اجارہ سکوک بانڈز کی نیلامی سے 573 ملین روپے کی بچت

کراچی: حکومت نے پاکستان اسٹاک ایکسچینج کے ذریعے اجارہ سکوک بانڈز کی نیلامی سے سود کی مد میں 573 ملین روپے کی بچت کرلی۔

حکومت نے گزشتہ روز اسٹاک ایکسچینج کے ذریعے 19.52 فیصد کی شرح سود پر ایک سال کیلیے اجارہ سکوک بانڈز کی نیلامی کی تھی، جس کے نتیجے میں 30 ارب روپے جمع ہوئے ہیں، یہ شرح سود 29 نومبر کو کی گئی ٹی بلز کی نیلامی کی شرح سود کے مقابلے میں 1.91 فیصد کم ہے۔

اسٹیٹ بینک میں کی گئی نیلامی کے دوران ٹی بلز سرمایہ کاروں زیادہ تر کمرشل بینکوں نے 21.43 کی شرح سود پر خریدے تھے، فلوٹنگ شرح سود کے مقابلے میں بھی شرح سود91 بیسز پوائنٹ کم ہے۔

اجارہ سکوک بانڈ کی نیلامی سے بانڈ مارکیٹ میں مالیاتی اداروں کی اجارہ داری کا بھی خاتمہ ہوگیا ہے، اب کوئی بھی شخص 5 ہزار کی سرمایہ کاری کے عوض بانڈ خرید سکتا ہے۔

گفتگو کرتے ہوئے مشیر، سینیئر ایگزیکٹیو نائب صدر، اور سربراہ شریعہ کمپلائنس، میزان بینک احمد علی صدیقی نے کہا کہ سرمایہ کاروں کی زیادہ تعداد کی وجہ سے حکومت کو کم شرح سود پر سرمایہ حاصل کرنے میں کامیابی ملی، یہ حکومت کی بڑی کامیابی ہے، انھوں نے امید ظاہر کی کہ زیادہ سرمایہ کاروں کی شراکت کی وجہ سے مزید ہونے والی نیلامیوں میں شرح سود مزید گر جائے گی، اسٹاک ایکسچینج اگلے ماہ مزید سکوک بانڈز نیلام کرے گی۔

انھوں نے کہا کہ 13 گنا سبسکرائبنگ سے ظاہر ہوتا ہے کہ لوگ شریعہ کمپلائنٹ انسٹرومنٹس میں شدید دلچسپی رکھتے ہیں، علاوہ ازیں، حکومت نے دسمبر 2023 سے فروری 2024 کے دوران سکوک جیسے شریعہ کمپلائنٹ بانڈز، ٹی بلز اور پی آئی بیز کی نیلامی کے ذریعے 6 ہزار ارب روپے جمع کرنے کا اعلان کیا ہے۔

مرکزی بینک کے اعلان کے مطابق حکومت نے تین ماہ کے دوران بینکوں کے میچیور ہونے والے 3.77 ہزار ارب روپے کے قرض ادا کرنے ہیں۔

< > ماہ نومبر میں 2 ارب 30 کروڑ ڈالر کی ترسیلات زر موصول

کراچی: رواں سال ماہ نومبر میں 2 ارب 30 کروڑ ڈالر کی ترسیلات زر موصول ہوئیں۔

رواں سال ماہ نومبر میں اوورسیز پاکستانیوں نے 2 ارب 30 کروڑ ڈالر ترسیلات زر وطن بھجوائیں جو گزشتہ سال کے اسی ماہ کے مقابلے میں تین عشاریہ 6 فیصد کم ہیں۔

اسٹیٹ بینک کے مطابق رواں مالی سال کے ابتدائی 5 ماہ میں ورکرزکی ترسیلات زر کا مالی حجم 11 ارب ڈالر ریکارڈ کیا گیا ہے۔

نومبر کے دوران سعودی عرب سے 54کروڑ ڈالر، متحدہ عرب امارات سے 41 کروڑ ڈالر ، برطانیہ سے 34کروڑ ڈالر اور امریکہ سے اوورسیز پاکستانیوں کی طرف سے26کروڑ ڈالر موصول ہوئے۔

تجارتی عدم توازن سنگین، چینی ٹیکسٹائل انڈسٹری کو پاکستان منتقل کرنے پر مذاکرات

نگراں وزیر برائے تجارت و صنعت و پیداوار گوہر اعجاز نے چینی ٹیکسٹائل انڈسٹری کی پاکستان منتقلی کے امکانات کا جائزہ لینے کے لیے (آج) اتوار کو چین جائیں گے۔

بزنس ریکارڈر کے مطابق پاکستان نے چین کے ساتھ فری ٹریڈ ایگریمنٹ (ایف ٹی اے) پر بات چیت نہیں کی جس کی وجہ سے چین کو اپنی برآمدات بڑھانے میں کامیابی حاصل نہیں ہوئی۔

گوہر اعجاز نے کہا کہ چین کی پاکستان میں درآمدات 20 ارب ڈالر سالانہ ہیں جبکہ پاکستان کی برآمدات صرف 2 ارب ڈالر سالانہ ہیں۔

اعداد و شمارکے مطابق چین نے گزشتہ پانچ سالوں کے دوران پاکستان سے اپنی برآمدات کے ذریعے 100 ارب ڈالر کمائے جبکہ پاکستان نے اس عرصے میں صرف 10 ارب ڈالر کمائے۔

بزنس ریکارڈر سے بات کرتے ہوئے گوہر اعجاز نے کہا کہ اگر چینی صنعت کا 10 فیصد پاکستان منتقل کر دیا جائے، تو ہماری برآمدات میں سالانہ 50 ارب ڈالر کا اضافہ ہوسکتا ہے، جوکہ ہمارا ہدف ہے۔

انہوں نے کہا کہ میں صرف چین کے ساتھ 100 بلین ڈالر کی برآمدات پیدا کرنے کے طریقے تلاش کر سکتا ہوں، اس کے بعد سعودی عرب، ترکی اور امریکا کا بھی کیا جائے گا۔

واضح رہے کہ یہ تین روزہ دورہ پاکستان کے کسی وزیر تجارت کا وفد کے ہمراہا پہلا دورہ ہے، جہاں وہ دیگر چینی کاروباری شخصیات اور سرمایہ کاروں سے ملاقات کریں گے۔

عالمی برادری فلسطینی عوام کو اپنے مستقبل کے فیصلے کا حق دے، وزیراعظم

نگراں وزیراعظم انوار الحق کاکڑ کا کہنا ہے کہ عالمی برادری فلسطینی عوام کو اپنے مستقبل کا فیصلہ کرنے کاحق دے اور کشمیروں کے حقوق کے لئے بھارت پر بھی دباؤ ڈالا جائے۔

انسانی حقوق کےعالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں نگراں وزیراعظم انوار الحق کاکڑ کا کہنا تھا کہ پاکستان انسانی حقوق کےعالمی منشورکی حمایت جاری رکھے گا، اور بلاتفریق انسانی حقوق کے تحفظ کیلئے کوشاں رہے گا، پاکستان نے ملکی، بین الاقوامی سطح پر انسانی حقوق کے تحفظ کیلئے مؤثر اقدامات کئے ہیں۔

نگراں وزیراعظم نے کہا کہ بھارت کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیاں کررہا ہے، 5 اگست 2019 کےغیرقانونی بھارتی اقدامات کا مقصد کشمیر میں آبادیاتی تبدیلی ہے، عالمی برادری کشمیریوں کے حقوق کیلئے بھارت پر دباؤ ڈالے۔

انوار الحق کا کہنا تھا کہ غزہ میں نہتے فلسطینیوں پر جاری اسرائیلی مظالم باعث تشویش ہیں، اسرائیل غزہ میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیاں کررہاہے، فلسطین میں خواتین،بچوں سمیت ہزاروں افرادشہیدہوچکےہیں۔

وزیراعظم نے مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ غزہ میں انسانی حقوق کی تشویشناک صورتحال سب کے سامنے ہے، عالمی برادری غزہ میں فوری جنگ بندی کیلئے کوششیں کرے، اور فلسطینی عوام کو اپنے مستقبل کا فیصلہ کرنے کا حق دے۔

امریکا اسرائیل کو ٹینک کے 13 ہزار گولے ہنگامی طور پر فروخت کرے گا

جنگ بندی قرار داد ویٹو کرنے کے بعد امریکا کی جانب سے اسرائیل کو ٹینک کے تیرہ ہزار گولے فوری طور پر فروخت کیے جائیں گے۔

محکمہ خارجہ نے 14 ہزار گولوں کی فروخت سے کانگریس کو آگاہ کردیا، ہتھیاروں کی مالیت 10 کروڑ 65 لاکھ ڈالر ہے۔

امریکی وزیرخارجہ نے ہنگامی بنیادوں پر کانگریس کو خط لکھ دیا، جس میں کہا کہ اسرائیل کو ہتھیاروں کی فوری ضرورت ہے، ہنگامی اقدام سے کانگریس کو نظر انداز کردیا گیا۔

عام طور پر ہتھیاروں کی فروخت سے پہلے کانگریس کی منظوری لی جاتی ہے، گولوں کی فروخت کو کانگریس کی منظوری سے بھی استثنا مل گیا۔

یمن کے حوثی گروپ کا کہنا ہے کہ وہ تجارتی جہازون کو اسرائیل نہیں پہنچنے دیں گے، ترجمان نے کہا غزہ میں امداد میں اضافہ نہ کیا گیا۔ تو اسرائیلی جہازوں کو ہدف بنائیں گے۔

مریم نواز کے جلسے میں کتنے لوگ تھے

مسلم لیگ ن کے تحت گجرات کے علاقے جلال پور جٹاں میں ورکرز کنونشن کا انعقاد کیا گیا، جس میں کثیر تعداد میں عوام نے شرکت کی۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر معروف صحافی غریدہ فاروقی نے مسلم لیگ ن کے جلالپور جٹاں میں ہونے والے ورکرز کنونشن کی تصویری جھلکیاں پوسٹ کیں اور عوام کی شرکت پر تبصرہ بھی کیا۔

غریدہ فاروقی نے پوسٹ میں لکھا کہ مسلم لیگ ن پر تنقید کی جارہی تھی کہ نوازشریف کی پاکستان واپسی کے موقع پر لاہور میں ہونے والے جلسے کے بعد ن لیگ عوام میں جانے سے کترا رہی ہے، لیکن مریم نواز نے اس کنونشن کے ذریعے بھرپور جواب دے دیا ہے۔

بھارت کے انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کے 75 سال

بھارت 1948 سے لے کر اب تک مسلسل انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں کر رہا ہے، اور اس فہرست میں پہلے نمبر پر ہے۔

دنیا بھر میں ہر سال 10 دسمبر کو انسانی حقوق کاعالمی دن منایا جاتا ہے، لیکن بھارت 75 سال گزرنے کے بعد بھی انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں میں سر فہرست ہے۔

بھارت میں جہاں مسلمانوں، عیسائیوں اور نچلی ذات کے ہندوؤں پر زمین تنگ ہے، اسی طرح 1948سے اب تک مظلوم کشمیری بھارتی ظلم و ستم کی چکی میں پس رہے ہیں۔

بھارت نے 5 اگست 2019 کو مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت منسوخ کردی اور اس کے بعد سے اب تک ایک ہزار سے زائد بے گناہ کشمیری شہید، ڈیڑھ سو خواتین زیادتی کا شکار، 22 ہزار سے زائد گرفتاریاں اور 1200 املاک نذرِ آتش کی جاچکی ہیں۔

خود بھارت میں گزشتہ دو دہائیوں میں مسلمانوں کی تقریباً 500 سے زائد مساجد اور مزارات کو شہید کیا جا چکا ہے، 6 دسمبر 1992 کو اتر پردیش کے شہر ایودھیا میں انتہا پسند ہندوؤں نے بابری مسجد کو شہید کر دیا تھا۔

مسلمانوں کے علاوہ بھارت میں بسنے والے دیگر اقلیتی حتی کہ نچلی ذات کے ہندو بھی اس ظلم کا شکار ہیں، اور صرف 2021 میں دلت ہندوؤں کے خلاف 60 ہزار سے زائد اور گزشتہ 5 برسوں میں نچلی ذات کے خلاف ڈھائی لاکھ سے زائد نفرت انگیز جرائم رپورٹ ہوئے ہیں۔

جرمن نشریاتی ادارہ ڈی ڈبلیو کے رپورٹ کے مطابق بھارت میں اوسطاً ہر 10 منٹ میں ایک دلت کے خلاف تشدد کا واقعہ پیش آتا ہے، 2021 میں خواتین کے ساتھ زیادتی کے 4 لاکھ سے زائد مقدمات درج کئے گئے۔

ڈی ڈبلیو کے مطابق بھارت میں صحافت کا گلہ گھونٹنے کے لئے قوانین کا استعمال تشویشناک حد تک بڑھ چکا۔

دوسری جانب جہاں مسلمانوں پر ظلم و تشدد کے پہاڑ توڑے جارہے ہیں، وہیں عیسائی بھی محفوظ نہیں، 25 اگست 2008 کو ہندو انتہا پسندوں نے ریاست اڑیسہ کے ضلع کندھمال میں سینکڑوں عیسائیوں کو موت کے گھاٹ اتار دیا تھا۔

صرف جنوری تا جون 2022 میں عیسائیوں کے خلاف 274 پرتشدد واقعات پیش آئے، جب کہ 2023 میں بھارت کی 23 ریاستوں میں عیسائیوں کے خلاف 400 تشدد کے واقعات رپورٹ ہوئے، فسادات میں 600 عیسائی گاؤں اور 400 سے زائد چرچ نذرِ آتش کر دیے گئے۔

پی ایس ایل9؛ فرنچائزز کے اعتراضات کے باوجود 4 سینٹرز فائنل

کراچی: پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے نویں ایڈیشن کیلئے 4 سینٹرز میں انعقاد کا فیصلہ کر لیا گیا، البتہ مجوزہ شیڈول پر فرنچائزز نے مختلف اعتراضات کر دیے ہیں۔

گزشتہ دنوں پی سی بی نے پی ایس ایل 9 کے 2 مجوزہ شیڈول فرنچائزز کو ارسال کیے تھے، ایک میں صرف کراچی اور لاہور میں میچز رکھے گئے جبکہ دوسرے میں ملتان اور راولپنڈی کا بھی اضافہ کر دیا گیا تھا۔

ذرائع نے بتایا کہ بورڈ حکام نے 4 شہروں میں لیگ کرانے کا فیصلہ کر لیا،آغاز 18 فروری کو لاہور میں کرنے کی تجویز ہے،البتہ بعض فرنچائزز کا کہنا ہے کہ ان دنوں سرد موسم اور دھند کی وجہ سے ایسا کرنا مناسب نہ ہو گا۔
یہ بھی پڑھیں: پی ایس ایل 9؛ بابر کو قیادت چھوڑنے کے مشورے ملنے لگے

19 مارچ کو کراچی میں مجوزہ فائنل پر بھی سوال اٹھے ہیں،ٹیموں کو خدشہ ہے کہ کم کراؤڈ آئے گا،اس سے ٹکٹوں کی آمدنی متاثر ہو گی، سلطانز نے ملتان میں فیصلہ کن معرکہ کرانے کی تجویز دیتے ہوئے اسٹیڈیم کے مکمل بھرنے کا بھی یقین دلا دیا۔

ذرائع نے مزید بتایا کہ زلمی کا پشاور میں میچز پر اصرار جاری ہے، اسٹیڈیم میں تعمیراتی کام 2 ماہ میں مکمل ہونے کا بھی دعویٰ کیا جانے لگا، البتہ پی سی بی نے اب تک میزبانوں میں پشاور کو شامل کرنے کا کوئی فیصلہ نہیں کیا۔

مارچ میں رمضان المبارک کے دوران 2 ڈبل ہیڈرز بھی شیڈول کا حصہ ہیں، اس پر بھی اعتراض سامنے آ گیا، مذکورہ میچز کو آغاز میں منتقل کرنے کا کہا جا رہا ہے، پی سی بی 13 دسمبر کو ڈرافٹ کے موقع پر ہی شیڈول کو جاری کرنے کا ارادہ رکھتا ہے۔

یاد رہے کہ ملک میں عام انتخابات کی وجہ سے پی ایس ایل کو یو اے ای منتقل کرنے کی تجویز بھی سامنے آئی تھی لیکن اب پاکستان میں ہی میچز کا فیصلہ کر لیا گیا۔

آئرش پلیئرز سے الجھنا سکندر رضا کو مہنگا پڑگیا، 2 میچزسے معطل

ہرارے: آئرش پلیئرز سے الجھنا زمبابوین کپتان سکندر رضا کو مہنگا پڑگیا جب کہ انہیں اگلے 2 میچز کیلیے معطل کر دیا گیا۔

پہلے ٹی 20 کے دوران آئرش پلیئرز سے الجھنا زمبابوین کپتان سکندر رضا کو مہنگا پڑگیا، وہ اگلے 2 میچز سے معطل ہوگئے ہیں۔

یہ واقعہ 14 ویں اوور میں پیش آیا جب شاٹ کھیلنے کے بعد سکندر نے حریف کرکٹر جوش لٹل سے کوئی بات کی، اتنے میں کرٹس کیمفر آگے بڑھے اور کوئی ایسا فقرہ اچھالا جس سے زمبابوین کپتان غصے میں بھڑک اٹھے، وہ تیزی سے بیٹ کو لہراتے ہوئے آگے بڑھے تاہم امپائر نے انھیں روک دیا۔

سکندر رضا نے اس میچ میں 3 وکٹیں لینے کے ساتھ ففٹی بھی بنائی، ان کی ٹیم نے سنسنی خیز مقابلے میں آخری گیند پر ایک وکٹ سے فتح پائی۔

بعد ازاں آئی سی سی میچ ریفری اینڈی پائی کرافٹ نے سکندر رضا پر 50 فیصد میچ فیس جرمانہ کرنے کے ساتھ ریکارڈ میں 2 ڈیمیرٹ پوائنٹس شامل کیے، جس سے ان کے مجموعی پوائنٹس کی تعداد 4 تک پہنچ گئی، اس لیے وہ خود بخود اگلے 2 میچز سے معطل ہوگئے، ان کی جگہ گذشتہ روز زمبابوین ٹیم کی قیادت سین ولیمز نے سنبھالی۔

کیمفر اور جوش لٹل پر 15، 15 فیصد میچ فیس جرمانہ کرنے کے ساتھ ڈسپلنری ریکارڈ میں ایک ایک پوائنٹ شامل کیا گیا ہے۔

انڈر-19 ایشیاکپ؛ پاکستان کا بھارت کیخلاف ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ

انڈر-19 ایشیاکپ میں پاکستان نے بھارت کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کرنے کا فیصلہ کرلیا۔

دبئی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے جارہے میچ میں قومی ٹیم کے کپتا سعد بیگ نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کرنے کا فیصلہ کیا، انہوں نے کہا کہ کوشش کریں گے میچ کامیابی سمیٹ کر جیت کر تسلسل کو برقرار رکھیں۔

اس موقع پر بھارتی ٹیم کے کپتان ادے سہارن نے کہا کہ ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ ہی کرنا چاہتے تھے تاکہ بڑا ہدف دے سکیں۔
دوسری جانب گروپ بی کی دونوں ٹیمیں ایک ایک میچ میں کامیابی حاصل کرچکی ہیں۔

پاکستان اسکواڈ

کپتان سعد بیگ، شاہ زیب خان، اذان اویس، شمائل حسین، ریاض اللہ، عرفات منہاس، علی اسفند، عامر حسن، عبید شاہ، محمد ذیشان، طیب عارف، نجب خان، نوید احمد خان، احمد حسین، خبیب خلیل

بھارت کا اسکواڈ

کپتان ادے سہارن، ارشین کلکرنی، آدرش سنگھ، رودر پٹیل، سچن داس، مشیر خان، ارویلی اویناش، سومی پانڈے، مروگن ابھیشیک، راج لمبانی، نمن تیواری، پریانشو مولیا، آرادھیا شکلا، انیش مہاجن، دھنوش گوڑا