خورد برد کیس؛ فواد چوہدری کا مزید 3 روزہ جسمانی ریمانڈ منظور

اسلام آباد: احتساب عدالت نے خورد برد کیس میں فواد چوہدری کا نیب کی استدعا پر مزید 3 روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کرلیا۔

نیب کی عدالت میں فواد چوہدری کے خلاف کرپشن کیسز کی سماعت ہوئی۔ نیب پراسیکیوٹر نے استدعا کی انکوائری کے لیے مزید وقت درکار ہے اس لیے فواد چوہدری کا مزید جسمانی ریمانڈ دیا جائے۔ عدالت نے فواد چوہدری کا مزید 3 روز کے لیے جسمانی ریمانڈ منظور کرلیا۔

وکیل صفائی عامر عباس نے کہا کہ جو بھی آرڈر ہوتا ہے اس میں لکھا جائے کہ جج ڈیوٹی پر ہیں کورٹ میں نہیں۔ آج کہتے ہیں کوئی ہاؤسنگ سوسائٹی بنی ہے کیا اس کی کوئی این او سی ہے دکھا دیں۔ اس منصوبے میں ٹنڈر ہوا ہی نہیں تو الزام کیسا۔ اگر کسی کو ذاتی حیثیت میں کوئی پیسے دئیے تو گواہ لے آئیں۔
وکیل صفائی نے مزید کہا کہ اگر کسی کا ذاتی معاملہ ہے تو 420 کا کیس کریں نیب کیسے کسی کو گرفتار کر سکتا ہے۔ یہ کون سی تفتیش میں ہوتا ہے کہ ابتدائی مراحل میں کنفرنٹ کیا جائے۔ پچھلی حکومت میں ایک ترمیم کے ذریعے جسمانی ریمانڈ کو 14 دن سے بڑھا کر 30 دن کر دیا گیا۔

عامر عباس کا مزید کہنا تھا کہ ہاؤسنگ سوسائٹی کی کوئی فائل دکھا دیں۔ الیکشن پراسس سے باہر کرنے کے لیے 30 دن ریمانڈ پورا کیا جا رہا ہے۔ ایک روپے کا سرکاری خزانے کو نقصان ثابت نہیں کر سکے۔ اگر کنٹریکٹرز نے 18 لاکھ دئیے تو اسے بدلے میں کیا ملا الزام تو کوئی بھی لگا سکتا ہے۔ جسمانی ریمانڈ کی توسیع ہوتی ہے نیا ریمانڈ نہیں لیا جاتا تو توسیع کے لیے ٹھوس وجوہات ہونی چاہیے۔

الیکشن کمیشن نے انٹرا پارٹی انتخابات نا کروانے پر 13جماعتوں کی رجسٹریشن منسوخ کردی

 اسلام آباد: الیکشن کمیشن آف پاکستان نے انٹرا پارٹی الیکشن نا کروانے والی 13 جماعتوں کی رجسٹریشن منسوخ کردی۔ 

13 سیاسی جماعتوں کے انٹرا پارٹی الیکشن نہ کرانے کے کیس کا فیصلہ سناتے ہوئے الیکشن کمیشن نے ان جماعتوں کی رجسٹریشن منسوخ کردی۔ جن جماعتوں کی رجسٹریشن منسوخ ہوئی ان میں جمعیت علمائے اسلام پاکستان، آل پاکستان منارٹی الائنس، آل پاکستان تحریک ،عوامی پارٹی پاکستان ایس، بہاولپور نیشنل عوامی پارٹی ، سب کا پاکستان، پاکستان امن کونسل پارٹی ، پاکستان نیشنل مسلم لیگ ، پاکستان امن پارٹی، پاکستان برابری پارٹی، مسیحی عوامی پارٹی ، پاکستان   قومی یکجہتی پارٹی، سنی تحریک ، نظام مصطفی پارٹی  اور  پاکستان مسلم لیگ جناح  شامل ہیں۔

الیکشن کمیشن نے انٹرا پارٹی انتخابات نا کروانے پر 13جماعتوں کی رجسٹریشن سے متعلق درخواست کا فیصلہ محفوظ کیا تھا۔

میرا قصور صرف ایبسلوٹلی ناٹ کہنا ہے، عمران خان

اسلام آباد: پی ٹی آئی کے وکیل نعیم پنجوتھا نے بتایا ہے کہ عمران خان نے کہا ہے کہ ان کا قصور صرف ایبسلوٹلی ناٹ کہنا ہے۔

اڈیالہ جیل کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پی ٹی آئی کے وکیل نعیم حیدر پنجھوتھا نے کہا کہ جس وکیل کے بارے میں لگتا ہے کہ وہ فرد جرم روکے گا اسے اڈیالہ کے باہر روک لیا جاتا ہے، عمران خان نے کہا ہے کہ میرا قصور ایبسلولٹی ناٹ کہنا ہے مجھے بہت پہلے سیکریٹ ایکٹ کے تحت کارروائی کا کہا گیا لیکن میں حقیقی آزادی کے لیے ڈٹ گیا۔

نعیم پنجھوتھا نے عمران خان سے کی گئی بات چیت بیان کی، عمران خان نے انہیں بتایا ہے کہ چھوٹے چور کو کوئی سزا نہیں ہوتی بڑے چوروں کو کلین چٹ دے دی جاتی ہے سازش کرنے والوں پر کوئی کیس نہیں ہے جس نے سازش کو ایکسپوز کیا سے سزا دی جارہی ہے عون چوہدری گواہ ہے یعنی جو ہمیں الیکشن سے باہر رکھنا چاہتے ہیں انہی کو ہمارے خلاف گواہ بنایا گیا ہے ایسی گواہی کی کیا اہمیت ہوگی؟
نعیم پنجوتھا کہ مطابق عمران خان نے کہا کہ توشہ خانہ میں اشیاء لینے کے لیے جو قانون تھا وہ پورا کیا گیا ہے گاڑی جس کو توشہ خانہ سے لے ہی نہیں سکتے تھے اس پر کوئی سوال نہیں جان بوجھ کر ایسے مقدمات بنائے گئے ہیں، 12 مہینوں سے ہماری درخواست ہائی کورٹ میں زیر التوا ہے، ہماری توشہ خانہ کے حوالے سے نہ درخواست واپس لینے دی جارہی اور نہ کیس چلنے دیا جارہا ہے۔

نعیم پنجوتھا کے مطابق عمران خان نے کہا کہ نواز شریف نے اپنی سیاست ختم کرلی ہے اسلام آباد ہائی کورٹ، جوڈیشل کمپلیکس کی سی سی ٹی وی فوٹیجز کیوں سامنے نہیں آرہیں؟ 9 مئی واقعات کی پوری تحقیقات ہونی چاہیے۔

لاہور ہائیکورٹ: عمران خان کے این اے 122 اور 89 سے کاغذات مسترد ہونے کا اقدام چیلنج

 لاہور: بانی پی ٹی آئی عمران خان نے این اے 122 اور 89 سے کاغذات نامزدگی مسترد کرنے کا اقدام لاہور ہائی کورٹ میں چیلنج کردیا۔ 

عمران خان نے اپنے وکیل اظہر صدیق ایڈووکیٹ کے ذریعے درخواست دائر کی ہے جس میں موقف اختیار کیا ہے کہ ریٹرننگ آفیسر اور ایپلٹ ٹربیونل نے حقائق کے برعکس کاغذات نامزدگی مسترد کیے، عدالت کاغذات نامزدگی منظور کرکے الیکشن لڑنے کی اجازت دے اور درخواست پر آج ہی سماعت کی جائے۔

دریں اثنا عمران خان کی درخواست پر رجسٹرار آفس نے اعتراض عائد کردیا۔ لاہور ہائی کورٹ کے رجسٹرار نے اسٹمپ پیپرز اور اپیل کی مصدقہ کاپی منسلک نہ ہونے کے باعث اعتراض عائد کیا ہے تاہم وکلا نے مصدقہ کاپی منسلک کردی جس کے سبب اعتراض ختم ہوگیا۔

یاد رہے کہ بانی پی ٹی آئی کے این اے 122 این اے 89 سے کاغذات نامزدگی آر او نے مسترد کردیے ہیں اور الیکشن ٹریبونل نے یہ فیصلہ برقرار رکھا ہے۔

مہوش حیات کی نئی فلم کا نام اور ریلیز کی تاریخ سامنے آگئی

کراچی: پاکستان فلم و ڈراما انڈسٹری کی معروف اداکارہ مہوش حیات کی سال 2024 کی پہلی فلم سے متعلق تفصیلات سامنے آگئیں۔

پروڈیوسر شازیہ وجاہت نے اپنے آفیشل انسٹاگرام اکاؤنٹ پر ایک ویڈیو پوسٹ کی جس میں اُن کے ہمراہ اُن کے شوہر اور ہدایتکار وجاہت رؤف، اداکار علی رحمٰن اور مومن ثاقب بھی موجود ہیں۔

ویڈیو میں علی رحمٰن میز پر رکھی فلم کی اسکرپٹ سے اپنا ڈائیلاگ پڑھتے ہیں اور اُن کے بعد مومن ثاقب اپنے مزاحیہ انداز میں ایک ڈائیلاگ بولتے ہیں جس پر علی رحمٰن کہتے ہیں کہ یہ میرا ڈائیلاگ تھا۔

علی رحمٰن اور ثاقب اپنی نوک جھوک جاری رکھتے ہوئے کہتے ہیں کہ فلم کی ہیروئن کون ہے؟ اس سوال کے بعد ویڈیو میں مہوش حیات منظرِ عام پر آتی ہیں۔

ویڈیو پوسٹ کرتے ہوئے شازیہ وجاہت نے بتایا کہ “وجاہت رؤف کی ہدایتکاری میں بننے والی نئی فلم ‘دغا باز دل’ 2024 میں عید الفطر کے موقع پر ریلیز ہوگی۔

اس فلم کی کہانی محسن علی نے تحریر کی ہے، فلم کی ہیروئن مہوش حیات ہوں گی جبکہ اُن کے ساتھ فلم میں اداکار رحمٰن علی اور مومن ثاقب بھی اپنی اداکاری کے جوہر دکھائیں گے۔

سیاسی جماعتوں کے انٹرا پارٹی انتخابات؛ الیکشن کمیشن محفوظ فیصلہ آج سنائے گا

اسلام آباد: الیکشن کمیشن آف پاکستان سیاسی جماعتوں کے انٹرا پارٹی انتخابات کے حوالے سے محفوظ فیصلہ آج سنائے گا۔

13 سیاسی جماعتوں کے انٹرا پارٹی الیکشن نہ کرانے کے معاملے کا فیصلہ آج جاری کیا جائے گا۔ ان جماعتوں میں جمعیت علمائے اسلام پاکستان، آل پاکستان منارٹی الائنس، آل پاکستان تحریک ،عوامی پارٹی پاکستان ایس، بہاولپور نیشنل عوامی پارٹی ، سب کا پاکستان، پاکستان امن کونسل پارٹی ، پاکستان نیشنل مسلم لیگ ، پاکستان امن پارٹی، پاکستان برابری پارٹی، مسیحی عوامی پارٹی ، پاکستان قومی یکجہتی پارٹی، سنی تحریک ، نظام مصطفی پارٹی اور پاکستان مسلم لیگ جناح شامل ہیں۔

الیکشن کمیشن آج دوپہر تین بجے محفوظ فیصلہ جاری کرے گا۔

صدرِ مملکت نے جسٹس اعجاز الاحسن کا استعفیٰ منظور کرلیا

صدرِ مملکت عارف علوی نے سپریم کورٹ کے جج جسٹس اعجاز الاحسن کا استعفیٰ منظور کرلیا۔

صدرِ مملکت نے جسٹس اعجاز الاحسن کا استعفیٰ وزیراعظم کی ایڈوائس پر منظور کیا۔

سپریم کورٹ کے سابق جج مظاہر علی اکبر نقوی کے بعد سپریم کورٹ کے سینئر ترین جج جسٹس اعجاز الاحسن گزشتہ روز مستعفی ہوگئے تھے۔

واضح رہے کہ جسٹس اعجاز الاحسن نے رواں سال اکتوبر میں اگلا چیف جسٹس آف پاکستان بننا تھا اور اگست 2025 میں ریٹائر ہوجانا تھا۔

پاکستان میں پولیس کا پہلا سائبر کرائم انویسٹی گیشن یونٹ قائم

اسلام آباد پولیس نے پاکستان کا پہلا سائبرکرائم انویسٹی گیشن یونٹ قائم کر دیا۔

پیکا ایکٹ کی ترمیم کے بعد سیکشن 30کے تحت اسلام آباد پولیس سائبر کرائم مقدمات کا اندراج کرےگی۔

دوسری جانب تفتیش میں ایف آئی اےکی تکنیکی معاونت بھی حاصل کی جائے گی۔

مزید برآں اسلام آبادپولیس کے 60 افسران کی ایف آئی اےکے تعاون سے تربیت کا پہلا مرحلہ مکمل ہو گیا ہے۔

نواز، شہباز شریف اور مریم سرٹیفائیڈ منی لانڈرر،لیکشن نہ لڑ سکا تو سپریم کورٹ جاؤں گا،عمران خان

اسلام آباد: بانی پی ٹی آئی عمران خان نے کہا ہے کہ الیکشن نہ لڑ سکا تو سپریم کورٹ جاؤں گا۔

گزشتہ روز اڈیالہ جیل میں کمرہ عدالت میں میڈیا سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ نواز شریف، شہباز شریف اور مریم نواز سرٹیفائیڈ منی لانڈرر ہیں، شہباز شریف کیخلاف 24 ارب کے ثابت شدہ سکینڈلز کو معاف کر دیا گیا، بشریٰ بی بی ایک ٹرسٹی ہیں ، انکو کیوں گرفتار کریں گے؟ ٹرسٹ کی زمین کسی کی ملکیت نہیں ہو سکتی، شوکت خانم کی اربوں روپے کی زمینیں ہیں ، وہ بھی میری ملکیت نہیں ، بشری بی بی بھی ٹرسٹی ہے ایک ٹکہ بھی ہمارا نہیں ۔نہوں نے کہا کہ امجد خان کو ٹارچر کیا گیا تاکہ وہ الیکشن نہ لڑ سکے اور پارٹی چھڑائی جائے۔

عمران خان کا کہنا تھا طاقت کے زور پر سارا قانون ختم کر دیا گیا، جو ہمارے ساتھ ہو رہا ہے کسی پارٹی کیساتھ ایسا نہیں ہوا، جنرل باجوہ نے اگست 2022 میں مجھے اور شاہ محمود قریشی سے کہا چپ کر کے بیٹھ جاو تو دو تہائی اکثریت ملے گی ، اگر خاموش نہ ہوئے تو 30 سیٹوں تک محدود کر دیں گے، امجد خان آئی سی یو میں ہے یہ انتہا ہے ، پاکستان کی تاریخ میں کبھی ایسا نہیں ہوا ، ہمارے تھری ٹیئرز میں سے دو کو پارٹی چھڑا دی گئی ، اس وقت ہمار ا انڈر 16 کھیل رہا ہے۔

بانی پی ٹی آئی کا کہنا تھا ن لیگ کو انہوں نے 2002 میں اشارہ ہی کیا تھا سب ق لیگ میں چلے گئے، ہم سے کوئی مذاکرات کرے گا تو ہی مذاکرات ہوں گے، الیکشن نہ لڑ سکا تو سپریم کورٹ جاؤں گا، پوری دنیا سپریم کورٹ کی طرف دیکھ رہی ہے ، باقی سب ادارے مل چکے ہیں۔

ان کا کہنا تھا نیب کو کوئی شرم نہیں نواز شریف اور زرداری نے توشہ خانہ سے بلٹ پروف گاڑیاں حاصل کیں، نواز شریف نے 6 لاکھ میں بلٹ پروف گاڑی لی، زرداری نے تین گاڑیاں لیں، ان کے توشہ خانہ کیسز اس لیے بند ہیں کہ انہوں نے کہا ہم حاضر ہیں۔

برطانیہ نے کابل میں سفارت خانہ کھولنے کیلئے شرائط پیش کردیں

برطانیہ نے کہا ہے کہ افغانستان کے دارالحکومت کابل میں سفارت خانہ دوبارہ کھولنے کے امکان کا جائزہ لیا جارہا ہے۔

سیاسی اور اسٹریٹجک امور کے سرکردہ تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ اپنی ساکھ بہتر بنانے کے لیے افغانستان کی طالبان حکومت کو عالمی برادری کے چند مطالبات تسلیم کرنا ہی ہوں گے۔

برطانیہ کے وزیر برائے امور خارجہ، دولت مشترکہ اور ترقیات اینڈریو مچل نے کہا ہے کہ حکومت کابل میں سفارت خانہ کھولنے کی کال کا جائزہ لے رہی ہے تاہم اس وقت سیاسی اور قومی سلامتی کی صورتِ حال ایسی نہیں کہ کابل میں سفارتی موجودگی آسانی سے ممکن بنائی جاسکے۔

اینڈریو مچل نے کہا کہ سفارت خانہ دوبارہ کھولنے کے لیے برطانیہ کا مطالبہ ہے کابل حکومت خواتین اور نسلی اقلیتوں کے لیے پالیسی بدلے، برطانوی یرغمالیوں کو رہا کرے اور افغان سرزمین کو دہشت گردی کے گڑھ میں تبدیل ہونے سے روکے۔

اینڈریو مچل کا کہنا ہے کہ اقوام متحدہ کی قراردادوں میں افغان حکومت کے لیے راہ متعین کردی گئی ہے۔ تمام برطانوی مطالبات دراصل عالمی برادری کے مطالبات ہیں۔

”طلوع نیوز“ سے گفتگو میں سیاسی تجزیہ کار عبدالمتین ناصری نے کہا کہ افغان حکومت کو برطانیہ اور چند علاقائی ممالک کے تحفظات اور خدشات دور کرنے چاہئیں۔

افغانستان کے قائم مقام وزیر خارجہ امیر خان متقی کا کہنا ہے کہ انہوں نے افغانستان کے لیے برطانیہ کے عبوری ناظم الامور رابرٹ چیٹرٹن ڈِکسن سے ملاقات کی ہے۔ اس ملاقات کے مقصد سے متعلق کچھ نہیں بتایا گیا ہے۔