نیٹی جیٹی کے قریب ٹریفک حادثے میں چچا اور سات سالہ بھتیجا جاں بحق اور دو افراد زخمی ہوگئے، زخمیوں میں متوفی بچے کے والد اور چچا شامل ہیں۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق ڈاکس کے علاقے کیماڑی نیٹی جیٹی پل پر جمعرات کو رات گئے ٹریلر سے کچل کر موٹرسائیکل سوار ایک شخص جاں بحق اور سات سالہ بچہ اور اس کے والد سمیت 3 افراد زخمی ہوگئے۔
جاں بحق ہونے والے شخص کی لاش اور زخمیوں کو چھیپا ایمبولینسوں کے ذریعے سول اسپتال منتقتل کیا گیا جبکہ زخمی ہونے والے بچے کو پرائیوٹ گاڑی کے ذریعے کھارادر میں واقعے نجی اسپتال ( کتیانہ میمن اسپتال ) لے جایا گیا۔
سول اسپتال میں جاں بحق ہونے والے شخص کی شناخت 25 سالہ عرفان کے نام سے کی گئی جبکہ سول اسپتال لائے جانے والے زخمیوں کی 27 سالہ محمد شیخ ولد شیخ احمد اور لبل شیخ ولد شیخ احمد شامل ہیں۔
دوسری جانب زخمی حالت میں نجی اسپتال لے جایا جانے والا سات سالہ بچہ ایان ولد لبل شیخ دوران علاج زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا، متوفی ایان زخمی ہونے والے لبل شیخ کا بیٹا تھا۔
موقع پر موجود ایک شخص نے ایکسپریس کو بتایا کہ دو موٹرسائیکلوں پر ایک ہی خاندان کے 8 افراد سوار تھے جو ماڑی پور مچھر کالونی کے رہائشی ہیں اور کلفٹن سی ویو سیر و تفریح کے لیے گئے تھے اور وہاں سے واپس آرہے تھے، ایک موٹرسائیکل حادثے میں محفوظ رہی۔
عینی شاہد نے بتایا کہ نیٹی جیٹی پل پر موٹر سائیکل سلپ ہوکر گری، عقب سے آنے والا ٹریلر اس پر چڑھ گیا جس کے نیتجے میں عرفان موقع پر جاں بحق جبکہ ایان، اس کے والد لبل شیخ اور ایان کا چچا محمد شیخ زخمی ہوگئے، حادثے کی اطلاع ملنے پر پولیس موقع پر پہنچ گئی اور حادثے کے ذمہ دار ٹریلر کو قبضے میں لے لیا ہے جس کا ڈرائیو موقع سے فرار ہوگیا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ حادثے کے ذمے دار ٹریلر کے اندر سے بیئر اور شراب کی بوتلیں برآمد ہوئی ہیں، ٹریلر کو تھانے منتقل کر کے اس کے مالک اور ڈرائیور کی تلاش اور واقعے کی تحقیقات شروع کر دی گئی ہے۔