کراچی پہنچے دو مسافروں میں کورونا ویرئینٹ ’جے این 1‘ مثبت آگیا

محکمہ صحت کو کراچی آنے والے چھ مشتبہ کوویڈ ویرئینٹ مسافروں کی رپورٹ موصول ہوچکی ہے، مسافر بیرون ملک سے کراچی ائیرپورٹ پہنچے تھے۔

ترجمان محکمہ صحت سندھ کے مطابق ایک مسافر بنکاک سے، جبکہ دوسرا ابوظہبی سے کراچی پہنچا تھا، ایک مسافر کا تعلق بلوچستان کےعلاقے کیچ سے ہے جبکہ دوسرے مسافر کا آبائی تعلق سانگھڑ سے ہے لیکن رہائش قاسم آباد حیدرآباد کی ہے۔

ترجمان محکمہ سندھ کے مطابق جانچ کے لیے بھیجے گئے چھ مسافروں میں سے ان دو میں جے این ون مثبت آگیا۔ دونوں مسافروں کو سختی سےگھروں میں قرنطینہ کی ہدایت کردی گئی ہیں۔

ترجمان کے مطابق شارجہ سے دو، اور جدہ سے پہنچنے والے تینوں مسافروں کے ٹیسٹ مثبت آئے ہیں، جدہ سے کراچی پہنچنے والے دوسرے مسافر کا ٹیسٹ منفی آیا ہے۔

قبل ازیں، ترجمان وزارت صحت نے کہا تھا کہ کورونا کے ایک نئے ویرئینٹ جے این ون کے چار کیس رپورٹ ہوئے ہیں جو اومیکرون کا ذیلی وائرس ہے ۔

اتوار کو اپنے ایک بیان میں ترجمان وزارت صحت نے کورونا کے ایک نئے ویرئینٹ جے این ون کے چار کیس رپورٹ ہونے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ تمام متاثرہ افراد میں نئے کورونا ویرینٹ کی ہلکی علامات پائی گئی ہیں۔ چاروں مریض بغیر کسی پیچیدگی کے صحت یاب ہو چکے ہیں، ڈبلیو ایچ او نے جے این ون کو دلچسپ ویرئینٹ قرار دیا ہے ۔

ترجمان نے کہا ہے کہ صورت حال کی کڑی نگرانی کی جارہی ہے، نگراں وفاقی وزیر صحت ڈاکٹر ندیم جان کی ہدایات پر بیماریوں کی نگرانی کیلئے بارڈر ہیلتھ سروسز، قومی و صوبائی ہیلتھ اتھارٹیز، لیبز مکمل فعال اور چوکس ہیں، انٹر نیشنل ایئرپورٹس، تمام داخلی اور خارجی راستوں پر سکریننگ کا موثر نظام موجود ہے۔

 

ڈاکٹر ندیم جان نے کہا کہ بارڈر ہیلتھ سروسز کا شعبہ انٹر نیشنل ہیلتھ ریگولیشنز کی سفارشات پر عمل درآمد کر رہا ہے ، وفاق اور صوبے مکمل طور پر الرٹ ہیں۔

ڈاکٹر ندیم جان نے مزید کہا کہ پاکستان کی 90 فی صد آبادی کو پہلے سے ویکسین لگ چکی ہے ، عوام سے اپیل ہے کہ سردیوں میں کوویڈ یا فلو جیسی بیماریوں کے پھیلائو سے بچنے کے لیے ماسک، فاصلہ اور دیگر احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔

بلوچستان کابینہ کا احمد شہزاد کی نگرانی میں کرکٹ اکیڈمی بنانے کا فیصلہ

نگراں صوبائی وزیر اطلاعات جان اچکزئی کا کہنا ہے کہ بلوچستان کابینہ نے احمد شہزاد کی نگرانی میں کرکٹ اکیڈمی بنانے کا فیصلہ کیا ہے۔

منگل کو میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے جان اچکزئی نے کہا کہ بلوچستان کے متعدد نوجوانوں نے کھیلوں میں نام روشن کیا ہے، ہم نے احمد شہزاد کی نگرانی میں اکیڈمی بنانے کا فیصلہ کیا ہے۔

قبل ازیں، جان اچکزئی نے کہا تھا کہ احمد شہزاد بلوچستان کے کرکٹرز کو قومی کرکٹ ٹیم کی نمائندگی کے لئے روڈ میپ دیں گے، احمد شہزاد بلوچستان کے باصلاحیت کھلاڑیوں کو قومی کرکٹ ٹیم میں شامل کرنے کے لئے کردار ادا کریں گے۔

جان اچکزئی نے کہا کہ کوئی بھی پاکستانی بغیر پاسپورٹ کے افغانستان نہیں جاسکتا، افغان مریض پاکستان میں علاج کیلئے پاسپورٹ پر ہی آسکتے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ نوجوان کھلاڑیوں کی تربیت کے لیے حوصلہ افزائی کی جائے گی، کرکٹ اکیڈمی کے قیام سے نوجوانوں کو مواقع میسر آئیں گے۔

ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ پاکستان جمہوری ملک ہے، پرامن احتجاج کا ہر کسی کو حق ہے۔

طالبعلموں کو 10 ہزار موٹر سائکلیں دینے کا اعلان، ای رجسٹریشن شروع

نگراں وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی کا کہنا ہے کہ طالب علموں کو 10 ہزار موٹر بائیکس دے رہے ہیں۔

لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے محسن نقوی نے کہا کہ ہم طالب علموں کو بلا سود 10 ہزار موٹر بائیکس دیں گے۔

انہوں نے کہا کہ چین میں کوئی بھی بائیک فیول والی نہیں، اب تو گاڑیاں بھی الیکٹرک ہیں۔

 

 

محسن نقوی کا کہنا تھا کہ لاہور میں آہستہ آہستہ الیکٹرک وہیکل آجائیں تو ماحول پر بہت اثر پڑے گا۔

انہوں نے کہا کہ ای رجسٹریشن شروع ہوگئی ہے، آج سے 3 ماہ پہلے سب نے ہاتھ کھڑے کردیے تھے کہ یہ ناممکن ہے۔

عمران خان اور بشریٰ بی بی پر توشہ خانہ کیس میں فرد جرم عائد

بانی پی ٹی آئی عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کے خلاف توشہ خانہ کیس میں آج فرد جرم عائد کردی گئی ہے۔

اسلام آباد کی احتساب عدالت کے جج محمد بشیر نے اڈیالہ جیل میں 190 ملین پاؤنڈ اسکینڈل اور توشہ خانہ کیس کی سماعت کی۔

پیر کو سماعت کے دوران عدالت نے ملزمان میں اس مقدمے کی نقول تقسیم کر دی تھیں، تاہم شریک ملزمہ بشریٰ بی بی کے عدالت میں پیش نہ ہونے پر ملزمان پر فرد جرم عائد نہیں کی گئی تھی۔

بشریٰ بی بی کے وکلا کی طرف سے ایک دن کی حاضری سے استثنا کی درخواست دائر کی گئی تھی جو کہ منظور کرلی گئی تھی۔

بی جے پی کی متنازع وزیر سمرتی ایرانی مدینہ منورہ پہنچ گئیں

متنازع سمجھی جانے والی بھارتی اقلیتی امور کی وزیر اداکارہ سمرتی ایرانی سعودی عرب کے دو روزہ دورے پر موجود ہیں جہاں انہوں نے مدینہ منورہ کا دورہ کیا۔ سمرتی نے حج 2024 کے لیے بھارت اور سعودی عرب کے مابین معاہدے پر دستخط کیے۔

مرکزی وزیر برائے خواتین و بچوں کی ترقی اور اقلیتی امور سمرتی زبین ایرانی اور وزیر مملکت برائے امور خارجہ و پارلیمانی امور وی مرلی دھرن دو روزہ دورے پر سعودی عرب میں موجود ہیں۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں سمرتی ایرانی نے بتایا کہ انہوں مدینہ منورہ کا تاریخی سفر کیا، اسلام کے مقدس ترین شہروں میں سے ایک مدینہ منورہ میں انہوں نے مسجد نبوی، احد کے پہاڑ اور اسلام کی پہلی مسجد قبا کے احاطے کا دورہ بھی کیا۔

سمرتی کے مطابق ان مقامات کے دورے کی اہمیت ابتدائی اسلامی تاریخ سے جڑی ہوئی ہے جو ہماری ثقافتی اور روحانی وابستگی کی گہرائی کو ظاہر کرتی ہے۔

سمرتی ایرانی کے دورے کے دوران بھارت اور سعودی عرب کے درمیان دوطرفہ حج معاہدہ 2024 پر دستخط کیے گئے۔

این اے32 پشاور سے پی ٹی آئی رہنما شیر افضل مروت کے کاغذات منظور

 پشاور: پی ٹی آئی کے سینیئر نائب صدر اور رہنما شیر افضل مروت کے این اے 32 پشاور سے کاغذات منظور کر لیے گئے۔

ایپلیٹ ٹریبیونل پشاور ہائیکورٹ میں شیر افضل مروت کے کاغذات نامزدگی مسترد ہونے کے خلاف اپیل پر سماعت ہوئی۔ پی ٹی امیدوار کی ریٹرننگ افسر کے فیصلے کے خلاف اپیل منظور کی گئی۔

کاغذات منظوری کے بعد میڈیا سے گفتگو میں شیر افضل مروت نے کہا کہ پنجاب میں جس طرح وکلاء کو ٹکٹ ملے ہیں، خبیر پختونخوا میں اس طرح نہیں ہوا، خیبر پختونخوا میں ٹکٹ کے معاملے پر وکلاء اور یوتھ کو نظر انداز کیا گیا ہے۔ آج بانی پی ٹی آئی سے ملنے جا رہا ہوں اور انہیں خیبر پختونخوا کے ٹکٹوں کے معاملے سے آگاہ کروں گا۔

انہوں نے کہا کہ عاطف خان کے ساتھ کوئی اختلاف نہیں، وہ آڈیو گروپ میں شیئر نہیں کرنی چاہیے تھی اور میں کسی سے معافی نہیں مانگتا البتہ عاطف خان کو کال کرکے ان سے معذرت کی۔

شیر افضل مروت نے کہا کہ مجھے صوبائی تنظیم سے نہیں مرکزی تنظیم سے مسئلہ ہے، مرکزی تنظیم شاید میری زبان اور پذیرائی کی وجہ سے پسند نہیں کرتے۔ میں ارباب شیر علی کو پسند نہیں وہ مسلسل میری مخالفت کر رہا ہے، میں پارٹی میں ہاں میں ہاں ملانے والا بندہ نہیں، کام کرنے والا بندہ ہوں۔

لاپتا افراد کمیشن کے 4 ارکان کی تنخواہ ماہانہ 30 لاکھ روپے

اسلام آباد: لاپتا افراد کمیشن نے عدالتی حکم پر تفصیلات اٹارنی جنرل کو جمع کرا دیں ، جس میں بتایا گیا ہے کہ کمیشن کے 4 ارکان کی تنخواہ ماہانہ تقریباً 30 لاکھ روپے ہے۔

رپورٹ کے مطابق لاپتا افراد کمیشن کے سربراہ اور دیگر 3 ارکان ماہانہ 29 لاکھ 64ہزار 52 روپے تنخواہ لیتے ہیں۔ لاپتا افراد کے سب سے زیادہ 3485 کیسز خیبرپختونخوا سے رپورٹ ہوئے جب کہ بلوچستان سے 2752 شہریوں کی جبری گمشدگی کے کیسز موصول ہوئے۔

لاپتا افراد کمیشن کی جانب سے جمع کرائی گئی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ خیبر پختونخوا سے شہریوں کے لاپتا ہونے کی وجہ شرپسندی، حالت جنگ، ڈرون حملوں میں ہلاکتیں ہیں۔ جنگی صورتحال کے باعث اہلخانہ کو بتائے بغیر دیگر ممالک منتقل ہونا بھی جبری گمشدگی کیسز کی وجہ ہے۔ لاپتا افراد کو پیش کرنے کے لیے 744 پروڈکشن آرڈرز جاری کیے، جن میں سے صرف 52 پر عمل ہوا۔

کمیشن کے جاری کردہ 692 پروڈکشن آرڈرز پر متعلقہ حکام نے عمل نہیں کیا۔ پروڈکشن آرڈرز پر نظرثانی کے لیے پولیس اور حساس اداروں نے 182درخواستیں دیں۔ عمل درآمد نہ ہونے والے پروڈکشن آرڈرز میں سے 503 کے پی کے ہیں۔ مارچ 2011ء سے دسمبر 2023ء تک 4413 لاپتا افراد گھروں کو واپس پہنچے جب کہ لاپتا ہونے والے 994افراد مختلف حراستی مراکز میں اور 644 افراد ملک کی مختلف جیلوں میں قید ہیں۔

رپورٹ کے مطابق مارچ 2011ء سے دسمبر 2023ء تک 261 لاپتا افراد کی لاشیں ملیں۔ کمیشن نے 1477 کیسز کو جبری گمشدگی قرار نہ دیتے ہوئے خارج کر دیا، جن میں اغوا برائے تاوان، ذاتی عناد یا ازخود روپوش ہونے کے کیس شامل تھے۔ کمیشن میں پنجاب کے 260، سندھ کے 163،کے پی کے 1336کیسز ، بلوچستان کے 468، اسلام آباد کے 55 کیسز اور آزاد کشمیر کے 15 کیسز زیرالتوا ہیں۔

لاپتا افراد کمیشن میں مجموعی طور پر 35افسران و ملازمین تعینات ہیں، جن کی ماہانہ تنخواہیں 15 لاکھ سے زائد ہیں۔ کمیشن سربراہ جسٹس(ر) جاوید اقبال 6 لاکھ74ہزار، رکن ضیا پرویز8 لاکھ29ہزار، رکن جسٹس(ر) امان اللہ خان11لاکھ39ہزار، شریف ورک 2 لاکھ 63 ہزار ماہانہ وصول کرتے ہیں۔

واضح رہے کہ سپریم کورٹ نے وفاقی حکومت سے تفصیلات موصول ہونے کے20 دن میں جواب طلب کر رکھا ہے۔

دھند کے باعث ملک بھر میں 20 سے زائد پروازیں منسوخ

پنجاب اور خیبر پختونخوا میں دھند کے باعث 21 پروازیں منسوخ کردی گئی ہیں، جبکہ پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز (پی آئی اے) کی 10 غیرملکی پروازوں کو متبادل ہوائی اڈوں پر اتارا گیا ہے۔

پیر کو اسلام آباد، پشاور، سیالکوٹ اور ملتان کی 21 پروازیں منسوخ ہوئیں۔

کویت سٹی تا سیالکوٹ کی پرواز پی کے 240 کو لاہور اتارا گیا، دبئی تا اسلام آباد پی کے 234، پی کے 112 کو لاہور اتارا گیا۔

مدینہ تا ملتان پی کے 716، سعودیہ القسیم تا ملتان پی کے 170 بھی لاہور اتاری گئیں۔

دمام تا سیالکوٹ پرواز پی کے 244 لاہور اتاری گئی، جدہ تا سیالکوٹ پی کے 746، شارجہ تا سیالکوٹ پی کے 210 بھی لاہور اتاری گئی۔

دبئی تا پشاور پرواز پی کے 284 اسلام آباد ایئرپورٹ پر اتاری گئی، دبئی تا لاہور پرواز پی کے 236 بھی اسلام آباد منتقل کی گئی۔

ابوظہبی تا اسلام آباد کی پرواز پی کے 161 منسوخ کردی گئی، اسلام آباد تا کراچی ای آر 500 اور ای آر 505 بھی منسوخ کردی گئی۔

 

 

اسلام آباد تا کوئٹہ ای آر 540 اور 541 دبئی ای ار 701 بھی منسوخ کردی گئیں۔

دوحہ پی کے 287، کوئٹہ پی کے 325 اور 326 منسوخ کی گئیں۔

کراچی۔سکھر پی کے 530 اور پی کے 531 منسوخ کردی گئیں جبکہ پی کے 331، شارجہ۔ملتان پی کے 812 بھی منسوخ کردی گئیں۔

جدہ۔ملتان پی کے 940 بھی منسوخ کردی گئی، ابوظبی۔پشاور پی کے 118 منسوخ کی گئی۔

سلام ایئر کی مسقط۔پشاور کی اپ اینڈ ڈاؤن کی دو پروازیں منسوخ کردی گئیں، چین کے شہر نینگ سے کراچی کی پرواز وائی جی 9143 منسوخ کی گئی۔

کراچی پشاور 9P865 اور 9P866 بھی منسوخ کردی گئیں۔

ڈیوڈ وارنر نے بگ بیش میچ میں شرکت کیلیے ہیلی کاپٹر بک کرالیا

سڈنی: آسٹریلوی اوپنر ڈیوڈ وارنر نے اسٹیون اسمتھ کے خلاف بگ بیش میچ میں شرکت کیلیے ہیلی کاپٹر بک کرالیا تاکہ اپنے بھائی کی شادی سے سیدھا اسٹیڈیم پہنچ سکیں۔

اسٹیون اسمتھ جمعے کے روز سڈنی سکسرز کی جانب سے اس سیزن میں واحد بگ بیش میچ کھیلیں گے، حریف ٹیم سڈنی تھنڈر میں وارنر شامل ہیں مگر اسی روز ان کے بھائی کی 250 کلومیٹر دوری پر شادی کی تقریب ہے۔
ڈیوڈ وارنر نے کہا کہ میں نے 2 ایئرکرافٹ کے ساتھ ہیلی کاپٹر کی بکنگ بھی کرائی، سفر موسم سے مشروط ہے، میری پوری کوشش ہوگی کہ شادی کی تقریب سے فارغ ہوتے ہی سڈنی پہنچ جاؤں تاکہ اسمتھ کے خلاف بگ بیش میچ کھیلنے کا موقع مل سکے۔

بنگلہ دیش میں عام انتخابات؛ شکیب الحسن نے کامیابی سمیٹ لی

بنگلہ دیشی ٹیم کے آل راؤنڈر شکیب الحسن نے عام انتخابات میں شانداز کامیابی سمیٹ لی۔

سرکاری بیان کے مطابق اتوار کے روز آل راؤنڈر نے الیکشن میں حریف کیخلاف واضح اکثریت سے فتح حاصل کی، حکمران جماعت عوامی لیگ نے شکیب الحسن کو پارٹی ٹکٹ دیا تھا۔

رپورٹس میں کہا گیا ہے کہ عام انتخابات کے دوران اپوزیشن نے الیکشن کا بائیکاٹ کیا اور یوں واضح اکثریت کیساتھ شیخ حسینہ واجد کی جماعت عوامی لیگ نے کامیابی سمیٹی۔

ضلعی چیف ایڈمنسٹیٹر نے نتائج کا اعلان کرتے ہوئے بتایا کہ آل راؤنڈر شکیب الحسن نے ماگورا حلقے میں حریف کیخلاف ڈیڑھ لاکھ سے زائد ووٹ حاصل کیے ہیں۔

عام انتخابات میں جیت کے بعد کرکٹر کی جانب سے کوئی بیان سامنے نہیں آیا ہے۔

الیکشن سے قبل شکیب الحسن کا کہنا تھا کہ کرکٹ سے ابھی ریٹائرمنٹ نہیں لی ہے تاہم انتخابات میں جیت کیلئے پُرعزم ہوں۔

واضح رہے کہ وزیراعظم شیخ حسینہ کی زیر قیادت حکمران عوامی لیگ پارٹی کے امیدوار کے طور پر انتخابات میں حصہ لیا تھا۔ توقع کی جارہی تھی کہ شیخ حسینہ واجد پانچویں بار اقتدار حاصل کرلیں گی۔