مسلم لیگ ن نے نگران وزیر اعلیٰ پنجاب کیلئے 2 نام گورنر کو بھجوا دیئے

لاہور: (ویب ڈیسک) مسلم لیگ ن کے رہنما اور پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر حمزہ شہباز شریف نے نگران وزیر اعلیٰ پنجاب کے لئے دو نام گورنر محمد بلیغ الرحمان کو بھجوا دیئے۔
حمزہ شہباز شریف کی جانب سے سید محسن رضا نقوی اور احد چیمہ کے نام نگران وزیراعلیٰ کے لیے بھجوائے گئے، حمزہ شہباز نے مزید روابط کے لیے ملک احمد خان کو فوکل پرسن مقرر کر دیا۔
گورنر ہاؤس کو مسلم لیگ ن کی جانب سے خط ارسال کر دیا گیا جبکہ گورنر ہاؤس حکام نے تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ اپوزیشن لیڈر حمزہ شہباز شریف کی جانب سے بھجوایا گیا خط موصول ہو گیا ہے۔
دوسری جانب پنجاب میں نگران سیٹ اپ بارے مشاورت کیلئے وزیر اعظم شہباز شریف نے آصف علی زرداری اور چودھری شجاعت کو ٹیلی فون کیا۔
شہباز شریف نے جمعیت علما اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان سے بھی رابطہ کیا، صوبے کی صورتحال پر تبادلہ خیال کرتے ہوئے تجویز کردہ ناموں پر اعتماد میں لیا۔
واضح رہے کہ، احد خان چیمہ سابق بیوروکریٹ رہے، ڈی جی ایل ڈی اے، سیکرٹری ہائیرا یجوکشین پنجاب تعینات رہ چکے ہیں، احد خان چیمہ نے قبل از وقت ریٹائرمنٹ لے لی تھی۔
احد چیمہ نے گزشتہ سال جون میں سرکاری ملازمت سے ریٹائرمنٹ لی تھی، احد چیمہ کو شہباز شریف نے مشیر وزیراعظم برائے اسٹیبلشمنٹ مقرر کیا تھا۔

کراچی میں ہمارا مینڈیٹ واپس نہ کیا گیا تو پورے ملک کو جام کر سکتے ہیں: سراج الحق

پشاور: (ویب ڈیسک) امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ کراچی کے بلدیاتی انتخابات میں آر اوز نے ہمارا منڈیٹ واپس نہ کیا تو پورے پاکستان کو جام کر سکتے ہیں۔
پشاور میں خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی اپنے منڈیٹ کی چوری کبھی برداشت نہیں کرے گی، ہمارے علاوہ ملک کی تمام سیاسی جماعتیں حکومتوں میں ہیں، آج پی ڈی ایم اور پیپلز پارٹی کی وجہ سے عوام آٹے کیلئے قطاروں میں کھڑے ہیں۔
امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے مزید کہا کہ جب بھی تاریخ دوں گا سب نےاسلام آباد پہنچنا ہے، کارکن میرے اگلے اعلان کا انتظار کریں، امید ہے پیپلز پارٹی اور آصف زرداری کراچی کے عوام کا فیصلہ قبول کریں گے۔
انہوں نے کہا سیلاب کے دوران سرکاری اہلکار اور وزراء کو نہیں دیکھا صرف الخدمت کا رضا کار نظر آیا، وزیراعظم نے 70 ارب کا اعلان کیا مگر کسی کو نہیں ملا، چیف جسٹس ایک سوموٹو ایکشن اس پر بھی لیں کہ اعلان کردہ فنڈز کہاں گیا۔
سراج الحق نے کہا کہ جماعت اسلامی نے فیصلہ کیا ہے کہ قوم کی خاطر 10 لاکھ رضا کار تیار کریں گے، حکومت نے بروقت سیلاب متاثرین کو امداد نہیں پہنچائی، حکومت ہمیشہ مشکل وقت میں امریکا کی طرف دیکھتی ہے۔

ملک میں امریکی ڈالر مزید مہنگا ہوگیا

کراچی: (ویب ڈیسک) ملک میں امریکی ڈالر کی قدر میں اضافے کا سلسلہ جاری ہے۔
آج بھی انٹربینک میں ڈالر 32 پیسے مہنگا ہوا ہے۔ انٹربینک میں کاروبار کے اختتام پر ایک امریکی ڈالرکا پاکستانی روپے میں بھاؤ 228 روپے 66 پیسے ہے۔
گزشتہ روز کاروبار بند ہوا تو ریٹ 228 روپے 34 پیسے تھا۔ ادھر اوپن مارکیٹ میں ڈالر کا بھاؤ 238 روپے 75 پیسے برقرار ہے۔

سونے کی قیمت میں معمولی کمی

کراچی: (ویب ڈیسک) عالمی مارکیٹ میں سونے کی قیمت کم ہونے کے بعد ملکی سطح پر سونے کے نرخ میں معمولی کمی ہوئی ہے۔
سونے کی عالمی قیمت فی اونس 6 ڈالر گھٹ کر 1909 ڈالر کی سطح پر آگئی جس کے بعد ملکی سطح پر سونے کی فی تولہ قیمت میں 100 روپے اور فی دس گرام قیمت میں 85 روپے کی کمی آئی ہے۔
ملکی صرافہ مارکیٹ میں آج قیمت کمی ہونے کے بعد سونے کی فی تولہ قیمت ایک لاکھ 84 ہزار 400 روپے اور فی دس گرام قیمت ایک لاکھ 58 ہزار 93 روپے کی سطح پر آگئی۔
اس کے برعکس فی تولہ چاندی کی قیمت بغیر کسی تبدیلی کے 2080 روپے اور دس گرام چاندی کی قیمت بھی بغیر کسی تبدیلی کے 1800.41 روپے کی سطح پر مستحکم رہی۔

رواں برس حج کے دوران ’حرمین ٹرین‘ خواتین ڈرائیورز چلائیں گی

ریاض: (ویب ڈیسک) سعودی عرب میں ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کے وژن 2030 کے تحت خواتین کو مزید بااختیار بنایا جا رہا ہے اور انھیں روزگار کی فراہمی سمیت دیگر امور کا بھی حصہ بنایا جا رہا ہے۔
عرب میڈیا کے مطابق حج کے دوران مکہ سے مدینہ اور مدینہ سے واپسی مکہ چلنے والی خصوصی ٹرینوں کے لیے خواتین ڈرائیورز کو بھی تربیت دی گئی ہے اور رواں سال حج میں 32 خواتین ڈرائیورز ’حرمین ٹرین‘ چلائیں گی۔
450 کلومیٹر کا سفر 2 گھنٹے میں طے کرنے والی حرمین ٹرین میں 72 ہزار عازمین کی گنجائش ہوگی۔ یہ ٹرین عازمین حج کے لیے بنائے گئے مختلف اسٹاپس پر رکا کرے گی۔
خواتین ڈرائیورز کی تربیت کورونا وبا کے دوران ٹرین سروس بند ہونے کے دوران کی گئی ہے۔ ملکی اور غیر ملکی سطح پر حرمین ٹرین میں خواتین ڈرائیورز کی آزمائش کو سراہا جا رہا ہے۔
خیال رہے کہ اس سے قبل ہی مسجد الحرام اور مسجد نبوی میں سیکیورٹی کے فرائض کی انجام دہی کے لیے بھی خواتین اہلکاروں کو تعینات کیا جا چکا ہے جس سے خواتین عازم حج کو کافی سہولت ہوئی ہے۔

سعودی عرب، امریکہ و چین کے درمیان پل کا کردار ادا کرنے کو تیار

ریاض: (ویب ڈیسک) سعودی عرب بیک وقت امریکہ اور چین کے ساتھ اپنے سٹریٹجک تعلقات کی وجہ سے دونوں بڑی طاقتوں کے درمیان پل کا کردار ادا کر سکتا ہے۔
ان خیالات کا اظہار سعودی وزیر خارجہ محمد الجدان نے ورلڈ اکنامک فورم کے جاری اجلاس کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے کیا۔
میڈیا کی طرف سے سعودی وزیر خزانہ سے پوچھا گیا کہ وہ چین کے ساتھ امریکی معاملات کی بہتری میں کردار ادا کر سکتے ہیں، ان کا جواب تھا ، مکمل طور پر کر سکتے ہیں، ہمارے دونوں کے ساتھ بہت اچھے تعلقات ہیں اس لئے ہم ان کے درمیان پیدا ہوچکے فاصلے پر قابو پانے کے لئے پل بنا سکتے ہیں۔
سعودی وزیر سے پوچھا گیا کہ وہ سال کے دوران سب سے بڑا خوف کس چیز کا سمجھتے ہیں، جس پر محمد الجدان نے کہا، ہمیں جیو پولیٹیکل کشیدگیاں کم کرنے کے لئے باہمی تعاون اور شراکت کاری کو بڑھانا چاہئے۔
واضح رہے امریکہ اور چین کے درمیان تعلقات سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے دور سے خرابی کی طرف مائل ہیں۔ اسی زمانے میں امریکہ نے کووڈ 19 کے پس منظر میں چین پر ناجائز کاروباری معاملات کا الزام لگایا تھا۔
امریکہ چین پر انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں اور تائیوان کے حوالے سے بھی ناراضگی میں رہتا ہے، اب معاملات میں بہتری کے سلسلے میں امریکی وزیر خارجہ اگلے ماہ چین کے دورے پر جائیں گے۔
ادھر امریکی وزارت خزانہ کے حکام نے بتایا ہے کہ وزیر خزانہ جینیٹ ییلن چینی نائب صدر سے زیورچ میں ملیں گے تاکہ دونوں ملکوں کے درمیان روابط میں بہتری لائی جا سکے۔

ابوظہبی شاہی خاندان کا جعلی ملازم بھارتی ہوٹل میں 23 لاکھ کا بل بنا کر فرار

نئی دہلی: (ویب ڈیسک) شاہی خاندان کا جعلی ملازم 5اسٹار ہوٹل میں 23 لاکھ روپے کا بل بنا کر فرار ہوگیا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق محمد شریف نام کا شخص دہلی کے 5 اسٹار ہوٹل میں چار مہینے سے ٹہرا ہوا تھا جس کے قیام کا بل 23 لاکھ روپے تک جا پہنچا۔
پولیس کے مطابق محمد شریف نے خود کو ابو ظہبی کے شاہی خاندان کا ملازم ظاہر کیا تھا۔ ہوٹل انتظامیہ کی جانب سے درج کرائی گئی شکایت کے مطابق محمد شریف نے کمرے سے متعدد قیمتی اشیا بھی چرائیں جن میں چاندی کے برتن اور موتیوں کی ٹرے بھی شامل ہیں۔
حکام کا کہنا ہے کہ محمد شریف نے ہوٹل انتظامیہ کو بتایا تھا کہ وہ متحدہ عرب امارات کا رہائشی ہے اور ابوظہبی کے شاہی خاندان کے شیخ فلاح بن زید النہیان کا قریبی ملازم ہے۔ ملزم نے دبئی کا ریذیڈینٹ کارڈ، بزنس کارڈ اور دیگر جعلی دستاویزات بھی دکھائی تھیں۔ پولیس مزید تحقیقات کررہی ہے۔

دنیا کے سرد ترین شہر میں درجہ حرارت منفی 50 ہوگیا؛ تصاویر وائرل

یاکوتسک: (ویب ڈیسک) روس کی ایک وفاقی خودمختار اکائی سخا جمہوریہ کا دارالحکومت یاکوتسک کرۂ ارض کا سب سے سرد شہر ہے جہاں درجہ حرارت منفی 50 ڈگری سیلسیس تک پہنچ گیا لیکن معمولات زندگی پھر بھی رواں دواں ہے۔ ایسے حیرت انگیز شہر اور یہاں کے باسیوں کے معمولات زندگی پر مشتمل وائرل ہونے والی تصاویر نے سب کو حیران کریا۔
روس کے مشرق بعید کے پرما فراسٹ پر ماسکو سے 5,000 کلومیٹر کی دوری پر واقع یاکوتسک کے باسیوں کے لیے جمادینے والی سردی کا موسم معمولات زندگی میں آڑے نہیں آتا، یہاں کے باسی اس سخت موسم سے لطف اندوز ہوتے ہیں اور اس میں جینے کا ڈھنگ سیکھ چکے ہیں۔
ویسے تو اس شہر میں منفی 40 ڈگری معمول کی بات ہے لیکن زمین کے سرد ترین شہر یاکوتسک میں رواں موسم سرما غیر معمولی ثابت ہو رہا ہے اور اس طویل سردی کی لہر کے نتیجے میں اس ہفتے درجہ حرارت منفی 50 ڈگری سیلسیس تک گر گیا جس نے ہر شے کو جما کر رکھ دیا۔
اس کے باوجود اس شہر کی گلیاں آباد اور بازار پُررونق ہیں۔ صبح صبح شہریوں کو ٹھٹھرتے ہوئے کام پر جاتے ہوئے بھی دیکھا جا سکتا ہے۔ بچے بھی اس سرد موسم میں باہر نکلنے سے باز نہیں آتے اور گھر کے باہر کھیلتے نظر آتے ہیں۔
سرد ترین موسم کا مقابلہ یہاں کے باسی کئی تہوں پر مشتمل گرم ملبوس سے کرتے ہیں۔ یاکوتسک کے شہریوں کا کہنا ہے کہ اس شدید سردی سے آپ لڑ نہیں سکتے البتہ اس موسم میں خود کو ایڈجسٹ کیا جا سکتا ہے۔
اس کے لیے سب سے ضروری چیز لباس کا انتخاب ہے جس کے لیے 2 اسکارف، 2 جوڑے دستانے، متعدد ٹوپیاں اور ہڈز شامل ہونا چاہیے۔ یہاں موسم پورے جنوری سرد ترین رہے گا۔
دنیا کے سرد ترین شہر کے باسیوں نے یہ کلیہ سچ ثابت کردیا کہ انسان خود کو ماحول کے مطابق ڈھالنے کی بھرپور صلاحیت رکھتا ہے اور خود کو درجہ حرارت کے مطابق ڈھال لیتا ہے۔

عمران خان نیب ترامیم کے خلاف پارلیمنٹ جائیں مسئلہ حل نہ ہو تو عدالت آئیں، سپریم کورٹ

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) سپریم کورٹ نے کہا ہے کہ نیب ترامیم کے خلاف عمران خان پارلیمنٹ کیوں نہیں جارہے؟ کئی بار کہا ہے ترامیم کا معاملہ عدالت کے بجائے پارلیمان سے حل کیا جائے، عمران خان پارلیمنٹ میں واپس جائیں اور ترمیمی بل پیش کردیں۔
نیب ترامیم کے خلاف عمران خان کی درخواست پر سپریم کورٹ میں چیف جسٹس عمر عطا بندیال کی سربراہی میں بنچ نے سماعت کی۔ تحریک انصاف کا پارلیمنٹ واپس جانے کا معاملہ بھی سپریم کورٹ میں زیر بحث آگیا۔
چیف جسٹس آف پاکستان عمر عطا بندیال نے کہا کہ اخبارات میں خبریں چھپی ہیں کہ تحریک انصاف پارلیمنٹ میں واپس جا رہی ہے، اگر پی ٹی آئی پارلیمنٹ واپس آتی ہے تو کیا حکومت ان کے ساتھ مل بیٹھے گی؟ چیف جسٹس نے وزیر اعظم کے وکیل سے کہا کہ اپنے موکل سے پوچھیں کیا ہم نیب ترامیم کا معاملہ واپس پارلیمنٹ بھیج دیں؟
وفاقی حکومت کے وکیل مخدوم علی خان نے جواب دیا کہ ہدایات لیے بغیر عدالت میں کوئی بات نہیں کرسکتا، پارلیمانی نظام میں تمام طریقہ کار واضح اور طے شدہ ہے، پی ٹی آئی چاہے تو پارلیمنٹ جا کر نیب قانون کا ترمیمی بل پیش کرسکتی ہے۔
جسٹس اعجازالاحسن نے کہا کہ قانون سازی اکثریتی رائے کے بجائے اتفاق رائے سے ہونی چاہیے، حکومت اور پی ٹی آئی نیب ترامیم کے معاملے میں قومی اور ملکی مفاد کو سامنے رکھا جانا چاہیے، امید ہے حکومت اور پی ٹی آئی اتفاق رائے سے قانون سازی کریں گی۔
حکومتی وکیل مخدوم علی خان نے کہا کہ سیاست کے بغیر جمہوریت کا کوئی تصور نہیں ہے، دوسری جنگ عظیم کے بعد قومی حکومت کا تصور بھی موجود ہے، ہوسکتا ہے پی ٹی آئی پارلیمنٹ میں آ کر کہے کہ جو نیب ترامیم ان کے دور میں ہوئیں وہ درست ہیں۔
چیف جسٹس نے کہا کہ چاہتے ہیں کہ نیب ترامیم کا کیس جلد مکمل ہو، نیب ترامیم کے فیصلے سے ملک میں قانون پر عمل درآمد متاثر ہو رہا ہے۔
جسٹس منصور علی شاہ نے عمران خان کے وکیل سے مکالمہ کیا کہ آپ پارلیمنٹ میں جا کر نیب ترامیمی بل پیش کردیں، پی ٹی آئی پارلیمنٹ میں کیوں نہیں جارہی؟ اس پر عمران خان کے وکیل خواجہ حارث نے کہا کہ پی ٹی آئی ایک سیاسی فیصلے کے تحت اسمبلی سے باہر آئی، کچھ بھی کہنا قبل از وقت ہوگا۔
جسٹس اعجاز الاحسن نے کہا کہ حکومت اور پی ٹی آئی دونوں ہی احتساب کا موثر قانون چاہتے ہوں گے، حکومت اور پی ٹی آئی مل کر بہترین قانون بناسکتے ہیں، توقع ہے دونوں جانب سے دانش مندی کا مظاہرہ کیا جائے گا۔
چیف جسٹس نے کہا کہ صرف اتنا کہہ دیں کہ ترامیم کا اطلاق ماضی سے نہیں ہوگا تو 90 فیصد کیس ختم ہوجائے گا، ترامیم کے ماضی سے اطلاق کے حوالے سے قانون واضح ہے، مخدوم علی خان کو اسی لیے ہدایات لینے کا کہا ہے، توقع ہے حکومت کھلے ذہن کے ساتھ معاملے کا جائزہ لے گی، سپریم کورٹ کئی مرتبہ آبزرویشن دے چکی کہ نیب ترامیم کیس پارلیمان میں حل ہونا چاہیے، بادی النظر میں عمران خان کا کیس 184/3 کے زمرے میں آتا ہے۔
جسٹس منصور علی شاہ نے کہا کہ کیا مناسب نہیں ہوگا پی ٹی آئی اسمبلی میں ترمیمی بل لائے جس پر بحث ہو، اسمبلی میں بحث سے ممکن ہے کوئی اچھی چیز سامنے آ جائے، اس پر عمران خان کے وکیل نے کہا کہ اسمبلی میں واپس جانا یا نہ جانا سیاسی فیصلہ ہے، اگر پارلیمان سے مسئلہ حل نہ ہو تو عمران خان عدالت آ سکتے ہیں۔
جسٹس اعجاز الاحسن نے کہا کہ کئی ارکان پارلیمان کا کرپشن کے سنگین الزامات پر ٹرائل چل رہا تھا، کیا کوئی ایسی مثال ہے کہ ارکان اسمبلی نے اپنے کیسز ختم کرانے کیلئے قانون سازی کی ہو؟ حکومتی وکیل مخدوم علی خان نے کہا کہ امریکی صدر کو اختیار ہے کہ کسی بھی مجرم کو عام معافی دے دے۔
جسٹس اعجاز نے کہاکہ کیا نیب ترامیم ایمنسٹی اسکیم ہیں یا عام معافی؟ کیا نیب ترامیم کا ماضی سے اطلاق کرنا اپنے الزامات صاف کرنا نہیں ہے؟
اس پر حکومتی وکیل مخدوم علی خان نے کہا کہ آئین میں ایسی کوئی پابندی نہیں ترامیم کا ماضی سے اطلاق نہ ہوسکے، کبھی کوئی قانون اس وجہ سے کالعدم نہیں ہوا کہ ارکان پارلیمنٹ کی نیت اچھی نہیں تھی، عدالت ارکان اسمبلی کی نیت کا تعین نہیں کر سکتی، مفادات کا ٹکراؤ بھی قانون سازی کالعدم کرنے کی وجہ نہیں ہوسکتا، بجٹ منظور کرنے والے کئی ارکان اسمبلی صنعت کار اور کاروباری بھی ہوتے ہیں۔
جسٹس منصور علی شاہ نے کہا کہ کیا ارکان اسمبلی کے کنڈکٹ پر عدالت اپنی حدود کو پھیلا سکتی ہے؟ اس پر مخدوم علی خان نے کہا کہ یہ دیکھنا اہم ہے کہ نیب ترامیم غیر آئینی ہیں یا نہیں۔
وفاقی حکومت کے وکیل مخدوم علی خان نے کہا کہ ایک وزیر نے پاکستان آ کر وزارت کا حلف لیا اور عدالت میں پیش ہونے سے نیب کیسز ختم ہوئے، ایک اور وزیر خزانہ اس شرط پر بنے کہ ان پر دائر نیب کیسز ختم کیے جائیں، پی ٹی آئی کے رہنماوں کو نیب ترامیم سے ریلیف ملا لیکن اسے کسی نے چیلنج نہیں کیا، سابق وزیر اعظم، وزیر خزانہ اور ایک ادارے کے چیف ایگزیکٹو پر نیب کیس بنایا گیا، کئی سال جیل میں رکھنے کے بعد تفتیش میں کچھ نا ملنے پر وہ بری ہوئے، نیب ماضی میں سیاسی انجینئرنگ کے لیے استعمال ہوتا رہا۔
چیف جسٹس نے کہا کہ آپ نیب کے کنڈکٹ کے خلاف درخواست لے کر آئیں عدالت ایکشن لے گی، ہمیں آزاد تفتیشی اور پراسیکیوٹرز چاہئیں، تفتیشی افسروں اور پراسیکیوٹرز کی نالائقی کی وجہ سے قانون کا نظام خراب ہوا، ملک کے قانونی نظام کو بہتر بنانا چاہتے ہیں۔
جسٹس منصور علی شاہ نے کہا کہ سپریم کورٹ ایسے شخص کا کیس کیوں سن رہی ہے جو پارلیمنٹ سے باہر ہے؟ عمران خان پارلیمنٹ کی بحث کا حصہ بننا چاہتے ہیں نہ ہی اس کے فیصلوں کو مانتے ہیں، عدالت کیوں اس شخص کے کیس کا فیصلہ کرے جو خود پارلیمنٹ کا حصہ بننا نہیں چاہتا؟ ایک شخص کے فیصلوں کی وجہ سے پورا سسٹم منجمد ہو رہا ہے۔
چیف جسٹس پاکستان نے کہا کہ جہاں درخواست گزار موجود ہی نہیں تھے اس کارروائی کو کیا چیلنج کرسکتے ہیں؟

بلدیاتی انتخابات میں دھاندلی کیخلاف جماعت اسلامی کا ملک بھر میں احتجاج

کراچی، پشاور: (ویب ڈیسک) جماعت اسلامی کی جانب سے کراچی میں بلدیاتی انتخابات میں دھاندلی کے خلاف ملک کے مختلف شہروں میں احتجاج کیا گیا۔
پشاور میں احتجاجی ریلی کی قیادت امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کی، ریلی میں خواتین اورمرد کارکنوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی، شرکا کا کہنا تھا کہ عوامی مینڈیٹ پر ڈاکہ کسی صورت قبول نہیں۔
لاہور میں امیر جماعت اسلامی وسطی پنجاب جاوید قصوری کی قیادت میں وفد نے صوبائی الیکشن کمیشن کے دفتر میں حکام سے ملاقات کی، کراچی بلدیاتی انتخابات کےنتائج میں تبدیلی کےخلاف احتجاج ریکارڈ کرایا، امیر لاہور ضیاء الدین انصاری اور خواتین ذمہ داران بھی اس موقع پر موجود تھیں۔
کراچی بلدیاتی الیکشن کے نتائج میں ردوبدل کے خلاف صوبائی الیکشن کمیشن لاہور کے دفتر کے باہر دھرنا بھی دیا گیا، امیر ضلع لاہور ضیاءالدین انصاری نے دھرنے کی قیادت کی، مظاہرین کا کہنا تھا کہ ہمیں انتخابی ڈکیتی منظور نہیں، کراچی میں جماعت اسلامی کا مینڈیٹ تسلیم کیا جائے۔
وزیر آباد میں امیر جماعت اسلامی سراج الحق کی ہدایت پر کارکنوں نے کچہری چوک میں احتجاجی مظاہرہ کیا، مظاہرین کا کہنا تھا کہ کراچی کے بلدیاتی انتخابات میں ہمارے مینڈیٹ کو چرایا گیا ہے جس پر ہم احتجاج کر رہے ہیں، جماعت اسلامی نے کراچی کے بلدیاتی انتخابات میں سو سے زائد سیٹیں جیتی ہیں۔
اس موقع پر امیر جماعت اسلامی ضلع وزیرآباد چودھری ناصر محمود کلیر نے کہا کہ سندھ حکومت نے دھاندلی کرکے الیکشن چرایا ہے، الیکشن کمیشن کراچی الیکشن کا رزلٹ عوام کے ووٹوں کی بنیاد پر جاری کرے نہ کہ سندھ حکومت کی خواہش پر، احتجاج میں کارکنان کی بڑی تعداد نے بینرز اور فلیسکیں اٹھائے ہوئے تھے۔
اسلام آباد میں جماعت اسلامی کے زیراہتمام الیکشن کمیشن کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا گیا، مظاہرے میں نائب امیر جماعت اسلامی میاں اسلم، امیر جے آئی اسلام آباد نصراللہ رندھاوا نے شرکت کی، امیر جماعت اسلامی پنجاب طارق سلیم سمیت مظاہرین کی بڑی تعداد نے ہاتھوں میں پارٹی پرچم اٹھاکر الیکشن کمیشن کے خلاف نعرے بازی کی، مظاہرین نے پریس کلب کے سامنے سڑک ہر قسم کی ٹریفک کیلئے بند کر دی۔
رحیم یارخان میں جماعت اسلامی نے کراچی میں ہونے والے بلدیاتی الیکشن میں دھاندلی کے خلاف الیکشن کمیشن دفتر کے باہر احتجاجی دھرنا دیا، جماعت اسلامی کے کارکنوں نے مطالبات کے حق میں نعرے بازی کی، مظاہرین کا کہنا تھا کہ کراچی الیکشن میں جماعت اسلامی کی اکثریت کو دھاندلی سے تبدیل کیا گیا ہے، سندھ حکومت نے الیکشن کمیشن کی ملی بھگت سے الیکشن میں دھاندلی کی۔
مظاہرین کا کہنا تھا کہ بلدیاتی الیکشن میں جماعت اسلامی کی 32 سیٹوں پر شب خون مارا گیا ہے، جماعت اسلامی نے کراچی میں 32 سیٹیں فارم 11 اور 12 کے تحت جیتی ہیں، دھاندلی سےجیتی سیٹیں جب تک واپس نہیں کی جاتیں احتجاج جاری رکھیں گے۔
سرگودھا میں بھی جماعت اسلامی نے بلدیاتی الیکشن کراچی میں دھاندلی کیخلاف احتجاجی مظاہرہ کیا، مظاہرین ریلی کی شکل میں سابق چیئرمین ملک محمودالحسن اعوان کی قیادت میں پریس کلب پہنچے، احتجاجی مظاہرے میں خواتین اور بچوں نے بھی شرکت کی، مظاہرین نے پلے کارڈ اور بینرز اٹھا رکھے تھے جس پر الیکشن چوری کے نعرے درج تھے۔
جماعت اسلامی سرگودھا کے رہنماؤں نے خطاب کرتے ہوئے کیا کہ جماعت اسلامی اپنے ووٹ کی حفاظت کرنا جانتی ہے، مینڈیٹ چوری نہیں ہونے دیں گے، کراچی میں آنے والا مئیر جماعت اسلامی کا ہی ہوگا، بلدیاتی الیکشن میں دھاندلی کر کے نتائج کی تبدیلی کیخلاف احتجاج جاری رہے گا، حکومت سے مطالبہ کرتے ہیں ہمارا مینڈیٹ ہمیں واپس کیا جائے وگرنہ احتجاج کا دائرہ کار وسیع کردیں گے۔
جماعت اسلامی نے ملتان الیکشن کمیشن آفس کے سامنے بھی احتجاج کیا، ڈاکٹر صفدر ہاشمی کا کہنا تھا کہ مینڈیٹ کی چوری کسی صورت قبول نہیں، کراچی کے عوام نے جماعت اسلامی پر اور حافظ نعیم پر اعتماد کیا ہے اس مینڈیٹ کو چوری نہیں ہونے دیں گے، کراچی میں چوری کئے گئے مینڈیٹ کو چھین کر لینے کا حق رکھتے ہیں، پی پی جمہوری روایت کو برقرار رکھے، مینڈیٹ پر ڈاکہ ڈالنے کی بجائے عوامی مینڈیٹ کو تسلیم کرے اور ہماری گنتی کو پورا کرے۔
امیر جماعت اسلامی سراج الحق کی کال پر سندھ میں تھرپارکر، میہڑضلع دادو اور کندھ کوٹ، جیکب آباد، مظفر گڑھ، خان پور میں احتجاجی مظاہرے کئے گئے، کراچی میں بلدیاتی انتخابی نتائج چوری کرنے کے خلاف عوام میں شدید غم وغصہ تھا۔
اوکاڑہ میں جماعت اسلامی کے زیر اہتمام احتجاجی مظاہرہ کیا گیا، سندھ حکومت اور الیکشن کمیشن کے خلاف نعرے بازی کی گئی۔