بیان حلفی جمع کرادیں اور بتائیں کہ وہ استعفے دینے کے خواہش مند نہیں تھے۔
رانا ثنا اللہ نے کہا کہ جو لوگ اپنے منہ سے بڑی باتیں کرتےہیں ان کو اپنی باتوں پر دھیان دینا چاہیے، جو بڑے لیڈر بنتے ہیں ان کے بارے میں اسپیکرنے فیصلہ کیا ہے، جن ارکان کےاستعفےمنظورنہیں ہوئے وہ واپس آئیں ہم انہیں خوش آمدید کہیں گے۔
واضح رہے کہ اسپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے اسد عمر، پرویز خٹک، مراد سعید سمیت پی ٹی آئی کے 35 اراکین کے استعفے منظور کر کے نوٹی فکیشن جاری کیا ہے جس کے بعد الیکشن کمیشن نے بھی مذکورہ اراکین کو ڈی نوٹی فائی کردیا۔

کوریا کے معروف بینڈ کے پوپ کے گلوکار داؤد کم نے عمرے کی سعادت حاصل کرلی

مکہ معظمہ: (ویب ڈیسک) معروف کورین ولاگر اور سوشل میڈیا اسٹار داؤد کِم نے مکہ المکرمہ میں عمرے کی سعادت حاصل کی ہے۔
کم داؤد نے انسٹاگرام پر اپنے روحانی سفر کی تصاویر شیئر کی ہے اور ساتھ ہی ایک نہایت جذباتی کیپشن لکھا ہے۔
انہوں نے لکھا کہ اسلام نے ان کو زندگی کی اندھیری راہوں سے نکال کر روشنی کے راستے پر ڈال دیا ہے۔
سوشل میڈیا اسٹار نے انکشاف کیا کہ وہ اپنی زندگی میں روشنی کی تلاش کے لئے اکیلے مارے مارے پھر رہے تھے، میری زندگی تباہ ہوچکی تھی، اور میرے خیال میں مَیں دنیا کا بدقسمت ترین شخص تھا۔
انہوں نے لکھا کہ میں ہمیشہ کوشش کرتا تھا کہ اپنے سوالوں کا جواب ڈھونڈوں، اسلام نے مجھے میرے سب سوالوں کے جوابات دے دیئے ہیں اور میں خوش قسمت ہوں کہ اللہ نے مجھے اسلام کیلئے چن لیا ہے۔

امیتابھ کی اہلیہ جیا بچن فوٹوگرافر پر برس پڑیں

اندور: (ویب ڈیسک) بالی وڈ کے لیجنڈری اداکار امیتابھ بچن کی اہلیہ جیا بچن فوٹوگرافر پر برس پڑیں جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔
اندور کے ائرپورٹ پر یہ واقعہ پیش آیا جہاں اداکارہ جیا بچن اپنے شوہر امیتابھ بچن کے ساتھ پہنچی تھیں۔
ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ وہ فوٹوگرافر کو فوٹو کھینچنے سے منع کرتی ہیں اور ناراض ہوجاتی ہیں۔
اس موقع پر جیا بچن کو یہ کہتے ہوئے سنا جاسکتا ہے کہ ’ایسے لوگوں کو نوکری سے نکال دینا چاہئے‘۔
سیکورٹی پر موجود افراد بھی فوٹوگرافروں کو تصاویر نہ کھینچنے کا کہتے ہیں اور انہیں دھکیل کر دور کردیتے ہیں۔
یہ پہلا موقع نہیں ہے جب جیا بچن فوٹوگرافروں پر ناراض ہوئی ہیں، پچھلے برس بھی انہوں نے فوٹو کھینچنے والوں کو کھری کھری سنائی تھیں۔
جیا بچن اپنے اگلے پروجیکٹ میں کرن جوہر کی فلم ’روکی اور رانی کی پریم کہانی‘ میں نظر آئیں گی۔

5 سال پرانے ٹریکٹرز کم ڈیوٹی پر درآمد کرنے کی منظوری

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے کسان پیکیج کے تحت پانچ سال پرانے ٹریکٹرز کم ڈیوٹی پر درآمد کرنے کی منظوری دے دی۔
وزیر خزانہ اسحاق ڈار کے زیرصدارت اقتصادی رابطہ کمیٹی کا اجلاس ہوا، اجلاس میں کراچی صنعتی سٹیٹ کی سڑکوں کی مرمت کیلئے تکنیکی ضمنی گرانٹ سمیت سڑکوں کی مرمت کیلئے 1 ارب روپے کی منظوری دی گئی۔
اقتصادی رابطہ کمیٹی کے اجلا س میں رواں مالی سال کیلئے پاور ڈویژن کو 30 کروڑ روپے کی تکنیکی ضمنی گرانٹ منظوری دی گئی، ٹریکٹر کی قیمتوں میں کمی کے لیے کسان پیکیج کے تحت 5 سال پرانے ٹریکٹرز کم ڈیوٹی پر درآمد کرنے کی منظوری دی گئی۔

تخریب کاروں نے گیس پائپ لائن دھماکہ سے اڑا دی

کوئٹہ: (ویب ڈیسک) ضلع بولان میں تخریب کاروں نے 12 انچ قطر کی ہائی ٹرانسمیشن گیس پائپ لائن کو دھماکہ خیز مواد سے اڑا دیا۔
سوئی سدرن گیس کمپنی ذرائع کے مطابق گیس پائپ لائن کو دھاڈر اور گوکرت کے درمیانی علاقے سراج آباد کے قریب نشانہ بنایا گیا ہے، گیس پائپ لائن اڑائے جانے سے کوئٹہ، قلات، زیارت اور گرد و نواح میں گیس کی فراہمی متاثر ہوئی۔
ایس ایس جی سی ذرائع کا کہنا ہے کہ متاثرہ علاقوں کو گیس متبادل ذرائع سے فراہم کی جائے گی، سکیورٹی ملتے ہی متاثرہ پائپ لائن کی مرمت کا کام شروع کیا جائے گا۔

بلوچستان میں ممکنہ بارش اور برفباری، پی ڈی ایم اے نے الرٹ جاری کر دیا

کوئٹہ: (ویب ڈیسک) بلوچستان میں ممکنہ بارش اور برفباری کے پیش نظر محکمہ پی ڈی ایم اے نے الرٹ جاری کر دیا، تمام مشینری قومی شاہراہوں پر پہنچا دی گئی۔
صوبائی وزیر پی ڈی ایم اے میر ضیاء لانگو نے کہا کہ ممکنہ بارشوں اور برفباری کے باعث طغیانی کے خدشے کے پیش نظر ٹیمیں ہائی الرٹ رہیں، متوقع بارش اور برفباری کے موقع پر کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائیگی، پاک فوج، محکمہ صحت، موٹر وے پولیس، تمام اضلاع کی انتظامیہ آن بورڈ ہے۔
ڈائریکٹر پی ڈی ایم اے نصیر ناصر نے بتایا کہ متوقع بارشوں اور برفباری سے متاثرہ علاقوں میں مشینری اور ریسکیو عملہ موجود ہے، شاہراہوں کی ممکنہ بندش اور ہنگامی صورتحال کو مد نظر رکھتے ہوئے زیارت کے تمام سرکاری ریسٹ ہاؤسز کو خالی کرانے کے لئے احکامات جاری کر دیئے ہیں، تمام تر انتظامات مکمل اور قومی شاہراہوں پر ٹریفک بحال رکھنے ٹیمیں تشکیل دیدی گئی ہیں۔
ڈائریکٹر پی ڈی ایم اے عطاء اللہ مینگل نے کہا کہ کان مہترزئی میں پی ڈی ایم اے ویلیج فعال اور گرم ملبوسات پہنچا دیئے گئے ہیں، پی ڈی ایم اے کنٹرول روم فعال اور تمام اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز سے مکمل رابطے میں ہیں، شہری آئندہ 2 روز تک غیر ضروری سفر سے گریز کریں۔

بین الاقوامی تعاون سے ’اونی دھاگے سے بنی زنجیر‘ کا نیا عالمی ریکارڈ

لندن: (ویب ڈیسک) برطانیہ کے کیئر ہوم میں رہنے والی خاتون کو اونی دھاگے سے بنی سب سے طویل زنجیر کے لیے عالمی مدد ملی ہے تاکہ یہ سلسلہ جاری رہے اور خاتون کی تخلیق عالمی اعزاز اپنے نام کرسکیں۔
لندن کے ایک کیئر ہوم میں رہنے والی 87 سالہ اینا ریکلے تقریباً نابینا ہیں لیکن خود کو بُنائی کے عمل میں مصروف رکھ کر فعال رہتی ہیں۔ انہوں نے گینیز ورلڈ ریکارڈ کے لیے بنی جانے والی کڑی کے لیے مقامی بُنائی کرنے والے گروپس سے ملنے والی امداد کی فہرست ترتیب دی ہے ، جہاں سے امداد ملی ہے۔
فہرست میں یہ بات سامنے آئی کہ ریکارڈ بنانے کی کوشش میں نیوزی لینڈ کے ایک گاؤں سے بھی مدد موصول ہوئی ہے۔
اینا ریکلے کا کہنا تھا کہ کڑھائی بنائی پسند ہے۔ وہ روزانہ بُنائی کرتی ہیں، انہوں نے کبھی سوچا بھی نہیں تھا کہ وہ گینیز ورلڈ ریکارڈ بنانے کے لیے کوشش کریں گی جس میں عالمی دستِِ تعاون بھی ملے گا۔ ۔ تاہم اب بھی وہ حیران ہیں کہ انہیں جو مدد ملی ہے وہ غیرمعمولی اور ناقابلِ یقین ہے۔
پہلے اینا ریکلے اور ادارے کی کوآرڈینیٹر ڈیبی جیرارڈ کا خیال تھا کہ وہ ایک بڑا سا کمبل بنیں گی لیکن بعد میں انہوں نے فیصلہ کیا کہ وہ دنیا کی سب سے طویل بُنی ہوئی کڑیوں کو ایک زنجیر کی شکل دیں گی۔

سعودی عرب کا غیر ملکی عازمین حج کیلیے بڑا اعلان

ریاض: (ویب ڈیسک) سعودی عرب نے بیرون ملک سے آنے والے عازمین حج کے لیے حج اور عمرہ کی جامع ہیلتھ انشورنس لاگت میں 63 فیصد تک کمی کردی۔
سعودی میڈیا کے مطابق حج ایکسپو 2023 کے اختتام پر حج اور عمرہ کی وزارت نے انشورنس لاگت کو 235 سعودی ریال سے کم کر کے صرف 87 سعودی ریال کر دیا جو کہ 63 فیصد کمی بنتی ہے۔
حج اور عمرہ کی وزارت نے اس حوالے سے کی گئی اپنی ٹویٹ میں مزید بتایا کہ عازمین حج کے انشورنس پریمیم 109 ریال میں بھی 73 فیصد تک کمی کر کے 29 ریال کردی گئی ہے۔
غیر ملکی عازمین حج کی انشورنس کوریج کا دورانیہ 90 دنوں کے لیے ہے جو سعودی عرب میں داخل ہونے کے دن سے شروع ہوجاتا ہے اور ملکی حدود کے اندر ہی نافذ العمل ہوگا۔
انشورنس میں ہنگامی حالات جیسے حادثات کے نتیجے میں موت، مستقل معذوری، ٹریفک حادثے میں زخمی ہونا، مختلف بیماریوں کے لیے اسپتال میں داخل ہونا اور بچے کی پیدائش کے علاوہ حادثے میں انتقال کرجانے والوں کی لاشوں کو ان کے ملکوں تک پہنچانا بھی شامل ہے۔
یاد رہے کہ اس بار کورونا وبا کے بعد پہلی بار دنیا بھر سے پوری تعداد میں حاجیوں کو فریضے کی ادائیگی کے لیے سعودی عرب آنے کی اجازت دی گئی ہے اور تمام دیگر کورونا پابندیاں بھی اُٹھالی گئی ہیں۔

وقار یونس کی بولنگ کوچ کی ذمہ داری سے معذرت

لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان وقار یونس نے بولنگ کوچ بنائے جانے کی افواہوں کی وضاحت کردی۔
وقار یونس نے ایک ٹویٹ میں لکھا ’میرے پاکستان کے بولنگ کوچ بننے کے متعلق افواہیں گردش کر رہی ہیں۔ میں ایک بات واضح کر دوں نہ مجھ سے کسی نے رابطہ کیا ہے اور نہ ہی میرا یہ عہدے لینے کا کوئی ارادہ ہے۔
واضح رہے فروری 2022 میں آسٹریلیا کے شان ٹیٹ کو پاکستان کا بولنگ کوچ تعینات کیا گیا تھا۔ ان کا معاہدہ نیوزی لینڈ کے خلاف سیریز کے اختتام کے ساتھ ہی پورا ہو گیا۔