قومی ٹیم کے لیجنڈری سابق کرکٹر ظہیر عباس نے بابر اعظم کو ٹیم سے باہر نکالنے کا مطالبہ کردیا۔
حال ہی میں بنگلادیش کے خلاف ٹیسٹ میچ میں بدترین کارکردگی کے بعد سے قومی کرکٹ ٹیم، بالخصوص بابر اعظم کو ان کے مداحوں اور سابق کرکٹرز کی جانب سے تنقید کا سامنا ہے۔
ظہیر عباس نے ایک انٹرنیشنل کرکٹ ٹاک شو کے دوران گفتگو کرتے ہوئے بابر اعظم کی کارکردگی پربات کرتے ہوئے کہا کہ ’بابر اعظم کو ٹیم سے ڈراپ کردینا چاہیے‘۔
انہوں نے کہا کہ ’اگر بابر رنز نہیں بنا پا رہے اور اگر وہ آؤٹ آف فارم ہیں تو انہیں ٹیم سے باہر نکال دینا چاہیے‘۔
ویرات کوہلی سے موازنہ
سابق کرکٹر ظہیر عباس نے بابر کی حالیہ پرفارمنس دیکھ کر ان کا بھارت کے مایہ ناز بلے باز ویرات کوہلی سے موازنہ بےبنیاد قرار دیدیا۔
ظہیر عباس کا کہنا تھا کہ ’ویرات کوہلی اور بابر اعظم کا موازنہ بے معنیٰ ہے، ویرات ہر میچ میں رنز کرتے ہیں جبکہ بابر ہر میچ میں رنز نہیں کرتے، تو آپ ان دونوں کا موازنہ کیسے کرسکتے ہیں؟’
ناقص پرفارمنس پر شائقینِ کرکٹ نالاں
واضح رہے کہ ظہیر عباس کے بابر سے متعلق ریمارکس ان کے حال ہی میں بنگلادیش کے خلاف دی گئی خراب کارکردگی پر سامنے آئے ہیں۔
بابر اعظم نے بنگلادیش کے خلاف اپنی 4 اننگز میں صفر، 22، 11 اور 31 رنز بنائے تھے، اس سیریز میں پاکستان کو بنگلادیش کے خلاف شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔
خراب کارکردگی کے باعث بابر اعظم کئی برس بعد پہلی بار ٹاپ10 بیٹرز کی رینکنگ سے بھی باہر ہوگئے ہیں۔