نگراں حکومت کا آئندہ سال فائیو جی سروس لانے کا اعلان

نگراں وفاقی وزیر برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی اور ٹیلی کمیونیکیشن ڈاکٹر عمر سیف نے اعلان کیا کہ ملک میں آئندہ سال جولائی سے فائیو جی سروس کا آغاز کیا جائے گا۔

جمعہ کو میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہا کہ 300 میگا ہرٹس اسپیکٹرم کی نیلامی میں تمام ٹیلی کام آپریٹرز کو شریک کیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کی آئی ٹی کے شعبے میں برآمدات مشرق وسطیٰ میں بڑھیں گی، تین قطری کمپنیوں کے ساتھ مفاہمت کی یاد داشتوں پر دستخط کیے گئے ہیں۔

عمر سیف کا مزید کہنا تھا کہ حکومت فائیو جی کے حوالے سے ٹیلی کمیونیکیشن کمپنیوں کے مسائل حل کر رہی ہے۔

ٹیلی کمیونیکیشن ٹریبونل تین ہفتوں میں قائم کیا جائے گا جبکہ فائیو جی کے لیے ایک ایکشن ایڈوائزری کمیٹی تشکیل دی گئی ہے۔

فائیو جی ایکشن کے لیے ایک کنسلٹنٹ کی خدمات حاصل کی جائیں گی، تمام ٹیلی کمیونیکیشن کمپنیاں اسپیکٹرم خریدیں گی۔

نواز شریف کو چوتھی بار وزیراعظم بنائیں گے اور ملک پھر ترقی کرے گا، مریم اورنگزیب

سابق وفاقی وزیر اور ترجمان مسلم لیگ (ن) مریم اورنگزہب نے کہا ہے کہ ہے کہ پارٹی قائد نواز شریف کو چوتھی بار ملک کا وزیراعظم بنائیں گے جس کے بعد پاکستان دوبارہ ترقی کرے گا۔

انسداددہشت گردی عدالت لاہور نےاشتعال انگیز گفتگو کرنے کے کیس میں مریم اورنگزیب کے ورانٹ گرفتاری عدالت پیش ہونے پر منسوخ کردیئے۔

عدالت نے اسلام آباد ہائی کورٹ کا تحریری فیصلہ پیش کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کیس کی سماعت 6 جنوری تک ملتوی کردی۔

اے ٹی سی لاہور کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مریم اورنگزیب نے کہا کہ ہم پردہشت گردی کے مقدمات بناتے رہے، خود 9 مئی کو ریاست پر حملہ آور ہوئے، دوسروں کو دہشت گرد کہنے والا خود 9 مئی کا مجرم ہے۔

انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی حکومت نے ملکی معیشت کو کھوکھلا کیا، 190 ملین پاؤنڈز ملکی تاریخ کا سب سے بڑا ڈاکا تھا، دوسروں کو چور کہنے والے نے 190ملین پاؤنڈ کا ڈاکا ڈالا۔

ترجمان ن لیگ کا کہنا تھا کہ شہداء کی یادگاروں کو جلانے والے کو حساب دینا ہوگا، کیا 9 مئی کو نواز شریف آپ کے رہنماؤں کو ہدایات دے رہے تھے؟ 190 ملین پاؤنڈ ملکی خزانے میں آنے تھے عدالتی اکاؤنٹ میں نہیں۔

مریم اورنگزیب نے کہا کہ شہباز شریف نے پنجاب کے عوام کے پیسوں کو امانت سمجھ کر خرچ کیا، نوازشریف نے ملکی ترقی میں اضافہ کیا، لہٰذا انہیں چوتھی بار وزیراعظم بنا ئیں گے جس کے بعد ملک دوبارہ ترقی کرے گا۔

اسی موقع پرمیاں جاید لطیف کا کہنا تھا کہ ہم پر دہشت گردی کے مقدمات بنائے گئے، دنیامیں ہمارا جوامیج بن گیا ہے کیا وہ ختم ہو سکے گا، آج جس کیس میں پیش ہوئے وہ سابق چیئرمین پی ٹی آئی کے بنائے ہوئے ہیں۔

لیگی رہنما نے کہا کہ جو آئین و قانون کی بات کرتے تھے ان پر مقدمات بنائے گئے، ہمارے لیے قانون، انصاف کے تقاضے اور جب کہ اُن کیلئے اور ہیں، لاڈلے کے لیے صبح 8 بجے عدالت لگتی، رات 8 بجے کہتا تھا حاضری کا موڈ نہیں۔

ایکشن میں مسائل سے بولنگ متاثر ہوئی، شاداب خان

آل راؤنڈر شاداب خان نے کہا ہے کہ بولنگ ایکشن میں مسائل سے میری کارکردگی متاثر ہوئی۔

پاکستان کرکٹ کی سب سے بڑی ویب سائٹ www.cricketpakistan.com.pk کو خصوصی انٹرویو میں آل راؤنڈر شاداب خان نے کہا کہ ورلڈکپ میں توقعات کے مطابق کارکردگی نہ رہی، کبھی بنیادی غلطیاں ایسی ہورہی ہوتی ہیں کہ آپ کو خود ان کا اندازہ نہیں ہو پاتا، میرے ایکشن میں ایسا توازن نہیں تھا کہ تسلسل کے ساتھ مطلوبہ لینتھ پر گیند کرسکوں، میں اس مسئلے پر قابو پانے کی کوشش کررہا ہوں تاکہ فارم میں واپس آسکوں۔

انہوں نے کہا کہ ان کی ثقلین مشتاق سے بھی بات ہوئی، ویڈیوز وغیرہ بھی بنی ہیں، ایکشن میں تھوڑی سی تبدیلی آگئی تھی، مسئلے کا پتا چل گیا تو اس کا حل بھی نکل آئے گا۔

بیٹنگ پر زیادہ توجہ سے کارکردگی متاثر ہونے کے سوال پر انھوں نے کہا کہ میں بولنگ کی بہت زیادہ مشق کرتا ہوں، بیٹنگ زیادہ نہیں کرتا، پرفارمنس اچھی نہیں ہوتی تو اس طرح کی باتیں سامنے آتی ہیں کہ اس وجہ سے نہیں ہورہا،اصل مسئلہ بولنگ ایکشن میں توازن کا ہے، اس پر کام بھی ہورہا ہے۔

انھوں نے کہا کہ بھارتی کنڈیشنز میں درمیانی اوورز میں وکٹیں حاصل نہ ہوں تو ٹیم کو مشکل پیش آتی ہے،افسوس ہے کہ میں ایسی بولنگ نہیں کر سکا جو ٹیم کیلیے مددگار ہوتی،بہرحال زندگی اور کرکٹ میں اس طرح کے مواقع آجاتے ہیں، ہمیں آگے کی طرف دیکھنا پڑتا ہے، میں کوشش کروں کہ غلطیاں نہ دہراؤں اور کھیل میں بہتری لاؤں۔

آل راؤنڈر نے کہا کہ اگر دستیابی ممکن ہو تو قومی کرکٹرز کو ڈومیسٹک ایونٹس ضرور کھیلنا اور تجربہ حاصل کرنا چاہیے، ہم بھی اسی سسٹم سے آئے ہیں، ہمارے ساتھ کھیلنے سے نوجوانوں کو فائدہ ہوتا ہے،ہمیں بھی سیکھنے کا موقع ملتا ہے۔

شاداب خان نے کہا کہ میں ڈومیسٹک کرکٹ میں پرفارم کرکے ٹیسٹ ٹیم میں جگہ بنانا چاہتا ہوں،اسی لیے بگ بیش کا کنٹریکٹ بھی چھوڑا، 4 روزہ کرکٹ میں مجھے اپنی بولنگ میں بہتری لانے کا موقع ملے گا، اچھی کارکردگی دکھاکر طویل فارمیٹ کی کرکٹ میں کم بیک کرنا چاہتا ہوں، 4 روزہ میچز میں اپنی بولنگ اور بیٹنگ میں بہتری لانے میں کامیاب ہو گیا تو اس میں پاکستان ٹیم کا بھی فائدہ ہے، اسی لیے بگ بیش میں شرکت کے بجائے خود پر اپنے وقت کی سرمایہ کاری کرنے کا فیصلہ کیا ہے، آئندہ سال ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ سے قبل میری فارم میں بحالی قومی ٹیم کیلیے سود مند ثابت ہوسکتی ہے،میں ٹورنامنٹ کا بہترین پلیئر بننا چاہتا ہوں۔

تکلیف کی وجہ سے پلیئرکے کندھے پر سوار ہوکر ڈریسنگ روم واپس گیا

نیشنل ٹی ٹوئنٹی کپ میں انجری کے بعد ساتھی کھلاڑی کے کندھے پر سوار ہوکر میدان سے باہر جانے کے سوال پر شاداب خان نے کہا کہ گیند پر پھسلنے سے ٹخنہ مڑ گیا تھا،میں نے چلنے کی کوشش کی مگر درد بہت زیادہ ہورہا تھا، ہمت نہیں ہوئی تو ایک کھلاڑی کے کندھے پرسوار ہوکر ڈریسنگ روم واپس گیا، کوئی بڑی انجری نہیں ہوئی مگر رپورٹ دیکھ کر ڈاکٹرز نے ابھی بحالی کا وقت نہیں بتایا، لگ رہا ہے کہ نیوزی لینڈ کے خلاف ٹی ٹوئنٹی سیریز کے لیے دستیاب ہوجاؤں گا۔

معروف بھارتی اداکارہ دل کا دورہ پڑنے سے چل بسیں

شارجہ: بھارت کی ملیالم فلم انڈسٹری کی معروف اور نوجوان اداکارہ لکشمیکا سجیوان اچانک دل کا دورہ پڑنے سے دُنیا سے رخصت ہوگئیں۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق 24 سالہ لکشمیکا سجیوان کو متحدہ عرب امارات کی ریاست شارجہ میں دل کا دورہ پڑا، اداکارہ کچھ عرصے سے شارجہ میں مقیم تھیں۔

رپورٹ میں بتایا گیا کہ لکشمیکا سجیوان شارجہ کے ایک بینک میں ملازمت کرتی تھیں، اچانک دل کا دورہ پڑنے پر اداکارہ کو اسپتال لے جایا گیا جہاں اُن کی طبیعت سنبھل نہ سکی اور وہ چل بسیں۔
24 سالہ لکشمیکا سجیوان کی اچانک موت سے ملیالم فلم انڈسٹری کو گہرا صدمہ پہنچا ہے، وہ اپنی جاندار اداکاری کی وجہ سے ملیالم فلموں میں کافی مقبول تھیں۔

لکشمیکا سجیوان نے ملیالم ٹیلی فلم ‘کاکا’ میں ایک پسماندہ کمیونٹی کی غریب لڑکی کا کردار شاندار انداز میں نبھایا تھا جس کے بعد اُنہیں کافی شہرت ملی تھی۔

اداکارہ کی اچانک موت نے اُن کے مداحوں کو افسردہ کردیا ہے، لکشمیکا سجیوان کے ساتھی اداکار اور مداح اُن کے لیے افسوس کا اظہار کررہے ہیں۔

پی ایس ایل 9؛ بابر کو قیادت چھوڑنے کے مشورے ملنے لگے

لاہور: بابر اعظم کو پی ایس ایل میں بھی قیادت چھوڑنے کے مشورے ملنے لگے۔

ورلڈکپ کی ناکام مہم کے بعد بابر اعظم تینوں فارمیٹ میں قومی ٹیم کی قیادت سے دستبردار ہوگئے تھے،اب ان کو پی ایس ایل میں فرنچائز ٹیم کی کپتانی چھوڑنے کے بھی مشورے ملنے لگے ہیں۔

ایک پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے سابق کپتان وسیم اکرم نے کہا کہ میں نے تو 2 سال قبل بھی بابر اعظم سے کہا تھا کہ لیگ کرکٹ میں قیادت نہ کرو،آپ ایک بڑے کرکٹر ہیں،اپنی رقم لیں میچز کھیلیں رنز بنائیں گھر جائیں اور نئے ایونٹ میں شرکت کی تیاری کریں، پاکستان ٹیم کی کپتانی تو ٹھیک مگر لیگ کرکٹ میں یہ بلاوجہ اضافی دباؤ بڑھانے والی بات ہے۔

سابق بھارتی کرکٹر گوتم گھمبیر نے اتفاق کرتے ہوئے کہا کہ میں نے ورلڈکپ سے قبل بابر اعظم کے ٹاپ اسکورر رہنے کی پیشگوئی کردی تھی مگر قیادت کے دباؤ سے ان کی پرفارمنس بھی متاثر ہوگئی، اس سے آزاد ہوکر اب بہترین صلاحیتیں کھل کر سامنے آئیں گی، اب میدان میں شائقین کو ایک مختلف بابر اعظم دیکھنے کو ملے گا۔

انہوں نے مزید کہا کہ انھیں پی ایس ایل جیت کر بھی کچھ نہیں ملے گا مگر بیٹنگ پر توجہ دیں تو پاکستان کی تاریخ کے بہترین بیٹر کی حیثیت سے اپنا نام درج کرواسکتے ہیں، کپتانی کا پریشر ختم ہونے کے بعد امید ہے کہ بابر مزید 10سال تک کرکٹ میں صلاحیتوں کے جوہر دکھاتے نظر آئیں گے۔

اسرائیلی بمباری میں غزہ کی 650 سال پرانی العمری مسجد شہید

اسرائیلی فوج نے بمباری کرکے غزہ کی سب سے قدیم 650 سال پرانی العمری مسجد شہید کردی۔

غزہ پر 7 اکتوبر سے جاری اسرائیلی حملوں میں تاریخی اہمیت اور قومی ورثے کی حیثیت کی حامل کئی مساجد کو شہید کردیا گیا ہے جبکہ سوا سو سے زائد مساجد کو جزوی نقصان پہنچا ہے۔

خبررساں ادارے کے مطابق اسرائیلی فوج نے وحشیانہ بمباری کرکے غزہ کی سب سے قدیم اور سب سے بڑی العمری مسجد کو شہید کردیا، یہ مسجد 650 سال پہلے تعمیر ہوئی تھی۔
سماجی سوشل سائٹ ایکس پر قدس نیوز نیٹ ورک نے اسرائیلی بمباری سے شہید ہونے والی العمری مسجد کی تصاویر شائع کردی ہیں جس کی تصدیق الجزیرہ نے بھی کی ہے۔

یاد رہے کہ اسرائیلی فوج کی غزہ میں جاری بمباری سے جہاں ہزاروں گھر تباہ ہوئے، مساجد شہید ہوئیں تو وہیں غزہ کے قدیم ثقافتی مقامات کو بھی شدید نقصان پہنچا ہے۔

Heritage for Peace نامی ادارے کے مطابق 7 اکتوبر سے اب تک غزہ کے 100 سے زائد ثقافتی مراکز تباہ ہوچکے ہیں۔

واضح رہے کہ غزہ میں 7 اکتوبر سے جاری اسرائیلی حملوں میں اب تک 17 ہزار سے زائد فلسطینی شہید ہوچکے ہیں جبکہ 46 ہزار سے زائد زخمی ہیں۔

ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل کی رپورٹ میں محکمہ پولیس سب سے زیادہ کرپٹ ادارہ قرار

پاکستان میں محکمہ پولیس نے کرپشن میں تمام اداروں کو پیچھے چھوڑ دیا۔ ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل نے نیشنل کرپشن پر سروے رپورٹ دو ہزار تئیس جاری کردی۔ جس میں محکمہ پولیس 30 فیصد شرح کے ساتھ سب سےکرپٹ ادارہ قرار دیا گیا۔

رپورٹ کے مطابق پاکستان میں محکمہ پولیس سب سے زیادہ کرپٹ ادارہ ہے، رپورٹ میں ٹینڈر اینڈ کانٹریکٹ ڈیپارٹمنٹ کو دوسرے اور عدلیہ کو کرپشن میں تیسرے نمبر پر قرار دیا گیا۔

صوبائی سطح پر اداروں میں شفافیت سے متعلق رپورٹ میں سندھ میں پولیس کا محکمہ سب سے زیادہ کرپٹ ہے، سندھ میں ٹینڈراینڈ کانٹریٹ دوسرے اور تعلیم تیسرے نمبر پر ہے۔

اسی طرح پنجاب میں پولیس پہلے، عدلیہ دوسرے، محکمہ صحت کرپشن میں تیسرے نمبر پر ہے۔

خیبرپختونخوا میں پولیس پہلے، عدلیہ دوسرے، ٹینڈر اینڈ کانٹریکٹ تیسرے نمبرپر ہے۔

بلوچستان میں ٹینڈراینڈکانٹریکٹ پہلے، پولیس دوسرے، عدلیہ تیسرے نمبر پر ہے۔

شیر افضل مروت کی باجوڑ میں گرفتاری، کارکنوں کے احتجاج پر رہائی

باجوڑ: پاکستان تحریک انصاف کے سینئر نائب صدر اور قانون دان ایڈووکیٹ شیر افضل مروت کو باجوڑ میں گرفتار کرلیا گیا تاہم کارکنوں کے احتجاج کے بعد پولیس نے انہیں رہا کرتے ہوئے باجوڑ سے واپس جانے کی ہدایت کردی۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق پی ٹی آئی کے نائب صدر شیر افضل مروت نوشہرہ میں منعقدہ پی ٹی آئی ورکرز کنونشن میں شرکت کے لیے پولیس کی جانب سے کھڑی کی گئی رکاوٹیں عبور کرکے پہنچے تھے اور وہ کل باجوڑ میں منعقد ہونے والے ورکرز کنونشن میں شرکت کے لیے جارہے تھے۔

پی ٹی آئی کے ترجمان نے دعویٰ کیا ہےکہ شیر افضل مروت کو باجوڑ جاتے ہوئے راستے میں گرفتار کیا گیا۔

ان کی گرفتاری کی خبریں سامنے آںے پر پی ٹی آئی کارکنوں نے احتجاج کرتے ہوئے چکدرہ روڈ کو بند کردیا اور ان کی رہائی تک دھرنے کا اعلان کیا۔

ذرائع کے مطابق شیر افضل مروت کو سوات پولیس نے گرفتار کیا اور اس تمام کارروائی کی نگرانی ڈی ایس پی نے کی، گرفتاری کے موقع پر پولیس کی بھاری نفری تعینات تھی۔

اطلاعات کے مطابق  انہیں گرفتار کیا گیا تاہم کچھ دیر بعد انہیں چھوڑ دیا گیا اس دوران احتجاج جاری رہا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ پولیس نے شیر افضل مروت کو کنونشن میں شرکت سے روکتے ہوئے واپس جانے کی ہدایت کی ہے۔

دریں اثنا شیر افضل مروت نے سوشل میڈیا پر پیغام میں کہا ہے کہ محفوظ مقام پر ہوں کل باجوڑ کنونشن سے خطاب کروں گا۔

ٹانک میں سیکیورٹی فورسز کی کارروائی میں پانچ دہشت گرد ہلاک، آئی ایس پی آر

 راولپنڈی: سیکیورٹی فورسز نے خیبرپختونخوا کے ضلع ٹانک میں خفیہ اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے پانچ دہشت گردوں کو ہلاک کردیا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری اعلامیے میں بتایا گیا ہے کہ ٹانک میں سیکیورٹی فورسز نے خفیہ اطلاع کی بنیاد پر کارروائی کی، جس کے دوران فائرنگ کے شدید تبادلے میں پانچ دہشت گرد ہلاک ہوئے۔

ہلاک ہونے والے دہشت گرد بھتہ خوری، ٹارگٹ کلنگ اورقانون نافذ کرنے والے اداروں کے عملے پر حملوں میں ملوث تھے۔

سیکیورٹی فورسز نے کارروائی میں دہشتگردوں کے ٹھکانے سے بھاری ہتھیار و گولہ بارود و دھماکا خیز مواد بھی برآمد کیا ہے جبکہ دیگر دہشت گردوں کی ممکنہ موجودگی کے خدشے کے پیش نظر علاقے میں سرچ آپریشن جاری رکھا ہوا ہے۔

ترجمان پاک فوج کا کہنا ہے کہ سیکیورٹی فورسز ملک سے دہشت گردوں و دہشت گردی کے خاتمے کے پرعزم ہیں۔

پاکستان میں تمام شہریوں کو اظہار رائے کی مکمل آزادی ہے، نگراں وزیراعظم

ویب ڈیسک: نگران وزیراعظم انوارالحق کاکڑ نے کہا ہے کہ پاکستان میں اظہار رائے کی مکمل آزادی ہے اور تمام پاکستانی برابر کے شہری ہیں۔

جمعے کے روز کراچی کی نجی یونیورسٹی میں طلبا و طالبات سے سوال و جواب کی ایک نشست میں گفتگو کرتے ہوئے نگراں وزیر اعظم نے کہا کہ زندگی کو بامقصد بنانے اور روشن مستقبل کے لئے تعلیم ضروری ہے، میرٹ کانظام لاگو کئے بغیر  ہم آگے نہیں بڑھ سکتے۔

نگران وزیراعظم نے اپنے ابتدائی کلمات میں  کہا کہ تعلیم اورتعلیمی ادارے ہمیشہ میرے دل کےقریب  رہے ہیں، مجھے ہمیشہ سے سیکھنے اور جاننے سے شغف رہا ہے اور مجھے نمایاں تعلیمی اداروں نے ہمیشہ اپنی جانب راغب کیا ہے، زندگی کو بامقصد بنانے کے لئے تعلیم ضروری ہے۔

گلگت بلتستان کے ایک طالب علم کی طرف سے پوچھے گئے سوال کا جواب دیتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ گلگت بلتستان جغرافیائی لحاظ سے اہم حیثیت کاحامل ہے، یہ  پاکستان کاحصہ ہے اور انشا اللہ ہمیشہ رہے گا، گلگت بلتستان کی حیثیت  کو اقوام متحدہ کی قرار دادوں کے مطابق کشمیر کے حصے کے طور پر دیکھنا ہوگا۔

نگران وزیر اعظم نے کہا کہ پاکستان اور بھارت کشمیر پر تین جنگیں لڑ چکے ہیں، پاکستان نے گلگت بلتستان کے حوالے سے  جو اقدامات کئے ہیں وہ عوام کو حقوق دینے کے لئے ہیں، گلگت بلتستان کو پاکستان کا سنگا پور ہونا چاہیے کیونکہ  یہ وسائل سے مالامال علاقہ ہے۔

اظہار رائے کی آزادی کے حوالے سے  نگران وزیر اعظم نے کہا کہ پاکستان میں ہر شہری کو اظہار رائے  کا حق حاصل ہے، ملکی سیاسی تاریخ کو مد نظر رکھتے ہوئے کسی مخصوص واقعہ کو کسی مخصوص مدت یا کسی مخصوص حکومت سے نہیں جوڑا جا نا چاہیے،   آج بھی یہاں طالب علموں اور  وزیراعظم  کے درمیان گفتگو اور سوال و جواب کی نشست  میں کھل کر بات کی جارہی ہے  اور طالب علموں نے وزیر اعظم کے روبرو اپنے دل کی باتیں کھل کر کی ہیں لہٰذا  یہ  تاثر کہ  ملک میں  اظہار رائے کی آزادی نہیں اس میں موجودہ نشست کے بعد وزن نہیں رہے گا۔

وزیر اعظم نے اس بات پر زور دیا کہ اظہار رائے کو مثبت اور تعمیری ہونا چاہیے۔ انہوں  نے کہا کہ  ملک کی سیاسی تاریخ  اور دیگر موضوعات پر گھنٹوں بحث ہو سکتی ہے۔

ایک سوال کے جواب میں وزیراعظم نے کہا کہ 18ویں ترمیم کے بعد  صحت کا شعبہ صوبوں کے پاس چلاگیا، اب صوبوں  کی ذمہ داری ہے کہ اس حوالےسے اقدامات کریں، بڑھتی ہوئی آبادی کی ضروریات کے پیش نظر صحت کی سہولیات بڑھاناہوں گی اور گورننس کے سسٹم کو بہتر بنانا ہوگا۔

ایک سوال کے جواب میں وزیراعظم نے کہاکہ اقلیتوں سمیت تمام پاکستانی برابر کے شہری  ہیں ،کسی کام یا پیشے کو کسی مذہب کے ماننے والوں سے منسلک نہیں کرنا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ مدینہ کی ریاست میں شہریوں کوبرابر کے حقوق حاصل تھے  اور میرٹ کا نظام تھا، میرٹ کانظام لاگو کئے بغیر  ہم آگے نہیں بڑھ سکتے۔

ایک اور طالب علم کے سوال کے جوا ب میں وزیراعظم نے کہا کہ ماضی میں ہماری ترجیحات درست سمت میں نہیں رہیں اور کبھی اصل مسائل پر بات نہیں ہوئی، یہ کسی وی لا گ یاٹاک شو کاموضوع نہیں بنتے۔

انہوں نے ملک میں اعلیٰ تعلیم و تحقیق  اوراس ضمن میں  زیادہ فنڈز مختص کرنے کی کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئےکہا کہ تعلیم یافتہ نوجوانوں کو اصل ایشوز پر بات کرتے ہوئے  لوگوں کو متوجہ کرنا چاہیے، بالخصوص اعلیٰ تعلیم کے فروغ کے لئے اپنی آواز کوپالیسی سازوں تک پہنچائیں۔

ایک اور سوال کے جواب میں وزیراعظم نے کہا کہ انسانی تاریخ میں مختلف وجوہات کی بنا پر نقل مکانی  ہوتی رہی ہے، پاکستان ایک بہت بڑی آبادی والا ملک ہے، یہاں  سے جو لوگ بہتر مواقع  کی تلاش میں باہر جا رہے ہیں اس پر پریشان ہونے کی ضرورت نہیں کیونکہ یہ قدرتی عمل ہے، پروفیشنلز کے  بیرون ملک جانے کو منفی نہیں لیناچاہیے، اگر کوئی نرس  یا ڈاکٹر بیرون ملک جا کر گلوبل سپلائی چین کا حصہ بن جاتا ہے اور ہمارے جی ڈی پی  میں اضافے میں معاونت کرتا ہے  تو اس  میں کوئی  ہرج والی بات نہیں  کیونکہ جو لوگ باہر منتقل ہو جاتے ہیں وہ باہر جا کر بھی پاکستان کے ساتھ جڑے رہتےہیں اور  قیمتی زرمبادلہ بھجواتے ہیں۔

قبل ازیں کراچی میں منعقدہ ہیلتھ اینڈ ٹیک کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم کا کہنا تھا کہ عوام کو صحت کی معیاری اور  بہتر خدمات کی فراہمی  حکومت کی آئینی ذمہ داری ہے،مستقبل میں ترقی کا انحصار ٹیکنالوجی کے استعمال  پر ہے، تحقیق کافروغ ہر حکومت کی ترجیح ہونی چاہیے۔