برطانیہ کے سابق فوجی افسر کا 24 خواتین کیساتھ جنسی زیادتی کا اعتراف

لندن: (ویب ڈیسک) برطانیہ میں میٹرو پولیٹن پولیس کے افسر ڈیوڈ کیرک پر 18 سالہ ملازمت کے دوران 80 سے زائد جنسی جرائم کا مقدمہ چل رہا ہے جس میں ملزم نے 24 خواتین کے ساتھ زیادتی کا اعتراف کرلیا۔
برطانوی نشریاتی ادارے کے مطابق برطانوی فوج میں ملازمت کے بعد میٹرو پولیٹن پولیس میں شمولیت اختیار کرنے والے افسر کو متعدد شکایات سامنے آنے پر اکتوبر 2001 میں معطل کردیا گیا تھا۔
ڈیوڈ نامی افسر نے سوشل میڈیا سائٹس کے ذریعے خواتین سے تعلق بنایا اور پولیس عہدیدار ہونے کی وجہ سے ان کے مسائل کے حل کی یقین دہانی کرائی اور پھر اعتماد حاصل کرنے کے بعد انھیں جنسی زیادتی کا نشانہ بنا ڈالتا۔
سابق فوجی صرف خواتین کو زیادتی کا نشانہ نہیں بناتا بلکہ تشدد بھی کرتا اور کئی خواتین پر پیشاب بھی کیا۔ جن خواتین نے اس عمل سے منع کیا انھیں مارا پیٹا اور جیل میں بند کرنے کی دھمکی دی۔
جنسی تعلق استوار کرنے کے بعد ڈیوڈ ان خواتین کو الگ مقام پر رکھتا اور انھیں نہ تو گھر والوں سے ملنے دیتا اور نہ بچوں سے بات کرنے کی اجازت ہوتی تھی وہ ان خواتین پر بیلٹ کوڑے کی طرح برساتا تھا۔
عدالت نے 80 سے زائد جنسی جرائم کے الزامات پر جرح جاری رکھی تو ملزم نے 24 خواتین کو جنسی زیادتی کا نشانہ بنانے کا اعتراف کرلیا جس پر عدالت نے مزید خواتین کو سامنے آنے کی دعوت دی ہے۔
دوسری جانب میٹ پولیس نے شہریوں سے معذرت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہم اپنے افسر کی حرکتوں پر شرمندہ ہیں جنھیں کڑی سے کڑی سزا دلوائیں گے اور آئندہ ایسے واقعات نہ ہونے کو یقینی بنائیں گے۔

گمشدہ بلے کی تلاش کیلئے مالکن کی عوام سے مدد کی درخواست

بولیویا: (ویب ڈیسک) بولیویا کی حکومت نے ایک گمشدہ بلے کے لیے ہر ممکن کوشش کی ہے جو ملک میں نجی پرواز کے دوران غائب ہوگئی، اب اس کی تلاش میں پولیس، فائرفائٹر، عام افراد اور جانوروں سے دور سے رابطہ کرنے والے ماہرین (سائیکک) بھی شامل ہوچکے ہیں۔
ٹیٹو نامی بلّے مالکن اینڈریا آئٹور نے سوشل میڈیا پر اپنے پالتو جانور کی تصویر اور تفصیلات پوسٹ کر کے عوام سے مدد کی درخواست کی ہے، ان کے مطابق وہ کسی بھی صورت اس کی تلاش سے دستبردار نہیں ہوں گی۔
ٹیٹو سفید اور سرمئی رنگ کا ایک نوجوان بلّا ہے جو اپنی مالکن کے بہت لاڈلا بھی تھا، اس کی گمشدگی کے بعد بولیویا کے ایک وزیر نے جانوروں سے رابطہ کرنے والے سائیکِک ماہر سے بھی رابطہ کیا ہے، دوسری جانب سراغرساں، پولیس اور دیگر افراد اس کی تلاش کر رہے ہیں۔
اس کی وجہ یہ ہے کہ ادارے ٹیٹو کی تلاش میں اب تک ناکام رہے ہیں اور 8 دسمبر سے غائب بلّے کا اب تک کوئی نشان نہیں مل سکا ہے، خاتون کے مطابق وہ ٹیٹو کے ساتھ ہوائی جہاز سے تاریجا سے سانتا کروز جا رہی تھیں، طیارہ اترنے کے بعد بلا اچانک غائب ہوگیا۔
سوشل میڈیا پر صارفین نے فضائی کمپنی بی او اے پر بھی تنقید کی ہے، اس کی مالکن نے کہا ہے کہ وہ ٹیٹو کی تلاش جاری رکھیں گی اور کبھی بھی اس سے دستبردار نہ ہوں گی۔

کِلر وہیل میں ’فار ایور کیمیکلز‘ کی بڑی مقدار پائے جانے کا انکشاف

برٹش کولمبیا: (ویب ڈیسک) ایک تحقیق میں معدومیت کے خطرات سے دوچار کِلر وہیل کے جسموں میں ’فار ایور کیمیکلز‘ کے بڑی مقدار میں پائے جانے کا انکشاف ہوا ہے۔
کینیڈا کے صوبے برٹش کولمبیا کے محققین کے مطابق جن وہیل کا مطالعہ کیا گیا ان میں 4-نونِل فِنول(4 این پی) کیمیکل پایا گیا، 4 این پی کیمیکل اکثر ٹِشو اور کاغذ بنانے کے لئے استعمال کیا جاتا ہے لیکن یہ صابن، کپڑے دھونے کے پاؤڈر اور ٹیکسٹائل کے معاملات میں بھی استعمال کیا جاتا ہے۔
یہ کیمیکل پانی کو ٹریٹ کرنے والے پلانٹس یا صنعتی فضلے کے بہاؤ کی صورت میں سمندروں میں داخل ہوسکتا ہے، چونکہ کِلر وہیلز غذائی کڑی میں سب سے اوپر ہوتی ہیں، اس لیے وہ اس کیمیکل سے آلودہ چھوٹی حیاتیات کو کھا جاتی ہیں۔
تحقیق میں محققین نے برٹش کولمبیا کے جنوب مغربی ساحل پر رہنے والی اورکا(کِلر وہیل) کے ڈھانچے سے جڑے پٹھے اور جگر کے نمونے لیے، وہیل کی یہ قسم پہلے ہی غذا میں کمی، سمندر میں آمدورفت، گرم ہوتے سمندر اور کیمیکل کی آلودگی کی وجہ سے معدومیت کے خطرے سے دوچار ہے۔
یونیورسٹی آف برٹش کولمبیا سے تعلق رکھنے والے تحقیق کے شریک مصنف ڈاکٹر ہوان جوز الیوا کا ایک نیوز ریلیز میں کہنا تھا کہ یہ تحقیق ایک خطرے کی گھنٹی ہے، جنوبی ساحل پر رہنے والی یہ وہیل معدومیت کی نہج پر ہیں اور ممکنہ طور پر یہ کیمیکل ان کی آبادی میں کمی کا سبب بن رہے ہوں۔

دم سے آواز پیدا کرنے والے سانپ کے جینوم سے زہر کے علاج میں پیشرفت

کیلیفورنیا: (ویب ڈیسک) دنیا بھر میں سانپ کے کاٹنے سے 120,000 افراد لقمہ اجل بن جاتے ہیں اور محتاط اندازے کے مطابق چارلاکھ سے زائد افراد کسی نہ کسی معذوری کے شکار ہوجاتے ہیں۔ صرف امریکا میں ہی 8000 افراد کو سانپ کاٹ جاتے ہیں۔
ان واقعات میں ریٹل اسنیک یا کھڑکھڑے سانپ بھی شامل ہیں جن کا زہر ہمہ گیر اور بہت خطرناک ہوتا ہے۔ ایسے سانپوں کی دم سے جھنجھنے کی سی آواز آتی ہے اور یہی وجہ ہے کہ ریٹل اسنیک اپنی اس خاصیت کی وجہ سے بہت مشہور ہیں۔
اب سانپوں کے زہر کے بہتر تریاق بنانے کی راہ میں جامعہ میری لینڈ کے سائنسدانوں نے اسی سانپ کی ایک قسم ویسٹرن ڈائمنڈ بیک ریٹل اسنیک کا جینیاتی مطالعہ کیا ہے۔ اس طرح سانپ کا مکمل جینوم سامنے آیا اور معلوم ہوا کہ ان میں کئی قسم کے زہر پائے جاتے ہیں۔ اسی میں زہر کا تریاق دریافت ہوا ہے جو ایک پروٹین کی صورت میں سامنے آیا ہے۔ اسے ایف ای ٹی یو اے تھری کا نام دیا گیا ہے جو کئی اقسام کے زہر کو بے اثر بھی کرسکتے ہیں۔
اندازہ ہے کہ یہ پروٹین سانپوں کے 20 مختلف اقسام کے زہر کو یہ بے اثر کرسکتا ہے اور یوں ایک نیا تریاق ہمارے سامنے آیا ہے۔ جب اس پروٹین کو مختلف زہر پر آزمایا تو اس کی تصدیق بھی ہوگئی۔ تاہم انسانی آزمائش اور اینٹی وینم (زہرربا) انجیکشن کی منزل ابھی دور ہے۔

سونے کی قیمتوں میں بڑی کمی

کراچی: (ویب ڈیسک) سونے کی فی تولہ قیمت میں ہزاروں روپے کی بڑی کمی دیکھنے میں آئی ہے۔
بین الاقوامی مارکیٹ میں فی اونس سونے کی قیمت 5 ڈالر کی کمی سے 1915 ڈالر کی سطح پر آنے کے باعث مقامی صرافہ مارکیٹوں میں بھی سونے کی قیمتوں میں بڑی کمی واقع ہوئی۔
قومی صرافہ مارکیٹ میں فی تولہ سونے کی قیمت میں 2800 جبکہ فی 10 گرام سونے کی قیمتوں میں 2401 روپے کی کمی واقع ہوئی۔
قیمتوں میں کمی کے باعث فی تولہ سونے کی نئی قیمت ایک لاکھ 84 ہزار 500 روپے اور فی دس گرام سونے کی قیمت ایک لاکھ 58 ہزار 179 روپے کی سطح پر آگئی۔
اسی طرح فی تولہ چاندی کی قیمت 20 روپے کی کمی سے 2080 روپے اور دس گرام چاندی کی قیمت بھی 17.15 روپے کی کمی سے 1800.41 روپے کی سطح پر آگئی۔

ڈالر کی اُڑان جاری ،روپے کی قدر میں مزید کمی

کراچی: (ویب ڈیسک) ملک میں روپے کے مقابلے میں امریکی ڈالر کی قدر میں مزید اضافہ ہوگیا۔
انٹربینک میں ڈالرکا ریٹ 19 پیسے اضافے سے 228 روپے 34 پیسے رہا جبکہ اوپن مارکیٹ میں 25 پیسے اضافہ کیساتھ ڈالر کا بھاؤ 238 روپے 75 پیسے ہے۔
یاد رہے انٹربینک کے گذشتہ کاروباری سیشن میں ڈالر 228 روپے 15 پیسے پر بند ہوا تھا۔

کراچی اور حیدرآباد کے 16 اضلاع میں بلدیاتی انتخابات آج ہوں گے

کراچی: (ویب ڈیسک) ایم کیو ایم کے مطالبات اور سندھ حکومت کے خطوط کے باوجود آج کراچی اور حیدرآباد کے 16 اضلاع میں بلدیاتی انتخابات شیڈول کے مطابق ہوں گے۔
بلدیاتی انتخابات کے لیے پولنگ صبح 8 بجے شروع ہوگی جو بغیر کسی وقفے کے شام 5 بجے تک جاری رہے گی، ہفتے کو شہر کے تمام اضلاع میں قائم ڈسپیج سینٹر سے پولنگ میٹریل کی تقسیم میں تاخیر دیکھی گئی، کئی مقامات پر پریزائیڈنگ افسران بھی دیر سے پہنچے، بیلٹ باکس، بیلٹ پیپر، انک اور دیگر سامان شام تک تقسیم کیا جاتا رہا۔
کراچی کے 7 اضلاع میں 23 امیدواروں کے انتقال اور 6 امیدواروں کے بلامقابلہ منتخب ہونے کی وجہ سے چئیرمین وائس چیئرمین اوروارڈ ممبر کی 1230 میں سے 1200 نشستوں پر پولنگ ہوگی، حیدرآباد ڈویژن میں 410 اور ٹھٹھہ ڈویژن میں بھی 310 امیدوار بلامقابلہ منتخب ہوچکے ہیں اور 27 امیدواروں کا انتقال ہو چکا ہے، جس کے بعد حیدرآباد ڈویژن کے اضلاع میں 1675 اور ٹھٹھہ ڈویژن کے اضلاع میں تمام کیٹگریز کی 709 نشستوں پر انتخابات ہوں گے، مجموعی طور پر 17862 امیدوار ایک دوسرے کے مدمقابل ہوں گے جن میں سے 9057 امیدواروں کا تعلق کراچی، 6228 حیدرآباد اور 2577 کا تعلق ٹھٹھہ ڈویژن سے ہے۔
کراچی میں ووٹرز کی تعداد 84 لاکھ 5 ہزار 475 ہے جن کے لیے 4990 پولنگ اسٹیشنز بنائے گئے ہیں، ان میں سے 3415 حساس، 1496 انتہائی حساس اور 79 کو نارمل قرار دیا گیا ہے جبکہ کراچی ڈویژن کے 7 اضلاع کو 25 ٹاؤنز میں تقسیم کیا گیا ہے۔
ضلع وسطی 5 ٹاؤن اور 45 یونین کمیٹیوں کے ساتھ سب سے بڑا ضلع ہے، جہاں رجسٹرڈ ووٹوں کی تعداد 20 لاکھ 76 ہزار 73 ہے۔ ضلع شرقی 5 ٹائون اور 43 یونین کمیٹیوں اور 14 لاکھ 54 ہزار 415 ووٹرز کے ساتھ دوسرا بڑا ضلع ہے۔
کورنگی میں 4 ٹائون اور 37 یونین کمیٹیاں بنائی گئی ہیں جہاں 14 لاکھ 52 ہزار 722 ووٹرز ہیں۔ ضلع غربی 3 ٹاؤن اور 33 یونین کمیٹیوں پر مشتمل ہیں جہاں 9 لاکھ 9 ہزار 187 ووٹرز رجسٹرڈ ہیں۔ ضلع کیماڑی میں 3 ٹاؤن، 32 یونین کمیٹیاں ہیں جہاں رجسٹرڈ ووٹرز کی تعداد 8 لاکھ 44 ہزار 851 ہے۔
اسی طرح ضلع ملیر میں 3 ٹاؤن، 30 یونین کمیٹیاں اور 7 لاکھ 43 ہزار 205 ووٹرز ہیں جبکہ ضلع جنوبی میں 2 ٹاؤن، 26 یونین کمیٹیاں اور 9 لاکھ 95 ہزار 54 ووٹرز ہیں۔
اعداد و شمار کے مطابق ملیر میں 1040، کورنگی میں 1450، شرقی میں 1579، جنوبی میں 876، غربی میں 1144، وسطی میں 1781 اور ضلع کیماڑی میں 1258 امیدوار بلدیاتی انتخاب میں مدمقابل ہیں۔

پاکستان کی مشکلات کا حل واضح مینڈیٹ کی حکومت ہے: صدر عارف علوی

کراچی: (ویب ڈیسک) صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ پاکستان کی موجودہ مالی مشکلات پر قابو پانے کا واحد حل واضح مینڈیٹ کی حامل حکومت ہے، تمام سٹیک ہولڈرز باہمی تعاون اور اتحاد کا مظاہرہ کریں اور ملک کو موجودہ مالیاتی صورتحال سے نکالنے کیلئے بھرپور کوششیں کریں۔
کراچی میں منعقدہ چوتھی فنانشل کرائم سمٹ سے خطاب کرتے ہوئے صدر مملکت نے کہا کہ ہم نے ماضی سے سبق نہیں سیکھا اور دیگر ممالک معاشی ترقی کے حوالے سے پاکستان سے آگے نکل گئے ہیں، موجودہ مالیاتی صورتحال پر قابو پانے کیلئے سیاسی تعاون کی ضرورت ہے، انہوں نے شام کے وقت بازاروں کو بند کر کے توانائی کے تحفظ کے حکومتی ویژن کی حمایت کا بھی اظہار کیا۔
صدر نے مزید کہا کہ انسان کا ضمیر جرائم کے خلاف سب سے بڑی رکاوٹ ہے اور اسلام سمیت مختلف مذاہب نے خود احتسابی کے جذبے کو ابھارنے کی کوشش کی ہے، مالیاتی جرائم پر قابو پانے کیلئے سماجی سطح پر مضبوط قوانین کا نفاذ، ان پر عمل درآمد کو یقینی بنانا، بدعنوان عناصر کو پکڑنا، مناسب سزائیں دینا اور بدعنوانی کی حوصلہ شکنی کرنا ضروری ہے۔
ڈاکٹر عارف علوی نے مزید کہا کہ قائد اعظم نے برصغیر پاک و ہند کے مسلم اشرافیہ میں پھیلی بدعنوانی کو بھی اجاگر کیا تھا، پاکستان کو اخلاقیات اور بانی پاکستان کے اقوال پر مبنی ملک بنانے کیلئے اجتماعی کوششوں کی ضرورت ہے، لوٹ مار اور کرپشن نے پاکستان کو مفلوج کر دیا ہے اور اب ہم امداد اور قرضوں پر انحصار کر رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ بدعنوانی پوری دنیا میں پھیلی ہوئی ہے اور یہ صرف ترقی پذیر ممالک کا مسئلہ نہیں ہے اور مالیاتی قوانین اور نظاموں سے خامیوں کو ختم کرکے اس پر قابو پانے کی ضرورت ہے، نیب ترمیمی بل پر دستخط نہیں کیے کیونکہ وہ سمجھتے ہیں کہ یہ احتساب، انصاف کی روح کے خلاف ہے، دنیا بھر میں مالیاتی جرائم کے نئے قوانین کے تحت ملزم اور اثاثوں کے مالک کو منی ٹریل فراہم کرنا ہوتی ہے۔
صدر نے مزید کہا کہ عالمی نظام اخلاقیات اور بین الاقوامی قوانین کی بجائے مفادات پر مبنی ہے کیونکہ بھارت کو انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں اور اقلیتوں بالخصوص بھارت کے مسلمانوں کے ساتھ ساتھ بھارت کے غیر قانونی طور پر مقبوضہ جموں و کشمیر میں مظالم کی اجازت دی جا رہی ہے، پاکستان نے جموں و کشمیر تنازعہ کے حل کیلئے ورلڈ آرڈر اور عالمی اداروں پر اعتماد کیا اور شاید یہ اعتماد غلطی تھی۔

گورنر پنجاب کا پرویز الہٰی اور حمزہ کو مراسلہ، نگران وزیراعلیٰ کیلئے متفقہ نام طلب

لاہور: (ویب ڈیسک) پنجاب اسمبلی کی تحلیل کے بعد نگران وزیراعلیٰ کی تقرری کے معاملے پرگورنر نے وزیراعلیٰ اور قائد حزب اختلاف کو مراسلہ جاری کردیا۔
گورنر پنجاب بلیغ الرحمان کی جانب سے وزیراعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الہٰی اور قائد حزب اختلاف حمزہ شہباز کو بھیجے گئے مراسلے میں نگران وزیر اعلیٰ کے لیے متفقہ نام طلب کیا گیا ہے۔
مراسلے میں گورنر نےکہا ہےکہ نگران وزیر اعلیٰ کا نام 17 جنوری رات 10 بج کر 10منٹ تک دے دیا جائے۔
خیال رہے کہ گورنر پنجاب بلیغ الرحمان کی جانب سے سمری پر دستخط سے انکار کے بعد پنجاب اسمبلی از خود ٹوٹ گئی ہے۔
یاد رہے کہ 12 جنوری کو وزیر اعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الہٰی نے اسمبلی تحلیل کرنے کی سمری گورنر کو بھیجی تھی، آئین کے تحت گورنر پنجاب کو 48 گھنٹوں کے اندر سمری پر دستخط کرنے ہوتے ہیں۔
گورنر پنجاب اسمبلی توڑنے کے عمل کا حصہ نہیں بنے،گورنر پنجاب نے سمری پر دستخط کرنے سے انکار کرتے ہوئےکہا کہ ایسا کرنے سے آئینی عمل میں کسی قسم کی رکاوٹ کا اندیشہ نہیں، آئین و قانون میں وضاحت کےساتھ تمام معاملات کے آگے بڑھنےکا راستہ موجود ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ نگران وزیر اعلیٰ آنے تک پرویز الہٰی ہی وزیراعلیٰ کا عہدہ سنبھالیں گے۔

ملک پر قابض ٹولے نے انتخابات رکوانے کیلئے ہر حربہ استعمال کیا: فرخ حبیب

لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی رہنما فرخ حبیب نے کہا ہے کہ ملک پر قابض چوروں کے ٹولے نے انتخابات رکوانے کیلئے ہر طرح کا حربہ استعمال کیا۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے بیان میں فرخ حبیب نے کہا کہ اب پنجاب اسمبلی تحلیل ہوچکی ہے اور صوبہ میں 90روز میں انتخابات کروانے آئینی پابندی ہے۔
سابق وزیر مملکت فرخ حبیب نے کہا کہ اب بھی موقع ہے ضد اور انا چھوڑ کر عام انتخابات کا اعلان کیا جائے تاکہ ملک میں جاری عدم استحکام کا خاتمہ ہو سکے۔