تازہ تر ین

چیمپئنز ٹرافی 2025: قذافی اسٹیڈیم کی تعمیر نو 60 فیصد مکمل، 31 دسمبر تک اختتام متوقع

لاہور(رپورٹ،ذیشان نواز) چیمپئنز ٹرافی 2025 کی تیاری کے سلسلے میں قذافی اسٹیڈیم لاہور، کراچی اسٹیڈیم اور راولپنڈی اسٹیڈیم میں گزشتہ چار ماہ سے اپ گریڈیشن کا کام دن رات جاری ہے۔ اس منصوبے کے لیے مجموعی طور پر 12 ارب 80 کروڑ روپے کا بجٹ مختص کیا گیا ہے، جس میں سے صرف قذافی اسٹیڈیم کے لیے ساڑھے 7 ارب روپے رکھے گئے ہیں۔

قذافی اسٹیڈیم کی تعمیر نو تقریباً مکمل طور پر ایک نئے اسٹیڈیم کی صورت میں کی جا رہی ہے۔ سابقہ اسٹیڈیم کی مین بلڈنگ، جو کہ کھلاڑیوں کے ڈریسنگ رومز، وی آئی پی باکسز، چیئرمین باکس اور پی سی بی کے دفاتر پر مشتمل تھی، کو دو حصوں میں تقسیم کیا گیا ہے۔ نئی بلڈنگ کے پہلے حصے میں پی سی بی کے دفاتر، میوزیم اور ایک سووینئر شاپ شامل ہیں، جو باہر سے نظر آئے گی، جبکہ دوسرے حصے میں گراونڈ فیسنگ سہولیات شامل ہیں۔

نئی بلڈنگ کے اندرونی ڈیزائن کے مطابق، گراؤنڈ فلور پر وی آئی پی انکلیوژر اور کھلاڑیوں کے لیے ڈریسنگ رومز بنائے جا رہے ہیں۔ پہلے فلور پر وی آئی پی انکلیوژر، جبکہ دوسرے اور تیسرے فلور پر چیئرمین باکس اور وی وی آئی پی باکسز تعمیر کیے جا رہے ہیں۔

تماشائیوں کے لیے انکلیوژرز کو نئے سرے سے ڈیزائن کیا جا رہا ہے، جن میں نشستوں کی تعداد 21 ہزار سے بڑھا کر 34 ہزار کر دی جائے گی۔ جنگلوں کو ہٹا کر انکلیوژرز کو قریب لایا جا رہا ہے تاکہ تماشائیوں کو بہتر ویو اور زاویہ فراہم کیا جا سکے۔ جنگلوں کی جگہ موٹ روم بنائی جا رہی ہے، جو انکلیوژرز کو گراؤنڈ سے الگ کرے گی اور بارش کے پانی کی نکاسی کے لیے بھی استعمال ہوگی۔

اسٹیڈیم میں جدید تقاضوں کو مدنظر رکھتے ہوئے پرانی بڑی اسکرین کو ہٹا کر جدید ڈیجیٹل اسکرین لگائی جا رہی ہے، جبکہ پرانی لائٹس کی جگہ نئی ایل ای ڈی لائٹس نصب کی جا رہی ہیں۔

پاکستان کرکٹ بورڈ کے ڈائریکٹر انفراسٹرکچر، جواد قاضی احمد، کے مطابق قذافی اسٹیڈیم میں 24 گھنٹے کام جاری ہے اور 31 دسمبر 2024 تک منصوبہ مکمل کر لیا جائے گا۔ ان کے مطابق اب تک 60 فیصد کے قریب کام مکمل ہو چکا ہے اور باقی ماندہ کام تیزی سے جاری ہے۔


اہم خبریں





دلچسپ و عجیب
   پاکستان       انٹر نیشنل          کھیل         شوبز          بزنس          سائنس و ٹیکنالوجی         دلچسپ و عجیب         صحت        کالم     
Copyright © 2021 All Rights Reserved Dailykhabrain