اسلام آباد: اسپیکر قومی اسمبلی اور چینی وزیراعظم کے درمیان ملاقات ہوئی، جس میں پاک چین تجارتی تعلقات بڑھانے پر اتفاق کیا گیا۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق شنگھائی تعاون تنظیم کے سربراہ اجلاس میں شرکت کے لیے پاکستان آئے چینی وزیراعظم سے اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق نے ملاقات کی ہے، جس میں دونوں ممالک کے تجارتی تعلقات کو مزید وسعت دینے، علاقائی امن و استحکام کے لیے مشترکہ کوششوں پر اتفاق کیا گیا۔
ملاقات میں اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق کا کہنا تھا کہ شنگھائی تعاون تنظیم کے اجلاس کی میزبانی پاکستان کے لیے اعزاز ہے۔چین پاکستان کا بااعتماد اور مخلص دوست ہے۔ پاکستان کو چین کے ساتھ اپنی سدا بہار دوستی پر فخر ہے۔
انہوں نے کہا کہ شنگھائی تعاون تنظیم کے فورم سے علاقائی تعاون کو فروغ اوراستحکام کو تقویت ملے گی۔ پاکستان ایس سی او پلیٹ فارم کو بہت اہمیت دیتا ہے۔ شنگھائی تعاون تنظیم کے اجلاس سے عالمی سطح پر پاکستان کا مثبت تاثر اجاگر ہوگا۔ شنگھائی تعاون تنظیم کے پلیٹ فارم سے علاقائی ترقی کے لیے کام کریں گے۔
ایاز صادق نے مزید کہا کہ پاک چین اقتصادی راہداری (سی پیک) کے منصوبے دونوں ممالک کے لیے خصوصی اہمیت کے حامل ہیں۔ پاکستان میں مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کے وسیع تر مواقع موجود ہیں۔ اسی طرح تعلیمی اور سائنسی تعاون بڑھانے کی بھی ضرورت ہے۔
دونوں رہنماؤں کے درمیان توانائی کے شعبے میں مشترکہ منصوبوں کی اہمیت پر بھی گفتگو کی گئی۔
اسپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ ٹیکنالوجی اور ڈیجیٹل معیشت میں تعاون سے پاکستانی عوام کو بہت فائدہ ہوگا۔ چین پاکستان کا اسٹریٹجک شراکت دار ہے، مستقبل میں دونوں ممالک کے تعاون کو مزید فروغ دیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان اور چین کے مابین پارلیمان کی سطح پر تعاون بڑھایا جائے گا۔ مستقبل میں پارلیمانی وفود کے تبادلے کو فروغ دیا جائے گا۔ ملاقات میں قومی اسمبلی اور چینی پارلیمان کے مابین روابط بڑھانے پر اتفاق کیا گیا۔
سردار ایاز صادق نے کہا کہ چین کے وزیراعظم کا حالیہ دورۂ پاکستان دوطرفہ تعلقات کو مزید مستحکم بنانے میں اہم پیش رفت ثابت ہو گا۔