بانی پی ٹی آئی کی بہن علیمہ خان نے میڈیا کو بتایا ہے کہ عمران خان نے کہا ہے وقت آگیا ہے اب ہمیں قربانی دینا ہوگی۔
اڈیالہ جیل کے باہر میڈیا کے نمائندوں سے بات کرتے ہوئے علیمہ خان نے کہا کہ سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل سے پوچھا جائے تو کہتے ہیں کہ یہ ہمیں اوپر سے آرڈر آئے ہیں۔
علیمہ خان نے صحافیوں کو بتایا کہ بانی پی ٹی نے کہا کہ جب جنرل یحییٰ خان تھا، ایسٹ پاکستان میں بھی یہی کیا گیا تھا۔ بنگلا دیش کے لوگ پاکستان سے آزادی نہیں، بلکہ اپنے ووٹ کا حق مانگ رہے تھے۔
انہوں نے کہا کہ وکلا کے لیے عمران خان نے پیغام دیا ہے کہ مشرف دور میں بھی وکلا نے تحریک چلائی تھی۔ اب تو انہوں نے سپریم کورٹ اور ہائی کورٹ پر قبضہ کر لیا ہے، اب آپ تحریک کیوں نہیں چلا رہے؟۔
بانی پی ٹی آئی کی بہن نے بات کرتے ہوئے مزید کہا کہ 9 نومبر کے جلسے کے حوالے سے عمران خان کا پیغام ہے کہ سارے ایم این ایز سارے ایم پی ایز وہاں پہنچیں۔ پاکستان کے عوام کے لیے بھی انہوں نے پیغام دیا ہے کہ آپ اس لاقانونیت کے خلاف نکلیں۔اب وقت آ گیا ہے کہ ہمیں قربانی دینی ہو گی اور آپ کو آزادی کے لیے کھڑا ہونا پڑے گا۔ کل جو ہمارا پروگرام ہے وہیں پر آئندہ کے لیے لائحہ عمل دیں گے۔
علیمہ خان نے کہا کہ نہ ہمارے ادارے، نہ عدلیہ کچھ کر رہی ہے، اب عوام کو اپنے فیصلوں کے لیے سڑکوں پر نکلنا ہو گا۔