کراچی: لی مارکیٹ نپئیر تھانے کے قریب رہائشی عمارت کے بالائی منزل کا زینہ زمین بوس ہوگیا۔
اتوار کو رات گئے اولڈ سٹی ایریا نپئیر تھانے کے قریب لی مارکیٹ موتل بائی اسٹریٹ بھیم پورہ میں عبد الرحمان نامی تین منزلہ رہائشی عمارت کا زینہ زور دار دھماکے سے زمیں بوس ہوگیا ، جس کے باعث رہائشی افراد عمارت میں پھنس گئے۔
ریسکیو کی ٹیم نے وقوعہ پر پہنچ کر عمارت کی بالائی منزل کے گھر میں موجود ضعیف العمر خواتین اور بچوں سمیت 10 افراد اور چھت پر موجود جانوروں کو بحفاظت نیچے اتار لیا۔
عمارت کے رہائشی شاہد حسین نے بتایا کہ عمارت اس کی دادی نے 1941 میں ایک ہندو سے خریدی تھی ، جن کے انتقال کے بعد ان کے تین بیٹوں صادق علی عبد الرحمان ، محمد علی اور انور علی کے نام کر دی گئی تھی ، اب تینوں بیٹوں کی 5 اولادیں اپنی فیملیز کے ساتھ عمارت میں رہائش پزیر ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ آج تک سندھ بلڈنگ کنٹرول والوں نے اس عمارت کا معائنہ نہیں کیا اور نہ ہی اسے مخدوش قرار دیا ہے ، عمارت کی دیواریں نئی عمارتوں سے زیادہ مضبوط ہیں۔
ان کا کہنا تھا عمارت کے مکین اگر کچھ رقم لگا کر مرمت کا کام کرا لیتے تو یہ نوبت بھی نہیں آتی سب نے اپنے گھروں کو اندر سے مرمت کرا کر سجا لیا لیکن عمارت کے باہر کوئی کام نہیں کراتا ، ریسکیو 1122 کا کہنا تھا کہ عمارت 1843 میں قائم کی گئی تھی عمارت کا زینہ خستہ ہونے کے باعث گرا ہے ۔