تیسرے اور آخری ٹی 20 میں آسٹریلیا کی ہدف کے تعاقب میں پاکستان کیخلاف بیٹنگ جاری ہے۔
ہوبارٹ میں کھیلے جارہے میچ میں پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تھا، پاکستانی بلے باز آسٹریلوی بولرز کے سامنے ریت کی دیوار ثابت ہوئے اور پاکستان کی پوری ٹیم 117 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔
پاکستان ٹیم پورے 20 اوورز بھی نہ کھیل سکی اور 18.1 اوورز میں 117 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔ بابراعظم 41 اور حسیب اللہ خان 24 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔
آسٹریلیا کی طرف سے ایرون ہارڈی نے 3، ایڈم زمپا اور اسپینسر جانسن نے 2، 2 وکٹیں حاصل کیں۔
تیسرے ٹی ٹوئنٹی میں پاکستان ٹیم کی قیادت نائب کپتان سلمان علی آغا کررہے ہیں جبکہ محمد رضوان آج کے میچ میں شریک نہیں ہیں۔
پاکستانی پلیئنگ الیون میں صاحب زادہ فرحان، بابر اعظم، حسیب اللہ، سلمان علی آغا، عرفان خان نیازی، عباس آفریدی، شاہین شاہ آفریدی، جہانداد خان، حارث رؤف اور سفیان مقیم شامل ہیں۔
واضح رہے کہ میزبان آسٹریلیا ابتدائی دو میچز میں فتح کے ساتھ پہلے ہی سیریز اپنے نام کرچکا ہے۔
آسٹریلیا نے پہلا ٹی ٹوئنٹی 29 اور دوسرا 13 رنز سے جیتا تھا، پاکستانی ٹیم اب تک کینگروز کو آسٹریلیا میں ٹی 20 میچ میں شکست نہیں دے سکی ہے۔