ایشیا کپ کا میزبان پاکستان اور کام آپ کررہے ہیں: نجم سیٹھی کا سیکرٹری بھارتی کرکٹ بورڈ کو جواب

لاہور: (ویب ڈیسک) چئیرمین پی سی بی مینجمنٹ کمیٹی نجم سیٹھی نے بھارتی کرکٹ بورڈ کے سیکرٹری جے شاہ کو ایشیا کپ کے حوالے سے ٹوئٹ کرنے پر طنزیہ جواب دے دیا۔
چیئرمین مینجمنٹ کمیٹی پاکستان کرکٹ بورڈ نجم سیٹھی نے سیکریٹری انڈین کرکٹ بورڈ جے شاہ کو ٹوئٹر پر جواب میں کہا کہ ایشیاکپ کا میزبان پاکستان ہے ،مگر آپ اس پر کام کررہے ہیں۔
ٹویٹر پیغام میں چیئرمین مینجمنٹ کمیٹی نجم سیٹھی نے کہا کہ اے سی سی کیلنڈر بالخصوص ایشیاکپ شیڈول کے اعلان کرنے پر شکریہ ادا کیا۔
نجم سیٹھی نے سیکرٹری بی سی سی آئی کو مزید کہا کہ پی ایس ایل 2023کا کیلنڈر اوراسٹرکچربھی پیش کرسکتے ہیں، آپ کی جانب سے فوری ردعمل کو سراہا جائے گا۔

قوم دہشت گردی کے جڑ سے خاتمے کیلئے متحد ہے: صدر عارف علوی

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ پوری قوم دہشت گردی کے مکمل اور جڑ سے خاتمےکیلئے متحد ہے۔
صدر ڈاکٹر عارف علوی نے خانیوال میں فائرنگ میں شہید ہونے والے آئی ایس آئی کے ڈائریکٹر محمد نوید صادق سیال اور انسپکٹر ناصر عباسی بھٹی شہید کے اہلخانہ کو فون کر کے اظہار تعزیت کیا، اس موقع پر صدر نے دونوں شہداء کی قوم کیلئے خدمات کو سراہا اور اہلِ خانہ کیلئے صبر جمیل کی دعا کی۔
صدر مملکت نے شہداء کو دہشت گردی کے خلاف جنگ میں جان کا نذرانہ پیش کرنے پر خراج عقیدت بھی پیش کیا اور کہا کہ دہشت گردی کے خلاف پاکستان کی کاوشیں دنیا کیلئے ایک مثال ہیں، پوری قوم دہشت گردی کے مکمل اور جڑ سے خاتمے کیلئے متحد ہے، شہداء قوم کے محسن ہیں۔

کراچی: جوہر چورنگی میں ڈکیتی مزاحمت پر خاتون قتل

کراچی: (ویب ڈیسک) جوہر چورنگی میں ڈکیتی کے خلاف مزاحمت پر ڈاکوؤں نے خاتون کو قتل کر ڈالا۔
پولیس کے مطابق خاتون سے موبائل فون چھینے کی کوشش کی گئی تھی، خاتون کو مزاحمت پر گولی ماری گئی۔
مقتولہ بھائی کے ہمراہ گاڑی پر میڈیکل سٹور آئی تھیں، مقتولہ میڈیکل سٹور کے باہر سڑک کنارے پارک گاڑی میں بیٹھی تھیں جب ڈاکوؤں ان سے موبائل چھیننے کی کوشش کی۔
پولیس کا مزید کہنا ہے کہ ڈاکوؤں کی تعداد 2 تھی جو موٹر سائیکل پر سوار تھے، پولیس کو جائے وقوعہ سے گولیوں کے 2 خول ملے ہیں جبکہ مزید تحقیقات کی جا رہی ہیں۔
یاد رہے کہ کراچی پولیس حکام کے مطابق سال 2022ء میں اسٹریٹ کرائم میں 7 فیصد اضافہ ہوا جبکہ ڈکیتی مزاحمت پر 109 افراد کو موت کی گھاٹ اتار دیا گیا۔

ایم کیو ایم وفدکی آفاق احمد سے ملاقات، حلقہ بندیوں کیخلاف احتجاج میں شرکت کی دعوت

کراچی: (ویب ڈیسک) متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) پاکستان کے وفد نے مہاجر قومی موومنٹ کے چیئرمین آفاق احمد سے ملاقات کی اور 9 جنوری کو بلدیاتی حلقہ بندیوں کے خلاف احتجاج میں شرکت کی دعوت دی۔
ایم کیو ایم پاکستان کا وفد کنوینر خالد مقبول صدیقی کی قیادت میں مہاجر قومی موومنٹ کے چیئرمین آفاق احمد کی رہائش گاہ پہنچا اور انہیں 9 جنوری کو ایم کیو ایم پاکستان کی جانب سے ہونے والے احتجاج میں شرکت کی دعوت دی۔
ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو میں خالد مقبول صدیقی کا کہنا تھا کہ اس وقت قوم کو متحد کرنےکی ضرورت ہے اور مل کر غیر منصفانہ بلدیاتی حلقہ بندیوں کے خلاف آواز اٹھانے کی ضرورت ہے، اسی لیے ہم مہاجر قومی موومنٹ کے پاس بھی آئے ہیں۔
خالد مقبول صدیقی کا کہنا تھا کہ مہاجر قومی موومنٹ سے درخواست کی ہے کہ وہ احتجاج میں شرکت کریں، بلدیاتی حلقہ بندیوں کے ذریعے انتخابات سے قبل ہی دھاندلی کرلی گئی ہے۔
اس موقع پر آفاق احمد کا کہنا تھا کہ جو بھی مشترکہ مسائل ہیں اس پر ہم بیٹھ سکتے ہیں، وہ خود احتجاج میں شرکت کا وعدہ تو نہیں کرتے لیکن مہاجر قومی موومنٹ کا وفد احتجاج میں شریک ہوگا، وہ شاید اس احتجاج میں شریک نہیں ہوسکیں گے۔
آفاق احمدکا کہنا تھا کہ ہم اس شہر کے مسائل کے لیے دوبارہ بھی بیٹھ سکتے ہیں، کسی معاملے پر ساتھ بیٹھنے کا مطلب یہ نہیں کہ کوئی کسی جماعت میں ضم ہو رہا ہے۔

عمران خان روز نیا جھوٹ بول کر عوام کو گمراہ کرتے ہیں: مریم اورنگزیب

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ عمران خان ہر روز نیا جھوٹ بول کر عوام کو گمراہ کرتے ہیں۔
وزیر اطلاعات نے چیئرمین پی ٹی آئی کے خطاب پر رد عمل دیتے ہوئے کہا کہ عمران خان اب بھی ذہنی طور پر اقتدار میں ہیں، 4 سال بعد کہہ رہے ہیں کہ بے بس تھا، انہوں نے پہلے کہا امریکا نے سازش کے تحت حکومت تبدیل کی، اب کہہ رہے ہیں ایک شخص نے میری حکومت ختم کی۔
مریم اورنگزیب نے مزید کہا کہ پاکستان کو قرض میں دھکیلنے والا شخص عمران خان ہے، انہوں نے 90 روزمیں کرپشن کے خاتمے اور معیشت بہتر کرنے کا کہا، وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا زمان پارک کی نوکری میں مصروف ہیں

ٹیلی کام فریم ورک ڈرافٹ 15 دن بعد وفاقی کابینہ کو بھیج دیا جائے گا: امین الحق

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وفاقی وزیر امین الحق نے کہا کہ ٹیلی کام فریم ورک کا ڈرافٹ متعلقہ اداروں سے مشاورت کے بعد وزارت آئی ٹی کی ویب سائٹ پر اپ لوڈ کردیا گیا ہے، جسے 15 دنوں میں فیڈ بیک کے بعد حتمی منظوری کیلئے وفاقی کابینہ کو بھیجا جائے گا۔
انہوں نے کہا انفراسٹرکچر شیئرنگ فریم ورک کے ذریعے ٹیلی کام کمپنیاں ایک دوسرے کے ٹاورز پر اپنے آلات لگا کر استعمال کر سکیں گی، مقامی اور بین الاقوامی کمپنیاں بھی ٹاورز لگا کر ٹیلی کام کمپنیوں کو مزید بہتر خدمات فراہم کر سکیں گی، انفرا سٹرکچر شیئرنگ سے ٹیلی کام کمپنیوں کے آپریشنل اور مینٹیننس اخراجات میں نمایاں کمی ہوگی اور نئے ٹاورز کی تنصیبات کی مد میں اربوں روپے بچیں گے۔
وفاقی وزیر انفارمیشن ٹیکنالوجی امین الحق نےمزید کہا کہ ٹیلی کام کمپنیوں کو مالی مسائل حل کرنے میں مدد ملے گی، ٹیلی کام کمپنیاں ٹاورز کی دیکھ بھال پر اٹھنے والے اخراجات کو سسٹم اپ گریڈیشن پر لگا سکیں گی، کم سے کم ٹاورز لیکن اپ گریڈڈ سسٹم کی وجہ سے نیٹ ورک کے مسائل حل ہوں گے، کم ٹاورز کی وجہ سے ماحولیات پر بھی مثبت اثرات مرتب ہوں گے۔

دہشتگردوں کے ساتھ کوئی بات نہیں ہوگی، سینٹرل ایگزیکٹوکمیٹی پیپلز پارٹی

کراچی: (ویب ڈیسک) پیپلز پارٹی کی سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی (سی ای سی)کا کہنا ہےکہ دہشت گردوں کے ساتھ کوئی بات نہیں ہوگی، آئندہ الیکشن سے پہلے انتخابی اصلاحات مکمل ہونی چاہئیں۔
کراچی میں آصف علی زرداری اور چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کی سربراہی میں پیپلز پارٹی کی سی ای سی کا ہائبرڈ اجلاس ہوا۔
اجلاس کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوئے رہنما پیپلز پارٹی فرحت اللہ بابرکا کہنا تھا کہ ہم چاہتے ہیں کہ اداروں کو آئین کے اندر کردار ادا کرنےکا موقع دیا جائے، آئین کی خلاف ورزی کی کسی صورت اجازت نہیں دی جاسکتی، ہم ریاستی اداروں سے توقع کرتے ہیں کہ وہ آئینی کردار ادا کریں گے اور سیاست میں مداخلت نہیں ہوگی۔
فرحت اللہ بابر کے مطابق سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی نے فیصلہ کیا ہے کہ دہشت گردوں کے ساتھ کوئی بات نہیں ہوگی، غیر مسلح ہوئے بغیرکسی سے بات نہیں کی جا سکتی۔
فرحت اللہ بابر کا کہنا تھا کہ سی ای سی نے مطالبہ کیا ہےکہ آئندہ الیکشن سے پہلے انتخابی اصلاحات مکمل ہونی چاہئیں، اجلاس میں اداروں کے خلاف سابق وزیراعظم کے پروپیگنڈے کی مذمت کی گئی اور لاپتا افرادکے معاملے پر بھی اظہار تشویش کیا گیا۔

خواتین کو محرم کے بغیر حج کرنے کی اجازت

جدہ: (ویب ڈیسک) سعودی عرب کی وزارت حج وعمرہ نے خواتین کو محرم کے بغیر حج کے لیے رجسٹریشن کی اجازت دے دی۔
سعودی وزارت حج وعمرہ نے سال 1444ھ کے لیے حج ادا کرنے کے خواہش مند افراد کے لیے “نسک” ایپلی کیشن کے ذریعے اندرون مملکت عازمین کے لیے جلد رجسٹریشن کھولنے کا اعلان کیا ہے۔
وزارت حج نے خواتین کو محرم کے بغیر حج کے لیے اندراج کرنے کی بھی اجازت دی ہے، خواتین کے لیے محرم کو ترجیحی شرط سے خارج کر دیا گیا ہے۔
اسی طرح اس سال حج کرنے کے لیے رجسٹریشن کے لیے کم از کم عمر 12 سال ہو گی، جن لوگوں نے پہلے حج نہیں کیا ان کو رجسٹریشن کے لیے ترجیح دی جائے گی، ساتھ ہی شہریوں کے لیے “قومی شناخت” یا “مقامی شناخت” کی موجودگی ضروری ہے۔
یہ امر قابل ذکر ہے کہ سعودی وزارت حج وعمرہ نے وزارت کی ویب سائٹ اور “نسک” ایپلی کیشن کے ذریعے اندرون ملک سے آنے والے عازمین کی جلد رجسٹریشن کی دستیابی کا اعلان کیا ہے۔
جو حضرات رواں سال 1444ھ کے لیے مناسک حج ادا کرنے کے خواہشمند ہیں وہ جلد از جلد اپنی رجسٹریشن مکمل کرائیں وزارت حج مناسک حج کی ادائی کے لیے درخواست کے طریقہ کار کو آسان اور قابل رسائی بنانے کے لیے کام کر رہی ہے، جو سعودی ویژن 2030 پروگرام کے مقاصد اور اہداف کا حصہ ہے۔

روس کا ایک روزہ جنگ بندی کا اعلان، یوکرینی حکام کا ردعمل بھی آگیا

ماسکو: (ویب ڈیسک) روس نے یوکرین میں ایک روزہ جنگ بندی کا اعلان کر دیا۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق روسی صدارتی محل کریملن کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ یوکرین میں 6 جنوری دن 12 بجے سے 7 جنوری رات 12 بجے تک جنگ بندی ہوگی۔
کریملن کے بیان میں کہا گیا کہ یوکرین بھی جنگ بندی کا اعلان کرے تاکہ لوگ کرسمس کی رسومات ادا کر سکیں۔
دوسری جانب یوکرینی حکام نے روسی صدر کی جنگ بندی کی تجویز مسترد کر دی ہے۔
غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق یوکرینی حکام نے روسی صدرپیوٹن کی جنگ بندی کی تجویز کو منافقت قرار دے دیا۔
یوکرینی صدارتی مشیر کا کہنا ہے کہ روس یوکرینی علاقوں کا قبضہ چھوڑے تو ہی جنگ بندی ممکن ہے،۔
انہوں نے خبردار کیا کہ روس اپنی منافقت اپنے پاس رکھے۔

اسحاق ڈار کی سینیٹ نشست سے نااہلی کیس کا فیصلہ 9 جنوری کو سنایا جائے گا

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وزیر خزانہ اسحاق ڈار کی سینیٹ نشست سے نااہلی کیس کا فیصلہ الیکشن کمیشن 9 جنوری کو سنائے گا۔
الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری نوٹس میں وزیر خزانہ اسحاق ڈار کو 9 جنوری کو خود یا بذریعہ کونسل پیش ہونے کا کہا گیا ہے، الیکشن کمیشن نے 26 ستمبر 2022 کو فیصلہ محفوظ کیا تھا، 29 مارچ 2018 کو اسحاق ڈار کی کامیابی کا نوٹیفکیشن معطل ہوا جسے سپریم کورٹ سے درخواست خارج ہونے پر بحال کیا گیا تھا۔
واضح رہے الیکشن کمیشن نے حلف نہ اٹھانے پر اسحاق ڈار کی نشست خالی قرار دینے کے معاملے پر فیصلہ محفوظ کیا تھا، اسحاق ڈار 27 ستمبر 2022 کو 5 سال بعد وطن واپس آئے تھے، وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے پاکستان پہنچ کر بطور ممبر سینیٹ اور وزیر خزانہ حلف لیا تھا۔