جہانگیر ترین نے پارٹی رہنماؤں کو الیکشن میں بھرپور تیاری کے ساتھ حصہ لینے کی ہدایت کردی

استحکام پاکستان پارٹی (آئی پی پی) کے اہم اجلاس میں آئندہ عام انتخابات اور مسلم لیگ (ن) کے ساتھ سیٹ ایڈجسٹمنٹ پر مشاورت کی گئی جبکہ جہانگیر ترین نے پارٹی رہنماؤں کو الیکشن میں بھرپور تیاری کے ساتھ حصہ لینے کی ہدایت کر دی۔

استحکام پاکستان پارٹی کا اہم مشاورتی اجلاس مرکزی سیکرٹریٹ لاہور میں پیٹرن انچیف استحکام پاکستان پارٹی جہانگیر خان ترین کی زیر صدارت ہوا۔

 

 

اجلاس میں انتخابی حکمت عملی، عوامی رابطہ مہم، اور مسلم لیگ (ن) سے ہونے والی سیٹ ایڈجسٹمنٹ سے متعلق امور زیر غور آئے۔

اجلاس میں پارٹی رہنماؤں کی جانب سے مختلف تجاویز اور قومی اور صوبائی اسمبلی کے حلقوں میں ٹکٹوں کی تقسیم پر بھی مشاورت کی گئی۔

جہانگیر ترین نے پارٹی رہنماؤں کو الیکشن میں بھرپور تیاری کے ساتھ حصہ لینے کی ہدایت کردی۔

اجلاس میں آئی پی پی رہنما اسحاق خاکوانی، عون چوہدری، نعمان لنگڑیال، فردوس عاشق اعوان، کرنل ہاشم ڈوگر، مراد راس، فیاض چوہان سمیت دیگر رہنما شریک ہوئے۔

سیٹ ایڈجسٹمنٹ: مسلم لیگ ن اور استحکام پاکستان پارٹی نے باضابطہ کمیٹیاں تشکیل دے دیں

پاکستان مسلم لیگ (ن) اور استحکام پاکستان پارٹی (آئی پی پی) کے درمیان سیٹ ایڈجسٹمنٹ کے معاملے پر باضابطہ کمیٹیاں تشکیل دے دی گئیں۔

سابق وزیر اعظم شہباز شریف نے مسلم لیگ (ن) کی جانب سے خواجہ سعد رفیق، ایاز صادق اور رانا ثناء اللہ پر مشتمل کمیٹی قائم کر دی۔

آئی پی پی کی جانب سے اسحاق خاکوانی کمیٹی کے کنوینئر مقرر جبکہ عون چوہدری اور نعمان لنگڑیال کو ممبر نامزد کر دیا گیا۔

آئی پی پی کمیٹی نے قومی اسمبلی کی 25 اور صوبائی کی 40 سیٹوں پر ایڈجسٹمنٹ کے لیے فہرست مرتب کرلی

دونوں جماعتوں کی قائم کردہ کمیٹیزکا آئندہ اجلاس پیرکو ہونے کا امکان ہے۔

کمیٹیز کی ورکنگ کے بعد شہباز شریف اور جہانگیر ترین کی ایک اور ملاقات میں ایڈجسٹمنٹ کو حتمی شکل دی جائے گی۔

یاد رہے کہ 2 روز قبل شہباز شریف سے جہانگیرترین نے ان کی رہائش گاہ ماڈل ٹاؤن میں ملاقات کی تھی۔

ملاقات میں پاکستان مسلم لیگ (ن) اور استحکام پاکستان پارٹی (آئی پی پی) کے درمیان سیٹ ایڈجسٹمنٹ پر اصولی اتفاق کیا گیا تھا۔

جس کے بعد گزشتہ روز مسلم لیگ (ن) اور استحکام پاکستان پارٹی کے درمیان سیٹ ایڈجسٹمنٹ کے معاملات پر دوسری ملاقات ہوئی، دونوں جماعتوں کے رہنماؤں کا سیٹ ایڈجسٹمنٹ کے معاملات پر مشاورت جاری رکھنے پر اتفاق کیا گیا۔

عمران خان اور فواد چوہدری کیخلاف توہین الیکشن کمیشن کیس کی سماعت 13 دسمبر کو اڈیالہ جیل میں ہوگی

الیکشن کمیشن پاکستان تحریک انصاف کے سابق چیئرمین عمران خان اور فواد چوہدری کے خلاف توہین الیکشن کمیشن و چیف الیکشن کمشنر کیس کی سماعت 13 دسمبر کواڈیالہ جیل میں کرے گا۔

اس حوالے سے الیکشن کمیشن کی جانب سے کاز لسٹ جاری کردی گئی۔

الیکشن کمیشن نے وزارت داخلہ کی رپورٹ کے بعد محفوظ فیصلہ سناتے ہوئے جیل ٹرائل کا فیصلہ کیا تھا۔

جس کے تحت سابق چیرمین پی ٹی آئی اور فواد چوہدری کے خلاف توہین الیکشن کمیشن و چیف الیکشن کمشنر کیس میں فرد جرم کی کاروائی اڈیالہ جیل میں ہوگی۔

کیس کا پس منظر

یاد رہے کہ الیکشن کمیشن نے 19 اگست کو عمران خان، اسد عمر اور فواد چوہدری کو نوٹسز جاری کیے تھے۔

ترجمان الیکشن کمیشن کا کہنا تھا کہ سیاسی رہنماؤں نے مختلف جلسوں، پریس کانفرنسز اور انٹرویوز کے دوران الیکشن کمیشن اور چیف الیکشن کمشنر پر الزمات عائد کیے تھے جبکہ تینوں پارٹی رہنماؤں کو 30 اگست کو ذاتی حیثیت یا بذریعہ وکیل پیش ہونے کی ہدایت کی گئی تھی۔

ابرار احمد پہلے ٹیسٹ سے باہر، ساجد خان کو آسٹریلیا بھیجنے کا فیصلہ

لاہور: پاؤں کی انجری کے شکار لیگ اسپنر ابرار احمد پہلے ٹیسٹ سے باہر ہوگئے ہیں۔

ذرائع کے مطابق ابرار احمد کی دوسرے ٹیسٹ میں شرکت بھی مشکوک ہے۔ ان کی جگہ آف اسپنر ساجد خان کو آسٹریلیا بھیجنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

ٹیم مینجمنٹ کی مشاورت کے ساتھ سلیکشن کمیٹی نے ساجد خان کے نام پر اتفاق کیا ہے۔ سفری دستاویزات مکمل ہوتے ہی پہلی دستیاب پرواز سے ساجد خان پرتھ روانہ ہونگے.ساجد خان کو آسڑیلوی ٹیم میں بائیں ہاتھ کے بیٹرز زیادہ ہونے کی بنا پر ترجیح دی جارہی ہے .
ساجد خان اب تک سات ٹیسٹ میں 22۔شکار کرچکے ہیں.ساجد خان نے گزشتہ برس مارچ میں آسٹریلیا کے خلاف ہی اپنا آخری ٹیسٹ کھیلا تھا۔ پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان پہلا ٹیسٹ 14 دسمبر سے پرتھ میں کھیلا جارہا ہے۔

العزیزیہ ریفرنس میں نواز شریف کی اپیل میرٹ پر سننے کے فیصلے سے ن لیگ پریشان

لاہور: اسلام آباد ہائی کورٹ کے العزیزیہ ریفرنس میں نواز شریف کی اپیل کو میرٹ پر سننے کے فیصلے کے بعد نواز شریف عام انتخابات میں حصہ لیں پائیں گے یا نہیں؟ مسلم لیگ ن میں تشویش کی لہر دوڑ گئی۔

مسلم لیگ ن کی قانونی ٹیم اس حوالے سے مشکلات کا شکار ہے جس کے بعد پارٹی کے بڑے قانونی و سیاسی دماغوں نے سر جوڑ لیے ہیں۔

پارٹی ذرائع کے مطابق اسلام آباد ہائی کورٹ نے العزیزیہ ریفرنس میں نواز شریف کی اپیل کو میرٹ پر سننے کے فیصلہ سامنے آیا تو مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف نے قانونی ٹیم سے رائے طلب کرلی۔

قانونی ٹیم نے نواز شریف اور دیگر اعلی قیادت کو مختلف آپشنز بارے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ نواز شریف کی العزیزیہ ریفرنس میں سزا معطل ہے لیکن ان کی نااہلی برقرار ہے اس لئے خدشہ ہے کہ اسلام آباد ہائیکورٹ میں ریفرنس کی سماعت میرٹ پر ہوئی تو کیس تاخیر کا شکار ہو سکتا ہے۔

نواز شریف کو مزید بتایا گیا کہ الیکشن شیڈول کے مطابق کاغذات نامزدگی جمع کروائے جانے سے قبل بریت ہونے کا عدالتی حکمنامہ ضروری ہے لیکن ریفرنس سے بریت کا معاملہ بوجوہ طویل ہوا تو کاغذات نامزدگی کے حوالے سے مختلف قانونی پیچیدگیوں کا سامنا ہو سکتا ہے،سزا ختم کروائے بغیر یا بریت سے قبل کاغذات نامزدگی جمع کروائے گئے تو وہ چیلنج ہو جائیں گے۔

قانونی ٹیم نے نواز شریف کی سزا اور نااہلی فوری ختم کروانے کے حوالے سے مختلف آپشنز بارے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ اب بھی ہمارے پاس مختلف قانونی آپشنز موجود ہیں جن میں کاغذات نامزدگی جمع کروانے کے لئے اسلام آباد ہائیکورٹ سے عبوری ریلیف کی درخواست دینے یا الیکشن کمیشن سمیت کسی اور دستیاب فورم سے رجوع کرنا بھی شامل ہیں۔

قانونی ٹیم کا کہنا تھا فی الوقت پارٹی سپریم کورٹ سے رجوع کا آپشن استعمال نہیں کر سکتی کیونکہ ریفرنس ہائیکورٹ میں زیرسماعت ہے، آئندہ عام انتخابات کے انعقاد میں 59 روز باقی ہیں جبکہ الیکشن کمیشن کو کم از کم 54 روز کا انتخابی شیڈول دینا ہوتا ہے۔

قانونی ماہرین کے مطابق آئندہ چند روز میں الیکشن کمیشن انتخابی شیڈول کا اعلان کرے گا تو انتخابی شیڈول کے آغاز پر کاغذات نامزدگی وصول و جمع کروانا ہوتے ہیں۔

جوڈیشل عدالت سے اسد قیصر کی ضمانت منظور، دوبارہ گرفتار کرلیا گیا

مردان: نو مئی کو توڑ پھوڑ کے مقدمات میں جوڈیشل عدالت سے ضمانت ملنے کے باوجود اسد قیصر رہا نہیں ہوسکے، ضمانت کے فوری بعد انہیں صوابی پولیس نے تھری ایم  پی او کے تحت دوبارہ گرفتار کرلیا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق مردان کی جوڈیشل عدالت کے مجسٹریٹ مثل عادل کے روبرو سابق اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کی درخواست ضمانت کی سماعت ہوئی۔ جج نے اسد قیصر کی ضمانت منظور کرلی۔

واضح رہے کہ اسد قیصر پر 9 مئی کو نجی املاک کے توڑ پھوڑ کے مقدمات درج ہیں، وہ ایک ہفتہ سے مردان جیل میں، پی ٹی آئی رہنما اسد قیصر کو تھانہ پڑانگ چارسدہ میں درج مقدمے میں ضمانت ملنے کے باوجود گرفتار کرلیا گیا تھا۔

نوازشریف نے 22 سال میں سے 11سال جلاوطنی کاٹی، مریم نواز

پاکستان مسلم لیگ (ن) کی چیف آرگنائزر مریم نواز نے کہا ہے کہ نوازشریف کی سیاست ختم ہو چکی، نوازشریف کا سیاسی سفر آسان نہیں تھا، نوازشریف نے 22 سال میں سے 11سال جلاوطنی کاٹی، کونسی ایسی جیل ہے جس میں نوازشریف نہ رہاہو۔

مریم نواز کا جلالپ ور جٹاں میں مسلم لیگ (ن) کے یوتھ کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کہنا تھا کہ جلالپور جٹاں کے بھائیوں، بہنوں اور بزرگوں کو میرا سلام، زندگی میں پہلی بارجلالپور جٹاں آئی ہوں، پتا نہیں تھا کہ جلالپور جٹاں کے لوگوں میں اتنا جذبہ ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ کہا گیا تھا کہ نوازشریف تاریخ کا حصہ بن گیا ہے، اور کبھی واپس نہیں آئےگا، 21 اکتوبرکوپورا ملک نوازشریف کے استقبال کے لیے امڈ آیا تھا، 21اکتوبرکو سڑکیں چھوٹی پڑگئیں، موٹروےچوک ہوگئی تھی۔

مریم نواز نے کہا کہ مخالفین کہتے تھے نوازشریف کی سیاست ختم ہو چکی، نوازشریف کا سیاسی سفر آسان نہیں تھا، نوازشریف نے 22 سال میں سے 11سال جلاوطنی کاٹی، کونسی ایسی جیل ہے جس میں نوازشریف نہ رہاہو۔

انتہائی نایاب نسل کے آٹھویں سفید مگرمچھ کی پیدائش

امریکی ریاست فلوریڈا کے ایک پارک میں انتہائی یاناب نسل کے مگرمچھ کے بچے کی پیدائش ہوئی ہے اور دنیا اس نسل کے صرف 8 مگر مچھ ہی موجود ہیں۔

پارک انتظامیہ کا کہنا ہے کہ نایاب نسل مگرمچھ کا نام ’لیوسیٹک ایلیگیٹرز‘ ہے جو کہ امریکی مگر مچھوں کی ایک انتہائی نایاب نسل ہے اور مگر مچھ کی پیدائش کا جشن بھی منایا گیا۔

پارک نے مگرمچھ کے بچے کی پیدائش کا اعلان سوشل میڈیا پر کرتے ہوئے بتایا کہ دنیا میں اس نسل کے صرف سات مگرمچھ ہیں، جن میں سے تین گیٹرلینڈ پارک میں موجود ہے اور حالیہ پیدائش کے بعد یہ بچہ اب اٹھواں مگر مچھ بن چکا ہے۔

انتظامیہ کے مطابق یہ ایک مادہ مگرمچھ ہے، اس نسل کے مگر مچھ کی آنکھ نیلی رنگ کی اور جسم پر کوئی اور رنگ نہیں ہوتا، جبکہ سفید رنگ ہونے کی وجہ سے یہ مگر مچھ دھوپ میں زیادہ دیر تک نہیں رہ سکتے کیونکہ ان کی جلد کو سورج کی شعاعیں متاثر ہوسکتی ہے۔

پارک انتظامیہ کی جانب سے یاناب نسل کے مگرمچھ کو آئندہ سال کے آغاز میں عوامی نمائش کیلئے رکھا جائے گا اور عوام سے اس کا منفرد نام رکھنے کے لیے مدد بھی مانگی ہے۔

a

رائیونڈ کا وزیراعظم کوشش کر رہا ہے، اسے چوتھی بار سلیکٹ کیا جائے، بلاول بھٹو

پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ پیپلزپارٹی نے خیبرپختونخوا کو شناخت دلوائی۔

لوئر دیر میں ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ ذوالفقار علی بھٹو نے عوام کو ووٹ کی طاقت دلوائی، ایک نہتی لڑکی نے عوام کے حقوق کے لیے جدوجہد کی، ایک نہتی لڑکی نے آمروں کا مقابلہ کیا۔

بلاول بھٹو نے کہا کہ پیپلزپارٹی نے بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام (بی آئی ایس پی) جیسا انقلابی پروگرام متعارف کرایا، قائد عوام ملک کے غریب طبقے کے نمائندے تھے، آصف زرداری نے سی پیک کی بنیاد رکھی۔

بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ پاکستان کی سیاست میں پرانا طریقہ چلتا آرہا ہے، پاکستان میں نفرت اور تقسیم کی پرانی سیاست کی جارہی ہے، ایک جماعت کا ارادہ ہے کہ الیکشن جیت کر انتقام لے، ایک جماعت کا ارادہ ہے کہ الیکشن جیت کر انتقام لے سکے، یہ سیاسی اختلاف کے بجائے ذاتی دشمنی پر اتر آئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ رائیونڈ کا وزیراعظم کوشش کر رہا ہے کہ اسے چوتھی بار سلیکٹ کیاجائے، جو وزیراعظم 3 بار فیل ہوا، اسے چوتھی بار وزیراعظم کون مانےگا؟ زمان پارک کے وزیراعظم نے عوام سے جھوٹے وعدے کیے تھے۔

ان کا کہنا تھا کہ زمان پارک کے وزیراعظم کے دور میں انتقامی سیاست عروج پر تھی۔

سابق وزیرخارجہ نے کہا کہ نفرت اور تقسیم کی سیاست کو دفن کرنا ہوگا۔

غزہ: جنگ بندی کرانے میں ناکامی پر پاکستان کا سلامتی کونسل پر مایوسی کا اظہار

جنگ بندی کرانے میں ناکامی پر پاکستان نے سلامتی کونسل پر مایوسی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ غزہ کے لوگوں پر مشترکہ سزا کا مسلط کیا جانا ناقابل قبول ہے۔

اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کا غزہ کی صورتحال پرہنگامی اجلاس ہوا جس میں قرار داد متحدہ عرب امارات کی پیش کی جانے والی قرار داد امریکا نے ویٹو کردیا تھا۔

ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ سلامتی کونسل امن کے قیام کی بنیادی ذمہ داری پوری کرنے میں ناکام ہوچکا، غزہ کے لوگوں پر مشترکہ سزا کا مسلط کیا جانا ناقابل قبول ہے۔

ممتاز زہرا بلوچ نے کہا کہ فلسطینیوں پر اسرائیلی مظالم وسیع تر خطرناک تنازعے کو جنم دے سکتا ہے، پاکستان فوری پر جنگ بندی کا مطالبہ کرتا ہے کہ غزہ پر اسرائیلی بربریت فوری ختم کی جائے۔

اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل نے بُدھ کے روز اقوام متحدہ کے چارٹر کے آرٹیکل 99 کا نفاذ کیا تھا، جس میں انہوں نے غزہ میں انسانی ہمدردی پر فوری جنگ بندی کا مطالبہ اور انسانی بحران کے سنگین خطرے سے خبردار کیا تھا۔

سلامتی کونسل کے اجلاس سے خطاب میں سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس نے کہا غزہ کی جنگ دیگر ملکوں تک پھیل چکی، لبنان، شام، عراق اور یمن اس کی لپیٹ میں آ چکے ہیں۔