5 ہزار کلو وزنی کیک بنا کر گینیز ورلڈ ریکارڈ بنانے کی کوشش

ایتھنز: (ویب ڈیسک) یونان میں 200 باورچیوں کی ایک ٹیم نے سالِ نو کے موقع پر تقریباً 5000 کلو وزنی ویسیلوپِٹا نامی روایتی کیک بنا کر گینیز ورلڈ ریکارڈ بنانے کی کوشش کی۔
سالِ نو کی شام پر بنائے جانے والے اس کیک کے لئے ایتھنز اور نواحی علاقوں کی بیکریوں کے درجنوں پکوانوں نے شرکت کی، تیار ہونے والے کیک کو ایتھنز کے مضافاتی علاقے پیریسٹیری کی ایک گلی میں رکھا گیا۔
5000 کلو وزنی اس کیک کو بنانے کے لئے 3991.6 کلو آٹا، تقریباً 1995.8 کلو مکھن، 997.9 کلو چینی،49.8 کلو کوگنیک، 2000 انڈے، 1500 نارنگی اور 4 ڈبے وینیلا استعمال کیا گیا۔
منتظمین کے مطابق اس وزنی کیک کو گینیز ورلڈ ریکارڈ کے لئے جمع کرا دیا گیا ہے تاہم، ادارے کی جانب سے سب سے بڑا ویسیلوپِٹا قرار دیا جانا ابھی باقی ہے۔
بعد ازاں کیک کو 50 ہزار ٹکڑوں میں کاٹ کر تقریب کے شرکاء میں تقسیم کر دیا گیا۔

ہوا سے پانی اخذ کر کے ایندھن بنانے والا آلہ تیار

لوزین: (ویب ڈیسک) سائنس دانوں نے پتے سے متاثر ہو کر ایک چھوٹی دائرہ نما ڈیوائس بنائی ہے جو ہوا سے پانی اخذ کر کے شفاف توانائی بنا سکتی ہے۔
ٹرانسپیرنٹ پورس کنڈکٹیو سبسٹریٹ ایک دبے ہوئے گلاس فائبر کا چھوٹا دائرہ ہے جس پر ایک باریک تہہ چڑھی ہوئی ہے جو روشنی جذب کرتی ہے، جب یہ ڈیوائس سورج کی روشنی میں ہوتی ہے تو یہ ہوا سے پانی اخذ کر کے ہائیڈروجن گیس بناتی ہے جس کو ممکنہ طور پر ایندھن کے طور پر استعمال کیا جاسکتا ہے۔
سوئٹزر لینڈ کے فیڈرل اِنسٹیٹیوٹ آف ٹیکنالوجی لوزین(ای پی ایف ایل) میں کی جانے والی تحقیق میں محققین نے بتایا کہ اس طریقے سے ہائیڈروجن حاصل کی جا سکتی ہے اور بڑی فیسیلیٹیز میں ذخیرہ اکٹھا کی جاسکتی ہے اور بعد ازاں گاڑیوں کے ایندھن یا گھروں کو گرم کرنے کے لئے استعمال کی جاسکتی ہے۔
تحقیق کے مصنف پروفیسر کیون سِوُلا کا کہنا تھا کہ پائیدار معاشرے کے لئے ہمیں قابلِ تجدید توانائی کو ذخیرہ کرنے کے لئے نئے طریقوں کی ضرورت ہے جس کو ایندھن اور فیڈ اسٹاک کے طور پر استعمال کیا جاسکے، شمسی توانائی قابلِ تجدید توانائی کی وہ قسم ہے جو وافر مقدار میں حاصل کی جاسکتی ہے اور سائنس دان شمسی توانائی بنانے کے لئے کم لاگت والے بہترین طریقے بنانے کی کوشش کر رہے ہیں۔
اس آلے کو بنانے والی ٹیم ’پتے کے فوٹو سنتھسز‘ عمل سے متاثر تھی، یہ ایسا عمل ہوتا ہے جس میں پودے سورج کی روشنی، پانی اور کاربن ڈائی آکسائیڈ کا استعمال کرتے ہوئے آکسیجن بناتے ہیں اور شکر کی صورت میں توانائی بنتی ہے۔
اس سے قبل سائنس دان سورج کی روشنی اور پانی کا فوٹو الیکٹرو کیمیکل سیل نامی ڈیوائس کا استعمال کرتے ہوئے ہائیڈروجن بنا کر مصنوعی فوٹو سنتھسز کا عمل کر چکے ہیں۔

ملک میں فی تولہ سونا مزید مہنگا ہوگیا

کراچی: (ویب ڈیسک) ملک میں سونے کی قیمت میں اضافے کا سلسلہ جاری ہے، آج بھی فی تولہ قیمت 300 روپے بڑھی ہے۔
آل پاکستان جیمز اینڈ جیولرز ایسوسی ایشن کے مطابق ملک میں فی تولہ سونے کی قیمت 300 روپے اضافے کے ساتھ 1 لاکھ 83 ہزار 700 روپے ہو گئی ہے۔
10 گرام سونے کی قیمت257 روپے اضافے سے 1 لاکھ 57 ہزار 493 روپے ہے، جبکہ عالمی بازار میں سونے کا ریٹ 9 ڈالر کم ہو کر 1839 ڈالرفی اونس ہے۔

روپے کے مقابلے ڈالر کی قیمت میں معمولی اضافہ

کراچی: (ویب ڈیسک) کاروباری ہفتے کے پانچویں روز ڈالر کے مقابلے میں روپے کی قدر معمولی کم ہوئی ۔
انٹر بینک میں ڈالر 1 پیسے اضافے کے ساتھ 227 روپے 13 پیسے پر بند ہوا، اوپن مارکیٹ میں ڈالر 236 روپے 65 پیسے پر فروخت ہوا۔

پاکستان سٹاک مارکیٹ میں مثبت رحجان، 100 انڈیکس میں 333 پوائنٹس کا اضافہ

کراچی: (ویب ڈیسک) پاکستان سٹاک مارکیٹ میں مثبت رحجان دیکھنے میں آیا، کاروباری ہفتے کے پانچویں روز مارکیٹ میں 100 انڈیکس 333 پوائنٹس اضافے کے ساتھ 41 ہزار 50 پوائنٹس کی سطح پر بند ہوا۔

جنرل قمر باجوہ نے جس طرح عمران خان کی مدد کی سب سامنے آرہا ہے: وزیراعظم

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ جنرل ریٹائرڈ قمر جاوید باجوہ نے جس طرح عمران خان کی مدد کی وہ سب سامنے آ رہا ہے۔
ہزارہ الیکٹرک سپلائی کمپنی کے منصوبے کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھا عمران خان سے بڑا منافق اور محسن کش شخص نہیں دیکھا، عمران خان کے کرتوت سب کے سامنے ہیں۔
ان کا کہنا تھا جنرل ریٹائرڈ باجوہ نے کس طرح عمران خان کی مدد کی وہ سب کے سامنے آ رہا ہے، افواج پاکستان نے ساری کاوشیں جھونک دیں تاکہ عمران خان کامیاب ہو، جنرل ریٹائرڈ باجوہ نے کوشش کی کہ عمران خان کے ذریعے پاکستان آگے بڑھے لیکن بطور وزیراعظم عمران خان ناکام ثابت ہوئے۔
انہوں نے مزید کہا کہ جن لوگوں نے عمران خان کو مسند اقتدار پر بٹھایا ان پر ہی عمران خان الزامات لگا رہا ہے، آج عمران خان جنرل باجوہ کے لیےکیا الفاظ استعمال کر رہے ہیں؟ گالم گلوچ میں عمران خان کا کوئی مقابلہ نہیں ہے، عمران خان نے پاکستان کے معاشرے کو تباہ کر دیا ہے۔
شہباز شریف کا کہنا تھا عمران خان نے دوست ممالک کو ناراض کیا اور سی پیک کا جنازہ نکال دیا، عمران نیازی نے چینی کمپنیوں پر کرپشن کے الزامات لگائے جس پر چین ناراض ہوا۔
ان کا کہنا تھا پی ٹی آئی کی حکومت نے آئی ایم ایف کے ساتھ کیا گیا معاہدہ توڑا اور پاکستان کو ڈیفالٹ کے قریب پہنچا دیا تھا لیکن ہم نے بڑی محنت کر کے پاکستان کو ڈیفالٹ ہونے سے بچایا، دوست ممالک نے ہمارا بھرپور ساتھ دیا۔
وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کل رات آئی ایم ایف کے ڈائریکٹر کا فون آیا، انہوں نے پوچھا کہ چین اور سعودی عرب کے ساتھ آپ کے کیسے تعلقات ہیں، میں نے جواب دیا کہ ہمارے دونوں ممالک کے ساتھ اچھے تعلقات ہیں، چین پاکستان کے ساتھ کھڑا ہے، چین کے وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان ہمارا دیرینہ دوست ہے، دیگر ممالک سے بھی اپنے تعلقات بہتر کر رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ میں نے آئی ایم ایف کے ڈائریکٹر سے کہا کہ ہم پاکستانی عوام پر مزید بوجھ نہیں ڈال سکتے، آئی ایم ایف کی ڈائریکٹر نے کہا اپنا وفد بھیجیں گے تاکہ پاکستان کو اگلی قسط مل سکے۔

پاکستان نیوزی لینڈ کے درمیان دوسرا ٹیسٹ سنسنی خیز مقابلے کے بعد ڈرا ہوگیا

کراچی: (ویب ڈیسک) پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان دوسرا ٹیسٹ بھی ڈرا ہوگیا۔
نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں کھیلے گئے دوسرے ٹیسٹ کے آخری روز پاکستان نے 319 رنز کے تعاقب میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 304 رنز بنالیے تھے جبکہ کیویز کو فتح کے لیے صرف ایک وکٹ درکار تھی جب امپائروں کی جانب سے خراب روشنی کے سبب میچ روک دیا گیا۔
ٹیسٹ کے پانچویں اور آخری روز پاکستان نے صفر پر 2 کھلاڑیوں کے آؤٹ سے اننگز کا آغاز کیا تو امام الحق اور شان مسعود 35 رنز کی پارٹنرشپ قائم کرسکے اور 12 کے انفرادی اسکور پر امام بھی سودھی کا شکار ہوگئے، کپتان بابراعظم 27، شان مسعود 35، آغا سلمان 30، حسن علی 5 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔
سرفراز احمد اور سعود شکیل نے 123 رنز کی پارٹنرشپ قائم کرکے ٹیم کو سہارا دیا تاہم سعود شکیل 32 رنز بناکر پویلین لوٹ گئے۔ سرفراز نے شان دار بیٹنگ کرتے ہوئے 118 رنز اسکور کیے۔
نسیم شاہ نے جارحانہ بلے بازی کرتے ہوئے 15 رنز بنائے جبکہ ابرار احمد نے 7 رنز اسکور کیے۔ دونوں ناٹ آؤٹ رہے۔
نیوزی لینڈ کی جانب سے مائیکل پریسویل نے 4 جبکہ اِش سودھی نے 2، ٹم ساؤتھی نے بھی 2 اور میٹ ہنری نے ایک وکٹ حاصل کی۔
چوتھے روز نیوزی لینڈ نے پانچ وکٹوں کے نقصان پر 277 رنز بنا کر اننگز ڈیکلئیر کی۔ پاکستانی ٹیم نے بیٹنگ کا آغاز کیا تو اس کی 2 وکٹیں صفر پر گرگئیں۔ ٹم ساؤتھی نے عبداللہ شفیق کو اور اِش سودھی نے میر حمزہ کو آؤٹ کیا۔ اب پاکستان کو جیت کےلیے 319 رنز درکار ہیں۔
قبل ازیں کھیل کے آغاز پر قومی ٹیم محض ایک رنز کا اضافہ کرسکی، ابرار احمد بغیر کوئی رن بنائے وکٹ گنوا بیٹھے، قومی ٹیم کے مڈل آرڈر بیٹر سعود شکیل 125 رنز بناکر ناقابلِ شکست رہے، انکی اننگز میں 17 چوکے شامل تھے۔ نیوزی لینڈ کی جانب سے آج پاکستان کی آخری وکٹ اِش سودھی کے حصے میں آئی۔
نیوزی لینڈ نے بیٹنگ کا آغاز کیا تو ڈیون کانوے صفر کے انفرادی اسکور پر وکٹ جلد گنوا بیٹھے تاہم کین ولیمسن اور ٹام لیتھم نے ذمہ دارنہ اننگز کھیلتے ہوئے 109 رنز کی پارٹنرشپ قائم کی لیکن لیتھم 62 رنز بناکر پویلین لوٹ گئے، کین ولیمسن 41 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔
ٹام بلنڈل اور مچل پریسویل نے 127 رنز کی شراکت داری قائم کی، بلنڈل 74 رنز بناکر آغا سلمان کا شکار ہوئے۔
پاکستان کی جانب سے نسیم شاہ، آغا سلمان، حسن علی، میر حمزہ اور ابرار احمد نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
قومی ٹیم نے 3 وکٹوں کے نقصان پر 154 پر دوبارہ اننگز کا آغاز کیا تو 29 رنز کے اضافے کے بعد اوپنر امام الحق جلد وکٹ گنوا بیٹھے۔ انہوں نے 83 رنز کی اننگز کھیلی۔ دیگر کھلاڑیوں میں عبداللہ شفیق 19، شان مسعود 20، کپتان بابراعظم 24، آغا سلمان 41، حسن علی 4، نسیم شاہ بھی 4 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جبکہ میر حمزہ پہلی گیند پر بولڈ ہوگئے۔
سرفراز احمد اور سعود شکیل نے ٹیم کو سہارا دیتے ہوئے پانچویں وکٹ کی شراکت میں 150 رنز کی پارٹنرشپ قائم کی، سرفراز 78 رنز بناکر اسٹمپ آؤٹ ہوئے تھے۔
نیوزی لینڈ کی جانب سے اعجاز پٹیل نے 3، اِش سودھی نے 2 جبکہ ٹم ساؤتھی، میٹ ہینری اور ڈیرل مچل نے ایک ایک وکٹ حاصل کی تھی۔
قبل ازیں، نیوزی لینڈ نے اپنی بقیہ اننگز 309 رنز 6 وکٹوں پر شروع کی لیکن اش سودھی 11 رنز پر نسیم شاہ کی گیند پر بولڈ ہوگئے۔ ٹام بلنڈل 51 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے اور کپتان ٹم ساؤتھی 10 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے۔
کھانے کے وقفے کے بعد اعجاز پٹیل 35 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جبکہ میٹ ہینری 68 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔
کیوی ٹیم کی جانب سے اوپنر ڈیون کانوے نے 122، ٹام لیتھم نے 71، ٹام بلنڈل نے 51 اور میٹ ہینری نے 68 رنز کی اننگز کھیلی۔ مہمان ٹیم کی آخری جوڑی کے درمیان 104 رنز کی شراکت قائم کی گئی۔
قومی ٹیم کے لیگ اسپنر نے 4 کھلاڑیوں کا شکار کیا جبکہ نسیم شاہ اور آغا سلمان نے تین تین کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ میر حمزہ اور حسن علی کوئی وکٹ لینے میں کامیاب نہ ہوسکے۔
دوسرے سیشن میں اوپنر ڈیون کانوے نے سنچری مکمل کی لیکن چائے کے وقفے کے بعد ڈیون کانوے 122 رنز کی اننگز کھیل کر سلمان آغا کی گیند پر کیچ تھما بیٹھے۔ کین ولیمسن 36 رنز بنا کر نسیم شاہ کی گیند پر وکٹ کے پیچھے کیچ آؤٹ ہوئے جبکہ ڈیرل مچل 3 رنز بنا کر سلمان آغا کی گیند پر بولڈ ہوگئے۔
ہینری نکولس 26 رنز اور اور مائیکل بریسویل صفر پر پویلین لوٹ گئے۔ پہلے روز کھیل کے اختتام پر ٹام بلنڈل 30 اور اش سودھی 11 رنز پر وکٹ پر موجود ہیں۔
پہلے سیشن میں کیوی ٹیم کے اوپنرز نے 119 رنز بنائے تھے تاہم کھانے کے وقفے کے بعد ٹام لیتھم 71 رنز بنا کر نسیم شاہ کی گیند پر ایل بی ڈبلیو آؤٹ ہوگئے۔
کھانے کے وقفے سے قبل پاکستان نے اپنے تمام پانچ بولرز کا آزمایہ تھا تاہم کوئی بھی بولر وکٹ حاصل کرنے میں کامیاب نہ ہوسکا تھا۔

افغان مہاجرین کی میزبانی کرنے پر پاکستان کے مشکور ہیں: امریکی سفیر

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) پاکستان میں امریکی سفیر ڈونلڈ بلوم نے کہا ہے کہ 4 دہائیوں سے افغان مہاجرین کی میزبانی کرنے پر پاکستان کے مشکور ہیں۔
امریکی سفیر نے کہا کہ اس معاملہ پر تعاون کرنے پر امریکہ کو فخر ہے، مستقبل میں بھی تعاون جاری رہے گا، امریکہ نے سال 2002 سے افغان مہاجرین کیلئے تقریباً 62 ارب روپے امداد فراہم کی، صرف سال 2022 میں امریکہ نے افغان پناہ گزین کیلئے 13 ارب روپے امداد دی ہے۔
ڈونلڈ بلوم نے مزید کہا کہ امریکہ خیبرپختونخوا اور بلوچستان میں افغان اور پاکستانی بچوں کے سکولوں میں داخلہ کیلئے امداد بڑھا رہا ہے، کورونا وبا کی صورتحال کے بعد معاشی اور صحت کے شعبہ میں تعاون بھی جاری ہے۔

دفتر خارجہ نے افغان صوبے ننگرہار میں فضائی حملوں کی رپورٹس مسترد کر دیں

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) دفتر خارجہ نے پاکستان کی جانب سے افغانستان کے صوبے ننگرہار میں فضائی حملوں کے بارے رپورٹس مسترد کر دیں۔
سوشل میڈیا پر ننگرہار میں پاکستان کی جانب سے مبینہ فضائی حملوں کے بارے میں رپورٹس گردش کر رہی ہیں جنہیں دفتر خارجہ نے مسترد کر دیا۔
اس حوالے سے ترجمان دفتر خارجہ نے بیان میں کہا ہے کہ ننگر ہار میں پاکستان کی جانب سے فضائی حملوں کی سوشل میڈیا رپورٹس بے بنیاد اور بدنیتی پر مبنی ہیں۔

وزیر اعظم کی آئی ٹی انڈسٹری کے مسائل حل کرنے کیلئے قائمہ کمیٹی بنانے کی ہدایت

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وزیر اعظم شہباز شریف کی زیر صدارت آئی ٹی شعبے کے فروغ کے حوالے سے جائزہ اجلاس ہوا جس میں آئی ٹی انڈسٹری کے مسائل پر قائمہ کمیٹی تشکیل دینے کی ہدایت کی گئی۔
نئی قائمہ کمیٹی حکومت اور آئی ٹی انڈسٹری کے درمیان ہم آہنگی، مسائل کے حل کیلئے کام کرے گی کمیٹی میں آئی ٹی انڈسٹری کے نمائندگان، سٹیٹ بینک، وزارت خزانہ، وزارت آئی ٹی اور دیگر متعلقہ اداروں کے نمائندگان شامل ہوں گے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے آئی ٹی انڈسٹری کے مسائل کے فوری حل کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ متعلقہ حکام اس حوالے سے مؤثر اقدامات کریں، اس موقع پر وزیراعظم نے آئی ٹی انڈسٹری کو اپنی برآمدی آمدن پاکستان لانے کی بھی ترغیب دی۔
وزیر اعظم نے کہا کہ پاکستان کے پاس انفارمیشن ٹیکنالوجی کے شعبے میں بہت زیادہ استعداد ہے جس کا بھرپور فائدہ اٹھانے کی ضرورت ہے، آئی ٹی برآمدات کو اگلے تین سالوں میں 2.6 بلین امریکی ڈالرز سے 15 بلین امریکی ڈالرز تک بڑھانے کیلئے عملی اقدامات ترجیحی بنیادوں پر کیے جائیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ آئی ٹی نصاب کو آئی ٹی انڈسٹری کی ضروریات سے ہم آہنگ کیا جائے، آئی ٹی انڈسٹری ملک کی معیشت میں اپنا کردار ادا کرنے کیلئے حکومت کے ساتھ کھڑی ہے۔