وزیر آباد حملے میں مدثر اور احسن کو وعدہ معاف گواہ بننے کا کہا گیا: عطا تارڑ

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) مسلم لیگ (ن) کے رہنما اور وزیر اعظم شہباز شریف کے مشیر عطا اللہ تارڑ نے دعویٰ کیا ہے کہ مدثر اور احسن کو وزیر آباد حملے میں وعدہ معاف گواہ بننے کیلئے کہا گیا۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے بیان میں مسلم لیگ (ن) کے رہنما عطا اللہ تارڑ نے کہا کہ مدثر اور احسن کو کہا گیا کہ وعدہ معاف گواہ بن جاؤ اور کہہ دو کہ وزیر آباد حملے کے پیچھے عطا تارڑ کا ہاتھ ہے۔
وزیر اعظم کے مشیر عطا اللہ تارڑ نے مزید کہا کہ یا یہ کہہ دو کہ اس کے پیچھے مریم نواز ہیں، دونوں بھائی مکمل طور پر بے گناہ ہیں، ان کی والدہ کے ساتھ ہائی کورٹ گیا تب ہی ان کو عدالت میں پیش کیا گیا ورنہ پیش نہ ہوتے۔

پیپلز پارٹی نے دھاندلی کی: ایم کیو ایم کا بلدیاتی الیکشن کیخلاف عدالت جانے کا اعلان

کراچی: (ویب ڈیسک) ایم کیو ایم پاکستان کے رہنما وسیم اختر نے کہا ہے کہ بلدیاتی الیکشن میں پیپلز پارٹی کا پھر سے اصل چہرہ سامنے آیا ہے، چیٹنگ کر کے کامیابی حاصل کی۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وسیم اختر نے کہا کہ پورا شہر کراچی، حیدر آباد اس الیکشن کو مسترد کرتا ہے، غلط حلقہ بندیوں کے باوجود عوام نے پیپلز پارٹی کو مسترد کیا، پیپلز پارٹی نے پری پول رگنگ کرائی، جماعت اسلامی کو بہت سمجھانے کی کوشش کی اب سمجھ آجانی چاہیے، ہم نے جماعت اسلامی کو کہا تھا پہلے حلقہ بندیاں درست کرا لیں۔
وسیم اختر نے بلدیاتی الیکشن کے خلاف عدالت جانے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ سپریم کورٹ کے چیف جسٹس صاحب سے درخواست کروں گا سوموٹونوٹس لیں، خدا کا واسطہ ہے الیکشن کمیشن میں کوئی صلاحیت والے لوگ رکھے جائیں، دنیا بلدیاتی انتخابات کا مذاق اڑا رہی ہے، جس کا خدشہ تھا وہ پندرہ جنوری کو سب کچھ سامنے آگیا، سب نے دیکھا لوگوں نے سڑکوں پر ٹھپے لگائے۔
انہوں نے مزید کہا کہ پیپلز پارٹی نے کرپشن کا بازار گرم کیا ہوا ہے، 1200 ارب کا بجٹ کدھر لگا؟، ساری انگلیاں گھی اور سر ان کا کڑاہی میں ہے، جو تھوڑا سا بجٹ لوکل گورنمنٹ کو ملنا تھا وہ بھی پیپلز پارٹی کو جائے گا، بلے، بلے، پیپلز پارٹی کے ساتھ معاہدے میں حلقہ بندیوں کا معاملہ بھی شامل تھا، اس نے گزشتہ 14 سالوں سے قبضہ کیا ہوا ہے، ان کی جو کارکردگی ہے آنے والی نسلیں بھی ووٹ نہیں ڈالیں گی۔
وسیم اختر کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی نے جھوٹ، فریب کیا، ہم نے نیک نیتی کے ساتھ آپ سے معاہدہ کیا تھا، افسوس پیپلز پارٹی نے کراچی، حیدر آباد کی عوام پر چھرا گھونپا، ایم کیوایم کا کراچی میں مینڈیٹ ہے، اگر حلقہ بندیاں درست کر لی جاتیں تو پیپلز پارٹی 25 سے زائد نشستیں نہیں جیت سکتی تھی، ہم گزشتہ چھ ماہ سے کہہ رہے تھے کہ حلقہ بندیوں کو ٹھیک کیا جائے۔
ایم کیو ایم کے رہنما نے کہا کہ حکومت نے ڈھائی سال بعد بھونڈا الیکشن کرایا، کراچی اور حیدر آباد کے الیکشن کو دھبے کے طور پر یاد رکھا جائے گا، الیکشن نتائج میں تاخیر کی گئی، الیکشن کمیشن نے بلدیاتی الیکشن ایسا کرایا تو عام انتخابات کیسا ہو گا؟، بیلٹ پیپر کو لوگ گلی، سڑکوں پر لیکر گھوم رہے تھے، سب نے دیکھا لوگ گلی، محلوں میں مہریں لگا رہے تھے۔
انہوں نے مزید کہا کہ الیکشن کمیشن نے عوامی خواہشات کی دھجیاں بکھیریں، آج ثابت ہوتا ہے سندھ حکومت اور الیکشن کمیشن نے مل کر پری پول رگنگ کی، آئین کے تحت الیکشن کمیشن شفاف انتخابات کا پابند ہے۔

خیبرپختونخوا اسمبلی تحلیل کی سمری آئے گی تو دیکھوں گا دستخط کروں یا نہیں: گورنر

پشاور: (ویب ڈیسک) گورنر خیبرپختونخوا حاجی غلام علی نے کہا ہے کہ میں ابھی بھی یہی کہوں گا کہ اسمبلی تحلیل نہ کی جائے۔
گورنر خیبرپختونخوا غلام علی نے خیبرمیڈیکل یونیورسٹی میں گفتگو کرتے ہوئے کہا خیبرپختونخوا اسمبلی تحلیل کی جب سمری آئے گی تو تب دیکھوں گا کہ دستخط کروں یا نہ کروں، اسٹیئرنگ کمیٹی کی ضرورت اس لئے پیش آئی کہ قبائلی علاقوں کو ار سال فنڈ نہیں ملے۔
انہوں نے مزید کہا کہ اسٹیئرنگ کمیٹی کے بعد اب جو فنڈ ملے گا تو ان پر خرچ ہوگا، اسٹیرنگ کمیٹی ایک اچھا فیصلہ ہے اور اس سے صوبائی حکومت میں کوئی مداخلت نہیں ہو گی، تعلیمی اداروں کی فیسوں میں بھی کمی کی کوشش کریں گے۔

چین میں کیمیکل پلانٹ میں خوفناک دھماکا؛ 5 افراد ہلاک اور 34 زخمی

بیجنگ: (ویب ڈیسک) چین کے ایک کیمیکل پلانٹ میں دھماکے کے بعد خوفناک آگ بھڑک اُٹھی جس میں جھلس کر 5 افراد ہلاک ہوگئے جب کہ 34 شدید زخمی ہیں۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق چین کے صوبے لیاؤننگ میں فیکٹری شٹ ڈاؤن میں مرمتی کام کے دوران کیمیکل پلانٹ میں دھماکا ہوگیا۔ دھماکے کے بعد آگ بھڑک اُٹھی جس نے دیکھتے ہی دیکھتے پورے پلانٹ کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔
فائر بریگیڈ کے عملے نے کئی گھنٹوں کی محنت کے بعد آگ پر قابو پالیا۔ امدادی کاموں کے دوران پلانٹ سے 5 لاشیں نکالی گئی ہیں جب کہ 34 زخمیوں کو اسپتال منتقل کیا گیا ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ کم از کم 8 ملازمین لاپتہ ہیں جن کے بارے میں خدشہ ہے کہ وہ فیکٹری میں ہی تھے تاہم ان کی باقیات کی تلاش جاری ہے۔ دھماکے کی وجہ کا تعین نہیں ہوسکا ہے۔
حکام نے حادثے کی تحقیقات کے لیے انکوائری کمیٹی تشکیل دیدی ہے۔ چین میں کیمیکل پلانٹس میں اصول اور ضابطے کی پیروی نہ کرنے کے باعث اکثر ایسے واقعات رونما ہوتے رہتے ہیں۔

سفاک بھارتی فوج نے گاڑی سے اتار کر 2 کشمیری نوجوانوں کو گولیوں سے بھون ڈالا

سری نگر: (ویب ڈیسک) بھارتی فوج کی ریاستی دہشت گردی میں مزید دو کشمیری نوجوان شہید ہوگئے۔
کشمیری میڈیا سروس کے مطابق جنت نظیر وادی کے ضلع بڈگام میں سرچ آپریشن کے دوران قابض بھارتی فوج نے ایک گاڑی کو علاقے میں داخل ہونے سے روکا اور چیکنگ کے بہانے نوجوانوں کو نیچے اتار لیا۔
عینی شاہدین نے بتایا کہ نوجوانوں نے کوئی غیر قانونی حرکت نہیں کی اور گاڑی چیک کرنے کی اجازت بھی دیدی لیکن اس کے باوجود جارحیت پسند بھارتی فوج نے نوجوانوں کو گولیاں مار کر شہید کردیا۔
قابض بھارتی فوج نے روایتی ہتھکنڈے استعمال کرتے ہوئے نوجوانوں کو عسکریت پسند ثابت کرنے کی کوشش کی اور ماورائے عدالت قتل کو مقابلہ ظاہر کرنے کی ناکام کوشش کی۔
نوجوانوں کی لاشوں کو لواحقین کے حوالے کرنے کے بجائے پولیس کو دیدیا گیا۔ اہل خانہ اپنے پیاروں کی لاشوں کے حصول کے لیے در بدر کی ٹھوکریں کھانے پر مجبور ہیں۔
واضح رہے کہ گزشتہ ماہ دسمبر میں بھی قابض بھارتی فوج نے 7 کشمیری نوجوانوں کو دوران حراست تشدد کا نشانہ بناکر قتل کردیا تھا۔

پی سی بی نے پاکستان جونئیر لیگ کے واجبات ادا کردئیے

لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے پاکستان جونئیر لیگ (پی جے ایل) کے واجبات ادا کردئیے۔
پی سی بی مینجمنٹ کمیٹی کے رکن شکیل شیخ نے بتایا کہ نئی ایڈمنسٹریشن نے غیر ملکی، ملکی اور مینٹورز کے معاوضے ادا کر دئیے ہیں۔
شکیل شیخ کے مطابق رمیز راجہ 4.3 ملین ڈالرز کا نقصان کر کے گئے ہیں اور پی جے ایل میں انہوں نے ادائیگیاں بھی کلیئر نہیں کی تھیں۔

رونالڈو نے ریاض میں گرل فرینڈ اور بچوں کے ہمراہ تفریحی مقام کا رخ کرلیا

ریاض: (ویب ڈیسک) پرتگال کے اسٹار فٹبالر کرسٹیانو رونالڈو النصر فٹبال کلب سے معاہدے کے بعد سعودی عرب میں قیام پذیر ہیں تاہم انہوں نے دارلحکومت ریاض میں اپنی گرل فرینڈ اور بچوں کے ہمراہ تفریحی مقام کا رخ کیا ہے، جس کی تصاویر سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہورہی ہیں۔
سماجی رابطے کی سائٹ انسٹاگرام پر رونالڈو کی گرل فرینڈ جورجینا روڈریگوز نے بچوں کے ہمراہ ریاض بولیوارڈ ورلڈ کے تفریحی مقام کی تصاویر شیئر کی۔
جورجینا اور رونالڈو سنہ 2016 سے ایک ساتھ ہیں اور دونوں کے دو بچے ہیں جبکہ جورجینا رونالڈو کے تین دیگر بچوں کی سوتیلی ماں ہے۔
دوسری جانب کرسیٹیانو رونالڈو اور لیونل میسی کے درمیان میچ دوستانہ میچ دیکھنے کیلئے ٹکٹوں کی قیمت ایک کروڑ ریال تک پہنچ چکی ہے۔
پیرس سینٹ جرمن (پی ایس جی) اور النصر ایف سی کے درمیان میچ 22 جنوری اتوار کو شیڈول ہے۔

بھارتی وزیر کے چیلنج پر شاہ رخ خان نے اپنی بیٹی کے ساتھ فلم ’پٹھان‘ دیکھی

ممبئی: (ویب ڈیسک) ایک بھارتی وزیر کے مطالبے کے بعد بالی وڈ کنگ شاہ رخ خان نے فیملی کے ساتھ اپنی نئی آنے والی فلم ’پٹھان‘ دیکھی ہے۔
مدھیہ پردیش اسمبلی کے اسپیکر گرش گوتم نے اداکار کو چیلنج دیا تھا کہ وہ اپنی بیٹی سوہانا کے ساتھ یہ فلم دیکھ کر بتائیں۔
گرش گوتم کا کہنا تھا کہ زعفرانی رنگ کے کپڑے ہماری قوم کے فخر کا نشان ہیں، ان کی توہین نہیں کرنی چاہئے۔
انہوں نے کنگ خان کو چلنج دیتے ہوئے کہا تھا کہ اگر آپ نے یہ فلم اپنی بیٹی کے ساتھ مل کر دیکھ لی تو ہم مان جائیں گے کہ اس فلم میں کچھ غلط نہیں ہے۔
شاہ رخ خان نے اپنی فیملی کیلئے فلم ’پٹھان‘ کی ایک خاص اسکریننگ کی جہاں ان کے تینوں بچے فلم کو دیکھنے کیلئے موجود تھے۔
’پٹھان‘ کو اپنے پہلے گانے کی ریلیز کے ساتھ شدید تنازعہ کا سامنا ہے، گانے میں دیپیکا پڈوکون کے نیم برہنہ زعفرانی لباس پر ہندو قوم پرستوں کی طرف سے شدید تنقید کی گئی تھی۔
فلم 25 جنوری کو ریلیز کی جائے گی اور اس میں شاہ رخ کے ساتھ دیپیکا پڈوکون اور جان ابراہام بھی مرکزی کردار ادا کریں گے۔

فیروز خان نے الزامات لگانے والی شوبز شخصیات کو ہتک عزت کا نوٹس بھیج دیا

کراچی: (ویب ڈیسک) پاکستان شوبز کے معروف اداکار فیروز خان نے متعدد شوبز شخصیات کو ہتک عزت کا نوٹس ارسال کر دیا۔
سوشل میڈیا پر فیروز خان نے قانونی نوٹس کی تصاویر شیئر کرتے ہوئے بتایا ہے کہ انہوں نے خود پر بےبنیاد اور من گھڑت الزامات لگانے والے افراد کے خلاف ہتک عزت کا نوٹس بھیج دیا ہے۔
ہتک عزت کے قانونی نوٹس میں ان کی سابق اہلیہ علیزہ فاطمہ اداکارہ منال خان، ایمن خان، ہدایتکارہ شرمین عبید چنائے، یاسر حسین، میرا سیٹھی، ثروت گیلانی، گلوکار و اداکار فرحان سعید، گلوکار عاصم اظہر، مصدق ملک اور عثمان خالد بٹ کے نام شامل ہیں۔
فیروز خان کی جانب سے ارسال کئے گئے نوٹس میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ مذکورہ شوبز شخصیات معافی مانگیں یا پھر ہتک عزت کیلئے 20 ملین جرمانہ ادا کریں۔
فیروز خان کا کہنا ہے کہ جن لوگوں نے ان کے خلاف جھوٹ بولا انہیں اب معافی مانگنی پڑے گی۔
واضح رہے کہ فیروز خان کی سابق اہلیہ علیزہ کی جانب سے اداکار پر لگائے گئے تشدد کے الزامات اور تصاویر سامنے آنے پر متعدد شوبز شخصیات نےفیروز خان کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے ان کے خلاف ردِعمل دیا تھا۔

سڑک پر سگریٹ کا ٹکڑا پھینکنے پر شہری کو بھاری جرمانہ

لندن: (ویب ڈیسک) برطانیہ میں شہری کو سگریٹ پینے کے بعد ٹکڑا سڑک پر پھینکنا مہنگا پڑ گیا۔
غیرملکی میڈیا کے مطابق گلوسسٹرشائر میں شہری الیکس ڈیوس کو سڑک پر کچرا پھینکنے پر مقامی کونسل کے حکام نے پاکستانی ڈیڑھ لاکھ روپے کے مساوی جرمانہ کر دیا ہے۔
عدالت کی جانب سے جرمانے کی ادائیگی کے نوٹس کے باوجود الیکس ڈیوس نے رقم ادا نہیں کی جس کے بعد ان پر مزید 250 پاؤنڈ جرمانہ اور دیگر سرچارج عائد کر دیئے گئے۔
حکام کا کہنا ہے کہ اب سڑک پر سگریٹ کا فلٹر پھینکنے والے شہری کو 558 پاؤنڈ جرمانہ ادا کرنا ہوگا، برطانیہ میں سڑک یا گلیوں میں کچرا پھینکنے پر جرمانے کا ایک مخصوص چالان ٹکٹ جاری کیا جاتا ہے جس کی رقم پہلے سے طے شدہ ہوتی ہے۔