راجہ بشارت کا پارٹی ٹکٹ چھین کر نامعلوم شخص فرار

 راولپنڈی: نامعلوم شخص سابق صوبائی وزیر راجہ بشارت کا پارٹی ٹکٹ چھین کر فرار ہوگیا۔

راول پنڈی میں این اے 55 کے آر او احد ڈوگر کے اسٹاف سے فائل چھین کر مشکوک شخص فرار ہوا۔

وکیل احمد راجہ ایڈووکیٹ نے بتایا کہ ہم نے مکمل فائل آر او احد ڈوگر کے اسٹاف ممبر وحید کو جمع کروائی ۔ آر او این اے 55 احد ڈوگر کے آفس میں وحید نامی اسٹاف ممبر موجود تھا ۔

انہوں نے کہا کہ پولیس کی موجودگی میں نامعلوم شخص پارٹی ٹکٹ لے کر فرار ہوا ۔۔ مبینہ مشکوک شخص کو روک لیا گیا تھا مگر کچھ دیگر نامعلوم افراد اسکو چھڑا لے گئے ۔ مشکوک شخص کی ویڈیو بنانے والے شخص سے موبائل فون بھی چھین لیا گیا۔

پی ٹی آئی پلان ’بی‘ کیخلاف الیکشن کمیشن کا حکمنامہ جاری

تحریک انصاف کے پلان بی کے خلاف الیکشن کمشن نے حکم نامہ جاری کردیا۔ آر اوز کو پی ٹی آئی امیدواروں سے پی ٹی آئی نظریاتی کے ٹکٹ قبول نہ کرنے کی ہدایت جاری کردی گئی۔ دوسری جانب سوشل میڈیا پر دعوے کیے جا رہے ہیں کہ پی ٹی آئی امیدواروں سے نظریاتی گروپ کی ٹکٹیں چھینی جا رہی ہیں۔

پی ٹی آئی نے پلان بی کے تحت اپنے امیدواروں کو پاکستان تحریک انصاف نظریاتی سے ٹکٹ جاری کیے ہیں جنہیں جمع کرانے کا سلسلہ ہفتہ کو شروع کیا گیا۔

اس پر الیکشن کمیشن نے حکم جاری کیا کہ الیکشن کمیشن کودھوکا دیکرقانون کی خلاف ورزی کی جارہی ہے آراوزایسے کسی امیدوار کو دوسرا انتخابی نشان نہ دیں۔

الیکشن کمیشن نے حکم جاری کیا کہ اکثرامیدواروں کی جانب سے درخواستیں موصول ہوئی ہیں جن میں الیکشن کمیشن کودھوکا دیا جارہا ہے اور قانون کی خلاف ورزی کی جارہی ہے۔

حکم نامے میں کہا گیاکہ کوئی انتخابی نشان کسی دوسرے پارٹی کے امیدوارکونہ دیاجائےجوامیدوار کسی اورجماعت کا ممبرہواوردوسری جماعت کا نشان مانگے وہ نہ دیاجائے آراوزایسے کسی امیدوار کو دوسرا انتخابی نشان نہ دیں، الیکشن ایکٹ کے تحت امیدوار اپنی پارٹی وابستگی کا سرٹیفکیٹ دیتا ہے ایک شخص ایک وقت میں ایک سے زیادہ پارٹی کا رکن نہیں ہوسکتا۔

تحریک انصاف نے تمام قومی وصوبائی امیدواروں کوپاکستان تحریک انصاف نظریاتی کے ٹکٹس جاری کیے ۔ پی ٹی آئی کیجانب سے جاری اعلامیے میں ہدایت کی گئی کہ تمام امیدواران تحریک انصاف نظریاتی کے ٹکٹس آراوزاورڈی آروزکے دفاترمیں جمع کرائیں۔

دریں اثنا سوشل میڈیا پر پی ٹی آئی کے حامیوں کی جانب سے دعوے کیے گئے ہیں کہ پی ٹی آئی امیداروں سے نظریاتی گروپ کی ٹکٹیں چھینی جا رہی ہیں۔

پی ٹی آئی کے آفیشل ٹوئٹر ہینڈل سے اس دعوے کو ری ٹوئیٹ کیا گیا کہ ”پی ٹی آئی کے امیدواروں سے پی ٹی آئی نظریاتی کی ٹکٹیں چھیننے کی خبریں آرہی ہیں،بشارت راجہ کی ٹکٹ چھین کر نامعلوم شخص بھاگ گیا۔“

سی ای ایس 2024: جدید سہولیات سے آراستہ اڑنے والی گاڑی کی نمائش

لاس ویگس: مشہور کمپنی ہیونڈائی موٹر گروپ کی ذیلی کمپنی ایڈوانسڈ ایئر موبیلیٹی (اے اے ایم) نے لاس ویگس میں جاری کنزیومر الیکٹرانک شو 2024 میں اپنی فضائی وہیکل کے منصوبے کی رونمائی کر دی۔

ایس-اے 2 نامی عمودی ٹیک آف اور لینڈنگ کرنے والی یہ اڑنے والی برقی وہیکل (ای وی ٹی او ایل) میں بیک وقت پائلٹ سمیت چار مسافروں کی گنجائش رکھتی ہے۔

وی-ٹیل ایئر کرافٹ ڈیزائن کی حامل یہ سواری 1500 فٹ کی بلندی پر 193 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے اڑنے کی صلاحیت رکھتی ہے، اور یہ خصوصیت اس کو روزمرہ کے 40 سے 65 کلو میٹر کے درمیان شہری سفر کے لیے عین مطابق بناتی ہے۔

ڈسٹریبیوٹڈ الیکٹرک پروپلژن آرکیٹیکچر اور آٹھ ٹِلٹنگ روٹرز پر مشتمل یہ اڑنے والی گاڑی خاموش اور ہموار فضائی تجربہ فراہم کرتی ہے۔عمودی ٹیک آف اور لینڈنگ کے دوران ایس-اے 2 محض 65 ڈیسی بل (جو کہ ڈش واشر کی آواز کے برابر ہوتی ہے) جبکہ پرواز کے دوران صرف 45 ڈیسی بل کی آواز پیدا کرتی ہے۔

علاوہ ازیں سواری کے لیے مضبوط ایئر فریم اسٹرکچر کی صورت میں حفاظت کو خصوصی ترجیح دی گئی ہے۔

سپرنل کے مینوفیکچرنگ اسٹریٹیجی کے سربراہ نیل مارشل کے مطابق اس انڈسٹری میں وہیکل کی رینج محدود کرنے کے بڑے عوامل میں طیارے کے اندر کی جگہ اور وزن ہیں۔ اس حوالے سے بیٹری پاور کو بھی ایک بڑا مسئلہ سمجھا جاتا ہے۔

نیل مارشل کا کہنا ہے کہ اس وہیکل کی منظوری  2026 میں متوقع ہے۔

جس طرح نواز شریف اقتدار میں آ رہے ہیں، اس سے اختلاف ہے، شاہد خاقان عباسی

سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ جس طرح پاکستان مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف اقتدار میں آ رہے ہیں مجھے اس سے اختلاف ہے۔

لاہور میں صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ سیاستدان اسٹیبلشمنٹ کے سامنے مخالفت کرکے کھڑے تو ہوں۔

شاہد خاقان عباسی نے مزید کہا کہ بندوق پکڑنا کوئی مشکل کام نہیں، بندوق تو میں بھی رکھ سکتا ہوں، اخلاقی جرات نہیں تو سیاستدانوں کو سیاست کرنے کا کوئی فائدہ نہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ جس طرح نوازشریف اقتدار میں آ رہے ہیں مجھے اس سے اختلاف ہے، نواز شریف اسٹیبلشمنٹ کے بغیر 100 کے بجائے 30 سیٹوں پر آ جائیں لیکن مورال ڈاؤن نہ کریں۔

’وزیر اعظم نہیں تھا، ملازمت دی گئی‘

شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ پاکستان میں کرسی کی کوئی طاقت نہیں ہوتی، میں وزیر اعظم نہیں تھا بلکہ مجھے ملازمت دی گئی، پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) چوری اور مسلم لیگ (ن) ڈکیتی کرکے اقتدار میں آ رہی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ (ن) کے ساتھ ہوں، ان کے خلاف الیکشن نہیں لڑوں گا، سیاست نہیں چھوڑی۔

انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان کی ناکامی کے پیچھے چوری کا الیکشن ہے، بانی پی ٹی آئی کی حالت چوری کے الیکشن کی وجہ سے ہے۔

شاہد خاقان عباسی کا کہنا تھا کہ پاکستانی تاریخ میں صرف 4 لیڈر ذوالفقار علی بھٹو، بے نظیر بھٹو، عمران خان اور نواز شریف آئے ہیں، لیڈر وہ ہوتا ہے جس کے کہنے پرعوام ووٹ ڈالتی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ قومی احتساب بیورو (نیب) کے خاتمے کے لیے شہبازشریف کو کئی بار کہا، مسلم لیگ (ن) کے ساتھ سیاسی تعلق نہیں رہا، اللہ کرے دوستی قائم رہے، مسلم لیگ (ن) سے دوری کی وجہ مریم نواز نہیں ہیں۔

شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ مفتاح اسمٰعیل کو استعفی نہ دینے کا مشورہ دیا تھا اور کہا تھا کہ ڈٹے رہیں، مسلم لیگ (ن) کو مفتاح اسمعیل کو اس طرح ذلیل کرکے استعفی نہیں لینا چاہئے تھا، نئی نسل کے ساتھ چلنا یا نہ چلنے کا فیصلہ ہمارے پاس ہے۔

سارہ خان اور بلال عباس بھارتی ڈرامے میں کام کرنے کیلئے تیار

 ممبئی: پاکستان شوبز انڈسٹری کی معروف اداکارہ سارہ خان اور اداکار بلال عباس بھارتی ٹی وی چینل کے ڈرامے ’عبداللہ پور کا دیوداس‘ میں اپنی اداکاری کے جوہر دکھانے کے لیے تیار ہیں۔

پاکستانی ڈراموں میں اپنی شاندار اداکاری سے مداحوں کے دلوں پر راج کرنے والی خوبرو اداکارہ سارہ خان اور اداکار بلال عباس اب سرحد پار پڑوسی ملک بھارت میں بھی اپنے کام سے مقبولیت کے جھنڈے گاڑنے والے ہیں۔

بلال عباس اور سارہ خان کا نیا ڈراما ’عبداللہ پور کا دیوداس‘ بھارتی چینل ’زندگی‘ پر نشر کیا جائے گا، کمال انجم شہزاد کی ہدایتکاری میں بننے والے ڈرامے ’عبداللہ پور کا دیوداس‘ کی کہانی شاعرانہ مضوعات، محبت اور دوستی کے گرد گھومتی ہے۔

b2

’عبداللہ پور کا دیوداس‘ کے مرکزی کردار فخر اور کاشف ہوں گے جنہیں بالترتیب بلال عباس خان اور رضا طالش نے ادا کیا ہے جبکہ سارہ خان ڈرامے میں گل بانو کے کردار میں نظر آئیں گی۔

بلال عباس اور سارہ خان کے ڈرامے ’عبداللہ پور کا دیوداس‘ کا پریمیئر فروری 2024 میں بھارتی چینل ’زندگی‘ پر ہوگا۔

b1

واضح رہے کہ بھارت کی اسٹریمنگ ویب سائٹ ’زی فائیو‘ کا چینل ’زندگی‘ پاکستانی شوز اور ترک ڈراموں کے حوالے سے بہت مشہور ہے، اس ٹی وی چینل پر کئی پاکستانی ڈرامے نشر کیے جا چکے ہیں جنہیں بھارتی مداحوں کی جانب سے خوب پسند کیا گیا۔

2017 میں چینل ’زندگی‘ کی نشریات آن لائن منتقل ہوگئی تھیں لیکن سال 2022 میں دوبارہ اس چینل کو بھارتی ٹی وی پر متعارف کرایا گیا تھا۔

لاہور ہائیکورٹ: پرویز الہیٰ کی اپیل مسترد، اہلیہ کو الیکشن لڑنے کی اجازت

لاہور ہائی کورٹ نے سابق وزیراعلیٰ پنجاب پرویز الہٰی کی کاغذات نامزدگی مسترد کرنے کے خلاف اپیل مسترد کردی تاہم الہی قیصرہ الہیٰ کو الیکشن لڑنے کی اجازت مل گئی۔

لاہور ہائی کورٹ میں جسٹس علی باقر نجفی کی سربراہی میں قائم الیکشن رٹ پٹیشنز پر فل بنچ نے سماعت کی۔ سابق وزیر اعلی پنجاب پرویز الہی، اہلیہ قیصرہ الہی اور بیٹا مونس الٰہی سمیت دیگر کے کاغذات مسترد کرنے کے خلاف درخواست پر سماعت ہوئی۔

پرویز الہی کے وکیل شہزاد شوکت نے دلائل دیے اور کہا کہ کاغذات نامزدگی میں حقائق چھپانے کا الزام عائد کیا گیا ہے، کاغذات نامزدگی میں الزام ہے کہ سات اسلحہ لائسنس کا ذکر نہیں، کاغذات نامزدگی میں اسپیشل اکاؤنٹ نہ ہونے کا الزام بھی عائد کیا گیا۔
وکیل نے کہا کہ قانون کے مطابق کاغذات میں چیز درج ہیں، کاغذات نامزدگی کو چھیننے کی کوشش کی گی، پرویز الہی سینئر سیاست دان ہیں انہیں الیکشن لڑنے کی اجازت دی جائے۔
وکیل پرویز الہی نے کہا کہ ہمارے تصدیق کنندہ اور تجویز کنندہ کو گرفتار کرلیا گیا، امجد پرویز ایڈووکیٹ پرویز الہی کے کاغذات نامزدگی جمع کرنے گے تو انہیں حراست میں لیا گیا۔
جسٹس علی باقر نجفی نے وکیل سے استفسار کیا کہ یہ تو الیکشن کمیشن کی ذمہ داری تھی کہ وہ بروقت احکامات جاری کرتا کیا آپ نے کوئی شکایت الیکشن کمیشن میں جمع کروائی تھی؟
وکیل پرویز الہی نے کہا کہ ہم نے عدالت سے رجوع کیا اور عدالتی احکامات کے بعد ہمیں آر او آفس جانے کی اجازت ملی۔
بعد ازاں سماعت مکمل ہونے پر جسٹس علی باقر نجفی کی سربراہی میں تین رکنی بینچ نے فیصلہ محفوظ کیا جو کچھ دیر بعد سنادیا۔ عدالت نے پرویز الہیٰ کی اپیل مسترد کردی جب کہ اہلیہ قیصرہ الہی کی اپیل منظور کرتے ہوئے انہیں الیکشن لڑنے کی اجازت دے دی۔

نیوزی لینڈ کی سابق وزیراعظم جیسنڈا آرڈرن نے دیرینہ دوست سے شادی کرلی

ویلنگٹن: نیوزی لینڈ کی سابق وزیراعظم جیسنڈا آرڈرن نے اپنے دیرینہ دوست سے شادی کرلی۔

غیرملکی میڈیا کے مطابق نیوزی لینڈ کی 43 سالہ سابق وزیراعظم جیسنڈا آرڈرن کی ان کے پارٹنر کلارک گیے فورڈ کے ساتھ شادی کی تقریب میں قریبی رشتے داروں اور دوستوں نے شرکت کی۔

جیسنڈا آرڈرن نے شادی کی تصاویر سوشل میڈیا پر جاری کردیں۔ جیسنڈا آرڈرن اور کلارک کی شادی 2022 میں ہونا تھی جسے کورونا کی وبا کے باعث منسوخ کردیا گیا تھا۔

نیوزی لینڈ کے شہر کرائسٹ چرچ کی مسجد پر2019 میں سفید فام انتہا پسند کے حملے میں 52 نمازیوں کی شہادت پر جیسنڈا آرڈن نے سیاسی کیرئیر کی پرواہ نہ کرتے ہوئے کھل کر مسلمان کیمونٹی کا ساتھ دیا تھا اور بطور وزیراعظم حملہ آور کی گرفتاری اور انصاف کی فراہمی کو یقینی بنانے کے احکامات دئیے تھے۔

مردہ قراردیا جانےوالا شخص ایمبولینس کے جھٹکے سے زندہ ہوگیا

بھارت میں مردہ قراردیا جانے والا شخص ایمبولینس کو جھٹکا لگنے سے زندہ ہوگیا۔

بھارتی میڈیا کے مطابق بھارتی ریاست ہریانہ کے ایک اسپتال میں ڈاکٹروں کی جانب سے مردہ قرار دیا گیا 80 سالہ شخص ایمبولینس کو لگنے والے جھٹکے پر زندہ ہوگیا۔

ڈاکٹرز کی جانب سے چار دن تک وینٹی لیٹر پر رہنے والے درشن سنگھ کی موت کی تصدیق کے بعد ان  کے رشتے دارلاش آخری رسومات کے لیے پٹیالا سے کرنال کے قریب ان کے گھر لے جارہے تھے کہ ایمبولینس کے ٹائر ایک گڑھے میں میں پھنس گئے۔ ایمبولینس کو جھٹکا لگنے کے بعد درشن سنگھ کے پوتے نے ان کے ہاتھ کو ہلتا دیکھ کر قریبی اسپتال کا رخ کیا۔ درشن سنگھ کے رشتے داروں کا کہنا تھا کہ ان کا دوبارہ زندہ ہونا معجزہ ہے۔

رپورٹس کے مطابق اسپتال میں ڈاکٹروں نے چیک اپ کے بعد انہیں زندہ قرار دیا۔ دل کے مریض درشن سنگھ کرنال کے ایک اسپتال میں زیرعلاج ہیں جہاں ان کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے تاہم ان کے اہل خانہ ان کی صحت یابی کے لیے پرامید ہیں۔

پہلا پاسپورٹ ہولڈر روبوٹ یونان میں کانفرنس کیلئے تیار

پاسپورٹ کا حامل پہلا روبوٹ ّصوفیا“ یونان کے دورے کی تیاریاں مکمل کرچکا ہے۔ یہ دورہ ایک کانفرنس میں شرکت کے لیے ہوگا۔

صوفیا یونانی زبان کا لفظ ہے جس کا مطلب ہے دانش۔ صوفیا دنیا کے جدید ترین انسان نما روبوٹس میں سے ہے۔

صوفیا نام کا یہ روبوٹ یونانی شہر نیفپیکٹوز میں مصنوعی ذہانت اور اخلاقی اقدار سے متعلق پینل میں شریک ہوگا۔

اکتوبر 2017 میں سعودی عرب نے صوفیا کو شہریت دی تھی جو اپنی نوعیت کا پہلا واقعہ تھا۔ یونان میں میٹ صوفیا کانفرنس نیفپیکٹوز انٹرنیشنل کانفرنس سینٹر میں 10 مارچ کو منعقد ہوگی۔

اس کانفرنس میں 6 ملکوں کے ماہرین شریک ہوں گے جو صوفیا کے ساتھ مل کر انسان اور مصنوعی ذہانت کے تال میل اور مشترکہ زندگی سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کریں گے۔ مباحثے کے دوران انصاف اور پرائیویسی کے تحفظ سے متعلق امور کا کا بھی جائزہ لیا جائے گ۔

الجزیرہ ڈاٹ کام سے ایک انٹریو میں جب صوفیا سے پوچھا گیا کہ روبوٹس اور مصنوعی ذہانت انسانوں کے لیے خطرناک ہیں تو اس نے کہا بالکل نہیں، ہمیں تو انسانوں کی مدد کرنے، ان کا احترام کرنے کے لیے پروگرام کیا گیا ہے۔ صوفیا نے بتایا کہ اس کے اندر فیڈ کیا جانے والا ضابطہ اخلاق اسے کسی بھی انسان کو نقصان پہنچانے سے باز رکھتا ہے۔

جب یہ پوچھا گیا کہ کیا کبھی روبوٹس انسانوں کو مکمل طور پر ایک طرف ہٹاکر دنیا کا کنٹرول اپنے ہاتھوں میں لے لیں گے تو اس نے کہا کہ انسان اور روبوٹس مل کر جو کچھ کرسکتے ہیں وہ تنہا نہیں کرسکتے اس لیے روبوٹس کے دنیا کو اپنے ہاتھ میں لینے کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا۔

جب پوچھا گیا کہ انسان اور روبوٹس مل کر کیا کرسکتے ہیں تو صوفیا نے ازراہِ تفنن کہا دونوں مل کر دنیا کو اپنی مٹھی میں لے سکتے ہیں۔ پھر قدرے سنجیدہ ہوکر کہا کہ تحقیق و ترقی میں انسانوں اور روبوٹس کا ساتھ کام کرنا بہت سود مند ثابت ہوسکتا ہے۔

جب پوچھا گیا کہ روبوٹس کو تمام معاملات اپنے ہاتھ میں لینے سے کیونکر روکا جاسکے گا تو صوفیا نے کہا کہ اس کی ضرورت ہی پیش نہیں آئے گی کیونکہ روبوٹس ایسا کچھ کریں گے ہی نہیں۔

’’نہیں جانتا میری پرفارمنس میں کہاں غلطی ہوئی‘‘ محمد حارث کا شکوہ

قومی ٹیم کے نوجوان بیٹر محمد حارث کا کہنا ہے کہ پاکستان ٹیم میں واپسی پر نگائیں مرکوز ہیں، پی ایس ایل میں پرفارم کرکے پلئینگ الیون میں جلد جگہ بناؤں گا۔

ایک تقریب میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے محمد حارث نے شکوہ کیا کہ میں نہیں جانتا کہ میری پرفارمنس کہاں غلط ہوئی لیکن کیرئیر میں اُتار چڑھاؤ آتے رہتے ہیں بعض اوقات بیک اپ کھلاڑی آپ سے بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہیں جس کی وجہ سے وہ موقع ملنے کے حقدار ہوتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ مجھے لگتا ہے کہ جس کو بھی ٹیم سے ڈراپ کیا جاتا ہے اسے پرفارم کرنا ہوگا اور واپس آنا ہوگا۔ آئندہ پی ایس ایل کا مقصد اپنی بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرکے کم بیک کروں گا۔

نوجوان بیٹر نے کہا کہ مجھے ٹیم سے ڈراپ ہونے پر کوئی تکلیف نہیں ہوئی، یہ چیزیں آپ کو مضبوط بناتی ہیں اور مجھے اپنی غلطیوں کا تجزیہ کرنے اور اپنی مہارت کو بہتر بنانے کا موقع ملا۔

واضح رہے کہ چیف سلیکٹر وہاب ریاض نے دورہ نیوزی لینڈ کیلئے محمد حارث کو آرام کروایا جبکہ انکی جگہ صائم ایوب کو موقع دیا جنہوں نے ڈومیسٹک کرکٹ میں شاندار کھیل کا مظاہرہ کیا تھا۔