متحدہ عرب امارات میں بیوی کی تصویر اتارنے پر شوہر کو 5 ہزار درہم جرمانہ

دبئی: (دنیا نیوز) متحدہ عرب امارات میں شوہر کو اپنی بیوی کی تصویر لینا مہنگا پڑ گیا، بیوی کی شکایت پر 5 ہزار درہم جرمانہ کر دیا گیا۔
ایک یورپی خاتون نے فوٹو لینے پر اپنے شوہر کے خلاف نجی زندگی میں مداخلت کی شکایت درج کرا دی اور موقف اختیار کیا کہ میرا شوہر فوٹو گرافی کا جنون کی حد تک شوق رکھتا ہے۔
خاتون نے مزید کہا کہ منع کرنے کے باوجود نامناسب حالات میں بھی تصویر لیتا ہے، غصے اور رونے کی صورت میں بھی اس کا فوٹو گرافی کا شوق ختم نہیں ہوتا۔
یورپی خاتون کا مزید کہنا تھا کہ کئی مرتبہ زبانی اور ایس ایم ایس کر کے شوہر کو ایسا کرنے سے منع کیا لیکن وہ یہ سب کچھ اپنا اختیار مانتے ہوئے باز نہ آیا اور اس نے گھر میں جگہ جگہ سی سی کیمرے لگائے ہوئے ہیں پوچھنے پر اس کی وجہ گھریلو عملے کی نگرانی کو قرار دیا۔
عدالت میں شوہر نے الزامات کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ اس کی اہلیہ نے دروغ بیانی سے کام لیا، اس کی وجہ ذاتی اختلافات ہیں۔
دبئی پولیس کے ماتحت فوجداری شواہد کے ادارے نے سی سی کیمروں کے حوالے سے رپورٹ میں بتایا کہ شوہر موبائل کی میموری میں اپنی اہلیہ کی تصاویر سٹور کیے ہوئے ہے۔
عدالت نے الزام ثابت ہونے پر شوہر کے خلاف 5 ہزار درہم جرمانہ اور وکیل کی فیس کی رقم ادا کرنے کا پابند بنایا، سول کورٹ سے معاوضے کی درخواست پیش کرنے کا اختیار بھی خاتون کو دیا ہے۔

پیپلز پارٹی رہنما حسن مرتضیٰ کی قیادت میں عام انتخابات کیلئے پولیٹیکل ایکشن کمیٹی قائم

لاہور: (ویب ڈیسک) پیپلزپارٹی وسطی پنجاب کے صدر نے جنرل سیکرٹری سید حسن مرتضیٰ کی قیادت میں عام انتخابات 2023 کیلئے پولیٹیکل ایکشن کمیٹی قائم کردی۔
پولیٹیکل ایکشن کمیٹی وسطی پنجاب میں عام انتخابات سے قبل عوامی رابطہ مہم کو موثر بنانے میں کردار ادا کرے گی، یہ کمیٹی عام انتخابات 2023 میں قابل اور مضبوط امیدواروں کو سامنے لائے گی۔
صدر پیپلز پارٹی وسطی پنجاب کے مطابق پولیٹیکل ایکشن کمیٹی کے سیکرٹری عثمان سلیم ملک ہوں گے، راولپنڈی سے سردار اظہر عباس اور گوجرانوالہ سے چودھری اختر علی ممبر نامزد کیے گئے ہیں۔

وزیر اعلیٰ چودھری پرویز الہٰی کی دربار داتا صاحبؒ حاضری، پھولوں کی چادر چڑھائی

لاہور: (ویب ڈیسک) وزیر اعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الہٰی نے حضرت داتا گنج بخش علی ہجویریؒ کے مزار پر حاضری دی اور مزار پرپھولوں کی چادر چڑھائی۔
وزیر اعلیٰ چودھری پرویز الہٰی نے مزار پر فاتحہ خوانی بھی کی اور ملک کی ترقی، خوشحالی، استحکام اور امن کیلئے خصوصی دعا کی، اس دوران وزیراعلیٰ چودھری پرویز الہٰی نے مزار کے ارد گرد ”غلام گردش“، کوریڈور کی وسعت کے منصوبے کا آغاز کیا۔
چودھری پرویزالہٰی نے کہا کہ ”غلام گردش“، کوریڈورکو وسیع کرنے سے سینکڑوں زائرین کی گنجائش پیدا ہوگی، نئے کوریڈور میں ماربل کی ٹائلیں اور لکڑی کا کام کیا جائے گا، وسعت کا پراجیکٹ مدینہ فاؤنڈیشن کے اشتراک سے کیا جائے گا۔
وزیر اعلیٰ پنجاب کے ساتھ میاں اسلم اقبال، پیر سید سعیدالحسن شاہ، میاں رشید، حاجی شاہد حمید، اسلم ترین، سیکرٹری اوقاف، سیکرٹری تعمیرات و مواصلات، ایڈمنسٹریٹر داتا دربار، اور متعلقہ حکام بھی موجود تھے۔

قومی اسمبلی؛ صحابہؓ، اہلبیتؓ و امہات المومنینؓ کی توہین پر عمرقید کی سزا کا قانون منظور

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) قومی اسمبلی نے صحابہ کرامؓ و اہلبیت عظامؓ و امہات المومنینؓ کی توہین پر عمر قید کی سزا کا بل منظور کرلیا۔
قومی اسمبلی کا اجلاس اسپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف کی زیر صدارت منعقد ہوا۔ دوران اجلاس جماعت اسلامی کے رکن قومی اسمبلی مولانا عبدالاکبر چترالی نے صحابہ کرامؓ و اہلبیت عظامؓ و امہات المومنینؓ کی توہین روکنے سے متعلق بل 2022ء پیش کیا جسے ارکان نے متفقہ طور پر منظور کیا۔
نئے قانون کے تحت صحابہؓ و اہلبیتؓ عظام اور امہات المومنینؓ کی توہین پر کم سے کم سزا 10 سال جبکہ زیادہ سے زیادہ عمر قید ہوگی جب کہ پرانے قانون میں یہ سزا 3 سال تک تھی۔

نیوکراچی میں فائرنگ سے ایک شخص جاں بحق

کراچی: (ویب ڈیسک) نیوکراچی بلال کالونی میں فائرنگ سے ایک شخص جان کی بازی ہار گیا ہے۔
پولیس کے مطابق عزیز اپنے گھر کے باہر بیٹھا ہوا تھا، نامعلوم ملزمان گولی مار کر فرار ہوگئے، جاں بحق شخص کی شناخت عزیز نور محمد کے نام سے ہوئی ہے۔
واقعہ سے متعلق پولیس کا مزید کہنا ہے کہ ملزمان نے قتل کی واردات کے دوران لوٹ مار نہیں کی، بظاہر یہ ایک ذاتی دشمنی کا معاملہ لگتا ہے۔

ملک میں سیاسی عدم استحکام، پاکستان سٹاک مارکیٹ میں شدید مندی

کراچی: (ویب ڈیسک) ملک میں جاری سیاسی عدم استحکام کی وجہ سے سٹاک مارکیٹ سٹاک ایکس چینج میں بڑی کمی ہوئی ہے۔
کاروباری ہفتے کے دوسرے روز سٹاک مارکیٹ سٹاک ایکس چینج میں 1300 سے زائد پوائنٹس کمی ہوئی ہے جس کے بعد 100 انڈیکس 38 ہزار 356 پوائنٹس کی سطح پر آ گیا ہے، انڈیکس میں 3.4 فیصد گراوٹ ریکارڈ کی گئی ہے۔
مارکیٹ ماہرین کے مطابق سرمایہ کار سیاسی غیر یقینی صورتحال اور آئی ایم ایف کے جائزے میں تاخیر پر الجھن کا شکار نظر آ رہے ہیں جس کی وجہ سے سٹاک مارکیٹ میں منفی رجحان دیکھنے کو مل رہا ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز سٹاک مارکیٹ منفی زون میں آنے کے بعد انڈیکس 39,720.75 پوائنٹس پر بند ہوا تھا۔

عظیم نشاۃ الثانیہ کی تکمیل کے حوالے سے قوم کا اتحاد ضروری ہے، شی جن پنگ

بیجنگ: (ویب ڈیسک)چین کے صدر شی جن پنگ نے کہا کہ عظیم نشاۃ الثانیہ کی تکمیل کے حوالے سے پوری قوم کا اتحاد بہت ضروری ہے۔
صدر مملکت اور مرکزی فوجی کمیشن کے چیئرمین شی جن پنگ نے چین کے روایتی تہوار جشن بہار کی آمد پر چین کی مختلف سیاسی جماعتوں کی مرکزی کمیٹیوں ، آل چائنا فیڈریشن آف انڈسٹری اینڈ کامرس کے سربراہوں اور غیرجماعتی شخصیات کے ساتھ مذاکرے میں شرکت کی۔
چینی صدر شی جن پنگ نے اس موقع پر جشن بہار کی مناسبت سے نیک خواہشات کا اظہار کیا اور کہا کہ دو ہزار تیئس سی پی سی کی بیسویں قومی کانگریس کے اہم اتفاق رائے پر عمل درآمد کا آغاز ہے، اس دوران امید اور چیلنجز بیک وقت موجود ہیں
شی جن پھنگ نے کہا کہ 2022 کمیونسٹ پارٹی آف چائنا اور چین کی تاریخ میں نہایت اہمیت کا حامل سال ثابت ہوا ہے، پارٹی قیادت سے جڑے رہتے ہوئے سی پی سی کے ساتھ ملکر جد و جہد کرنا ہمیشہ ملک میں کثیرالجماعتی تعاون کی سیاسی بنیاد رہا ہے۔
انہوں نے نشاندہی کی کہ ایک سوشلسٹ جدید مضبوط ملک کی تعمیر اور چینی جدیدیت کے ذریعے چینی قوم کی عظیم نشاۃ الثانیہ کی تکمیل کے حوالے سے پوری قوم کا اتحاد بہت ضروری ہے اور امید ہے کہ تمام سیاسی جماعتیں مزید اہم کردار ادا کریں گی۔
چینی میڈ یا کے مطا بق انہوں نے امید ظاہر کی کہ چین کی مختلف سیاسی جماعتیں جوش و جذبے سے چینی جدیدیت کی تکمیل کے سلسلے میں مزید اہم کردار ادا کریں گی۔

متحدہ عرب امارات نے ابوظہبی میں گولڈن ویزا کی مدت میں اضافہ کردیا

ابو ظہبی: (ویب ڈیسک) اماراتی حکام نے اعلان کیا ہے کہ ابوظہبی میں گولڈن ویزا کی میعاد تمام کیٹیگریز کے لیے پانچ سال سے بڑھا کر 10 سال کر دی گئی ہے۔
خلیج ٹائمز کے مطابق ابوظہبی کے رہائشیوں کے دفتر کے ڈائریکٹر آپریشنز مارک ڈورزی نے کہا کہ گولڈن ویزا اب 10 سال کے لیے کارآمد ہے اور سائنس اور علم کے شعبوں میں پیشہ ور افراد اور محققین جیسے ڈاکٹروں، ماہرین، سائنسدانوں اور موجدوں کے لیے رہائش کے وسیع مواقع پیش کرتا ہے۔
انہوں نے نشاندہی کی کہ گولڈن ویزا کے حامل افراد متعلقہ دفاتر جیسے ابوظہبی آفس برائے رہائشیوں کی سفارشات پر مبنی نئی اہم کیٹیگریز اور ذیلی زمروں کے اضافے کے ساتھ، عمر سے قطع نظر اپنی شریک حیات، بچوں اور والدین کو سپانسر کر سکتے ہیں۔
ابوظہبی کے رہائشیوں کے دفتر نے کہا کہ متحدہ عرب امارات کی حکومت نے پہلے گولڈن ریزیڈنسی پروگرام شروع کیا تھا، جس کا مقصد طویل مدتی رہائشی اجازت نامے فراہم کرنا تھا جس کے حامل کو ضمانت کی ضرورت کے بغیر ملک میں رہنے کا موقع ملتا ہے۔
ابوظہبی بہت سے اعلی ترقی یافتہ شعبوں جیسے تخلیقی صنعتوں، تحقیق اور ترقی، صحت کی دیکھ بھال، زراعت اور مالیاتی خدمات کے ساتھ ساتھ سٹارٹ اپس کے لیے فروغ پزیر ایکو سسٹم مہیا کر رہا ہے۔ ابوظہبی گولڈن ویزا سرمایہ کاروں اور اختراع کاروں کو طویل مدتی رہائش کی پیشکش کرتا ہے۔

بھارت سے مسئلہ کشمیر سمیت تمام تنازعات پر بات چیت کیلئے تیار ہیں، شہباز شریف

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ بھارت سے مسئلہ کشمیر سمیت تمام تنازعات کے حل کیلئے بات چیت کیلئے تیار ہیں، بھارتی قیادت کو یہ پیغام ہے کہ وہ ہمارے ساتھ مل بیٹھ کر تمام دیرینہ تنازعات حل کرے تاکہ ہتھیاروں کی دوڑ کی بجائے اپنے وسائل غربت اور بے روزگاری کے خاتمہ کے ساتھ ساتھ معیاری تعلیم اور صحت کی سہولیات پر خرچ کر سکیں۔
دبئی کے العربیہ ٹی وی چینل کو دیئے گئے انٹرویو میں وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا کہ سعودی عرب متحدہ عرب امارات کی طرح پاکستان کا دیرینہ دوست ملک ہے، پاکستان کے وجود میں آنے سے سیکڑوں سال پہلے برصغیر میں بسنے والے لاکھوں مسلمان سمندر اور صحر ا کے راستے مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ حج اور عمرہ کی سعادت حاصل کرنے کیلئے جاتے تھے، اس لئے سعودی عرب کے ساتھ یہ تعلقات سیکڑوں سال پرانے ہیں۔
شہباز شریف نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ اس میں کوئی شک نہیں ان کا دورہ متحدہ عرب امارات انتہائی کامیاب رہا ہے، متحدہ عرب امارات میرا اور لاکھوں پاکستانیوں کا دوسرا گھر ہے اور اس کے پاکستان کے ساتھ انتہائی قریبی برادرانہ اور دوستانہ تعلقات ہیں۔
انہوں نے کہا کہ وہ متحدہ عرب امارات کی قیادت کے مشکور ہیں، باالخصوص صدر شیخ محمد بن زید النہیان کے جو پاکستان کے دیرینہ مددگار اور مہربان ہیں، وہ چاہتے ہیں کہ پاکستان اور یہاں کے عوام خوشحال ہوں، اسی طرح شیخ زید پاکستان کے ایک بڑے خیرخواہ اور دوست تھے۔
ایک سوال کے جواب میں وزیراعظم نے کہا کہ اسلامی دنیا اور باالخصوص خلیجی ممالک جو پاکستان کے ہمسائے ہیں، ان کے ساتھ تعلقات باہمی مفادات، مذہب، ثقافت اور تاریخی رابطوں پر مبنی ہیں، یہی وجہ ہے کہ پاکستان اور خلیجی ممالک کی قیادت کے درمیان یہ عزم پایا جاتا ہے کہ ایک دوسرے کے ساتھ تجارت، ثقافت اور سرمایہ کاری کو فروغ حاصل ہو۔
انہوں نے کہا کہ اسلام کو امن، مساوات اور ہر قسم کی دہشت گردی کی نفی کرنے والے دین کے طور پر فروغ دینے کا عزم لئے ہوئے ہیں جبکہ اس کے ساتھ ساتھ ایک متفقہ ایجنڈے کی لڑی میں پروئے ہوئے ہیں، ان تمام بنیادوں پر ہم تزویراتی شراکت دارہیں۔
ایک سوال کے جواب میں شہبازشریف نے کہا کہ پاکستان کو جو معاشی چیلنج درپیش ہیں وہ کسی طور پر بھی خلیجی ممالک کی مدد کے بغیر حل نہیں ہو سکتے تھے، ان ممالک کی جانب سے پاکستان کی بھرپور مدد کی گئی ہے، سعودی عرب، متحدہ عرب امارات سمیت دیگر ممالک نے بھرپور مدد کی ہے، میرا یہ وژن نہیں کہ ہر وقت دوسرے ممالک سے ہی مدد مانگی جائے، پاکستانی قوم ایک بہادر اور محنتی قوم ہے اور میرا یہ ایمان ہے کہ یہ ایک دن ضرور اپنے پائوں پر کھڑی ہو گی، سرمایہ کاری کا فروغ چاہتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ گو کہ یہ ممالک ہمیشہ پاکستان کی مدد کیلئے تیار رہتے ہیں لیکن ہم نہیں چاہتے کہ ہم ہر وقت ان سے مدد کا تقاضا کرتے رہیں، یہ ایک شاندار روایت ہے کہ مشکل میں بھائی اپنے بھائی کی مدد کرتا ہے لیکن ہم اس امداد کو تجارت، سرمایہ کاری میں تبدیل کرنا چاہتے ہیں تاکہ پاکستان اپنے پاؤں پر کھڑا ہو سکے اور یہاں معاشی بہتری آئے اور بھارت کو پیچھے چھوڑ دے اور ان شاء اﷲ یہ دن ضرور آئے گا اور یہ خواب ضرور شرمندہ تعبیر ہو گا۔
ایک سوال کے جواب میں وزیراعظم نے کہا کہ بھارت ہمارا ہمسایہ ملک ہے، گو کہ ہم اپنی پسند سے ہمسائے نہیں ہیں، یہ ہم پر ہے کہ ہمیں امن و خوشحالی سے رہنا چاہئے، پاکستان نے ماضی سے سبق سیکھا ہے، پاکستان اور بھارت کے درمیان تین جنگیں ہو چکی ہیں، ان جنگوں کے نتائج مزید غربت، بے روزگاری اور لاکھوں لوگوں کی زندگیوں میں ابتری کے طور پر سامنے آئے، میرا بھارت کی قیادت اور وزیراعظم مودی کو یہ پیغام ہے کہ وہ ہمارے ساتھ بیٹھیں اور تمام حل طلب مسائل کے حل کیلئے سنجیدہ بات چیت کریں۔
شہباز شریف نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیاں ہو رہی ہیں، یہ بند ہونی چاہئیں اور دنیا کو یہ پیغام جانا چاہئے کہ بھارت بات چیت پر تیار ہے، ہم مکمل طور پر بات چیت کیلئے تیار ہیں، کشمیریوں کو ملنے والے حقوق یکطرفہ طور پر 5 اگست 2019ء کے اقدام سے ختم کر دیئے گئے۔
انہوں نے کہا کہ میرا بھارتی قیادت کو یہ پیغام ہے کہ تنازعات ختم کر کے ہم اپنے وسائل کو ہتھیاروں کی دوڑ کی بجائے غربت، بے روزگاری کے خاتمہ، صحت اور تعلیم کی مثالی سہولیات کیلئے استعمال میں لا سکتے ہیں، دونوں ممالک جوہری طاقتیں ہیں، میں نے محمد بن زید سے یہ استدعا کی کہ وہ اس ضمن میں کلیدی کردار ادا کر سکتے ہیں، ہم خلوص دل کے ساتھ بھارت کے ساتھ بات چیت کرنا چاہتے ہیں، بھارت میں اقلیتوں کے ساتھ جو سلوک کیا جا رہا ہے وہ سب کے سامنے ہے۔
ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ اس دنیا کی بقاء اور بقائے باہمی کا دارومدار امن پر ہے، دنیا میں اشیاء خوردونوش کی قیمتیں بلند ترین سطح پر پہنچ چکی ہیں جو تصور سے بھی زیادہ ہیں، دنیا کو ہتھیاروں کی دوڑ سے نکلنا چاہئے۔
وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ چین اور امریکہ کے درمیان پاکستان ایک پل ہے، اس میں کوئی شک نہیں کہ پاکستان کو بدترین معاشی چیلنجوں کا سامنا ہے تاہم ہم ان چیلنجوں کا مقابلہ کریں گے، میں آخری شخص ہوں گا جو کہ کسی طور کی بھی کرپشن برداشت کروں، میری حکومت میں اس کی کوئی گنجائش نہیں۔
ایک سوال کے جواب میں شہباز شریف نے کہا کہ ہماری حکومت آئین کے مطابق اپنی مدت پوری کرے گی، پاکستان کے اپنے بھائیوں اور بہنوں کیلئے یہ پیغام ہے کہ جس طرح خلیجی ممالک نے ریت کو سونے میں بدلا، سعودی عرب اس وقت دنیا میں تیزی سے ترقی کرتے ہوئے ممالک میں شامل ہے، ہمارے لئے ضروری ہے کہ محمد بن سلمان اور محمد بن زید کی قیادت میں جس طرح محنت اور لگن سے کام کیا جا رہا ہےاسی طرح ہم بھی اس سے سبق حاصل کریں۔

بلدیاتی انتخابات کے نتائج میں ردوبدل پر جماعت اسلامی نے احتجاج کا اعلان کر دیا

کراچی: (ویب ڈیسک) بلدیاتی الیکشن کے نتائج میں تاخیر اور ردوبدل کے خلاف جماعت اسلامی نے ملک کے بڑے شہروں میں احتجاجی مظاہرے کرنے کا اعلان کر دیا۔
امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا کہ کراچی بلدیاتی انتخابات میں جماعت اسلامی بڑی پارٹی بن کر سر فہرست آ چکی ہے، پولنگ ایجنٹوں کے نتائج واضح ہیں کہ جماعت اکثریت میں ہے، الیکشن کمیشن کی جانب سے نتائج میں تاخیر شکوک و شبہات بڑھا رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی کے علاوہ دیگر جماعتوں کے انتخابی نتائج میں بھی ردوبدل کیا جا رہا، اپیل کرتا ہوں کہ ملک کے بڑے شہروں میں احتجاجی مظاہرے کیے جائیں، سراج الحق نے منگل کو مرکزی نظم کا ہنگامی اجلاس طلب کر لیا، جس میں آئندہ کا لائحہ عمل دیا جائے گا۔