اسلام آباد: سنی اتحاد کونسل کے وزارتِ عظمیٰ کے امیدوار عمر ایوب نے شہباز شریف کے کاغذات نامزدگی کے خلاف اعتراض قومی اسمبلی اسپیکر کو جمع کرادیا۔
پاکستان تحریک انصاف کے ترجمان کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق عمر ایوب نے اتحادی جماعتوں کے وزارت عظمیٰ کے امیدوار شہباز شریف کے خلاف جمع کرائے گئے اعتراض میں کہا کہ فارم 47 میں ہیرا پھیری کر کے شہباز شریف کو حلقہ تحفے میں دیا گیا۔
عمر ایوب نے اعتراض عائد کیا کہ شہباز شریف فارم 45 کے مطابق اپنے حلقے سے ہار چکے تھے، اس کے باوجود انہوں نے جعلی ایم این اے کی حیثٰت سے حلف اٹھایا لہذا وہ وزیراعظم کے عہدے کیلیے اہل نہیں ہیں۔
مریم اورنگزیب کا عمر ایوب کے اعتراض پر ردعمل
پاکستان مسلم لیگ (ن) کی سیکرٹری اطلاعات مریم اورنگزیب کا عمر ایوب کے اعتراض پر ردعمل دیتے ہوئے شہباز شریف کو وزیراعظم بننے کی پیش گی مبارک باد دی اور کہا کہ الیکشن سے پہلے شہباز شریف سے شکست کا خوف عمر ایوب کے لہجے میں بول رہا ہے، خیبر پختون خوا کا رزلٹ حلال اور دیگر صوبوں کا حرام، یہ ڈرامہ نہیں چلے گا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کو ڈیفالٹ کرانے والوں کا ڈیفالٹ سے بچانے والوں سے مقابلہ ہے، 9 مئی کرنے والوں کا 28 مئی والوں سے مقابلہ ہے، لہذا 9 مئی والے اب روئیں نہیں بلکہ مقابلہ کریں۔ مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ افسوس کے سڑکوں کی بدتمیزی پارلیمان میں آ گئی ہے، اِس بد تہذیبی ، بد تمیزی کا جواب عوامی خدمت سے دیں گے انشاءاللہ۔
واضح رہے کہ وزارت عظمیٰ کیلیے قومی اسمبلی میں ووٹنگ 3 مارچ کو ہوگی۔ اتحادی جماعتوں کی جانب سے شہباز شریف کو امیدوار نامزد کیاگیا ہے جبکہ سنی اتحاد کونسل کے امیدوار عمر ایوب ہوں گے۔