وفاقی وزیرقانون اعظم نذیرتارڈ نے 26 نومبر کو قانون ہاتھ میں لینے والوں کے خلاف سخت کارروائی کا عندیہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ خیبرپختونخوا کی حکومت کرم کے حالات پر سنجیدہ اقدامات کرے۔
قومی اسمبلی کے اجلاس کے دوران وزیر قانون اور پارلیمانی امور اعظم نذیر تارڑ نے کہا کہ ہم صوبائی خود مختاری کو فوقیت اور عزت دیتے ہیں اورلا اینڈ آرڈر صوبائی معاملہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ جب تک صوبہ مدد نہیں مانگتا تب تک وفاق وہاں نہیں جاتا، اس معاملے پر وزیر داخلہ کو بھی ہدایت کی گئی کہ صوبے کے ساتھ رابطے میں رہیں۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ گورنر خیبرپختونخوا نے اے پی سی بلائی لیکن وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا نہیں گئے، کرم کے حوالے سے گزارشات وزیر اعظم اور وزیر داخلہ کے نوٹس میں لاؤں گا۔
ان کا کہنا تھا کہ صوبائی حکومت سے گزارش ہے کہ گورنر خیبرپختونخوا کے ساتھ مل کے آگے بڑھیں۔
اعظم نذیرتارڈ نے کہا کہ حکومت خیبرپختونخوا کرم کے حالات پر سنجیدہ اقدامات کرے،
26 نومبر کو جنہوں نے قانون ہاتھ میں لیا تھا ان کے خلاف سخت کارروائی ہوگی۔