لاہور(اسپورٹس رپورٹر) بھارت کے آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی 2025 میں پاکستان میں نہ کھیلنے کے معاملے پر انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے 29 نومبر کو بورڈ میٹنگ طلب کرلی ہے۔ ذرائع کے مطابق یہ میٹنگ بذریعہ ویڈیو لنک منعقد ہوگی، جس میں تمام 15 ممبر ممالک کے نمائندے شرکت کریں گے۔ذرائع نے بتایا ہے کہ اجلاس میں چیمپئنز ٹرافی کے پاکستان میں انعقاد کے حوالے سے مختلف آپشنز پر غور کیا جائے گا۔ بھارتی کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) نے آئی سی سی پر زور دیا ہے کہ ٹورنامنٹ ہائبرڈ ماڈل کے تحت کروایا جائے، لیکن پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) حکومتی ہدایات کے تحت اس ماڈل کو قبول کرنے کے لیے تیار نہیں۔ مزید یہ بھی اطلاعات ہیں کہ اگر پاک بھارت ڈیڈلاک برقرار رہا تو آئی سی سی بورڈ ممبرز سے ووٹنگ کروائی جاسکتی ہے۔ میٹنگ میں چیمپئنز ٹرافی کے شیڈول کے بارے میں بھی بات چیت ہوگی۔چیمپئنز ٹرافی 2025 کے میزبان پاکستان کے لیے یہ اہم وقت ہے، اور پی سی بی اپنی پوزیشن واضح طور پر پیش کرنے کے لیے پرعزم ہے۔
