عمران خان کے بیانات نشر کرنے پر پابندی کا پیمرا نوٹیفکیشن معطل

سندھ ہائیکورٹ نے پاکستان تحریک انصاف کے سابق چیئرمین عمران خان کے بیانات نشر کرنے پر پابندی کے خلاف کیس میں پیمرا کا 4 دسمبر کا نوٹیفکیشن معطل کردیا۔

سندھ ہائیکورٹ کے جسٹس عدنان اقبال چوہدری نے سابق چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کے بیانات نشر کرنے پر پابندی کے خلاف کیس کی سماعت کی۔

وکیل تحریک انصاف بیرسٹر علی طاہر نے کہا کہ سابق وزیراعظم عمران خان کے بیانات پر پابندی عائد کرنا قانون کی خلاف ورزی ہے، پیمرا نے غیر قانونی طور پر پابندی کا نوٹیفکیشن جاری کیا۔

عمران خان کے وکیل نے عدالت سے استدعا کی کہ پیمرا کا 4 دسمبر کا نوٹیفکیشن کالعدم قرار دیا جائے۔

بیرسٹر علی طاہر کے دلائل مکمل ہونے کے بعد سندھ ہائیکورٹ نے عمران خان کے بیانات پر پابندی کے خلاف درخواست پر محفوظ فیصلہ سناتے ہوئے پیمرا کا 4 دسمبر کا نوٹیفکیشن معطل کردیا۔

سندھ ہائیکورٹ نے پی ٹی آئی کی درخواست پر پیمرا اور وفاقی حکومت کو نوٹس جاری کرتے ہوئے فریقین سے 21 دسمبر کو جواب طلب کرلیا۔

یاد رہے کہ بیرسٹرعلی طاہر نے پیمرا کا نوٹیفکیشن سندھ ہائیکورٹ میں چینلج کیا تھا۔

 

اقوام متحدہ میں فلسطینیوں کے حق میں 5 قراردادیں منظور؛ امریکا غیر حاضر

جنیوا: اقوامِ متحدہ کی جنرل اسمبلی میں امریکا سمیت 10 ممالک کی غیر حاضری میں فلسطینیوں کے حق میں پیش کی گئی 5 قراردادیں منظور کرلیں گی۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق اقوامِ متحدہ کی جنرل اسمبلی میں فلسطینیوں کے حق میں پیش کی گئی قراردادوں میں اسرائیلی جارحیت کی تحقیقات کرانے سمیت امدادی کاموں، بے گھر ہونے والوں کے اثاثوں کے تحفظ، یہودی آبادکاروں اور بنیادی حقوق کی عدم فراہمی شامل ہے۔

سب سے پہلے فلسطینی پناہ گزینوں کے اثاثوں کے تحفظ سے متعلق قرارداد پیش کی گئی جسے 163 ارکان کی حمایت سے منظور کرلیا گیا۔ امدادی کاموں سے متعلق پیش کی گئی قرارداد کو 165 ووٹ ملے۔

یہودی آبادکاروں کی بستیوں کے خلاف قرارداد کے حق میں 149 ممالک نے ووٹ دیا جب کہ بنیادی حقوق کی فراہمی سے متعلق قرار بھی 168 ووٹس سے منظور ہوگئی۔

تاہم فلسطینیوں کے حقوق کے خلاف اسرائیلی کارروائیوں کی تحقیقات سے متعلق قرارداد کو صرف 86 ووٹ ملے حاصل ہوئے اور 12 ممالک نے مخالفت کی جب کہ 75 ممالک رائے شماری کے وقت اجلاس سے غیرحاضر رہے۔

عام انتخابات: ن لیگ اور استحکام پاکستان کے درمیان سیٹ ایڈجسٹمنٹ پر اتفاق

 لاہور: آئندہ عام انتخابات کے لیے مسلم لیگ ن اور  استحکام پاکستان پارٹی  کے درمیان سیٹ ایڈجسٹمنٹ پر اصولی اتفاق ہوگیا۔ 

مسلم لیگ ن اور استحکام پاکستان پارٹی کی قیادت کی ملاقات کی اندرونی کہانی سامنے آگئی، پارٹی ذرائع کے  مطابق  آئندہ عام انتخابات کے لیے دونوں جماعتوں کے مابین  سیٹ ایڈجسٹمنٹ پر اصولی اتفاق ہو گیا ہے۔

پارٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ شہاز شریف اور جہانگیر ترین کی ملاقات میں مسلم لیگ پنجاب کے صدر رانا ثنااللہ  اور ایاز صادق بھی شریک ہوئے جبکہ آئی پی پی کی طرف سے عون چوہدری جہانگیر ترین کے ساتھ ملاقات میں شریک  تھے۔

اصولی طور پر دونوں جانب سے سیٹ ایڈجسٹمنٹ پر اتفاق  کیا گیا تاہم سیٹ ایڈجسٹمنٹ کتنی نشستوں پر ہوگی یہ طے کرنے لیے  پارٹی رہنماؤں کی ملاقاتوں کے مزید دور ہوں گے۔

پارٹی ذرائع کے مطابق لاہور، ساہیوال، لودھراں، رحیم یار خان سمیت دیگر علاقوں میں سیٹ ایڈجسٹمنٹ ممکن ہے تاہم نشستوں کی تعداد کا تعین  اگلی ملاقاتوں میں پیپر ورک کے ساتھ کیا جائے گا۔

دنیائے تاریخ میں کسی جماعت نے پیپلزپارٹی سے زیادہ قربانیاں نہیں دیں، آصف زرداری

پاکستان پیپلزپارٹی پارٹی (پی پی پی) کے شریک چیئرمین اور سابق صدر آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ دنیا کی تاریخ میں کسی جماعت نے اپنے منشور کیلیے پیپلزپارٹی سے زیادہ قربانیاں نہیں دیں۔

اپنے ایک بیان میں سابق صدر مملکت اور پاکستان پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی نے گزشتہ برسوں میں ہمیشہ عام آدمی کے مسائل کے خاتمے کے لیے کوششیں کی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اپنے قیام کے آغاز سے ہی بانی و انقلابی رہنما ذوالفقار علی بھٹو کا “روٹی کپڑا اور مکان” کا نعرہ پی پی پی کی بنیادی اقدار سے جڑا ہوا ہے، جس کی تکمیل کیلئے پارٹی نے ان گنت قربانیاں دی ہیں اور اس کی بنیاد میں شہداء کا خون بھی شامل ہے۔

سابق صدر کا کہنا تھا کہ جدید دنیا کی تاریخ میں کسی جماعت نے اپنے منشور کی تکمیل کے لیے پیپلز پارٹی سے زیادہ قربانیاں نہیں دی ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ پی پی پی نے مسلسل آگے کیجانب سفر کیا اور اپنے تجربات سے سیکھا ہے، اس طرح ہم ایک نئے جوش اور فرض کے احساس کے ساتھ پاکستانی عوام کی خدمت کے لیے تیار ہیں۔

آصف زرداری نے کہا کہ شفافیت اور گڈ گورننس کو یقینی بنانے کے لیے خوراک، تعلیم اور صحت جیسے اہم محکموں کی مکمل ڈیجیٹلائزیشن ناگزیر ہے کیونکہ یہ محکمے عام آدمی کی فلاح و بہبود کے لیے ضروری خدمات فراہم کرتے ہیں۔

اُن کا مزید کہنا تھا کہ انسداد ہراسگی قوانین کو مزید مضبوط اور ان پر عملدرآمد یقینی بنانا ہے تا کہ ہمارے معاشرے میں خواتین کو بغیر کسی خوف اور تعصب کے کام کرنے کی اجازت اور موقع میسر ہو سکے، پی پی پی ہمیشہ سے خواتین کے حقوق کی علمبردار رہی ہے اور اسی جماعت نے شہید محترمہ بے نظیر بھٹو کی صورت میں اسلامی دنیا کو پہلی خاتون وزیر اعظم سے بھی نوازا ہے۔

طلاق کی افواہیں، امیتابھ بچن نے ایشوریا رائے کو اَن فالو کردیا

 ممبئی: بالی ووڈ کی مقبول ترین جوڑی ایشوریا رائے اور ابھیشیک بچن کی طلاق کے افواہوں کے دوران امیتابھ بچن نے اپنی بہو کو سوشل میڈیا سے اَن فالو کردیا۔

ایشوریا رائے اور ابھیشیک بچن کی طلاق کی افواہیں کئی بار میڈیا پر آئی ہیں، یہ خبریں بھی سامنے آئی تھیں کہ اداکارہ کے بچن فیملی کے ساتھ تعلقات خراب چل رہے ہیں۔

انہی افواہوں کے دوران، حال ہی میں ایشوریا رائے اور ابھیشیک بچن کو اپنی فیملی کے ہمراہ بالی ووڈ کنگ شاہ رخ خان کی بیٹی سہانا خان کی پہلی فلم ‘دی آرچیز’ کے پریمیئر پر دیکھا گیا۔

ایشوریا رائے اور ابھیشیک بچن کو طویل عرصے بعد عوامی تقریب میں ایک ساتھ دیکھنے کے بعد دونوں کی طلاق کی افواہوں میں تو کمی آگئی لیکن اب ایشوریا اور امیتابھ بچن کے حوالے سے نئی خبر سامنے آئی ہے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق امیتابھ بچن نے اپنے آفیشل انسٹاگرام اکاوْنٹ سے اپنی بہو ایشوریا رائے کو اَن فالو کردیا ہے۔

یہ خبر جیسے ہی سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تو صارفین نے کہا کہ ایشوریا رائے اور بچن فیملی کے درمیان کچھ گڑبڑ چل رہی ہے جبکہ کچھ صارفین نے یہ بھی دعویٰ کیا کہ امیتابھ بچن اور ایشوریا رائے نے انسٹاگرام پر کبھی ایک دوسرے کو فالو کیا ہی نہیں تھا۔

واضح رہے کہ ابھیشیک بچن اور ایشوریا رائے کی شادی 2007 میں ہوئی تھی اوران کے گھربیٹی آرادھیا کی پیدائش 2011 میں ہوئی۔ ابھیشیک بچن بھارت کے لیجنڈ اداکار امیتابھ بچن اور ویٹرن اداکارہ جیا بچن کے بیٹے ہیں۔

سابق وزیر خزانہ شوکت ترین بھی پی ٹی آئی کو خیرباد کہہ گئے

 اسلام آباد: پی ٹی آئی رہنما اور سابق وفاقی وزیر خزانہ شوکت ترین بھی پاکستان تحریک انصاف کو خیر باد کہہ گئے۔

ذرائع کے مطابق شوکت ترین بھی بانی چیئرمین عمران خان کی پارٹی سے علیحدہ ہونے والوں کی فہرست میں شامل ہو گئے۔ انہوں نے پی ٹی آئی چھوڑنے کے ساتھ ساتھ سیاست کو بھی خیرباد کہہ دیا ہے۔

پارٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ سابق وزیر خزانہ شوکت ترین نے سینیٹ سے بھی استعفا دینے کا فیصلہ کیا ہے اور اس سلسلے میں انہوں نے پارٹی قیادت کو اپنے فیصلے سے آگاہ کر دیا ہے۔

انتخابات 8 فروری کو ہونگے، اس پر کوئی شک و شبہ نہیں ہونا چاہئے، نگراں وزیر اطلاعات

نگراں وفاقی وزیر اطلاعات، نشریات و پارلیمانی امور مرتضیٰ سولنگی نے کہا ہے کہ عام انتخابات 8 فروری کو ہی ہوں گے، اس کے انعقاد پر کوئی شک و شبہ نہیں ہنا چاہیے۔

کوئٹہ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے مرتضیٰ سولنگی نے کہا کہ نگراں حکومت آزادانہ، غیر جانبدارانہ اور شفاف انتخابات کرانے کیلئے پرعزم ہے، لہٰذا نتخابات کے انعقاد کے حوالے سے کسی قسم کا کوئی شک و شبہ نہیں ہونا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ 8 فروری 2024ءکو پورے ملک میں انتخابات ہوں گے، الیکشن کمیشن کی مالی، انتظامی یا سکیورٹی ضروریات پورا کرنا ہماری ذمہ داری ہے۔

مرتضیٰ سولنگی کا کہنا تھا کہ وفاقی حکومت چاروں صوبائی حکومتوں کے ساتھ مل کر اس فریضے کو سرانجام دے گی، ہمارے آئین کی تمہید میں لکھا ہے کہ یہ ملک اس کے منتخب نمائندے چلائیں گے۔

نگراں وزیر اطلاعات نے کہا کہ جس حالت میں ملک ملا ہے، اس سے بہتر حالت میں اگلی منتخب حکومت کے حوالے کریں گے، آج پاکستان اسٹاک ایکسچینج 100 انڈیکس 66 ہزار کی حد عبور کر چکا جب کہ ڈالر کی قدر میں بھی کمی ہوئی ہے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ کچھ لوگ افواہیں پھیلا رہے تھے کہ آئی ایم ایف کے اگلے بورڈ میں پاکستان کا کیس نہیں، بلومبرگ کی آج کی خبر ہے 11 جنوری کو پاکستان آئی ایم ایف بورڈ کے ایجنڈے پر ہے، ہمیں خوشی ہے ملک معاشی استحکام کی طرف بڑھ رہا ہے۔

اپنی پریس کانفرنس میں مرتضیٰ سولنگی کا کہنا تھا کہ ی ٹی وی کوئٹہ سینٹر کے دورہ کے دوران پی ٹی وی بولان کی ٹیرسٹیریل براڈ کاسٹنگ کے حوالے سے گفتگو ہوئی، پی ٹی وی بولان کی نشریات کو انٹینا کے ذریعے ممکن بنانے پر کوشش کریں گے۔

وزیر اطلاعات نے کہا کہ ملک کے جغرافیائی رقبہ کا 43 فیصد رقبہ بلوچستان میں ہے، یہ تاریخی اعتبار سے ایک متنوع صوبہ ہے، پی ٹی وی بولان کی نشریات کا دائرہ کار بڑھا رہے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ 17 دسمبر سے انشاءاللہ پی ٹی وی بولان پر ہزاروی زبان میں بھی نشریات شروع کریں گے، ہماری کوشش ہوگی کہ پی ٹی وی بولان کی تکنیکی اور ہیومن ریسورس ضروریات کو پورا کریں۔

مرتضیٰ سولنگی کا کہنا تھا کہ نگراں حکومت کے اختیارات اور مدت محدود ہے، کوئٹہ پریس کلب اور بلوچستان کے صحافیوں کی فلاح و بہبود کے لیے جو بھی ممکن ہوگا اقدامات اٹھائیں گے۔

ہمارا مطالبہ اقتدار نہیں، قوم کو بتائیں اس ملک میں ڈاکہ کس نے ڈالا، نواز شریف

سابق وزیراعظم اور مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف کا کہنا ہے کہ ہمارا مطالبہ اقتدار نہیں، قوم کو بتائیں اس ملک میں ڈاکہ کس نے ڈالا ہے۔

ن لیگ کے پانچویں پارلیمانی بورڈ کے اجلاس سے کظاب کرتے ہوئے نواز شریف نے کہا کہ وقت اچھا اور کچھ کم اچھا بھی آیا، وقت کو برا نہیں کہنا چاہئے، اتارچڑھاؤ زندگی کا حصہ ہے مگر کچھ زخم کبھی نہیں بھرتے۔

انہوں نے کہا کہ ن لیگ کی قیادت کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا، چاہتے ہیں کہ پاکستان کو ترقی کی راہ پر ڈالیں، خواہش ہے پاکستان کو اس گرداب سے باہرن کالا جائے۔

قائد ن لیگ کا کہنا تھا کہ جو بھی سیاسی میدان میں آئے اسے سوچنا چاہئے ملک کیلئے کچھ کرنا ہے، البتہ ہماری بدنصیبی ہے گزشتہ 75 سال سے کھیل کھیلے جاتے رہے، ملک پر ایک کھلنڈرا مسلط کیا گیا جسے معیشت کا کچھ پتا نہیں تھا۔

سابق وزیراعظم نے کہا کہ وہ شخص صرف زبانی کلامی ریاست مدینہ کہتا تھا ریاست مدینہ کیا تھی اسے دور دور تک کوئی اندازہ نہیں، دوسروں کو نیچا دکھانے کیلئے ریاست مدینہ کا نام لیتے رہے، جب کبھی سوچتا ہوں تو پھر یہ باتیں کرنی پڑتی ہیں۔

نواز شریف نے کہا کہ 190 ملین پاؤنڈز اسکینڈل کرپشن کا سب سے بڑا اسکینڈل ہے، بند لفافہ دکھا کر اپروول لیتے رہے، لفافہ کھول کر ہی نہیں دکھایا، سپریم کورٹ نے کہا یہ حکومت پاکستان کا پیسہ ہے وہاں جانا چاہیے۔

اپنے خطاب میں ان کا مزید کہنا تھا کہ وہ پھر کہتے ہیں بجلی کی قیمتیں بڑھ گئیں، اگر آپ قوم کا 60 ارب روپے کھا جائیں گے تو بجلی کی قیمتیں ہی بڑھیں گی، 60 ارب روپے نہ کھاتے تو بجلی کا کارخانہ لگ جاتا۔

قائد ن لیگ نے کہا کہ ہم پر الزام لگاتے ہوکہ بیٹے سے تنخواہ نہیں لی، ہماری پارٹی کے لوگوں کو جیل میں ڈالا گیا، مجھے آج 7 سال بعد انصاف مل رہا ہے، ہائی کورٹ کا کیس لگا کہ مجھ پرسب بوگس مقدمے بنائے گئے۔

نواز شریف نے کہا کہ انہی کے دورمیں 190 ملین پاؤنڈز سپریم کورٹ میں آئے، چور چور کہنے والے خود سب سے بڑے چور ہیں، ملک کو یہاں تک کس نے پہنچایا، ڈالر کیوں اتنا مہنگا ہوگیا اور پیسہ مٹی میں مل گیا؟ یہ سب باتیں ملک کوتباہ کرگئیں، لہٰذا سب کا احتساب ہونا چاہئے۔

کینیڈا، بالی ووڈ فلمیں چلانے والے 3 سینما گھروں پر حملہ

ٹورنٹو: کینیڈا میں بھارتی فلمیں چلانے والے سینما گھروں پر حملہ کیا گیا، نقاب پوش نامعلوم افراد نے سینما گھروں میں گُھس کر بدبو دار اسپرے چھڑکا۔

بھارتی میڈیا کے مطابق رواں ہفتے 5 دسمبر کو کینیڈا کے شہر ٹورنٹو میں اُن تین سینما گھروں پر حملہ کیا گیا جہاں بھارتی فلمیں چلائی جاتی ہیں، پہلا حملہ منگل کی شب 9 بجکر 20 منٹ پر کیا گیا۔

اس حملے میں نقاب پوش افراد سینما گھر کے اندر داخل ہوئے اور وہاں موجود سامعین پر اسپرے کردیا، حملہ آور اسپرے کرنے کے بعد وہاں سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے جبکہ حملے کے وقت سینما گھر کے اندر 200 لوگ بالی ووڈ فلم دیکھ رہے تھے۔

اسپرے کی وجہ سے سینما گھر میں موجود تمام سامعین نے کھانسی شروع کردی تھی جس کے بعد اُن تمام لوگوں کو بحفاظت باہر نکالا گیا۔

اس حوالے سے پولیس کا کہنا ہے کہ 5 دسمبر کی شب کچھ وقت کے وقفے سے تین سینما گھروں پر حملہ کیا گیا، دو سینما گھروں میں اسپرے چھڑکا گیا جبکہ ایک سینما گھر میں “بدبودار بم” رکھا گیا۔

پولیس کا کہنا ہے کہ ہم تحقیقات کرتے ہوئے یہ جاننے کی کوشش کررہے ہیں کہ کیا یہ تینوں واقعات آپس میں جڑے ہوئے ہیں۔

ان تینوں حملوں میں کسی بھی شخص کے زخمی ہونے کی اطلاع نہیں ملی، واقعے کی تحقیقات ابھی جاری ہیں جبکہ پولیس نے مشتبہ افراد کی تصاویر جاری کر دی ہیں۔

آسٹریلیا کیخلاف سیریز سے قبل قومی ٹیم کو بڑا دھچکا

قومی کرکٹ ٹیم کے مسٹری اسپنر ابرار احمد آسٹریلیا کے خلاف ٹیسٹ سیریز سے قبل انجری کا شکار ہوگئے۔

کینبرا میں پرائم منسٹرالیون کے خلاف چار روزہ میچ کے تیسرے روز اسپنر نے 8 اوورز کے بعد دائیں ٹانگ میں تکلیف کی شکایت کی، جس کے بعد انہیں آرام کیلئے بھیج دیا گیا۔

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی جانب سے جاری اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ ابرار احمد کو ٹانگ میں تکلیف کے بعد ایم آر آئی اسکین کیلئے بھیج دیا گیا ہے، میڈیکل پینل کرکٹر کی رپورٹس سامنے آنے کے بعد تفصیلات سے آگاہ کرےگا۔

واضح رہے کہ چار روزہ میچ آسٹریلیا کے خلاف تین میچوں کی ٹیسٹ سیریز سے قبل پاکستان کیلئے پریکٹس میچ تھا۔

دونوں ٹیموں کے درمیان سیریز کا پہلا میچ 14 دسمبر پرتھ کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔