پیپلز پارٹی کا اتوار کو سیاسی پاور شو کا مظاہرہ کرنے کا اعلان

کراچی: (ویب ڈیسک) پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے رہنما سعید غنی نے کہا کہ پیپلز پارٹی اتوار کو بھرپور سیاسی طاقت کا مظاہرہ کرے گی۔
رہنما پیپلز پارٹی سعید غنی نے کہا کہ آج اجلاس میں بلدیاتی الیکشن کی تیاریوں کا جائزہ لیا گیا، اجلاس میں فیصلہ ہوا ہے کہ اتوار کے روز بڑی ریلی نکالی جائے گی، ریلی میں پیپلز پارٹی کے کارکن، بلدیاتی الیکشن میں حصہ لینے والےامیدوار شامل ہوں گے۔
سعید غنی کا کہنا تھا کہ ریلی بھرپور سیاسی طاقت کا مظاہرہ ہو گا، جس سے ثابت ہوجائے گا کہ کراچی شہرمیں کس جماعت کی اکثریت ہے، کراچی میں بلدیاتی انتخابات کےلیے ماحول سازگار ہے۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے سعید غنی کا کہنا تھا کہ عمران خان اور شیخ رشید کی حرکتیں ایک جیسی ہیں۔

شہباز شریف کی چینی کمپنی کو سولرآئزیشن منصوبہ میں سرمایہ کاری کی دعوت

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وزیر اعظم شہباز شریف سے چینی کمپنی کے وفد نے ملاقات کی، وزیر اعظم نے چینی کمپنی کو حکومت کے سولرآئزیشن کے منصوبے میں سرمایہ کاری کی دعوت دی۔
ملاقات میں وزیر اعظم شہباز شریف نے چینی کمپنی کے پاکستان میں پن بجلی منصوبوں میں کام کو سراہتے ہوئے کہا کہ چین ہمارا دیرینہ دوست ہے، ہمسایہ ملک نے ہر مشکل وقت میں پاکستان کا ساتھ دیا، سی پیک کے اربوں ڈالر کے ترقیاتی منصوبوں میں سرمایہ کاری دوستی کا منہ بولتا ثبوت ہے۔
شہباز شریف نے کہا کہ چینی کمپنیاں حکومت کے سولرآئزیشن منصوبے میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں، وزیر اعظم وفد نے وزیر اعظم کو کمپنی کی طرف سے سولرآئزیشن کے حوالے سے 600 میگا واٹ کے منصوبوں میں سرمایہ کاری میں دلچسپی سے آگاہ کیا۔
چینی وفد نے وزیر اعظم کو سیلاب زدگان کی بحالی کیلئے 1 لاکھ ڈالر کا امدادی چیک بھی پیش کیا وزیر اعظم نے چینی کمپنی کے سیلاب زدگان کی مدد کے جذبے کو سراہا۔

روس سے سستے تیل کی خریداری، تیاریاں مکمل

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وزیر مملکت پیٹرولیم مصدق ملک نے کہا ہے کہ روس سے سستے تیل کی خریداری معاہدے کی تیاریاں مکمل ہیں۔
پاک روس سستے تیل خریداری معاہدے پر گفتگو کرتے ہوئے مصدق ملک نے کہا کہ روس کے وزیر توانائی سمیت پورا وفد پاکستان آرہا ہے، روس کے ساتھ سنجیدہ بات چیت جاری ہے اور وفد اسی وقت آتے ہیں جب تیاریاں مکمل ہوں۔
انہوں نے بتایا کہ روس خام تیل میں دنیا کے برابر یا اس بھی زیادہ ڈسکاونٹ دے گا۔
مصدق ملک نے کہا کہ ہم پوری کوشش کرینگے ملکی مفاد میں معاملہ طے ہوجائے گا، ریفائنریز سے میٹنگ کرنے کے بعد روس کے ساتھ بات کی تھی، معاہدے کی تیاری مکمل ہے لیکن قبل از وقت غیر ذمہ دار بات نہیں کر سکتا، ریفائنریز پالیسی میں ڈیم ڈیوٹی کو سرمایہ کاری سے لنک کر رہے ہیں، ریفائنریز کو جو ڈیوٹی کی مد میں بچت ہوگی وہ سرمایہ کاری کرے گے اور حکومت اسکا باقاعدہ آڈٹ کرے گی۔
ہمارے ملکی مفاد میں ہے جدت اور ریفائنریز اپ گریڈیشن میں پیسے لگے، ہماری ریفائنریز فرنس آئل زیادہ تیار کرتی ہیں جس کی کہیں مارکیٹ ہی نہیں ہے، بلیک آئل کی وجہ سے ریفائنریز کو نقصان ہورہا ہے، ہماری ریفائنریز تیس فیصد سے زائد فرنس آئل بنا رہی ہیں ، جب ریفائنریز کو اپ گریڈ کرینگے تو پیٹرول اور ڈیزل کی فینش پراڈکٹس زیادہ بنائے گئے، انہوں نے کہا کہ پرمیم نہ دینے سے پیٹرول ڈیزل کی قیمت کم ہوگی۔

’سرفراز بابو‘، محمد عامر کا وکٹ کیپر بیٹر کیلئے پیغام

کراچی: (ویب ڈیسک) پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان کراچی میں ہونے والے دوسرے ٹیسٹ میچ کی دوسری اننگز میں وکٹ کیپر بیٹر سرفراز احمد نے شاندار سنچری اسکور کی۔
سرفراز کی سنچری پرفاسٹ بولر محمد عامر نے بھی تعریفی پیغام بھیجا۔ اپنی ٹوئٹ میں محمد عامر نے سرفراز احمد کو مبارکباد دی۔
محمد عامر نے ٹوئٹ میں لکھا کہ ’ کیا اننگز کھیلی سرفراز بابو۔۔ آپ حقیقی چیمپئن ہیں، اللہ نظر سے بچائے آمین۔‘

دہلی میونسپل اجلاس؛ شکست خوردہ مودی کی جماعت نے اسمبلی کو اکھاڑا بنا دیا

نئی دہلی: (ویب ڈیسک) دہلی بلدیاتی الیکشن میں شکست فاش کے بعد مودی کی جماعت بھارتیہ جنتا پارٹی نے پہلے اجلاس میں عام آدمی پارٹی کے میئر کے انتخاب کو غنڈہ گردی سے روکنے کی کوشش کی۔
بھارتی میڈیا کے مطابق دہلی میونسپل کا پہلا اجلاس ہنگامہ خیز ثابت ہوا۔ بھارتیہ جنتا پارٹی کے کونسلرز نے ہنگامہ آرائی کی اور عام آدمی کے کونسلرز پر کرسیاں برسائیں۔
اجلاس کے آغاز پر ہی پندرہ سال میں پہلی بار دہلی کے بلدیاتی الیکشن میں شکست کی ہزیمت اُٹھانے والی بھارتیہ جنتا پارٹی کے کونسلرز نے جارحیت کا مظاہرہ کیا۔
جواب میں عام آدمی پارٹی کے کونسلرز نے بھی شدید نعرے بازی کی اور بات ہاتھا پائی تک جا پہنچی۔ ارکان نے ایک دوسرے کو دھکے دیے اور گتھم گتھا ہوگئے۔
اس ہنگامہ آرائی کے باعث اسپیکر نے میئر کے انتخاب کے بغیر ہی اجلاس معطل کرنے کا اعلان کردیا۔ اس طرح مودی سرکار اپنے مذموم مقاصد میں کامیاب ہوگئی اور جوڑ توڑ کے لیے مزید کچھ وقت لے لیا۔
عام آدمی پارٹی نے گورنر کی جانب سے اسمبلی کے حلف برداری اجلاس کو چلانے کے لیے اسپیکر اور ایم سی ڈی کے 10 ارکان کی نامزدگی میں ان کی جماعت کو اعتماد میں نہ لینے پر بھی احتجاج کیا۔
عام آدمی پارٹی کے رہنما کا کہنا تھا کہ گورنر کو ایم سی ڈی کے 10 ارکان کی نامزدگی کے لیے ہماری جماعت سے مشورہ کرنا چاہیے تھا کیوں کہ دہلی کی حکمراں جماعت بھی عام آدمی پارٹی ہے۔

عمران قاتلانہ حملہ: وفاق کے تحقیقات میں عدم تعاون پر پنجاب کا جوڈیشل کمیشن کا مطالبہ

لاہور: (ویب ڈیسک) عمران خان پر قاتلانہ حملے کی تحقیقات میں وفاقی ادارے تعاون نہیں کر رہے، پنجاب حکومت نے سپریم کورٹ سے جوڈیشل کمیشن بنانے کا مطالبہ کر دیا۔
لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے سینئر صوبائی وزیر میاں اسلم اقبال نے کہا کہ پاکستان کے مقبول ترین لیڈر پر قاتلانہ حملہ کیا گیا، حملے کے بعد مذہبی رنگ دیا گیا، رانا ثنا، میاں جاوید لطیف، مریم نواز جیسے لوگوں نے مذہبی رنگ دینے کی کوشش کی، مذہبی رنگ دینے کی بھرپور مذمت کرتے ہیں، جن لوگوں کو گھر میں دوسری دفعہ کوئی سالن نہیں دیتا وہ لیڈر بنے ہیں۔
میاں اسلم اقبال نے مزید کہا کہ حقائق اور شواہد سامنے آ رہے ہیں، ملک کے سب سے بڑے لیڈر کی ایف آئی آر درج نہیں ہو رہی، عمران خان کی دنیا میں بھی ایک پہچان ہے، فرانزک کے حوالے سے وفاقی ادارے تعاون کیوں نہیں کر رہے؟، جے آئی ٹی کو چیزیں فراہم نہیں کی جا رہیں، چیف جسٹس کی سربراہی میں جوڈیشل کمیشن بننا چاہیے، عدلیہ سے مودبانہ گزارش ہے جوڈیشل کمیشن بنائے تاکہ دودھ کا دودھ اور پانی کا پانی ہو جائے۔
سینئر صوبائی وزیر نے مزید کہا کہ یہ پنجاب میں حکومت تبدیل کرنا چاہتے ہیں، سب کے کرتوت سامنے آجائیں گے، کیسز ختم اور اشتہاری ملک میں واپس آ رہے ہیں، تحریک انصاف کا ہر ایم پی اے عمران خان کے ساتھ کھڑا ہے، انہوں نے عمران سے پہلے کئی لوگوں کو مائنس کیا، کسی کو آڈیو، کسی کو ویڈیو کے نام پر مائنس کیا گیا، یہ عمران خان کی مقبولیت سے ڈر رہے ہیں، ان کو پتا ہے عوام ان کے ساتھ نہیں ہے، یہ گھوڑا اور میدان ہے آجائیں۔
میاں اسلم اقبال نے کہا کہ ملک کی صنعتیں بند لیکن ان کے کیسز تو معاف ہو گئے ہیں، 22 کروڑعوام کے ساتھ اتنی بڑی ڈکیتی ہو گئی اور ادارے کیوں خاموش ہیں، عمران خان نے اسٹیٹس کو کو چیلنج کیا، یہ 13 جماعتیں نہیں مافیاز ہیں، ان مافیاز کے 3 گروپ ہیں، نواز، زرداری، مولانا فضل الرحمان ہیں، ججز کو ڈرانا دھمکانا، رشوت دینا ان تینوں مافیاز کی تاریخ ہے، یہ ایک مافیا ہے جو نہیں چاہتا پاکستان ٹھیک ہو، ان کا پاکستان سے کوئی تعلق نہیں صرف حکمرانی کرتے ہیں، ان کا سب کچھ بیرون ملک ہے
اس موقع پر صوبائی وزیر قانون راجہ بشارت نے کہا کہ سازش کے تحت عمران خان پر حملہ کیا گیا، ایک ایسا شخص جو دماغی توازن کھو چکا ہے کہتا ہے گولی نہیں لگی، عمران خان ملک کی سب سے بڑی پارٹی کے سربراہ ہیں ان کی ایف آئی آر کیوں نہیں درج ہو رہی، جوڈیشل کمیشن معاملے کو دیکھے، اسی لیے تو ہم جوڈیشل کمیشن کا مطالبہ کر رہے تاکہ حقائق کو سامنے لایا جائے۔

عمران خان نے 13 پارٹیوں کی سیاست دفن کردی: شیخ رشید احمد

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) سابق وفاقی وزیر اور عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ عمران خان نے 13 پارٹیوں کی سیاست دفن کردی ہے۔
سابق وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے کہا کہ اگر یہ اسمبلیاں تحلیل نہ ہوئیں تو اپنے ممبرز کو اسمبلیوں سے واپس بلایا جائے گا، آج کا نوجوان، آج کی قومی اور بین الاقوامی سیاست عمران خان کے ساتھ ہے، عمران خان نے کہا ایسی اسمبلی میں نہیں بیٹھیں گے جہاں چور، ڈاکو، لٹیرے بیٹھے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ یہ عمران خان سے الیکشن نہیں لڑنا چاہتے، یہ چاہتے ہیں عمران خان کو زہر دیا جائے، تم نے عمران خان کو ختم کرنے کا منصوبہ بنایا تھا، عمران خان کی جان لینا چاہی اب کہتے ہیں گولیاں تو نہیں لگی تھیں، ان کی شکل ٹی وی پر آتی ہے تو لوگ چینل بدل دیتے ہیں، یہ فن گداگری کے ماہر ہیں۔

کلائمیٹ ریزیلیئنٹ کانفرنس: پاکستان کو 16 ارب ڈالر امداد متوقع

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) کلائمیٹ ریزیلیئنٹ بین الاقوامی کانفرنس میں شرکت کیلئے پاکستان نے تیاری مکمل کر لی، پاکستان کو بین الاقوامی برادری سے 16 ارب 26 کروڑ ڈالرز ملنے کی توقع ہے۔
کلائمیٹ ریزیلیئنٹ بین الاقوامی کانفرنس 9 جنوری کو جنیوا میں ہوگی، وفاقی حکومت نے جنیوا کانفرنس کے فور آر ایف فریم ورک کو حتمی شکل دیدی، وزیر اعظم شہباز شریف جنیوا کانفرنس میں سیلاب کی تباہ کاریوں، بحالی پر بریفنگ دیں گے۔
فور آر ایف فریم ورک رپورٹ کے مطابق حالیہ سیلاب سے ملک کا ایک تہائی حصہ زیر آب آیا، پاکستان کو بین الاقوامی برادری سے 16 ارب 26 کروڑ ڈالرز ملنے کی توقع پاکستان کو فوری ایک سال میں 6 ارب 78 کروڑ ڈالرز درکار ہیں، آئندہ 3 سال میں پاکستان کو 6 ارب 17 کروڑ سے زائد ڈالرز کی ضرورت ہے، لانگ ٹرم امداد میں 5 سے 7 سال میں پاکستان کو 3 ارب 62 کروڑسے زائد ڈالرز درکارہیں۔
فریم ورک کے مطابق پاکستان کا سیلاب سے مجموعی 15 ارب 32 کروڑ ڈالرز کے نقصان کا تخمینہ لگایا گیا ہے، سیلاب سے چاروں صوبوں کے 94 اضلاع جبکہ 3 کروڑ 30 لاکھ لوگ متاثر ہوئے، سیلاب سے 80 لاکھ لوگ بے گھر اور 17 سو افراد جاں بحق ہوئے، جاں بحق ہونے والوں میں ایک تہائی اموات بچوں کی ہوئیں۔
رپورٹ کے مطابق خیبر پختونخوا، سندھ اور بلوچستان کے تقریباً تمام اضلاع سیلاب کی زد میں آئے، فریم ورک بحالی کے کاموں کو شفاف بنانے کے لئے میکنزم فریم ورک کا حصہ ہے، سیلاب سے ملک میں 10 لاکھ لائیو سٹاک متاثر ہوا، 44 لاکھ ایکڑ پر کھڑی فصلوں کو نقصان پہنچا، زراعت کو 3 ارب 72 کروڑ ڈالرز سے زائد کا نقصان ہوا، زراعت کی بحالی پر 4 ارب 27کروڑ ڈالرز کا تخمینہ لگایا گیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق کامرس، انڈسٹری، سیاحت کو 19 کروڑ اسی لاکھ ڈالرز کا نقصان پہنچا، کامرس، انڈسٹری، سیاحت اور کاروبار کی بحالی پر 17 لاکھ ڈالرز کا تخمینہ لگایا گیا، سیلاب سے 8 ہزار 330 کلومیٹر سڑکیں متاثر، 3127 کلومیٹر ریلوے ٹریک متاثر ہوا، ٹرانسپورٹ اور کمیونی کبشن کو مجموعی طور پر33 لاکھ ڈالرز کا نقصان پہنچا، ٹرانسپورٹ اور کمیونی کبشن کے سیکٹر کی بحالی کے لئے پاکستان کو 5 ارب ڈالرز درکار ہیں۔
فریم ورک کے مطابق سیلاب سے 20 لاکھ گھروں کی عمارتوں کو نقصان پہنچا، 7 لاکھ 80 ہزار مکانات سیلاب سے مکمل تباہ ہوئے، گھروں کی بحالی کے لئے 28 لاکھ ڈالرز درکار ہوں گے۔

شاہ رخ کے بیٹے آریان اور نورا فتیحی کے درمیان ’ڈیٹنگ‘ کی افواہیں

ممبئی: (ویب ڈیسک) بھارتی سپر اسٹار شاہ رخ خان کے صاحبزادے آریان خان کی مشہور رقاصہ اور اداکارہ نورا فتیحی کے ساتھ ڈیٹنگ کی افواہیں گرم ہیں۔
بالی ووڈ کنگ کے بچے اپنی نجی زندگی کی حوالے سے آج کل سرخیوں میں ہیں، گزشتہ روز ہی خبر سامنے آئی تھی کہ شاہ رخ کی بیٹی سوہانا امیتابھ بچن کے نواسے کے ساتھ محبت میں مبتلا ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق نورا فتیحی اور آریان خان کو دبئی کی ایک پارٹی میں ساتھ دیکھا گیا ہے اور دونوں کی ویڈیوز اور تصاویر ایک ویب سائٹ پر پوسٹ کی گئی ہیں۔
تصاویر سامنے آتے ہیں سوشل میڈیا صارفین اور فلمی مداحوں نے دونوں کے مبینہ تعلق پر بحث و مباحثہ شروع کردیا ہے۔
متعدد صارفین نے تبصرہ کرتے ہوئے لکھا کہ نورا فتیحی اور آریان خان کے درمیان کچھ چل رہا ہے اور جلد اس کی خبر سامنے آئے گی۔
بعض صارفین نے صرف چند تصاویر اور ویڈیوز کی بنیاد پر دونوں کے درمیان ریلیشن شپ کو درست ماننے سے انکار کیا ہے۔
علاوہ ازیں بھارتی اداکارہ نورا فتیحی اور آریان خان کی جانب سے اس تعلق کے متعلق کوئی ردعمل اب تک سامنے نہیں آیا ہے۔

غلطیاں مٹانے والے دنیا کا سب سے بڑا ربڑ، وزن سوادوکلوگرام

ٹوکیو: (ویب ڈیسک) جاپان میں اسٹیشنری ربڑ (ایریزر) بنانے والی ایک کمپنی نے غلط حروف مٹانے والا بہت ہی بڑا ربڑ بنایا ہے جو غالباً دنیا کا سب سے وزنی، قابلِ استعمال ربڑ ہوسکتا ہے۔
ریڈار ایس 10000 نامی اس ربڑ کا وزن 5 پاؤنڈ (سوادوکلوگرام) ہے لیکن اس کی قیمت لگ بھگ 100 ڈالر (پاکستانی 24000 روپے) ہے۔ سیڈ نامی کمپنی جاپان میں 1915 میں قائم کی گئی تھی۔ اس نے 1968 میں ریڈار نامی ایریزر پیش کیا تھا جو بہت مقبول ہوا ہے۔ زائد قیمت کے باوجود بچوں اور اساتذہ میں یہ اپنی ڈیزائننگ اور حروف مٹانے کی غیرمعمولی صلاحیت کی وجہ سے ہر ایک کے ہاتھ میں تھا۔ اس کے بعد سیڈ نےمزید ایریزر بھی تیار کئے۔
اب اسی کمپنی نے ریڈار ایس 10000 نامی ایک بہت بڑا ایریزر بنایا ہے جو بچوں کے پینسل باکس میں رکھے ربڑ کے مقابلے میں 200 گنا بڑا ہے۔ ان دونوں کی خاصیت یکساں ہے اور ایک ہی مٹیریئل سے بنی ہے۔ لیکن لوگ حیران ہیں کہ اتنا بڑا اور بھاری ربڑ کیوں بنایا گیا ہے؟
سیڈ کمپنی ہرسال ’تیزی سے مٹانے کا مقابلہ‘ منعقد کرتی ہے اور ریڈار ایس 10000 انعام یافتہ کو بطور تحفہ دیا جائے گا۔ لیکن ساتھ ہی اگر کوئی اسے خریدنا چاہے تو اسے 100 ڈالر خرچ کرنا ہوں گے۔