ای روزگار، فری لانسرز30 ڈالر یومیہ کما سکتے ہیں، وزیر آئی ٹی

اسلام آباد: نگران وفاقی وزیر انفارمیشن ٹیکنالوجی ڈاکٹر عمر سیف نے کہا ہے کہ ای روزگار کے ذریعے فری لانسرز30 ڈالر یومیہ کما سکتے ہیں، آئی ٹی ماہرین کی شمولیت سے5 ارب ڈالر کی برآمدات ہوں گی۔

کنونشن سینٹر میں ٹیک ڈسٹینیشن پاکستان کی تقریب سے نگران وفاقی وزیر انفارمیشن ٹیکنالوجی ڈاکٹر عمر سیف نے خطاب کرتے ہوئے، انھوں نے کہا کہ آئندہ5 سال میں آئی ٹی ماہرین کی شمولیت سے5 ارب ڈالر کی برآمدات ہوں گی، معیشت کی ترقی میں آئی ٹی کا شعبہ کلیدی اہمیت کا حامل ہے، آن لائن ورک فورس میں پاکستان کا دنیا میں دوسرا نمبر ہے، ای روزگار مراکز کا قیام عمل میں لایا جا رہا ہے۔

وزیر آئی ٹی نے کہا کہ ہم نے آئی ٹی سیکٹر کو ترجیحی بنیادوں پر استوار کیا، انھوں نے کہا کہ ای روزگار پروگرام پنجاب کے تحت 15 لاکھ افراد کو تربیت دی گئی ہے۔

ایس ایم ایز کیلیے پہلی خصوصی کریڈٹ گارنٹی کمپنی متعارف

اسلام آباد: وزارت خزانہ اور کار انداز نے ایس ایم ایز کیلیے پاکستان کی پہلی خصوصی کریڈٹ گارنٹی کمپنی متعارف کرادی ہے جس کیلیے وزارت خزانہ اورکارانداز پاکستان کے درمیان نیشنل کریڈٹ گارنٹی کمپنی لمیٹڈ (این سی جی سی ایل ) کے قیام کی شراکت دار ی ہوگئی ہے۔

وزارتِ خزانہ کے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق منعقدہ تقریب میں برطانوی ہائی کمیشن، ایس ای سی پی، اسٹیٹ بینک اور وزارت خزانہ کے نمائندے شریک ہوئے۔ این سی جی سی ایل پاکستان میں چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباروں کی فنانسنگ میں مدد دے گی اور خصوصی کریڈٹ گارنٹی کی سہولت دے گی۔ اس انقلابی اقدام کا مقصدچھوٹے کاروباروں کے لیے سرمایہ کاری کی راہ ہموار کرنا ہے۔

نگران وزیر خزانہ ڈاکٹر شمشاد اختر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباروں کا مجموعی پرائیویٹ کریڈٹ 5.2 فیصد ہے۔
برطانوی ہائی کمشنر جین میریٹ نے کہا کہ مالیاتی شمولیت کے پروگرام کے تحت اس کمپنی پر 6ارب روپے کی ابتدائی سرمایہ کاری کی گئی۔ کار انداز پاکستان کے چیف ایگزیکٹیو آفیسر کا کہنا تھا کہ کارانداز معاشی ترقی کو بڑھانے میں مہارت رکھتاہے۔

“پی ایس ایل 9” کا ترانہ، علی ظفر کیجانب سے ووٹنگ شروع

کراچی: عالمی شہرت یافتہ گلوکار علی ظفر نے پاکستان سُپر لیگ (پی ایس ایل) کے سیزن 9 کے ترانے کے لیے سوشل میڈیا پر ووٹنگ کا آغاز کردیا۔

ہر سال کی طرح، 2024 کے بھی پی ایس ایل کا میلہ سجنے والا ہے جس میں صرف ایک ماہ باقی ہے، پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے ایونٹ کی تیاریوں کا آغاز ہوگیا ہے جبکہ شائقین یہ سوچ رہے ہیں کہ اس سیزن کا ترانہ کونسے گلوکار کی آواز میں سامنے آئے گا۔

پی ایس ایل کے ترانے کی بات آئے تو شائقین کرکٹ کے ذہنوں میں سب سے پہلے علی ظفر کا خیال آتا ہے کیونکہ اُنہوں نے اس ٹورنامنٹ کے تین سیزن کے ترانے گائے جوکہ بےحد مقبول ہوئے۔

اب علی ظفر نے پی ایس ایل کے ترانے کے لیے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس (سابق ٹوئٹر) پر ایک پوسٹ کی ہے جس میں اُنہوں نے شائقین کرکٹ سے اُن کی رائے طلب کی ہے۔

علی ظفر نے اپنی پوسٹ میں شائقین کرکٹ سے سوال کیا کہ “آپ مجھے بتائیں کہ اگر میں نے پی ایس ایل 9 کا ترانہ گایا تو اس سے پی ایس ایل اور پی سی بی کے برانڈ کو فروغ ملے گا؟ تمام اسٹیک ہولڈرز کو زیادہ مالی فائدہ پہنچے گا؟ یا پھر کوئی دوسرا فائدہ ہوگا؟”

گلوکار نے شائقین کی رائے طلب کرتے ہوئے کہا کہ “آپ ایمانداری سے ووٹ دیں کہ کیا آپ واقعی میری آواز میں پی ایس ایل 9 کا ترانہ سُننا چاہتے ہیں؟، مجھ میں کوئی انا نہیں ہے اور نہ ہی مجھے آپ کے انتخاب سے کوئی اعتراض ہوگا کیونکہ میں طاقت کے عہدوں پر فائز چند افراد کے بجائے اپنی عام عوام کی حقیقی رائے اور ترجیحات جاننا چاہتا ہوں”۔

اُنہوں نے اپنی اگلی پوسٹ میں کہا کہ “میں اپنی پوسٹ کے حوالے سے بعد میں وضاحت پیش کروں گا، ابھی صرف آپ ووٹ دیں”۔

علی ظفر کی جانب سے رائے طلب کرنے پر شائقین کرکٹ نے یہی کہا کہ وہ علی ظفر کی آواز میں ہی پی ایس ایل 9 کا ترانہ سُننا چاہتے ہیں۔

واضح رہے کہ پی ایس ایل 9 کا آغاز 17 فروری کو ہوگا، پہلا میچ لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا، ٹی ٹوئنٹی ٹورنامنٹ میں مجموعی طور پر 34 میچ کھیلے جائیں گے، پی ایس ایل کا فائنل 18 مارچ کو کراچی میں ہوگا۔

اسرائیل کی حمایت کرنے پر جنوبی افریقی بورڈ نے کپتان بدل ڈالا

فلسطین میں مظالم اور جارحیت کی حمایت کرنے پر جنوبی افریقی کرکٹ بورڈ نے انڈر-19 ٹیم کے کپتان ڈیوڈ ٹیگر کو عہدے سے ہٹادیا۔

کرکٹ جنوبی افریقہ نے باضابطہ طور پر ڈیوڈ ٹیگر کو انڈر-19 ٹیم کپتانی سے برطرف کرنے کا اعلان کیا، جس میں ممکنہ احتجاج اور ٹورنامنٹ سے متعلق خطرات کے بارے میں خدشات کا حوالہ دیا گیا۔

بورڈ کا کہنا ہے کہ کپتان کو قیادت سے ہٹانے کا اقدام غزہ میں اسرائیل کے اقدامات سے متعلق مظاہروں کے پیش نظر کیا گیا، ڈیوڈ ٹیگر بطور کھلاڑی ٹیم کا حصہ ہوں گے۔

کرکٹ جنوبی افریقہ کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ نئے کپتان کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔

ڈیوڈ ٹیگر کو اکتوبر میں جیویش اچیور ایوارڈز میں رائزنگ اسٹار نامزد کیا گیا تھا جس کے بعد کرکٹر نے اپنا یہ ایوارڈ اسرائیل میں یہودی فوجیوں کے لیے وقف کیا، اب انہوں نے اسرائیلی فوجیوں کی حمایت میں ٹوئٹ کی ہے جس کے بعد افریقی بورڈ نے ان کے خلاف ایکشن لیا۔

دوسری جانب میڈیا رپورٹس میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ 19 جنوری سے شروع ہونے والے انڈر-19 ورلڈکپ کے دوران فلسطین کے حق میں مظاہروں کا بھی امکان ہے۔

واضح رہے کہ جنوبی افریقی حکومت نے عالمی عدالت انصاف میں فلسطین میں اسرائیلی جارحیت پر مقدمہ بھی دائر کر رکھا ہے جس پر ابتدائی سماعت کو ملکی وزیراعظم نے قابل فخر قرار دیا تھا۔

انڈر-19 کرکٹ ورلڈکپ رواں ماہ 19 جنوری سے جنوبی افریقہ میں شیڈول ہے، قومی ٹیم ایونٹ میں شرکت کیلئے گزشتہ شب روانہ ہوئی تھی۔

خیال رہے کہ 9 اکتوبر سے جاری اسرائیل فلسطین جنگ میں ابتک شہید فلسطینیوں کی تعداد 23 ہزار سے تجاوز کرچکی ہے، شہداء میں زیادہ تر خواتین اور بچے شامل ہیں۔

امریکا کے یمن پرتازہ حملوں میں 5 افراد جاں بحق

صنعا: امریکا کے یمن پر تازہ حملوں میں 5 افراد جاں بحق ہوگئے۔

غیرملکی خبرایجنسی کے مطابق امریکی فورسز نے یمن کے دارالحکومت صنعا سمیت 30 مختلف مقامات پر بمباری کی جس کے نتیجے میں 5 افراد جاں بحق اور متعدد زخمی ہوگئے۔

امریکی فوجی ترجمان کا کہنا ہے کہ ہفتے کی صبح کیے گئے حملے گزشتہ روز کیے جانے والے حملوں کا تسلسل ہیں۔ حملوں میں حوثیوں کے ریڈار اور ٹھکانوں کو نشانہ بنایا گیا۔ حملوں میں ٹام ہاک میزائل کا بھی استعمال کیا گیا۔

دوسری جانب حوثیوں باغیوں نے بیان میں کہا ہے کہ یمن پر حملوں کے ذمہ داروں کو بھرپور سزا دی جائے گی۔ حملوں کے ردعمل میں بحیرہ احمر میں جہازوں کو نشانہ بناتے رہیں گے۔ امریکا اور برطانیہ کے حملوں کے خلاف ہزاروں یمنی صنعا کی سڑکوں پر نکل آئے اور مظاہرہ کیا۔ مظاہرین نے فوری طورپر حملے روکنے کا مطالبہ کیا۔

پاکستان نے ٹی20 کرکٹ کی کامیاب ترین اوپننگ جوڑی توڑ دی

لاہور: پاکستان نے ٹی20 کرکٹ کی کامیاب ترین اوپننگ جوڑی توڑ دی۔

بابر اعظم اور محمد رضوان نے 51اننگز میں 48.97کی اوسط اور 7.92 کے رن ریٹ سے 2400رنز جوڑے، سب سے بڑی شراکت ناقابل شکست 203 کی رہی، دونوں نے 8سنچری اور 9نصف سنچری کے آغاز فراہم کیے۔

گزشتہ روز آکلینڈ میں مہمان ٹیم نے اسٹرائیک ریٹ میں مزید بہتری کیلیے محمد رضوان کے ساتھ صائم ایوب کو میدان میں اتار جو 8گیندوں پر 27رنز بناکر رن آؤٹ ہوئے، اوپننگ شراکت 33 رنز کی رہی۔

“کبھی نہیں کہا! بالکل جعلی پوسٹ بناکر شیئر کی گئی‘‘ گلکرسٹ کی تردید

سابق آسٹریلوی کرکٹر ایڈم گلکرسٹ نے سوشل میڈیا پر پاکستانی ٹیم کے حوالے سے اپنے نام سے منسوب من گھڑت الزامات کی تردید کردی۔

سماجی رابطے کی سائٹ ٹوئٹر (ایکس) پر سابق آسٹریلوی اوپنر ایڈم گلکرسٹ وضاحت پیش کرتے ہوئے کہا کہ ایک سوشل میڈیا پیج نے میرے نام سے منسوب من گھڑت اقتباسات پھیلائے جسکی مذمت کرتا ہوں، “میں نے ایسا کبھی نہیں کہا۔ بالکل جعلی پوسٹ بناکر شیئر کی گئی‘‘۔

انہوں نے لکھا کہ رواں سیزن میں پاکستان نے ورلڈ چیمپئین آسٹریلیا کے خلاف شاندار کھیل کا مظاہرہ کیا اور میزبان کیخلاف دو ٹیسٹ میچوں تقریباً جیت کر قریب بھی تھا۔

گزشتہ دنوں وائرل ہونے والے سابق آسٹریلوی کرکٹر کے نام سے منسوب بیان میں کہا گیا تھا کہ پاکستان کی موجودہ ٹیسٹ ٹیم کو آسٹریلیا کا دورہ کرنے والی بدترین ایشیائی ٹیم ہے۔

عوامی نیشنل پارٹی کو جُرمانے کے ساتھ الیکشن لڑنے کی اجازت

الیکشن کمیشن نے عوامی نیشنل پارٹی کے انٹرا پارٹی الیکشن کا محفوظ فیصلہ سنا تے ہوئے جُرمانے کے ساتھ انتخابات لڑنے کی اجات دے دی۔

الیکشن کمیشن نے اے این پی کو لالٹین کا انتخابی نشان الاٹ کیا ہے۔

انٹرا پارٹی الیکشن سے متعلق محفوظ فیصلہ سُناتے ہوئے الیکشن کمیشن نے انتخابات نہ کروانےپر20ہزارروپے جرمانہ عائد کیا ہے۔

فیصلے میں اے این پی کو انٹرا پارٹی الیکشن کے لیے 10 مئی تک کی مہلت دی گئی ہے۔

عوامی نیشنل پارٹی نے انٹرا پارٹی الیکشن کے لیے 6 ماہ کی مہلت مانگی تھی۔

اس حوالے سے الیکشن کمیشن نے کہا کہ اے این پی کی 5 سال کی مدت ابھی مکمل نہیں ہوئی ہے، ملک میں انتخابی مہم چل رہی ہے جس میں سیاسی جماعتیں شرکت کررہی ہیں۔ اے این پی 10 مئی تک انٹراپارٹی الیکشن کرائے۔

وینیزوئیلا نے پیٹرو کرپٹو کرنسی منسوخ کردی

جنوبی امریکا کے ملک وینیزوئیلا نے متبادل پیٹرو کرپٹو کرنسی منسوخ کردی ہے۔ یہ کرنسی 6 سال قبل لانچ کی گئی تھی۔

تیل برآمد کرنے والے ملک کے صدر نکولا مدورو نے امریکا کی طرف سے نافذ کی جانے والی اقتصادی پابندیوں کے منفی اثرات کا مقابلہ کرنے کے لیے پیٹرو کرپٹو کرنسی لانچ کی تھی۔

اب یہ کرنسی پیر 15 جنوری سے منسوخ ہو جائے گی۔ پیٹریا پلیٹ فارم نے پیٹرو کرپٹو کرنسی کی ویب سائٹ پر ایک پیغام میں لوگوں سے کہا ہے کہ وہ اپنے آن لائن والٹ میں موجود رقم مقامی کرنسی میں تبدیل کروالیں۔

کراچی: بیرون ملک سے آنے والے 3 مسافروں کا کرونا ٹیسٹ مثبت آگیا

بیرون ملک سے کراچی آنے والے مزید 3 مسافروں کاریپڈ اینٹیجن ٹیسٹ مثبت آگیا جس کے بعد کراچی میں جے این ون ویریئنٹ کے کیسز کی تعداد 5 ہوگئی ہے۔

کورونا کی اس نئی قسم کے پانچوں کیسز کے نتائج کراچی کےنجی اسپتال کی لیبارٹری نےجاری کیے۔

قمبرشہداد کوٹ کا رہائشی 21 سالہ نصیر جدہ سے کراچی پہنچا تھا، شمالی وزیرستان کا 22سالہ رہائشی ابوظہبی سے جبکہ مہمند ایجنسی کا رہائشی 22سالہ تیسرا مسافر جدہ سے کراچی پہنچا تھا۔

متاثرہ مسافروں میں کووڈ 19 کی ممکنہ علامات کے پیش نظر ان کا ٹیسٹ کیاگیاتھا۔

اب تک سندھ میں جےاین ون کے 5 کیس رپورٹ ہوچکے ہیں۔

محکمہ صحت کورونا کے جے این ون ویریئنٹ سے متعلق الرٹ ہے، اس حوالے سے سندھ کے ڈی ایچ اوز،ٹی ایچ کیوزاوراسپتالوں میں ہدایات جاری کی جاچکی ہیں۔

طبی ماہرین کے مطابق کورونا کا نیا ویریئنٹ پہلےجیسا طاقتور نہیں ہے، عوام سے اپیل ہے کہ ممکنہ پھیلاؤ سے بچاؤ کےلیےاحتیاطی تدابیراختیارکریں۔