کئی سینئر بھارتی کرکٹرز کے شرابی ہونے کا انکشاف

ممبئی: سابق بھارتی کرکٹر پراوین کمار نے کئی سینئر کھلاڑیوں کے شرابی ہونے کا انکشاف کیا ہے۔

سابق بھارتی کرکٹر پراوین کمار نے ایک انٹرویو میں کہا کہ پیتے سب ہی ہیں مگر مجھے بدنام کیا گیا کہ پراوین کمار شراب پیتا ہے، جب ان سے پوچھا گیا کہ کیا سچن ٹنڈولکر، ساروگنگولی یا راہول ڈریوڈ شراب پیتے تھے تو پراوین نے کہا کہ میں کسی کا نام نہیں لینا چاہتا، سب جانتے ہیں کہ کون شراب پیتا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ جب وہ ٹیم میں گئے تو سب نے کہا کہ شراب نہیں پینا، یہ نہیں کرنا وہ نہیں کرنا، مگر میں نے دیکھا کہ جس کام سے مجھے منع کیا گیا وہ دوسرے کررہے تھے، مجھے ہی بدنام کردیا گیا، اسی وجہ سے مجھے کوچنگ جاب نہیں ملی، رنجی ٹیم کے ساتھ کام کرنے کا موقع نہیں دیا گیا۔

“اگر حجاب کیا تو میرا کیریئر ختم ہوجائے گا”، مائرہ خان

  کراچی: شوبز انڈسٹری کی معروف اداکارہ مائرہ خان نے کہا ہے کہ وہ بھی حجاب کرنا چاہتی ہیں لیکن اگر اُنہوں نے حجاب کرنے کا فیصلہ کیا تو اُن کا اداکاری کا کیریئر ختم ہوجائے گا۔

حال ہی میں مائرہ خان نے ایف ایچ ایم پوڈکسٹ میں شرکت کی تھی جہاں اُنہوں نے اپنے کیریئر، ناک کی سرجری اور شادی سمیت مخلتف موضوعات پر گفتگو کی۔

اسی پوڈکاسٹ کا ایک ویڈیو کلپ سوشل میڈیا پر وائرل ہورہا ہے جس میں وہ حجاب اور پاکستانی کلچر کے بارے میں بات چیت کرتے ہوئے نظر آئیں۔

مائرہ خان نے کہا کہ “ایک طرف کترینہ کیف بولڈ لباس میں ہیں اور دوسری طرف میں قمیض شلوار میں ملبوس ہوں تو لوگ مجھے چھوڑ کر کترینہ کیف کو دیکھنا پسند کریں گے”۔

اداکارہ نے کہا کہ “اگر میں قمیض شلوار میں اپنی تصویر پوسٹ کروں گی تو اُس پر چند لائکس آئیں گے جبکہ اگر میں بولڈ لباس میں اپنی تصویر سوشل میڈیا پر پوسٹ کروں گی تو اُس پر ہزاروں میں لائکس آئیں گے”۔

اُنہوں نے کہا کہ “ہمارے لوگ اداکاراؤں پر اُن کے لباس کی وجہ سے تنقید بھی کرتے ہیں اور پسند بھی اُسی اداکارہ کو کرتے ہیں جو بولڈ لباس میں پہنتی ہے”۔

مائرہ خان نے کہا کہ “ہم عرب ممالک کی بات کرتے ہیں، وہاں تو حجاب کا ہی کلچر ہے وہاں ایک نظام ہے کہ چاہے اداکارہ ہو، ماڈل ہو یا اینکر ہو، سب نے لازمی حجاب پہننا ہے جبکہ ہمارے یہاں پاکستان میں مِکس کلچر ہے”۔

اداکارہ نے کہا کہ “ہم اداکارائیں ڈراموں میں حجاب نہیں کرسکتیں کیونکہ ڈراموں میں کردار ایسے ہوتے ہیں کہ ہمیں سر سے دوپٹہ اُتارنا پڑتا ہے”۔

اُنہوں نے کہا کہ “مجھے معلوم ہے کہ اگر میں نے حجاب کرنے کا فیصلہ کیا تو میرا اداکاری کا کیریئر ختم ہوجائے گا، ہم اداکارائیں بھی مجبور ہوتی ہیں، ہمارے دل میں بھی خوفِ خدا ہے لیکن ہم نے اپنے گھر بھی چلانے ہیں”۔

مائرہ خان نے مزید کہا کہ “اگر کسی عورت کا شوہر اچھا کمانے والا ہو اور وہ اکیلا اپنی کمائی سے اپنے بچوں کی اچھی پرورش کرسکتا ہے تو کوئی بھی عورت نہیں چاہے گی کہ وہ اپنا گھر چھوڑ کر باہر کمانے جائے”۔

افریقی فٹبالر ساڈیو مانے نے اپنی 19 سالہ دوست سے شادی کرلی

افریقی ملک سینیگال کے اسٹار فٹبالر ساڈیو مانے نے اپنی دوست عائشہ تمبا سے شادی کرلی۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق سینیگال کے کپتان اور سعودی کلب النصر کے کھلاڑی ساڈیو مانے نے ڈاکار میں منعقدہ ایک نجی تقریب میں اپنی دوست عائشہ تمبا کے ساتھ شادی کے بندھن میں بندھ گئے۔

اسٹار فٹبالر نے افریقہ کپ آف نیشنز کے آغاز سے محض 6 قبل شادی کی، فرائض سرانجام دینے سے قبل ساڈیو مانے نے آبائی شہر، بمبالی میں تعمیر کردہ ایک اسٹیڈیم بھی افتتاح کیا تھا۔

رپورٹس میں انکشاف کیا گیا ہے کہ 31 سالہ النصر اسٹرائیکر نے اپنی دوست عائشہ تمبا کو اس وقت دیکھا جب وہ 16 سال کی تھیں۔

نجی تقریب میں مانے کے اہلخانہ، دوستوں اور کچھ قریبی ساتھی فٹبالرز نے شرکت کی تھی۔

سال 2022 میں ایک تقریب کے دوران ساڈیو مانے کا کہنا تھا کہ میں نے بہت سی لڑکیوں کو دیکھا ہے جو مجھ سے پوچھتی ہیں کہ میں نے شادی کیوں نہیں کی، لیکن افسوس کہ آپ اپنا وقت ضائع کر رہے ہیں۔ جس عورت سے میں شادی کروں گا وہ سوشل نیٹ ورک پر نہیں ہوگی۔

چین سے قرضے کی راہ میں رکاوٹیں دور کرنے کیلیے کوششیں تیز

اسلام آباد: پاکستان نے چین سے قرضے کی راہ میں حائل رکاوٹیں دور کرنے کیلیے کوششیں تیز کردیں۔

پاکستان نے چین سے 60 کروڑ ڈالر کے رعایتی قرضے کی راہ میں حائل رکاوٹیں دور کرنے کیلیے کوششیں تیز کردیں۔

ادھر چینی بینکوں نے قرض مذاکرات کو حتمی شکل دینے کیلیے چینی آئی پی پیزکی زیر التوا ادائیگیوں کی اقساط پرشرائط عائد کی ہیں۔ تاہم وزارت خزانہ نے زور دیا ہے 60 کروڑ ڈالر کا قرضہ غیر مشروط ہونا چاہیے۔

پاکستان جولائی سے قرض کیلئے مشاورت میں مصروف ہے تاہم شرائط پر موجودہ تنازع اور زیر التوا منظوریوں کے ساتھ اس مالیاتی انتظام کو تاحال حتمی شکل نہیں دی جاسکی۔

کاغذات نامزدگی؛ یاسمین راشد سمیت متعدد امیدواروں کی اپیلیں منظور

اسلام آباد / کراچی / لاہور: کاغذات نامزدگی مسترد کرنے کے ریٹرننگ افسران کے فیصلوں کیخلاف اپیلوں کا آج آخری دن ہے اور الیکشن ٹریبونلز میں سماعتیں جاری ہیں۔

لاہور ہائیکورٹ کے انتخابی ٹریبونل نے پی ٹی آئی رہنما ڈاکٹر یاسمین راشد کی اپیل منظور کرتے ہوئے انہیں این اے 130 سے نواز شریف کے مدمقابل الیکشن لڑنے کی اجازت دے دی۔ ٹریبونل نے ریٹرنگ افسر کا فیصلہ کالعدم قرار دے دیا۔

کاغذات نامزدگی مسترد ہونے کے خلاف اعظم خان نیازی ، لاہور سے پی ٹی آئی رہنما میاں محمود الرشید کی اپیلیں بھی منظور ہوگئیں۔
خواجہ سرا نایاب علی کے کاغذات منظور

اسلام آباد ہائیکورٹ میں الیکشن ٹریبونل نے اسلام آباد کی نشست پر خواجہ سرا نایاب علی کے کاغذات نامزدگی منظور ہونے کے خلاف دائر اپیل خارج کرتے ہوئے ریٹرننگ افسر کا نایاب علی کے کاغذات منظوری کا فیصلہ برقرار رکھا اور اسے الیکشن کے لیے اہل قرار دے دیا۔

تاحیات نااہلی ختم ہونے سے لیگی رہنما اہل قرار

مسلم لیگ ن گوجر خان کے سابق ایم پی اے شوکت بھٹی الیکشن لڑنے کے اہل ہوگئے۔ راولپنڈی میں الیکشن ٹربیونل جج جسٹس مرزا وقاص رؤف نے انہیں پی پی 9 گوجر خان سے الیکشن لڑنے کی اجازت دے دی۔ انہیں جعلی ڈگری پیش کرنے پر سپریم کورٹ نے 2018 میں نااہل قرار دیا تھا۔

واضح رہے کہ الیکشن ٹربیونلز آج دائر تمام اپیلوں کے فیصلے سنائیں گے۔ آج جو اپیلیں رہ جائیں گی وہ غیر مؤثر ہونے پر خارج تصور ہونگی۔

چیف جسٹس ہائی کورٹس نے لارجر بنچز تشکیل دے دیے ہیں۔ الیکشن ٹربیونل سے جن کی اپیلیں مسترد ہوئیں وہ آج سے لارجر بنچ میں اپیل دائر کر سکیں گے۔

لارجر بنچ کے فیصلوں کیخلاف آخری اپیل سپریم کورٹ میں دائر کی جاسکے گی۔ ریٹرننگ افسران کل 11 جنوری کو امیدواروں کی نئی فہرست جاری کریں گے۔

پی آئی اے کی فروخت کیلیے ٹرانزیکشن اسٹرکچر کی منظوری

 اسلام آباد: نجکاری کمیشن بورڈ نے پاکستان ایئر لائنز (پی آئی اے) کے 51 فیصد حصص کی فروخت کیلیے ٹرانزیکشن اسٹرکچر کی منظوری دے دی۔

نجکاری کمیشن بورڈ کا اجلاس وزیر نجکاری فواد حسن فواد کی صدارت میں ہوا، اجلاس میں ارنسٹ اینڈ ینگ کی زیرقیادت کنسورشیم نے ٹرانزیکشن اسٹرکچر پیش کیا جس میں پی آئی اے کے اکثر شیئر فروخت کرنے اور پی آئی اے کے اثاثہ جات اور ذمہ داریوں کو تقسیم کرنے کی تجویز دی گئی تھی۔

تاہم حکومتی ذرائع کا کہنا ہے کہ قانونی پیچیدگیوں کی وجہ سے حکومت کثیر شیئرز غیرملکی خریدار کو نہیں فروخت کرسکتی، پاکستان سول ایوی ایشن اتھارٹی ایکٹ، ایئر سروس ایگریمنٹس اور نیشنل ایوی ایشن پالیسی پی آئی اے کی غیر ملکی خریداروں کو فروخت کی راہ میں بڑی رکاوٹ ہیں۔

ذرائع کے مطابق بورڈ نے کم از کم 51 حصص فروخت کرنے کی منظوری دے دی، اور قانونی پیچیدگیوں کا حل یہ نکالا گیا کہ غیر ملکی خریدار کو مقامی پارٹنر کو ساتھ ملانا ہوگا، مالیاتی مشیروں نے انتظامی کنٹرول کے ساتھ شیئرز کی فروخت کی تجویز دی ہے۔

واضح رہے کہ نگران حکومت پی آئی اے کو فروخت کرنے کی سرتوڑ کوششوں میں مصروف ہے اور نجکاری کمیشن کو ہر طرح سے سپورٹ کر رہی ہے، لیکن پی آئی اے کے 281 ارب روپے کے واجبات کی ادائیگی کا معاملہ ہنوز حل طلب ہے، جس کی وجہ سے پی آئی اے کی نجکاری پر مزید پیش رفت رکی ہوئی ہے۔

تاہم، بورڈ کی جانب سے منظوری دیے جانے کے بعد اب معاملہ کابینہ کی نجکاری کمیٹی کے سامنے پیش کیا جائے گا، جس کی سربراہی بھی فواد حسن فواد ہی کریں گے، پھر یہ پروپوزل نگران وفاقی کابینہ کے سامنے پیش ہوگا۔

دوسری طرف ابھی تک ایڈوائزری رپورٹ نامکمل ہے اور اس میں پی آئی اے کے اثاثہ جات کی ویلیو ایشن نہیں کی گئی ہے، جس کیلیے جنوری کے تیسرے ہفتے کی ڈیڈ لائن مقرر کی گئی تھی۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ مالیاتی مشیروں نے تجویز دی ہے کہ نئے خریدار کو ایک سال بعد ملازمین کی برطرفی کا اختیار ہونا چاہیے۔ یہ مدت بڑھا کر تین سال کرنے کی تجویز بھی دی گئی ہے۔

غیر بنیادی اثاثہ جات اور واجبات کو ہولڈنگ کمپنی میں رکھنے کی تجویز بھی دی گئی ہے، جس کا مطلب یہ ہے  کہ وفاقی حکومت قرضوں اور سود کی ادائیگی کی ذمہ دار رہے گی، پی آئی اے کے مجموعی واجبات 825 ارب روپے ہیں اور مالیاتی مشیروں کاکہنا ہے کہ اس کا تین چوتھائی وفاقی حکومت کو بلاواسطہ یا بالواسطہ طور پر منتقل کردینا چاہیے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ مالیاتی مشیروں نے 640 ارب روپے نئی ہولڈنگ کمپنی میں منتقل کرنے کی تجویز دی ہے، جس میں سے 161 ارب روپے کا وفاقی حکومت سے لیاگیا قرض اور 281 ارب روپے کا تجارتی بینکوں سے لیا گیا قرض بھی شامل ہے جبکہ پی ایس او اور سول ایوی ایشن کے 140 ارب روپے بھی ہولڈنگ کمپنی کو منتقل کرنے کی تجویز پیش کی گئی ہے۔

پی آئی اے کی پراپرٹیز اور فارن ہوٹلز، جیساکہ روزویلٹ ہوٹل نیو یارک اور اسکرائب ہوٹل پیرس  کو بھی ہولڈنگ کمپنی میں رکھنے کی تجویز دی گئی ہے، جبکہ بنیادی انجینیئرنگ سروسز اور انٹرنیشنل روٹس کور اثاثہ جات کا حصہ ہیں جن کو فروخت کرنے کی تجویز دی گئی ہے۔

مشیروں نے 88  ملین ڈالر کور اثاثہ جات کی صورت میں رکھنے کی تجویز دی ہے، طیاروں کے کرایوں کی مد میں وفاقی حکومت کی جانب سے 83 ارب روپے کی ادائیگی کی تجویز بھی دی گئی ہے، سی اے اے کے 64 ارب روپے، پی ایس او کے 69 ارب روپے اور ایف بی آر کے 6 ارب روپے کے واجبات بھی حکومت کے ذمے ڈالنے کی تجویز دی گئی ہے۔

مالیاتی مشیروں کا کہنا ہے کہ ہولڈنگ کمپنی کا 600 ارب روپے کا قرض نجکاری سے حاصل ہونے والی رقم، ہوٹل اقور جائیداوں کی فروخت اور مستقبل کے منافع جات سے ادا کیا جائے، تاہم ان تجاویز سے وزارت خزانہ متفق نہیں ہے اور وزارت خزانہ کی جانب سے مخالفت کا سامنا ہے۔

عمران خان کے کاغذات ایپلٹ ٹریبونل سے بھی مسترد، یاسمین راشد کے منظور

سابق چئیرمین پی ٹی آئی عمران خان کے کاغذات مسترد کرنے کے خلاف دائر اپیل خارج کردی گئی ہے، ٹریبونل کے جج جسٹس طارق ندیم نے عمران خان کی اپیل پر فیصلہ سنادیا۔

لاہور ہائیکورٹ ایپلٹ ٹریبونل میں الیکشن کمیشن کے وکیل نے اپنے دلائل میں کہا کہ سابق چئیرمین پی ٹی آئی نااہل ہوچکے ہیں، ان کے تجویز کنندہ این اے 122 سے نہیں ہیں۔

کاغذات نامزدگی پر سماعتوں کا آج آخری روز، بھائیوں کیلئے کل بڑا دن رہا

دوسری جانب لاہور کے حلقہ این اے 130 سے ڈاکٹر یاسمین راشد کو الیکشن لڑنے کی اجازت مل گئی ہے،اپیلٹ ٹریبونل نے ریٹرننگ افسر کا کاغذات نامزدگی مسترد کرنے کا فیصلہ کالعدم قرار دے دیا ہے۔

پی ٹی آئی رہنما اعظم خان نیازی کے بھی پی پی 160 سے کاغذات نامزدگی مسترد ہونے کے خلاف اپیل منظور کرلی گئی ہے۔

ایلیٹ ٹربیونل لاہور ہائیکورٹ نے پی ٹی آئی رہنما محمود الرشید کے پی پی 169 سے کاغذات نامزدگی کاغذات نامزدگی منظور کر لیے۔

سندھ ہائیکورٹ الیکشن ٹریبونل
پی ایس61 سے پیپلز پارٹی کے امیدوار شرجیل میمن کی الیکشن میں حصہ لینے کی راہ ہموار ہوگئی ہے، پی ایس 61 کے ووٹر انور علی نے الیکشن ٹریبونل میں دائر اپنی درخواست واپس لے لی ہے۔

اپیل کنندہ نے اپنی درخواست میں کہا تھا کہ شرجیل میمن نے کاغذات میں گاڑیوں اورسونے کی اصل قیمت اور اسلحے کی صحیح تعداد ظاہر نہیں کی ہے، شرجیل میمن نے کاغذات نامزدگی کے ساتھ جھوٹا حلف نامہ جمع کرایا۔

غزہ پرحملے کے باوجود اسرائیل سے تعلقات معمول پرلانا چاہتے ہیں، سعودی عرب

لندن: سعودی عرب کا کہنا ہےکہ 7 اکتوبر2023 کو غزہ پر حملے کے باجود اسرائیل سے تعلقات معمول لانا چاہتے ہیں۔

برطانیہ میں سعودی عرب کے سفیر شہزادہ خالد بن بندر بن سلطان بن عبدالعزیز نے برطانوی نشریاتی ادارے کو انٹرویو میں کہا کہ سعودی عرب اسرائیل کے ساتھ تعلقات میں دلچپسپی رکھتا ہے تاہم فلسطینی ریاست کے بغیر اسرائیل کے ساتھ نہیں چل سکتے۔

انہوں نے کہا کہ اسرائیل کی موجود حکومت تنازع کو ختم کرنے کے بجائے تشدد پر عمل پیرا ہے۔ عالمی برادری اب تک جنگ بندی پر متفق نہیں ہوئی ہے۔ پہلے جنگ بندی پر متفق ہونے کی ضرورت ہے۔
سعودی سفیر کا مزید کہنا تھا کہ ایک مستحکم آزاد اور خودمختار فلسطینی ریاست کے بغیر کسی اور چیز کی اہمیت نہیں ہے، کیونکہ اس کا نتیجہ تنازع کا طویل مدتی حل فلسطینی ریاست کے بغیر اور کوئی نہیں ہو گا۔ یہ تنازع 100 سال پہلے سے چلا آ رہا ہے۔ 7 اکتوبر کے حملے کی وجہ اسرائیل کے ساتھ تعلقات معمول پر لانے کی بات نہیں ہے۔

نہوں نے مزید کہا کہ اگر کسی اور نے وہی کیا جو اسرائیل نے کیا تو اسے عالمی برادری سے خارج کر دیا جائے گا اور اس پر پابندیوں اور دیگر معاملات بھی سامنے آئیں گے۔ غزہ میں فوری جنگ بندی چاہتے ہیں۔

لکی مروت: نامعلوم افراد کی گھر میں فائرنگ، 8 افراد جاں بحق

 پشاور: تھانہ سرائے نورنگ کی حدود تختی خیل میں نامعلوم افراد کی گھر میں فائرنگ سے 8 افراد جاں بحق ہوگئے۔

پولیس کے مطابق فائرنگ سے جاں بحق ہونے والوں میں 2 بچے اور 2 خواتین بھی شامل ہیں جبکہ ملزمان فائرنگ کرکے فرار ہوگئے۔

اہلیان تختی خیل نے واقعے پر احتجاج کا اعلان کیا ہے۔

2023، پن بجلی پیدوار، زیرتعمیر واپڈا منصوبوں پربھی اہم اہداف حاصل

لاہور: پن بجلی کی پیداوار اورواپڈا کے زیرتعمیر منصوبوں کے لیے2023 بہترسال ثابت ہوا۔

2023 میں زیادہ پن بجلی پیدا ہوئی، واپڈا کے زیرتعمیر منصوبوں پر بھی اہم اہداف حاصل کیے گئے۔واپڈا پن بجلی گھروں سے34ارب یونٹ بجلی پیدا ہوئی جو گزشتہ سال کی نسبت 2 ارب 20 کروڑیونٹ زیادہ ہے۔

پن بجلی کی اضافی پیداوار سے ملکی خزانہ کو 106 ارب روپے کی بچت ہوئی۔ا گر بجلی کی یہی مقدار مہنگے درآمدی ایندھن سے پیدا کی جاتی توقومی خزانہ کو 106 ارب روپے خرچ کرنا پڑتے۔
واپڈا پن بجلی کی لاگت3روپے51پیسے فی یونٹ ہے اور نیشنل گرڈ میں واپڈا پن بجلی کا تناسب 30 فیصد ہے۔ نیلم جہلم ہائیڈروپاور پراجیکٹ سمیت واپڈا کے 22پن بجلی گھر ہیں، جن کی مجموعی پیداواری صلاحیت 9 ہزار459میگا واٹ ہے۔

مالی مشکلات کے باوجود واپڈا کے تمام آٹھ زیر تعمیر منصوبوں پر تعمیراتی سرگرمیاں پوری رفتار کے ساتھ جاری رہیں۔

واپڈا نے فروری2023میں داسو ہائیڈروپاور پراجیکٹ پر دریا کا رخ موڑنے کا اہم سنگ میل عبور کیا، جبکہ دیامر بھاشا ڈیم پراجیکٹ پر بھی ٹیسٹ رن کے ذریعے دریاکا رخ موڑا جا چکا ہے۔