رینجرز اور پولیس نے حب ریور روڈ سے اسٹریٹ کرائم میں ملوث گینگ کو گرفتار کرلیا۔
سندھ رینجرز اور پولیس نے انٹیلی جنس معلومات کی بنیاد پر سردار ممتاز ویلیج حب ریور روڈ پر مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے ملزم فہیم اورا سکے ساتھی کامران عرف کامو کو گرفتارکرلیا۔
ترجمان کے مطابق گرفتار ملزمان کا 15 رکنی گینگ ہے جو ڈکیتی اور اسٹریٹ کرائم کی متعدد وارداتوں سمیت قانون نافذ کرنے والے ادارے کی موبائل پر فائرنگ میں بھی ملوث ہیں۔
گرفتار ملزمان کا ساتھی محمد نعیم غیر قانونی اسلحہ اور چھینی ہوئی موٹر سائیکل سمیت دوران ڈکیتی پہلے ہی گرفتار ہوچکا ہے جبکہ مذکورہ ملزمان فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے تھے۔
دوران تفتیش ملزمان نے شہر کے مختلف علاقوں حب ریور روڈ، اتحاد ٹاؤن، ناردرن بائی پاس، فقیر کالونی، بلدیہ ٹاؤن اور آفریدی کالونی میں ڈکیتی، اسٹریٹ کرائم، لوٹ مار اور موٹر سائیکل چھیننے کی متعدد وارداتوں اور مزاحمت پر متعدد افراد کو قتل اور زخمی کرنے کا بھی اعتراف کیا ہے۔
ملزمان عادی مجرم ہیں جن پر متعدد مقدمات درج ہیں اور وہ کئی بار گرفتار ہوکر جیل بھی جا چکے ہیں، ملزمان کے دیگر ساتھیوں کی گرفتاری کیلئے چھاپے مارے جا رہے ہیں، گرفتار ملزمان کو مزید قانونی کاروائی کیلئے پولیس کے حوالے کردیا گیا۔