پاکستان چینی سرمایہ کاروں کیلیے محفوظ کاروباری ماحول فراہم کرے گا، وزیراعظم

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وزیراعظم شہباز شریف نے چینی وزیراعظم کو یقین دلایا کہ پاکستان چینی سرمایہ کاروں کے لیے مکمل طور پر محفوظ اور سازگار کاروباری ماحول فراہم کرے گا۔
وزیراعظم آفس سے جار اعلامیہ میں کہا گیا کہ وزیراعظم شہباز شریف کی اپنے چینی ہم منصب سے ٹیلی فونک گفتگو میں دو طرفہ امور اور علاقائی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اعلامیہ کے مطابق دونوں رہنماؤں کے درمیان بات چیت میں پاکستان چین آل ویدر اسٹریٹجک کوآپریٹو پارٹنرشپ پراطمینان کا اظہار کیا گیا۔
وزیر اعظم نے چین کے ساتھ قریبی تعلقات کو فروغ دینے کے لیے پاکستان کے عزم پر زور دیا اور چین کے بنیادی مفادات پر پاکستان کی غیر متزلزل حمایت کا اعادہ کیا۔ علاہوہ ازیں رابطے میں باہمی دلچسپی کے علاقائی امور پر بھی تبادلہ خیال کیا۔
اعلامیہ کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے چین پاکستان اقتصادی راہداری منصوبوں کی بروقت پیش رفت پر آگاہ کیا اور چینی وزیراعظم کو یقین دلایا کہ پاکستان چینی سرمایہ کاروں کے لیے مکمل طور پر محفوظ اور سازگار کاروباری ماحول فراہم کرے گا۔
جس پر چینی وزیراعظم نے کہا کہ پاک چین کو نہ صرف ایک اسٹریٹجک دوست بلکہ ایک ایسے ملک کے طور پر دیکھتا ہے جس کا استحکام اور معاشی بہبود خطے اور چین کے لیے انتہائی اہمیت کا حامل ہے اور چین ہمیشہ پاکستان کے ساتھ یکجہتی کے ساتھ کھڑا رہے گا۔
وزیر اعظم نے وزیر اعظم لی کو پاکستان میں سیلاب کے بعد کی تعمیر نو اور بحالی میں تازہ ترین پیشرفت کے بارے میں آگاہ کیا، سیلاب کے لیے چین کی فوری اور فراخدلانہ مدد پر پاکستان کا تہہ دل سے شکریہ ادا کیا۔
اعلامیہ کے مطابق وزیر اعظم لی نے وزیر اعظم کو چین کی جانب سے پاکستان کی تعمیر نو کی کوششوں اور کانفرنس کی کامیابی کے لیے مسلسل حمایت کا یقین دلایا اور دونوں رہنماؤں نے 2023 اور اس کے بعد پاکستان اور چین کے دوطرفہ تعاون کے ایجنڈے کو تیزی سے آگے بڑھانے کے لیے قریبی رابطے برقرار رکھنے پر اتفاق کیا۔

پی ٹی آئی غیرذمہ دارانہ بیانات نہ دے، اعتماد کا ووٹ لینے کی کوئی ضرورت نہیں ہے: پرویز الہیٰ

لاہور: (ویب ڈیسک) وزیراعلیٰ پنجاب پرویز الہیٰ اعتماد کا ووٹ لیں گے یا نہیں؟ پرویز الہٰی کہتے ہیں کہ اعتماد کے ووٹ سے متعلق گورنرکا خط نہیں مانتے، اعتماد کا ووٹ لینے کا مطلب گورنر کا خط تسلیم کرنا ہوگا۔
وزیراعلیٰ پنجاب پرویز الہیٰ نے کہا کہ گورنر نے اعتماد کا ووٹ لینے کا غیرقانونی حکم دیا ہم اسے نہیں مانتے۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے خود کو پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی) کے اعتماد کا ووٹ دلانے کے اعلان سے علیحدہ کر لیا اور کہا کہ اعتماد کا ووٹ لینے کی کوئی ضرورت نہیں ہے، گورنر پنجاب کے غیرقانونی حکم کو نہیں مانتے، پی ٹی آئی کو چاہیے کہ غیرذمہ دارانہ بیانات نہ دے، 25 تاریخ کو اپنا حال یاد رکھے، ان کی زبانیں نکلی ہوئی تھیں۔
پرویز الہیٰ نے کہا کہ وہ عمران خان کے وژن کی بنیاد پر آگے بڑھ رہے ہیں۔ پرویز الہیٰ نے عمران خان کو قائد ا‏عظم کے بعد سب سے بڑا لیڈر بھی قرار دے دیا۔
وزیراعلیٰ پنجاب کے اعتماد کے ووٹ کی حکمت عملی بنانے کیلئے آج پھر عمران خان کی زیر صدارت اجلاس ہو رہا ہے۔
مجلس وحدت المسلمین کی زہرہ نقوی اور پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی مومنہ وحید اعلان کرچکی ہیں کہ وہ پرویز الہیٰ کو ووٹ نہیں دیں گی۔

پاکستان میں امریکی ڈالر مزید مہنگا ہوگیا

کراچی: (ویب ڈیسک) ملک میں امریکی ڈالر کی قدر میں اضافے کا سلسلہ جاری ہے اور آج بھی انٹربینک میں ڈالر 17 پیسے مہنگا ہوا ہے۔
اسٹیٹ بینک کے مطابق انٹربینک میں کاروبار کے اختتام پر ڈالر کا بھاؤ 17 پیسے بڑھ کر 227 روپے 12 پیسے ہوگیا ہے۔
گذشتہ روز ڈالر کا بھاؤ 226 روپے 95 پیسے تھا۔ علاوہ ازیں اوپن مارکیٹ میں ڈالر کا بھاؤ 236 روپے برقرار ہے۔

ملک میں سونے کی فی تولہ قیمت میں بڑی کمی

کراچی: (ویب ڈیسک) ملک میں سونے کی فی تولہ قیمت میں کئی روز کے اضافے کے بعد آج ایک دم سے 5 ہزار سے زائد روپے کی کمی ہوئی ہے۔
آل پاکستان جیمز اینڈ جیولرز ایسوسی ایشن کے مطابق 5 ہزار 200 روپے کمی کے بعد ملک میں 1 تولہ سونے کی قیمت 1 لاکھ 83 ہزار 400 روپے ہو گئی ہے۔
10 گرام سونے کا ریٹ 4 ہزار 458 روپے کم ہو کر 1 لاکھ 57 ہزار 236 روپے ہے، جبکہ منڈی میں سونے کا بھاؤ 14 ڈالر کم ہوکر 1848 ڈالر فی اونس ہے۔

سعودی شہری نے مختلف رنگوں کی مکئی کاشت کرلی

جدہ: (ویب ڈیسک) سعودی عرب کے جنوب مغرب میں جازان ریجن کے شمال میں واقع الشقیق سنٹر میں ایک شہری مختلف رنگوں میں رنگین مکئی کے دانے تیار کرنے میں کامیاب ہو گیا۔
غیر ملکی خبر رساں اداے کی رپورٹ کے مطابق خطے میں یہ اپنی نوعیت کا پہلا تجربہ ہے، یہ تجربہ ایسے وقت میں کیا گیا جب بہت سے لوگ رنگین مکئی کے معیار اور خطے میں اس کی کامیابی میں دلچسپی رکھتے ہیں۔
ایک خصوصی انٹرویو میں شہری عبدالکریم ہیجان نے کہا کہ میں زراعت کا پرستار ہوں، گزشتہ عرصہ جازان اور الاحساء کے علاقوں کے درمیان بہت سفر کیا۔
الاحساء کے ساتھیوں سے میں نے رنگین مکئی کی کاشت کے بارے میں ان کے تجربے کے بارے میں سیکھا، مطالعہ اور تجربات کے بعد انہوں نے اس کے بیجوں پر تجربہ کیا جو کامیاب رہا، اسے دیکھ کر میں نے ان سے نمونہ لیا اور اسے پچھلے سال شقیق مرکز میں لگایا اور اس سال اس کے متاثر کن نتائج آپ کے سامنے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ رنگین مکئی اگانے کا آئیڈیا کسی بھی زرعی کھیت میں ایک اضافہ ہے جس میں اسے لگایا جائے گا، فی الحال اس تجربے کو بڑے علاقوں پر آزمانے کیلئے کام کر رہا ہوں تاکہ اس کے نتائج بڑے ہوں اور بہت اچھے ہوں۔
اس طرح میں اپنے فارم سے زیادہ معاشی فائدہ حاصل کر سکوں گا، انہوں نے کہا جازان کا علاقہ اس حوالے سے بہتر ہے اس کے پانی میں کھارا پن زیادہ نہیں، یہاں کا پانی خاص طور پر موسم بہار میں سبزیاں اگانے میں معاون ہے۔
عبدالکریم نے بتایا کہ رنگین مکئی اگانے میں کامیابی ان کے لیے ایک چیلنج تھی، اب میں سرخ، بنفشی، سفید کے ساتھ گلابی اور عام پیلے سمیت کئی رنگ پیدا کرنے میں کامیاب رہے ہیں۔

مالک کے مزاج کے مطابق رنگ بدلنے والی منفرد گاڑی متعارف

لاہور: (ویب ڈیسک) گاڑیاں تو آپ نے لاتعداد دیکھی ہوں گی مگر گرگٹ کی طرح رنگ بدلنے والی اس کار کا جواب نہیں۔
بی ایم ڈبلیو نے لاس ویگاس میں کنزیومر الیکٹرونکس شو (سی ای ایس) کے دوران 2 کانسیپٹ گاڑیاں پیش کیں جن میں سے ایک مالک کے مزاج کے مطابق رنگ بدلتی ہے۔
دیکھنے میں یہ دونوں گاڑیاں ایک جیسی ہیں اور دونوں کو آئی ویژن ڈی کانسیپٹ کا نام دیا گیا ہے مگر گاڑی کا ایک ورژن رنگ بدلنے کی صلاحیت رکھتا ہے جس کے لئے کلر چینجنگ پینلز استعمال کئے گئے ہیں۔
اس کمپنی نے گزشتہ سال بھی اس طرح کی کانسیپٹ گاڑی کو پیش کیا تھا مگر اس کا رنگ صرف گرے میں تبدیل ہوتا تھا مگر اس سال متعارف کرائی گئی گاڑی آئی ویژن ڈی متعدد رنگوں میں تبدیل ہوسکتی ہے بلکہ اس کے مختلف حصے بھی الگ الگ رنگ کے ہوسکتے ہیں، یہاں تک کہ پہیے کا رنگ بھی تبدیل کرنا ممکن ہے۔
گاڑی کا دوسرا ورژن یوزر انٹرفیس کے نئے خیالات کے اظہار کے لئے تیار کیا گیا ہے، اس گاڑی کے باہری حصے میں ہیڈلائٹس اور گرل درحقیقت ایک ڈسپلے پینل ہے جو مختلف شکلوں میں بدل سکتا ہے جس سے چہرے کے تاثرات جیسے خوشی یا دیگر کا اظہار کیا جاسکتا ہے۔
گاڑی کے اندر ونڈ شیلڈ کو ہی ٹچ سکرین ڈسپلے بنا دیا گیا ہے اور کمپنی کے مطابق 2025 میں یہ فیچر حقیقی گاڑیوں میں لانے کی منصوبہ بندی کی گئی ہے۔
اس ڈسپلے میں ڈیجیٹل مواد کو چلانا بھی ممکن ہے جبکہ گاڑی سے متعلق تفصیلات بھی دیکھی جاسکتی ہیں مگر کمپنی نے یہ واضح نہیں کیا کہ مستقبل قریب میں اس گاڑی کے دونوں ورژنز کو عام صارفین کے لئے متعارف کرایا جائے گا یا نہیں۔

روشنی سے ملیریا شناخت کرنے والا اسمارٹ فون آلہ

کوئنز لینڈ: (ویب ڈیسک) پسماندہ اور دورافتادہ علاقوں کے لیے ملیریا کی شناخت کا ایک سادہ نظام بنایا گیا ہے جو روشنی کی بدولت اس جان لیوا بیماری کی درست نشاندہی کرسکتا ہے۔
یہ ایک اسپیکٹرومیٹر ہے جو کسی تکلیف کے بغیر فوری طورپر روشنی کی مدد سے ملیریا کی شناخت کرسکتا ہے۔ جامعہ کوئنزلینڈ اور برازیل کے ماہرین نے ایک دستی آلہ بنیا ہے جو درحقیقت نیئرانفراریڈ اسپیکٹرومیٹر (طیف نگار) ہے۔ اسے مریض کے کان، بازو یا انگلیوں کے قریب لاکر پانچ سیکنڈ تک اس انفراریڈ روشنی ڈالی جاتی ہے۔
’کسی بھی شخص کی جلد سے منعکس ہونے والے انفراریڈ نشانات (سگنیچر) سے معلوم کیا جاسکتا ہے کہ خون کے اندر کیا کچھ موجود ہے۔ ملیریا خون کے خلیات کی ساخت اور کیمیائی ترکیب کو تبدیل کر دیتا ہے جو منعکس شدہ علامات سے دیکھا جاسکتا ہے اور بالخصوص پانچ سال سے کم عمر کے بچے اس سے استفادہ کر سکتے ہیں جو ملیریا کا سب سے زیادہ لقمہ بنتے ہیں،‘ جامعہ کوئنزلینڈ سے وابستہ ڈاکٹر میگی لارڈ نے بتایا۔
طیف نگار کا ڈیٹا ایک الگورتھم میں جاتا ہے جہاں سافٹ ویئر تندرست یا ملیریا سے متاثر مریض کی نشاندہی کرتا ہے۔ تاہم اسپیکٹرومیٹر کی قیمت 2500ڈالر کے لگ بھگ ہے جسے وقت کے ساتھ کم خرچ بنایا جائے گا۔ اس کے لیے کسی کیمیائی عمل کی ضرورت نہیں ہوتی اور عام حالات میں استعمال کیا جاسکتا ہے۔ اگلے مرحلے پر اسے تجارتی پیمانے پر تیار کیا جائے گا اور اس صورت میں روزانہ 1000 افراد کی جانچ ہوسکے گی۔

اسرائیل میں قید دنیا کا سب سے پرانا قیدی رہا ہوگیا

مقبوضہ بیت المقدس: (ویب ڈیسک) قابض اسرائیلی حکومت نے اپنی قید میں رکھے ہوئے دنیا کے سب سے پرانے قیدی کو رہا کر دیا ہے۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق قابض اسرائیلی حکومت نے 66 سالہ فلسطینی قیدی کریم یونس کو 40 سال جیل میں گزارنے کے بعد بالآخر رہا کر دیا ہے۔
رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ قابض اسرائیلی فورسز نے کریم یونس کو جمعرات کی صبح تل ابیب کے شمال میں واقع جیل سے رہا کیا، کریم یونس پر مقبوضہ گولان ہائٹس پر اسرائیلی فوجی کو قتل کرنے کا الزام تھا، ان کو 1983ء میں گرفتار کیا گیا تھا۔
جمعرات کے روز کریم یونس کی رہائی کے موقع پر ان کے چاہنے والوں کی بڑی تعداد جیل کے باہر موجود تھی۔
رہائی کے بعد اپنے ایک بیان میں کریم یونس نے کہا کہ میں آزاد ہوگیا مگر جیل میں دیگر قیدیوں کو چھوڑ آیا، امید ہے کہ ہم جلد ان قیدیوں کی رہائی کی بھی خوشی منائیں گے۔

اسرائیلی فورسز کی فائرنگ سے ایک اور فلسطینی شہید

نابلس: (ویب ڈیسک) شمالی مقبوضہ مغربی کنارے کے شہر نابلس میں اسرائیلی فورسز نے نام نہاد چھاپے کے دوران 16 سالہ فلسطینی لڑکے کو شہید کر دیا۔
فلسطینی وزارت صحت کے مطابق 16 سالہ امیر ابو زیتون کو سر پر گولی مار کر شہید کیا گیا۔
یکم جنوری سے اب تک مغربی کنارے میں شہید ہونے والے ابو زیتون چوتھے فلسطینی ہیں جبکہ گزشتہ سال 170 فلسطینیوں کو شہید کیا گیا۔ منگل کو اسرائیلی فورسز کی جانب سے 15 سالہ فلسطینی کو شہید کیا گیا تھا۔
چھاپے کے دوران دو فلسطینی زخمی ہوئے جبکہ دو فلسطینی شہریوں کو اسرائیلی فورسز نے گرفتار کر لیا۔

عمیر جسوال نے شعیب اختر کی بائیوپک سے الگ ہونے کا اعلان کر دیا

کراچی: (ویب ڈیسک) پاکستان کے مشہور گلوکار اور فاسٹ باؤلر شعیب اختر کی بائیوپک سے اداکاری کی دنیا میں قدم رکھنے کا اعلان کرنے والے عمیر جسوال نے فلم کرنے سے انکار کر دیا۔
عمیر جسوال نے اعلان کیا ہے کہ وہ پاکستان کے سابق فاسٹ باؤلر شعیب اختر کے کی زندگی پر والی بائیوپک ’رالپنڈی ایکپسریس‘ کا حصہ نہیں بنیں گے۔
عمیر نے اپنے ٹوئٹ میں روالپنڈی ایکسپریس چھوڑنے کا اعلان کرتے ہوئے لکھا کہ ’تخلیقی اور ذاتی وجوہات کی بنا پر میں نے شعیب اختر کی بائیوپک پروجیکٹ راولپنڈی ایکسپریس سے الگ ہونے کا فیصلہ کیا ہے، میں اب اس پروجیکٹ سے متعلق کسی میڈیا یا خبر سے وابستہ نہیں رہوں گا‘۔
عمیر جسوال نے پروجیکٹ چھوڑنے کے فیصلے کی وجوہات کے بارے میں مزید تفصیلات فراہم نہیں کیں جبکہ فلم کو نومبر 2023 میں ریلیز کرنے کا اعلان کیا گیا تھا۔