جنوبی افریقا کے اسپنر کیشو مہاراج پاکستان کے خلاف ون ڈے سیریز سے باہر ہوگئے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق پاکستان کے خلاف سیریز کے پہلے ون ڈے میچ کے دوران وارم اَپ کرتے ہوئے بائیں ہاتھ کے اسپنر کیشو مہاراج کی کمر میں تکلیف ہوئی جس کی وجہ سے وہ میچ کھیلنے سے قاصر رہے تھے۔
البتہ انہیں ابتدائی طور پر پلئینگ الیون کا حصہ بنایا گیا تھا لیکن انجری کے باعث ان کی جگہ اینڈائل پھہلوکوایو پہلے میچ میں شامل کیا گیا۔
میڈیکل رپورٹ سامنے آنے کے بعد جنوبی افریقی سلیکٹرز نے کیشو مہاراج کو 19 اور 22 دسمبر کو شیڈول ون ڈے میچز سے بھی آرام کا مشورہ دیا ہے۔
خیال رہے کہ افریقی اسپنر کیشو مہاراج پاکستان کیخلاف 2 میچز پر مشتمل سیریز کےلیے 16 رکنی ٹیسٹ اسکواڈ کا حصہ ہیں، دونوں ٹیموں کے درمیان پہلے ٹیسٹ میچ کا آغاز 26 دسمبر سے ہوگا۔
جنوبی افریقی بورڈ کی جانب سے جاری کردہ اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ مہاراج فٹنس کی بحالی کےلیے ڈربن سے واپس سنچورین آئیں گے جہاں ان کی فٹنس کو بہتر بنانے پر کام کیا جائے گا جس کے بعد ٹیسٹ سیریز کےلیے ان کی دستیابی کے حوالے سے حتمی اعلان ہوگا۔