ڈھاکا: بنگلادیش میں فوج نے کرفیو ختم کرنے کا اعلان کردیا، جس کے بعد تعلیمی ادارے بھی کھول دیے گئے ہیں۔
بین الاقوامی خبر رساں اداروں کے مطابق بنگلادیش میں حسینہ واجد حکومت کی بساط پلٹے جانے کے بعد کرفیو اٹھا لیا گیا ہے اور دارالحکومت ڈھاکا سمیت ملک بھر میں اسکول، کالج اور جامعات سمیت تمام تعلیمی ادارے کھول دیے گئے ہیں۔
بنگلادیش بھر میں کشیدہ اور غیر یقینی حالات کی وجہ سے معمولات زندگی مکمل طور پر بحال نہیں ہوئے، جس کی وجہ سے تعلیمی ادارے کھلنے کے باوجود حاضر ہونے والے طلبہ کی تعداد بہت کم ہے، اسی طرح کاروباری مراکز میں بھی سرگرمیاں نہ ہونے کے برابر ہیں۔
میڈیا رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ بنگلادیش کی اساتذہ تنظیم ’’یونیورسٹی ٹیچرز نیٹ ورک‘‘ کی جانب سے ملک بھر میں تعلیمی سرگرمیوں کو بحال کرنے کے حوالے سے حکمت عملی بنانے کا اعلان کیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ ڈھاکا یونیورسٹی سمیت دیگر اداروں میں زیر تعلیم طلبہ کی بڑی تعداد ملک کے کشیدہ حالات کی وجہ سے تعلیمی سرگرمیاں چھوڑ کر اپنے آبائی علاقوں کو روانہ ہو چکی تھی، جنہیں اب حالات معمول پر آنے کے بعد واپسی میں کچھ وقت لگے گا۔