وانا؛ تھانے کی زیرتعمیر عمارت پر دہشت گردوں کا حملہ، 5 مزدور قتل

ڈیرہ اسماعیل خان: تھانے کی زیر تعمیر عمارت پر دہشت گردوں نے حملہ کرکے کام کرنے والے 5 مزدور قتل کردیے۔

حملہ جنوبی وزیرستان لوئر  میں صدر مقام وانا سے کچھ فاصلے پر دڑہ غونڈے پر تعمیر ہونےو الے تھانے  کی عمارت میں کام کرنے والے مزدوروں پر کیا گیا۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق دہشت گردوں نے  5 مزدوروں کو فائرنگ کرکے قتل کردیا۔ ذرائع کے مطابق مزدوروں کی تعداد 5 سے زیادہ بھی بتائی جا رہی ہے۔

دہشت گردی کا واقعہ گزشتہ شب آخری پہر میں ہوا۔ اطلاع ملنے پر ڈی پی او جنوبی وزیرستان لوئر پولیس کی بھاری نفری کے ہمراہ موقع پر پہنچے جب کہ امدادی ٹیموں نے لاشوں کو اسپتال منتقل کیا۔ سی ٹی ڈی حکام نے جائے وقوع سے شواہد اکٹھے کرتے ہوئے تحقیقات شروع کردی ہے۔

فیکٹ چیک: مصری لڑکے نے سرحدی دیوار میں سوراخ بنا کر فلسطینیوں کو روٹیاں پہنچائیں؟

اسرائیلی جارحیت کا سامنا کرنے والی غزہ کی پٹی میں 20 لاکھ کے قریب فلسطینیوں کو اس وقت خوراک اور پانی کی شدید قلت کا سامنا ہے اور جب کہ ان تک امداد نہیں پہنچ پا رہی۔ ایسے میں ایک ویڈیو وائرل ہوئی ہے جس کے ساتھ کہا گیا ہے کہ ایک مصری نوعمر لڑکے نے سرحدی دیوار میں سوراخ کرکے روٹیاں فلسطینیوں تک پہنچائی ہیں۔

یہ ویڈیو اس قدر وائرل ہوئی کہ ایک پاکستانی نجی ٹی وی چینل نے بھی اسے اپنی ہیڈلائنز میں شامل کرلیا۔ جب کہ پاکستانی سوشل میڈیا پر مذکورہ ’مصری‘ لڑکے کی جرات کو سراہا جا رہا ہے اور کہا جا رہا ہے کہ جو کام درجنوں اسلامی ممالک نہ کر سکے وہ اس لڑکے نے کر دکھایا۔

تاہم آج نیوز کے فیکٹ چیک سے معلوم ہوا ہے کہ وائرل ویڈیو کے ساتھ کیا جانے والا دعوی درست نہیں۔

وائرل ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ایک لڑکا درجنوں کی تعداد میں روایتی بریڈ لے کر آتا ہے اور دیوار میں بنے ایک سوراخ کے ذریعے دوسری جانب موجود ایک لڑکے کو دے رہا ہے۔

دونوں عربی میں گفتگو بھی کر رہے ہیں۔

آج نیوز کے مطابق فیکٹ چیک سے معلوم ہوا ہے کہ ویڈیو میں دیوار کے دونوں جانب جو لڑکے دکھائی دے رہے ہیں وہ فلسطینی ہیں۔

تاہم اس ویڈیو کا غزہ میں جاری حالیہ جنگ سے کوئی تعلق نہیں بلکہ اس کا غزہ سے بھی کوئی تعلق نہیں۔

یہ ویڈیو سن 2015 کی ہے اور فلسطینی لڑکے مقبوضہ بیت المقدس سے روایتی بریڈ جیسے ’کیک‘ کہا جا رہا ہے غرب عرب اردن ’اسمگل‘ کر رہے ہیں۔

اسرائیل نے غرب اردن اور بیت المقدس کے درمیان سیکورٹی کے نام پر بہت بڑی دیوار بنا رہی ہے جو 2005 میں بننا شروع ہوئی تھی۔

وائرل ویڈیو میں جو دیوار دکھائی دے رہی ہے وہ اسرائیل کی بنائی ہوئی یہی دیوار ہے۔ یہ رفحہ سرحد کی دیوار نہیں۔

دیوار بننے کے بعد بھی فلسطینیوں کو چیک پوسٹوں سے گزر کر مقبوضہ بیت المقدس جانے کی اجازت ہے تاہم اسرائیلی فوجی بیت المقدس میں بننے والی یہ روایتی روٹیاں غرب اردن نہیں جانے دیتے تھے۔

اس بنا پر لڑکوں میں روایتی روٹیوں کی اسمگنگ کا سوچا۔

ویڈیو میں لڑکے بتا رہے ہیں کہ انہوں نے 100 روٹیاں اسمگل کی ہیں۔

سوشل میڈیا پر حالیہ دنوں یہ ویڈیو لیلی فاطمہ نامی ایک ٹوئٹر صارف کی جانب سے شیئر کی گئی۔ اس ویڈیو کے نیچے بھی لوگ کہہ رہے کہ ویڈیو بیت القمدس کی ہے نہ کہ غزہ کی۔

فواد چوہدری کے بھائی فراز چوہدری کو گرفتار کرلیا گیا

فواد چوہدری کے بھائی فراز چوہدری کو پولیس نے گرفتارکرلیا، وہ این اے 60 کے لیے غذات نامزدگی جمع کروانے آئے تھے۔

اسلام آباد کی احتساب عدالت نے 20 دسمبر کو سابق وزیراطلاعات فواد چوہدری کو الیکشن کے کاغذت نامزدگی پر دستخط کی اجازت دی تھی۔

فواد چوہدری نے الیکشن کے دیگر امور کیلئے اپنے بھائی فراز چوہدری کے نام پاور آف اٹارنی پر بھی دستخط کردیے تھے۔ تاہم آج فراز چوہدری کو پولیس نے گرفتار کرلیا ہے۔

ذرائع کے مطابق فراز چوہدری اپنے بھائی فواد چوہدری کے این اے 60 کے لئے کاغذات نامزدگی جمع کرانے آئے تھے، لیکن پولیس نے انہیں پہلے ہی گرفتار کرلیا اور نامعلوم مقام پر منتقل کردیا گیا۔

واضح رہے کہ فواد چوہدری نے کمرہ عدالت میں میڈیا سے غیر رسمی بات کرتے ہوئے کہا تھا جہلم کی دونوں سیٹوں سے الیکشن لڑوں گا، اگر نہ لڑ سکا تو گھر کے بڑے چوہدری شہباز فیصلہ کریں گے۔

فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ میں نے کسی کو اپنی جگہ نامزد نہیں کیا، میری اہلیہ حباء اور بھائی فیصل صرف میری کمپین چلائیں گے۔

پرتھ ٹیسٹ میں شکست! قومی ٹیم میں بڑی تبدیلیوں کا امکان

پرتھ ٹیسٹ میچ میں شکست کے بعد پاکستان کی پلئینگ الیون میں تبدیلیوں کی باز گشت سنائی دینے لگی۔

میلبرن میں 26 دسمبر سے شروع ہونے والے باکسنگ ڈے ٹیسٹ میں پاکستانی ٹیم میں تین تبدیلیوں کا امکان ہے، انجری کا شکار ہونے والے خرم شہزاد، وکٹ کیپر سرفراز احمد اور آل راؤنڈر فہیم اشرف ممکنہ طور پر پلئینگ الیون کا حصہ نہیں ہوں گے۔

سینئیر وکٹ کیپر سرفراز احمد نے پرتھ ٹیسٹ میچ میں محض 7 اسکور کیے جبکہ اسٹمپ کے پیچھے دو مواقع بھی ضائع کیے، انکی جگہ محمد رضوان جبکہ فہیم اشرف کی جگہ ساجد خان کو اسکواڈ میں شامل کیا جاسکتا ہے۔
مزید پڑھیں: قومی ٹیم کیلئے بری خبر! فاسٹ بولر انجری کا شکار ہوکر سیریز سے باہر

انجری کے باعث آسٹریلیا کے خلاف سیریز سے باہر ہونے والے خرم شہزاد کی جگہ حسن علی یا میر حمزہ کو پاکستان الیون کا حصہ بن سکتے ہیں۔

مزید پڑھیں: میلبرن ٹیسٹ؛ خرم شہزاد کی جگہ کس بالر کو شامل کیا جائے گا، سعود شکیل نے عندیہ دیدیا

واضح رہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے گزشتہ روز آگاہ کیا تھا کہ خرم شہزاد پسلی میں اسٹریس فریکچر کا شکار ہیں، جسکی وجہ سے وہ سیریز سے باہر ہوگئے ہیں۔

انہوں نے پرتھ ٹیسٹ کے دوران اپنا ڈیبیو کرتے ہوئے اسٹیو اسمتھ، مچل مارش، ڈیوڈ وارنر اور مارنش لبوشین کی وکٹیں حاصل کیں تھی۔

شاہ محمود قریشی کا کاغذات نامزدگی جمع کروانے کیلیے عدالت سے رجوع

ملتان: وائس چیئرمین پی ٹی آئی شاہ محمود قریشی اور بیرسٹر تیمور ملک نے کاغذات نامزدگی جمع کروانے کے لیے لاہور ہائیکورٹ ملتان بینچ سے رجوع کر لیا۔

لاہور ہائی کورٹ ملتان بینچ میں بیرسٹر تیمور ملک نے درخواست دائر کی جس میں شاہ محمود قریشی، زین قریشی، مہربانو قریشی، بیرسٹر تیمور ملک اور ان کے وکیل مہر ضمیر حسین سنڈھل کو تحفظ فراہم کرنے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔

درخواست گزار کا موقف ہے کہ کاغذات نامزدگی وصول کرنے اور جمع کروانے کے لیے کسی قسم کی رکاوٹیں پیدا نا کی جائیں کیونکہ ضلع انتظامیہ اور پولیس کی جانب سے ہراساں کیا جا رہا ہے۔
درخواست میں کاغذات نامزدگی جمع کروانے سے پولنگ تک تمام مراحل میں مکمل تحفظ اور آزادی فراہم کرنے کی اپیل کی گئی ہے۔

پٹیشن میں الیکشن کمیشن، حکومت پنجاب، آئی جی پنجاب، ریٹرننگ افسران، سی پی او اور ڈپٹی کمشنر ملتان سمیت دیگر کو فریق بنایا گیا ہے۔ درخواست پر سماعت آج ہی ہوگی۔

جماعت اسلامی کا سندھ میں حکومت بنانے کا دعویٰ

امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمان نے سندھ میں حکومت بنانے کا دعویٰ کردیا۔

ایک بیان میں حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ دیہی علاقوں سے بھی بڑی تعداد میں امیدوار کھڑے کیے ہیں، جماعت اسلامی کےعلاوہ کسی کو ووٹ دیا وہ گھوم کر وڈیروں کے پاس جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ آج ہم نے این اے 250 کے لیے کاغذات نامزدگی جمع کروائے ہیں، کوشش ہے قومی اسمبلی کے 22 اور صوبائی کی 47 نشستوں پر آج ہی کاغذات جمع کرادیں۔

نعیم الرحمان کا کہنا تھا کہ ہم چاہتے ہیں ووٹ ڈالنے جائیں تو جماعت اسلامی کے علاوہ کوئی آپشن نہ ہو، 15 سال میں پیپلزپارٹی نے صوبے کو برباد کیا، تمام شعبوں کا برا حال ہے، لہٰذا جماعت اسلامی کا مینڈیٹ ہونا ضروری ہے۔

امیر جماعت اسلامی کراچی نے کہا کہ ایک دفعہ سندھ حکومت میں جماعت اسلامی آجائے تو حالات بہت بہتر ہوں گے، کراچی کے عوام کو جلدی خوش خبری ملے گی برے دن ختم ہونے والے ہیں۔

سپریم کورٹ کا لیول پلیئنگ فیلڈ سے متعلق درخواستیں سماعت کیلئے مقرر کرنے کا فیصلہ

سپریم کورٹ نے لیول پلیئنگ فیلڈ سے متعلق درخواستیں سماعت کیلئے مقرر کرنے کا فیصلہ کرلیا، اور ریمارکس دیئے کہ درخواست آج ہی سماعت کے لئے مقرر ہوگی۔

سپریم کورٹ میں لیول پلیئنگ فیلڈ سے متعلق درخواستوں پر سماعت ہوئی، تحریک انصاف کے وکیل نیاز اللہ نیازی عدالت میں پیش ہوئے اور مؤقف اختیار کیا کہ پی ٹی آئی امیدواروں کو کاغذات نامزدگی جمع کرانے نہیں دیے جارہے، پی ٹی آئی نے درخواست جمع کرائی ہے۔

قائمقام چیف جسٹس سردار طارق مسعود نے سوال کیا کہ اگرآپ کا امیدوار اشتہاری ہو تو کیا ہوگا۔ جسٹس اطہر من اللہ نے بھی استفسار کیا کہ کیا آپ نے الیکشن کمیشن کو درخواست دی ہے۔

وکیل نیازاللہ نیازی نے جواب میں کہا کہ الیکشن کمیشن کو بھی آ گاہ کر دیا ہے، ہماری درخواست سماعت کیلئے مقرر کی جائے۔

قائمقام چیف جسٹس سردار طارق نے ریمارکس دیے کہ آپ کی درخواست رجسٹرارآفس ابھی مقررکردیتا ہے، آج ہی درخواست سماعت کیلئے مقررہوگی۔

عدالت نے لیول پلیئنگ فیلڈ سے متعلق درخواستیں سماعت کیلئے مقرر کرنے کا فیصلہ کرلیا۔

نور الحق قادری کی ضمانت قبل از گرفتاری کی درخواست منظور

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے دور اقتدار میں وفاقی وزیر مذہبی امور رہنے والے پیر نور الحق قادری کی ضمانت قبل از گرفتاری کی درخواست منطور کرلی گئی۔

واضح رہے کہ نورالحق قادری پر 9 مئی واقعات میں مبینہ طور ملوث ہونے کی ایف آئی آر درج کی گئی تھی۔

پیر نورالحق قادری کے خلاف مقدمہ لنڈی کوتل میں درج کیا گیا، سابق وفاقی وزیر کے خلاف مقدمہ جمرود کے علاقے شاکس کے رہائشی نے 22 جون کو درج کروایا تھا۔

نور الحق قادری کے خلاف درج مقدمے میں کہا گیا تھا کہ سابق وفاقی وزیر مذہبی امور نے شہریوں کو اداروں کے خلاف اکسایا، ان کے خلاف کارروائی کی جائے۔

ایشوریا کی طلاق کی افواہیں، سلمان خان نے ابھیشیک اور امیتابھ کو گلے لگالیا

ممبئی: بالی ووڈ کے دبنگ اسٹار سلمان خان نے اپنی سابقہ محبوبہ ایشوریا رائے کی طلاق کی افواہوں کے دوران اُن کے شوہر ابھیشیک بچن اور سُسر امیتابھ بچن کو گلے لگا لیا جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہورہی ہے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق گزشتہ شب پروڈیوسر آنند پنڈت نے اپنی 60 ویں سالگرہ کی خوشی میں ایک شاندار تقریب کا انعقاد کیا تھا جس میں بالی ووڈ کی نامور شخصیات نے شرکت کی تھی جن میں شاہ رخ خان، سلمان خان، سونو نگم، امیتابھ بچن، ابھیشیک بچن، امیشا پٹیل سمیت دیگر بالی ووڈ ستارے شامل تھے۔

اسی تقریب کی ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہورہی ہے جس نے صارفین کی توجہ اپنی جانب مبذول کرلی ہے، مذکورہ ویڈیو میں سلمان خان کو اپنی سابقہ محبوبہ ایشوریا رائے کے شوہر ابھیشیک بچن سے گلے ملتے ہوئے دِکھایا گیا ہے۔

ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ سلمان خان اسٹیج پر آتے ہیں، پہلے امیتابھ بچن سے گلے ملتے ہیں اور پھر ابھیشیک بچن سے گلے ملکر اُن سے کچھ بات بھی کرتے ہیں۔

سوئی ناردرن نے صارفین پر اربوں روپے کا ٹیکس نافذ کردیا

لاہور: سوئی ناردرن گیس کمپنی کی جانب سے صارفین پر اربوں روپے کا ایک اور ٹیکس نافذ کردیا گیا۔

گیس کے بلوں میں ماہانہ فکسڈ چارجز نومبر کے بلز میں شامل کردیے گئے ہیں۔ ذرائع کے مطابق کمپنیوں نے اپنے لاسز پورے کرنے کے لیے اوگرا کے ساتھ مل کر آسان راستہ تلاش کیا اور صارفین پر اربوں روپے کا ماہانہ فکسڈ چارجز کے نام پر ایک اور ٹیکس لاگو کردیا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ اوگرا نے خاموشی سے فکسڈ چارجز وصولی کی اجازت دے دی ہے۔ حکام کے مطابق پروٹیکٹڈ صارفین 0.9 ہیکٹا میٹر گیس استعمال والے ماہانہ 400 روپے فکسڈ چارجز دیں گے ۔ نان پروٹیکٹڈ 1.5 ہیکٹا میٹرتک گیس استعمال والے 1000 روپے ماہانہ اضافی بل دیں گے۔ اس سے زائد استعمال والے صارفین ماہانہ 2 ہزار روپے اضافی فکسڈ رقم ادا کریں گے ۔
سوئی گیس حکام کے مطابق جس صارف کا استعمال صفر ہو گا وہ بھی 400 روپے ادا کرنے کا پابند ہو گا ۔ یہ ماہانہ فکسڈ چارجز حکومت کی منظوری سے شامل کیے گئے ہیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ ماہانہ فکسڈ اضافی چارجز کو صارفین صرف ہائی کورٹ میں چیلنج کر سکتے ہیں۔ ماہانہ فکسڈ ٹیکس گیس کمپنی کے 80 لاکھ کنزیومر پر لاگو ہو گا ۔ ایک اندازے کے مطابق سالانہ 60 سے 70 ارب روپے بنتے ہیں ۔