لاہور: (ویب ڈیسک) وزیر اعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الہٰی کی جانب سے اسمبلی کی تحلیل کے حوالے سے بھجوائی گئی سمری گورنر بلیغ الرحمان کو موصول ہو گئی۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر گورنر پنجاب بلیغ الرحمان نے اسمبلی تحلیل کرنے کی سمری موصول ہونے کی تصدیق کرتے ہوئے لکھا ہے کہ مجھے سمری مل گئی ہے۔
پنجاب اسمبلی کی تحلیل کی سمری رات 10 بج کر 10 منٹ پر گورنر ہاؤس نے وصول کی، سمری وصول کرنے کے بعد ڈائری نمبر 343926 بھی جاری کر دیا گیا۔
مسلم لیگ (ق) کے رہنما اور وزیر اعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الہٰی کے صاحبزادے مونس الہٰی نے سمری گورنر کو موصول ہونے کی تصدیق کرتے ہوئے ڈائری نمبر بھی شیئر کیا۔
ٹوئٹر پر اپنے بیان میں سابق وفاقی وزیر چودھری مونس الہٰی نے کہا کہ اب الیکشن کے سوا کوئی راستہ نہیں بچا۔
