مجھے نہیں معلوم کپتانی کس کے پاس جارہی ہے، میراکام ٹیم کیلیے پرفارم کرنا ہے، بابراعظم

کراچی: (ویب ڈیسک) پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے کہا ہے کہ مجھے نہیں معلوم کی کپتانی کس کے پاس جا رہی ہیں، میرا کام ٹیم کے لیے پرفارم کرنا ہے۔
دوسرے ٹیسٹ کے اختتام پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بابر اعظم نے کہا کہ ہم نیوزی لینڈ کے خلاف دوسرے ٹیسٹ میں کامیابی کے لیے بہت پرامید تھے لیکن دلچسپ اور سنسنی خیز مقابلے کے بعد میچ ہار جیت کے بغیر ختم ہوا اور یہی ٹیسٹ میچ کی خوبصورتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ سرفراز احمد کی شاندار انداز میں ٹیسٹ کرکٹ میں واپسی ہوئی ہے، پاکستان کو مشکلات سے نکالا، ہمارے چند کھلاڑیوں کے ان فٹ ہونے کی وجہ سے ٹیم کا کمبینیشن متاثر ہوا۔
بابراعظم نے کہا کہ ہر جگہ کی کنڈیشنز مختلف ہوتی ہیں، یہ درست نہیں کہ پچز کی وجہ سے میچ ہارا یا جیتا جاتا ہے، کامیابی کیلئے محنت کرنا پڑتی ہے، کارکردگی دکھانی پڑتی ہے، تنقید سے ہرگز نہیں گھبراتا، میچ میں ناکامی سے بچانے کا کریڈٹ نسیم شاہ اور ابرار احمد کو دیتا ہوں۔
ان کا کہنا تھا کہ سرفراز احمد نے ٹیسٹ کرکٹ میں بہترین انداز میں کم بیک کیا ہے، انہوں نے عمدہ اننگ کھیل کر پاکستان کو مشکلات سے نکالا اور سعود شکیل کے ساتھ مل کر پاکستان کو میچ میں واپس لائے، چار سال کے انتظار کے بعد انہوں نے موقع ملتے ہی خود کو ثابت بھی کیا، کوشش ہوتی ہے کہ موقع کی مناسبت سے کھیلا جائے۔
بابر اعظم نے کہا کہ آخری روز چائے کے وقفے کے بعد جیت کے لیے میدان میں گئے تھے، ایسے موقع پر چانس لینا پڑتا ہے، کھلاڑی آؤٹ بھی ہو سکتا ہے ،سرفراز احمد پاکستان کو میچ جتوانے کی پوزیشن میں لے آئے تھے جبکہ نیوزی لینڈ دفاعی پوزیشن پر تھا تاہم سلیمان علی آغا کے آؤٹ ہونے کے بعد ہم دفاعی پوزیشن پر آگئے۔
انہوں نے کہا کہ ہر ایک کی اپنی رائے ہوتی ہے، ٹیم بننے میں وقت لگتا ہے، کھلا ڑیوں کی کارکردگی میں کمی بیشی ہوتی رہتی ہے، کھلاڑیوں کو مسلسل کھیلنے کے مواقع ملنے چاہئیں، مستقبل میں سوچا جائے گا کہ وائٹ اور ریڈ بال کے لیے الگ الگ ٹیمیں بنائی جائیں ہوں۔
بابر اعظم نے کہا کہ موجودہ دور میں ٹیسٹ کرکٹ بھی تیز ہو گئی ہے ہے ،ٹیسٹ میچ میں پاکستان کو ناکامی سے بچانے میں آخری وکٹ پر نسیم شاہ اور ابرار احمد نے اہم کردار ادا کیا، بہترین کھیل کا مظاہرہ کیا اور وکٹ پر جم کر چار اوورز کھیلتے ہوئے پاکستان کو شکست سے بچایا جس کا میں ان کو کریڈٹ دیتا ہوں۔

قوم کی قسمت چوروں کے ہاتھوں برباد نہیں ہونے دیں گے: ڈاکٹر یاسمین راشد

لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان تحریک انصاف سنٹرل پنجاب کی صدر ڈاکٹر یاسمین راشد نے کہا ہے کہ ہر پاکستانی عام انتخابات کا مطالبہ کر رہا ہے، قوم کی قسمت چوروں اور لٹیروں کے ہاتھوں برباد نہیں ہونے دیں گے۔
صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر کی زیر صدارت تحریک انصاف کی گورننگ باڈی کا اہم اجلاس ہوا جس میں عندلیب عباس، شنیلاعلی، میاں شکیل زمان، شنیلا روت، وسیم رامے، چودھری عبدالغفور پپو، میاں تنویر، سعدیہ سہیل، رخسانہ نوید، نوشین حامد اور شیخ امتیاز سمیت دیگر رہنماؤں نے شرکت کی۔
ڈاکٹر یاسمین راشد نے اجلاس کے دوران ملکی سیاسی صورتحال اور پاکستان تحریک انصاف کی مستقبل بارے حکمت عملی کا تفصیلی جائزہ لیا، گورننگ باڈی کے ممبران مستقبل کی حکمت عملی بارے رپورٹ پیش کی۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر یاسمین راشد نے کہا کہ عمران خان نے پاکستانی قوم کی خاطر اپنی ہر چیز قربان کر دی ہے، چیئرمین پی ٹی آئی کی ہدایت پر روزانہ کی بنیاد پر ڈور ٹو ڈور مہم کا آغاز کیا جا چکا ہے، امپورٹڈ حکومت کے دن تھوڑے رہ گئے وہ وینٹی لیٹر پر آخری سانسیں لے رہی ہے، ملک دشمن عناصر پاکستان تحریک انصاف کو دیوار کے ساتھ نہیں لگا پائیں گے۔
صوبائی وزیر صحت نے مزید کہا کہ امپورٹڈ حکومت کو بیرونی سازش کے تحت پاکستانی قوم پر مسلط کیا گیا ہے، سارا پاکستان عمران خان کے ساتھ کھڑا ہے، تحریک انصاف اقتدار میں دوبارہ آئے گی اور چوروں کا کڑا احتساب کرے گی، خلائی مخلوق کی پیداوار شہباز شریف کو عمران خان پر انگلی اٹھاتے ہوئے شرم آنی چاہئے۔
تحریک انصاف کی سینئر رہنما نے مزید کہا کہ پوری قوم جانتی ہے کہ شریف خاندان بوٹ پالش کرنے میں ماہر ہے، ہم جانتے ہیں کس ڈیل کے تحت شریف خاندان اپنے کرپشن کیسز ختم کروا رہا ہے، عمران خان قوم کے مجرموں کو عوام کے کٹہرے میں لاکر چھوڑیں گے، ہم پاکستان کی بھاگ دوڑ چوروں کے ہاتھوں میں نہیں دے سکتے۔

مریم نواز کا جنیوا میں گلے کے دو گلینڈز کا آپریشن کردیا گیا

جنیوا: (ویب ڈیسک) پاکستان مسلم لیگ (ن) کی سینیئر نائب صدر مریم نواز کا سوئٹزرلینڈ کے شہر جنیوا میں گلے کا آپریشن کردیا گیا۔
فیملی ذرائع کے مطابق مریم نواز کے گلے کے دو گلینڈز کا آپریشن کیا گیا جو کامیاب رہا، ان کے گلے کےگلینڈز کا آپریشن تین گھنٹے جاری رہا۔
فیملی ذرائع کا کہنا ہے کہ مریم نواز کو آپریشن کے بعد ان کے کمرے میں شفٹ کردیا گیا ہے۔
خیال رہے کہ گزشتہ دنوں نواز شریف اور مریم نواز جنیوا پہنچے تھے، جنیوا میں مقیم معالج سے نواز شریف کی ملاقات بھی متوقع ہے۔

آئی ایم ایف کا جاری پروگرام مکمل کرنے کیلئے پرعزم ہیں: شہباز شریف

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) آئی ایم کی منیجنگ ڈائریکٹر کرسٹالینا جورجیوا کا وزیر اعظم شہباز شریف کو فون کر کے مشکل وقت میں پاکستان کی مدد کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔
ایم ڈی آئی ایم ایف نے اپنی گفتگو میں حالیہ سیلاب سے ہونے والے جانی اور مالی نقصانات پر ہمدردی اور تشویش کا بھی اظہار کیا، وزیر اعظم نے پاکستان کو درپیش چینلجز کو سمجھنے اور ہمدری کا اظہار کرنے پر شکریہ ادا کیا اور کہا آئی ایم ایف کے جاری پروگرام کو مکمل کرنے کیلئے پرعزم ہیں۔
اس کے علاوہ وزیراعظم شہباز شریف نے ایم ڈی آئی ایم ایف کو جنیوا میں موسمیاتی کانفرنس میں شرکت کی دعوت دی جس پر انہوں نے شکریہ ادا کیا، کرسٹالینا جورجیوا نے 9 اور 10 جنوری کو آئی ایم ایف بورڈ اجلاس کی وجہ سے کانفرنس میں ورچیولی شرکت کرنے کی یقین دہانی کروائی۔

گورنر کے پی ہیلی کاپٹر، یونیورسٹی پر سیاست چھوڑے، آئینی ذمہ داری نبھائے، تیمور جھگڑا

پشاور: (ویب ڈیسک) خیبرپختونخوا کے وزیر خزانہ تیمور سلیم جھگڑا نے کہا ہے کہ گورنر خیبر پختونخوا ہیلی کاپٹر اور یونیورسٹی پر سیاست چھوڑ دے، اپنے آئینی ذمہ داری نبھائے۔
صوبائی وزیر خزانہ کا کہنا تھا کہ وفاقی حکومت نے خیبرپختونخوا کے 233 ارب روپے روکے، آپ کی پارٹی کے سربراہ صوبے کو پیسہ نہ دینے کی بات کرتے ہیں، اس کا مطلب کیا ہے، صوبے کا گورنر ہوتے ہوئے آپ اس بیان کی حمایت کرتے ہیں یا نہیں۔
تیمور سلیم جھگڑا نے کہا کہ وفاق سے صوبے کو پیسے دلائیں تو یونیورسٹیوں کا مسئلہ بھی ہو جائے گا، جس بیٹے کے الیکشن پر 20 کروڑ خرچ کئے اور مئیر بنایا تو ان کو بھی فنڈز مل جائے گا۔

طورخم روڈ پاک افغان شاہراہ کنارے 3 دستی بم برآمد

لنڈی کوتل: (ویب ڈیسک) طورخم روڈ پاک افغان شاہراہ کے کنارے سے 3 دستی بم برآمد ہوئے، بم ڈسپوزل سکواڈ موقع پر پہنچ گیا۔
تفصیلات کے مطابق لنڈی کوتل میں طورخم روڈ پاک افغان شاہراہ کے کنارے 3 دستی بم برآمد ہونے پر فوری طور پر بم ڈسپوزل سکواڈ پہنچ گیا، بم ڈسپوزل سکواڈ نے ہینڈ گرنیڈ ناکارہ بنانے کے لئے پاک افغان شاہراہ کو کچھ دیر کے لئے بند کیا۔
پولیس کے مطابق بم ڈسپوزل سکواڈ نے تینوں ہینڈ گرنیڈز کو ناکارہ بنا دیا، اس سے قبل بھی پاک افغان شاہراہ کنارے کئی مرتبہ بارودی مواد برآمد ہو چکا ہے جسے ناکارہ کیا گیا ہے۔

وزیر اعظم شہباز شریف کی زیر صدارت ملک کی سکیورٹی صورتحال پر جائزہ اجلاس

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وزیر اعظم شہباز شریف کی زیر صدارت ملک میں سکیورٹی صورتحال پر جائزہ اجلاس ہوا جس میں وزیر داخلہ اور سیکرٹری داخلہ بھی شریک ہوئے۔
اجلاس میں چاروں صوبوں کے آئی جیز اور چیف سیکرٹریز نے حالیہ دہشتگردی کے واقعات پر تفصیلی بریفنگ بھی دی، اس موقع پر وزیر اعظم نے کہا کہ دہشتگردی اور شرپسند عناصر کسی قیمت پاکستانی عوام کے حوصلے پست نہیں کر سکتے۔
وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا کہ ہم وطنِ عزیز کی حفاظت کی خاطر کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے، حالیہ دہشتگردی کی لہر کے تدارک کیلئے تمام وفاقی و صوبائی ادارے اپنے مابین تعاون بڑھائیں، وزیرِ اعظم نے وزیرِ داخلہ، سیکرٹری داخلہ اور نیشنل کوآرڈینیٹر نیکٹا کو صوبوں سے تفصیلی مشاورت کرنے کی ہدایت کی۔
وزیر اعظم شہباز شریف نے مزید ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ جامع لائحہ عمل مرتب کر کے پیش کریں، صوبائی اپیکس کمیٹیاں اپنے اجلاس باقاعدگی سے منعقد کریں، اداروں کے تعاون سے دہشتگردی کے ناسور کو جڑ سے اکھاڑ پھینکیں گے۔

وزیراعلیٰ پنجاب کیلیے اعتماد کے ووٹ میں اسٹیبلشمنٹ نیوٹرل نظر نہیں آرہی، عمران خان

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الہیٰ کے لیے اعتماد کے ووٹ میں اسٹیبلشمنٹ ہمیں نیوٹرل نظر نہیں آرہی۔
کورٹ رپورٹرز کے وفد سے ملاقات کے دوران انہوں نے کہا کہ ہم اس بات کی تیاری کر رہے ہیں کہ 11 جنوری کو عدالت اگر فوری اعتماد کے ووٹ کا کہے تو ہم تیار ہوں۔
انہوں نے مزید کہا کہ اعتماد کے ووٹ میں اسٹیبلشمنٹ ہمیں نیوٹرل نظر نہیں آرہی، ہمارے لوگوں کو اپروچ کیا جا رہا ہے ابتک تین لوگ اس حوالے سے بتا چکے ہیں، پرویز الہی اور ہم اتحادی ہیں جنرل باجوہ کے بارے میں ان کا اپنا موقف ہے اور ہمارا اپنا موقف ہے۔
عمران خان نے کہا کہ پرویز الہیٰ ہمیں ہمارے موقف سے ہٹنے کےلیے نہیں کہہ سکتے، ہماری لڑائی اسٹبلشمنٹ سے نہیں ہے بلکہ انصاف کے حصول کےلیے ہے۔
سابق وزیراعظم نے کہا کہ چوروں سے کوئی مذاکرات نہیں ہوں گے اگر اقتدار میں آئے تو فوری بلدیاتی الیکشن کرائیں گے، جنرل باجوہ کرپشن کو برا نہیں سمجھتے تھے اس لیے تمام مقدمات ختم ہوگئے۔
انہوں نے کہا کہ لوٹوں کی ایکسپائری ڈیٹ ختم ہوچکی ہے، ملک میں جنگل کا قانون ہے انصاف کی ضرورت امیر کو نہیں غریب کو ہوتی ہے۔

ملک میں مہنگائی میں اضافہ، مجموعی شرح 30.60 فیصد پر پہنچ گئی

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) ملک میں حالیہ ہفتے میں مہنگائی کی شرح میں 1.09 فیصد اضافہ ہوگیا۔
ادارہ شماریات نے ہفتہ وار مہنگائی کے اعداد و شمار جاری کیے ہیں جس کے مطابق ملک میں ہفتہ وارمہنگائی کی مجموعی شرح 30.60 فیصد ریکارڈ کی گئی۔
ادارہ شماریات نے بتایا کہ ایک ہفتے میں 23 اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ ہوا، 9 اشیا سستی ہوئیں اور 19 کی قیمتیں مستحکم رہیں۔
ادارہ شماریات کا کہنا ہے کہ زندہ مرغی کی فی کلو قیمت میں 53 روپے 16 پیسے اضافہ ہوا اور فی کلو قیمت 383 روپے 47 پیسے پر پہنچ گئی، پیاز کی فی کلو قیمت 5 روپے 7 پیسے اضافے کے بعد 220 روپے 41 پیسے ہو گئی۔
ادارہ شماریات کے مطابق باسمتی چاول 7 روپے 2 پیسے، مٹن 9 روپے 42 پیسے، لہسن 3 روپے 30 پیسے اور کیلے فی درجن 3 روپے 45 پیسے مہنگے ہوئے، اس کے علاوہ دودھ، دہی دالوں کی قیمتوں میں بھی اضافہ ہوا۔
ادارہ شماریات نے بتایا کہ ایک ہفتے میں آلو فی کلو 2 روپے 3 پیسے سستے ہوئے، ایل پی جی کا گھریلو سلینڈر 21 روپے 78 پیسے اور انڈے فی درجن 3 روپے 67 پیسے سستے ہوئے۔

برطانیہ کی پہلی خلائی پرواز 9 جنوری کو روانہ ہوگی

لندن: (ویب ڈیسک) برطانیہ کی سرزمین سے پہلی خلائی پرواز 9 جنوری کو روانہ ہوگی۔
ورجین آربٹ نے اعلان کیا ہے کہ برطانیہ کا تاریخی اسٹارٹ می اپ نامی مشن 9 جنوری کی شب 10 بج کر 16 منٹ (پاکستانی وقت کے مطابق 10 جنوری کی شب 3 بج کر 16 منٹ) پر زمین کے مدار کے لیے روانہ کیا جائے گا۔
اگر کسی تکنیکی مسئلے یا خراب موسم کے باعث مشن بھیجنا ممکن نہ ہوسکا تو جنوری میں ہی اسے کسی اور دن لانچ کیا جائے گا۔
برطانیہ کی سول ایوی ایشن اتھارٹی نے دسمبر 2022 میں ورجین آربٹ کے لیے خلائی مشن بھیجنے کا لائسنس جاری کیا تھا۔
ورجین آربٹ اس مشن کے لیے یو کے اسپیس ایجنسی (یو کے ایس اے)، رائل ائیر فورس اور کورن وال کونسل کے ساتھ ملکر کام کررہی ہے۔
یہ ورجین آربٹ کا پہلا بین الاقوامی لانچ مشن ہوگا جبکہ مغربی یورپ کا پہلا کمرشل خلائی مشن بھی ہے۔
اس لانچ کے لیے کاسمک گرل نامی بوئنگ 747 طیارہ کور ن وال ائیرپورٹ کے اسپیس پورٹ سے پرواز کرے گا جس کے ونگز کے نیچے ورجین آربٹ کا لانچر ون راکٹ موجود ہوگا۔
آئرلینڈ کے جنوب میں 35 ہزار فٹ کی بلندی پر یہ راکٹ طیارے سے ریلیز کیا جائے گا۔
اس مشن میں 7 سیٹلائیٹس کو زمین کے مدار پر پہنچایا جائے گا۔