اوہائیو: ہم میں سے تقریباً سبھی نے اپنے بچپن میں پِن بال گیم کھیلا ہوگا تاہم امریکا میں ایک شہری نے اس شوق کو جنون میں بدل لیا ہے۔ امریکا میں ایک آرکیڈ گیمنگ شاپ کے مالک نے پِن بال مشینوں کے سب سے بڑے ذخیرے کا عالمی ریکارڈ قائم کرلیا ہے۔
امریکی میڈیا کے مطابق ریاست اوہائیو میں پاسٹ ٹائمز آرکیڈ نامی گیمنگ شاپ کے مالک راب برک اس وقت حیران رہ گئے جب انہیں گنیز ورلڈ ریکارڈز کی جانب سے عالمی اعزاز سے نوازا گیا۔
دراصل راب برک کی بیٹی نے شاپ میں رکھی 1,041 پِن بال مشینوں کے مجموعے کو خفیہ طور پر گن کر گنیز ورلڈ ریکارڈ کو تفصیلات بھیجی تھیں۔ ریلی برک نے خفیہ طور پر ریکارڈ کے لیے ادارے کو درخواست بھیجی تھی جس کے بعد راب برک دنیا میں سب سے زیادہ پن بال مشینیں رکھنے والے آدمی بن گئے۔
بیٹی ریلی برک کا کہنا تھا کہ انہیں یہ گنیز ورلڈ ریکارڈ کی جانب سے یہ عالمی سند موصول ہوئی، ٹھیک والد کی سالگرہ کے 3 دن بعد۔ ریلی نے بتایا کہ انہوں نے پھر آرکیڈ شاپ کی پہلی سالگرہ کے موقع پر یہ گنیز ورلڈ ریکارڈز کا سرٹیفکیٹ والد کو پیش کیا۔
راب برک نے اپنے انٹرویو میں کہا کہ میرے لیے ابھی بھی اس واقعے پر یقین کرنا بہت مشکل ہے۔ یہ بہت بڑا اعزاز ہے۔ ہم سب اپنی زندگی میں بہت کچھ کرتے ہیں لیکن ذہن میں یہ سوال کبھی کبھی ابھرتا ہے کہ جو ہم کرتے ہیں کیا وہ کبھی لوگوں کی طرف سے تسلیم کیا جائے گا؟ اور اس کا جواب ہے ہاں، بعض اوقات لوگ آپ کو مان جاتے ہیں اور اس سلسلے میں میں خوش قسمت ہوں۔