پہلا ون ڈے؛ نیوزی لینڈ کا پاکستان کو جیت کے لیے 256 رنز کا ہدف

کراچی: (ویب ڈیسک) نیوزی لینڈ نے پاکستان کو جیت کے لیے 256 رنز کا ہدف دے دیا۔
نیشنل بینک کرکٹ ارینا کراچی میں کھیلے جارہے ایک روزہ سیریز کے پہلے میچ میں نیوزی لینڈ نے مقررہ 50 اوورز میں 9 کھلاڑیوں کے نقصان پر رنز255 اسکور کیے۔
نیوزی لینڈ کی جانب سے مائیکل بریسویل 43 اور وکٹ کیپر بیٹر ٹام لیتھم 42 رنز بنا کر نمایاں رہے۔
گلین فلپس 37، ڈیرل مچل 36، فِن ایلن 29، کپتان کین ولیم سن 26، مچل سینٹنر 21 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔
ٹِم ساؤتھی 15 جبکہ لوکی فرگوسن 1 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ پویلین لوٹے۔
پاکستان کی جانب سے نسیم شاہ نے 10 اوورز میں 57 رنز دے کر 5 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ ڈیبیوٹنٹ اسامہ میر 2 جبکہ محمد وسیم اور محمد نواز 1،1 وکٹ لے سکے۔

وزیراعظم سے ملاقات کے بعد رکن پنجاب اسمبلی غیاث الدین ن لیگ میں واپس آگئے

لاہور: (ویب ڈیسک) وزیراعظم شہباز شریف سے ملاقات کے بعد رکن پنجاب اسمبلی مولانا غیاث الدین ن لیگ میں واپس آگئے۔
لاہور میں ایم پی اے مولانا غیاث الدین نے وزیراعظم سے ملاقات کی، ملاقات کے بعد وہ ن لیگ میں واپس آگئے۔
اس حوالے سے وزیراعظم کے معاون خصوصی عطا تارڑ کا کہنا تھاکہ پنجاب اسمبلی میں ن لیگ کےارکان میں اضافہ ہورہاہے۔
خیال رہے کہ مولانا غیاث الدین پنجاب اسمبلی کے حلقہ پی پی 47 نارووال سے ن لیگ کے ٹکٹ پر رکن پنجاب اسمبلی منتخب ہوئے ہیں اور عثمان بزدار دور میں ن لیگ سے منحرف ہوگئے تھے۔

پاکستان کے زرمبادلہ کے ذخائر 4 نہیں 10 ارب ڈالر ہیں: وزیر خزانہ اسحاق ڈار

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار کا کہنا ہے کہ پاکستان کے زرمبادلہ کے ذخائر 4 نہیں 10 ارب ڈالر ہیں۔
نجی ٹی وی سے گفتگو میں اسحاق ڈار نے کہا کہ پاکستان کے واجب الادا قرض وقت پر واپس کر رہے ہیں، پاکستان کے زرمبادلہ ذخائر بہت جلد دوبارہ مستحکم ہوں گے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کے زرمبادلہ کے ذخائر 4 نہیں 10 ارب ڈالر ہیں، کمرشل بینکوں کے پاس موجود 6 ارب ڈالر بھی پاکستان کے ہیں۔
اسحاق ڈار نے کہا کہ عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کا وفد جلد پاکستان کا دورہ کرے گا، جنیوا میں بھی آئی ایم ایف حکام سے ملاقات ہو گی، جنیوا سے واپسی پر 3 روزسرکاری دورے پر متحدہ عرب امارات میں رکوں گا، سعودی عرب سمیت دوست ممالک سے فنڈز جلد پاکستان کو منتقل ہوں گے۔

سعودی عرب کیساتھ اسٹریٹیجک شراکت داری جاری رکھنا چاہتے ہیں، امریکا

ریاض: (ویب ڈیسک) تیل کی پیداوار اور چین سے کئی تجارتی معاہدے کرنے پر سعودی عرب سے ناراض امریکا نے ایک بار پھر اسٹریٹجک شراکت داری کی خواہش کا اظہار کردیا۔
العربیہ کو دیئے گئے خصوصی انٹرویو میں امریکی قومی سلامتی کونسل کے اسٹریٹجک کمیونیکیشن کوآرڈینیٹر جان کربی نے کہا کہ سعودی عرب کے ساتھ ہمارے 80 سال سے زیادہ پرانے تعلقات ہیں جو عوامی مفاد میں جاری رہنے چاہییں۔
جان کربی نے اس خواہش کا بھی اظہار کیا کہ امریکا اپنے عوام کے مفاد کی خاطر اور سعودی عرب کی قومی سلامتی سے متعلق اسٹریٹیجک شراکت داری کو جاری رکھنا چاہتا ہے۔
امریکی قومی سلامتی کونسل کے اسٹریٹیجک کمیونیکیشن کوآرڈینیٹر جان کربی نے کہا کہ امریکا کی نئی حکومت میں جوبائیڈن انتظامیہ سعودی عرب کے ساتھ تعلقات میں استحکام کے لیے سنجیدہ کوششیں کر رہی ہے۔
جان کربی نے کہا کہ انھیں سعودی حکومت کی جانب سے مثبت اشارے ملے ہیں۔ مشرق وسطیٰ میں پائیدار امن میں سعودی عرب کے اہم کردار سے بخوبی واقف ہیں اور ہم وہاں مشترکہ دشمن کو پاؤں جمانے نہیں دیں گے۔
واضح رہے کہ امریکی صدر جوبائیڈن کے تیل پیداوار بڑھانے کے مطالبے کو سعودی عرب سمیت اوپیک ممالک نے مسترد کردیا تھا جب کہ حال ہی میں سعودی عرب نے چین کے ساتھ درجنوں تجارتی معاہدوں پر دستخط کیے ہیں۔

شاہد آفریدی کے گھر پاکستان کرکٹ ٹیم کی پُرتکلف دعوت

کراچی: (ویب ڈیسک) عبوری چیف سلیکٹر شاہد خان آفریدی کی جانب سے پاکستان کرکٹ ٹیم کو عشائیہ دیا گیا۔
شاہد آفریدی کی رہائش گاہ پر دعوت طعام میں قومی کرکٹرز نے شرکت کی۔عشائیہ کے شرکاء کی مختلف انواع کے کھانوں سے تواضع کی گئی۔ قومی ٹیم کے کھلاڑیوں نےتقریب کو شاندار قرار دیا۔
نیوزی لینڈ کے خلاف ٹیسٹ سیریز میں شریک بعض کھلاڑیوں کا کہنا تھا کہ مسلسل کرکٹ کھیلنے سے وہ سخت اکتاہٹ کا شکار تھے اور اب کھلی فضا میں بہت اچھا محسوس کر رہے ہیں جبکہ کھلی فضا میں نکل کر تقریب میں شرکت کرکے بہت انجوائے کیا۔
قومی سلیکشن کمیٹی کے کنوینئر ہارون رشید بھی عشائیہ میں شریک تھے جبکہ سابق عالمی اسکواش چیمپئن جہانگیر خان تقریب میں نمایاں رہے ،کرکٹرز جہانگیر خان کے ساتھ سیلفیاں بنواتے رہے۔

گندم و آٹا بحران: وزیر اعلیٰ پرویز الٰہی نے فلور ملوں کو گندم کا سرکاری کوٹہ دوگنا کر دیا

لاہور: (ویب ڈیسک) گندم وآٹا بحران کے خاتمہ کیلئے وزیر اعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الٰہی نے پنجاب کی فلور ملوں کو گندم کا یومیہ سرکاری کوٹہ بڑھا کر دوگنا کر دیا۔
وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویزالٰہی کے زیر صدارت ہنگامی اجلاس ہوا، اجلاس میں سیکرٹری خوراک نادر چٹھہ اور ہمیش خان نے شرکت کی۔
چودھری پرویز الٰہی نے کہا کہ فلور ملوں کو گندم کا یومیہ سرکاری کوٹہ بڑھا کر ڈبل کردیا گیا، صوبے بھر میں سیل پوائنٹس کو بھی دوگنا کر دیا گیا ہے، انہوں نے حکام کو ہدایت کی کہ آٹا بحران کے خاتمہ کیلئے 24 گھنٹے کے اندر اندر لائحہ عمل طے کیا جائے۔
وزیر اعلیٰ پنجاب نے کہا کہ صوبہ بھر میں روزانہ 10 کلو آٹے کے 18 لاکھ 40 ہزار تھیلے سرکاری ریٹ پر دستیاب ہوں گے، سوموار سے فلور ملوں کو ان کے اپنے مطالبے سے زیادہ 26 ہزار ٹن سرکاری گندم جاری کر دی جائے گی۔
اجلاس سے گفتگو کرتے ہوئے چودھری پرویز الٰہی کا کہنا تھا سرکاری کوٹہ بڑھنے سے نجی گندم اور آٹے کی قیمتوں میں نمایاں کمی آئے گی۔

سی ٹی ڈی اور فورسز کا انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن، 4 دہشت گرد ہلاک

پشاور: (ویب ڈیسک) کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ پشاور ریجن اور سکیورٹی فورسز نے انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کیا جس میں 4 دہشت گرد ہلاک ہوئے ہیں۔
فورسز نے دہشتگردوں کی گرفتاری کے لئے اچینی سربند میں کاروائی کی، سنگو سربند ضلع خیبر بارڈر پر دہشتگردوں نے جوانوں کو دیکھتے ہی بھاگنے کی کوشش میں اندھا دھند فائرنگ شروع کر دی، دہشتگردوں اور آپریشن ٹیمز کے درمیان فائرنگ کا سلسلہ کافی دیر تک جاری رہا۔
فائرنگ رکنے کے بعد علاقہ میں سرچ اینڈ کلیرنس آپریشن میں کم از کم 4 دہشتگرد ہلاک ہوئے جبکہ دہشت گردوں کے چند ساتھی تاریکی کا فائدہ اٹھاتے ہوئے فرار ہوگئے۔
ہلاک دہشتگرد متعدد مقدمات میں سی ٹی ڈی کو مطلوب تھے، دہشتگردوں کے قبضے سے 4 کلاشنکوفیں اور 3 ہینڈ گرنیڈز برآمد کر لیے گئے، ہلاک دہشت گردوں کا تعلق کالعدم تنظیم سے بتایا گیا ہے۔

افغانستان سے تیل نکالنے کیلئے طالبان کا چین سے معاہدہ

کابل: (ویب ڈیسک) افغانستان سے تیل نکالنے کے لیے طالبان نے چین کے ساتھ پہلا بین الاقوامی معاہدہ کر لیا۔
غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق افغانستان کے شمالی علاقے دریائے آمو کے قریب سے تیل نکالنے کا معاہدہ چین سے کیا گیا ہے جو طالبان حکومت کا پہلا بین الاقوامی معاہدہ ہے۔
طالبان حکومت نے تیل نکالنے کا معاہدہ 20 فیصد کی شراکت داری کی بنیاد پر کیا ہے اور اس معاہدے میں آگے چل کر طالبان حکومت کی شراکت داری 75 فیصد تک ہو جائے گی۔
طالبان ترجمان ذبیح اللہ مجاہد کے مطابق افغان سرزمین سے نکلنے والے خام تیل کو ملک میں ہی ریفائن کیا جائے گا اور ہم تیل کے معاملے میں خود کفیل ہو جائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ چین کی گیس اور تیل کمپنی افغانستان کے 4 ہزار 500 کلومیٹر کے علاقے سے تیل نکالنے کا کام کرے گی۔ ابتدا میں چینی سرمایہ کاری 15 کروڑ ڈالر ہو گی تاہم آئندہ 3 برسوں میں یہ بڑھ کر 54 کروڑ ڈالر تک ہو جائے گی اور طالبان کو 15 فیصد رائیلٹی بھی ملے گی۔

جماعت اسلامی کا مہنگائی کیخلاف ملک گیر احتجاج کا اعلان

لاہور: (ویب ڈیسک) جماعت اسلامی نے بھی مہنگائی کیخلاف ملک گیر احتجاجی تحریک چلانے کا اعلان کر دیا۔
امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق نے مہنگائی کے خلاف اتوار سے ملک بھر میں مظاہرے کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ حکمران بے حس ہو گئے ہیں وہ اپنی ناکامی کا اعتراف کریں۔
انہوں ںے کہا کہ حکمران اپنی عیاشیاں اور پروٹوکول کم کریں لیکن انہیں عوام کی کوئی فکر نہیں ہے۔ ہر شہر میں آٹے کے حصول کے لیے لائنیں لگی ہیں۔
سراج الحق نے کہا کہ پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم)، پیپلز پارٹی اور پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) ٹرائیکا بری طرح ایکسپوز ہو گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ تینوں پارٹیوں کے ہاں اسکینڈلز، گالم گلوچ کی سیاست کے علاوہ اور کچھ نہیں ہے اور اب عوام آزمائی ہوئی پارٹیوں سے جان چھڑائیں۔

مجبور قومی موومنٹ والے سارے بھی مل جائیں تو کچھ نہیں ہوگا، علی زیدی

کراچی: (ویب ڈیسک) پاکستان تحریک انصاف کراچی کے سینئر رہنما علی زیدی نے کہا ہے کہ مجبور قومی موومنٹ والے سارے بھی مل جائیں تو بھی ان کا کچھ نہیں ہو گا۔
پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ متحدہ قومی موومنٹ کا کوئی مستقبل نہیں ہے، دیگر جماعتوں نےسوشل میڈیا پراچھا کام کیا ہے، کراچی والے پاگل نہیں ہیں، جو 30 سال سے یہاں رہتا نہیں لوگ اسے سپورٹ نہیں کریں گے، اگر لندن والے بھی آجائیں تو بھی کراچی کا مئیر پی ٹی آئی کا ہو گا۔
علی زیدی کا کہنا تھا کہ 15 جنوری کو بلدیاتی الیکشن ہونے جا رہے ہیں، بہت سی جماعتوں کو حلقہ بندیوں کا بہت جلدی یاد آیا ہے، حلقہ بندیوں کا راگ الاپنے والے یہ بات اس وقت کرتے جب ہمیں چھوڑ کر بھاگے تھے، یہ لوگ الیکشن سے گھبراتے ہیں، جمہوری قوتیں کبھی بھی الیکشن سے نہیں گھبراتیں۔
رہنما پی ٹی آئی نے کہا کہ اس وقت یہ لوگ آرٹیکل 140 اے پر رو رہے تھے، ایم کیو ایم کے پاس امیدوار ہی پورے نہیں تو میئر کہاں سے لائیں گے۔
علی زیدی نے کہا کہ پچھلے ہفتے نواب شاہ میں تحریک انصاف کا کیمپ لگا تھا، نواب شاہ میں 24 ہزار لوگ تحریک انصاف میں شامل ہوئے، نواب شاہ آصف زرداری کا حلقہ ہے، تحریک انصاف میں اب تک 14 ہزار لوگ ممبر بن چکے ہیں، لوگ اپنی جیب سے 50 روپے دے کر ممبر بن رہے ہیں،
انہوں نے کہا کہ بلاول زرداری بڑا مہنگائی مارچ کرتا تھا، آج مہنگائی آسمان تک پہنچ گئی ہے، لوگ آٹا لینے کی خاطر مر رہے ہیں، جب ہماری حکومت کو ہٹایا گیا تو خزانے میں 18 ارب ڈالر پڑے تھے، ہمارے دور میں مہنگائی کم ہو رہی تھی، پوری گیم این آر او ٹو کے لیے کی گئی۔