بالی وڈ کی معروف اداکارہ سونم کپور اور ان کے شوہر نے 1940 کی دہائی کا مشہور میوزک اسٹور خرید لیا۔
سونم کپور نے 2007 میں اپنی فلم سانوریہ سے شہرت حاصل کر کے انڈسٹری کی صفِ اول کی اداکاراؤں میں اپنا شمار کرایا تھا۔
اداکارہ نے سخت محنت کی اور نیرجا، رانجھنا، دہلی 6، اور بہت سی فلموں کے ساتھ خود کو بالی ووڈ کی سب سے خوبصورت اداکاراؤں میں سے ایک کے طور پر منوایا۔
ذاتی زندگی میں سونم نے اپنے دیرینہ دوست آنند آہوجا سے 2018 میں ایک شاندار شادی کی تقریب میں شادی کی اور پھر سال 2022 میں اپنے پہلے بچے وایو کا استقبال کیا۔
حال ہی میں رپورٹس سامنے آئی ہیں کہ سونم کپور اور ان کے شوہر آنند آہوجا نے بھارت کا مشہور میوزک لیبل ‘رِدھم میوزک’ خرید لیا ہے اور اب وہ بھارت کے مشہور میوزک اسٹور کے مالک ہیں۔
اکنامک ٹائمز کی ایک رپورٹ کے مطابق سونم اور آنند نے ممبئی میں اس میوزک اسٹور کو 47 کروڑ 84 لاکھ روپے میں خریدا ہے۔
خیال رہے کہ سال 2019 میں 3,600 اسکوائر فٹ پر محیط یہ رِدھم ہاؤس اس وقت بند کردیا گیا تھا جب نیرو مودی کو اربوں ڈالر کے بینک قرضوں کی وجہ ڈیفالٹر (نادہندہ) قرار دیا گیا تھا۔
اس خبر کی تصدیق بھارتی بنکرپٹی کورٹ کی جانب سے اسٹور کی فروخت کی نگرانی کے لیے مقرر کردہ پروفیشنل نے کی۔
بھانے کے ترجمان نے خریداری کی تصدیق کی لیکن اس کی قیمت بتانے سے انکار کردیا۔
خیال رہے کہ خرید و فروخت کا یہ معاہدہ موسیقی کی نسل کے لیے ایک ایسے دور کے خاتمے کی نشاندہی کرتا ہے جو وینائل، کیسٹس اور کمپیکٹ ڈسکس پر اپنے پسندیدہ فنکاروں کے گانے سن کر پروان چڑھی ہے۔
موسیقی کا یہ اسٹور 1940 کی دہائی میں قائم کیا گیا تھا جس نے پنڈت روی شنکر جیسے لیجنڈ موسیقاروں اور بالی وڈ کے کئی ستاروں کی بھی میزبانی کی ہے۔
تاہم میوزک پائریسی کی لہر اور بعد میں ڈیجیٹل اسٹریمنگ ویب سائٹس کی وجہ سے یہ میوزک اسٹور غیر متعلقہ ہو گیا تھا اور اس کی وجہ سے یہ بہت متاثر ہوا۔