شہزاد اکبر، ذوالفی بخاری کے اثاثے اور بینک اکاؤنٹس منجمد کرنیکا حکم

اسلام آباد: احتساب عدالت نے 190 ملین پاؤنڈ کیس میں پی ٹی آئی رہنما شہزاد اکبر اور ذوالفی بخاری کے تمام اثاثے اور بینک اکاؤنٹس منجمد کرنے کا حکم دے دیا۔

جج محمد بشیر نے حکم جاری کرتے ہوئے فرح گوگی، وکیل ضیا المصطفی نسیم و دیگر ملزمان کے بھی اثاثے اور بینک اکاؤنٹس بھی منجمد کرنے کا حکم دیا ہے۔

اس کے ساتھ ساتھ ملزمان کے نام رجسٹرڈ گاڑیاں بھی ضبط کرنے کا حکم دیا گیا۔
احتساب عدالت نے اشتہاری قرار دیے جانے کے بعد تمام ملزمان کے دائمی وارنٹ گرفتاری بھی جاری کر دیے۔

فرنچ صدر نے اولمپکس کا 200 روزہ کاؤنٹ ڈاؤن شروع کردیا

پیرس: فرنچ صدر ایمانوئیل میکرون نے پیرس اولمپکس کا 200 روزہ کاؤنٹ ڈاؤن لانچ کردیا۔

ایفل ٹاور کے قریب خصوصی تقریب منعقد کی گئی، فرنچ صدر ایمانوئیل میکرون نے بٹن دباکر کاؤنٹ ڈاؤن شروع کیا ،انھوں نے ملکی عوام پر بھی گیمز کی تیاریوں میں شامل ہونے پر زور دیا۔

فرانس 100 برسوں میں پہلی بار سمر گیمز کی میزبانی کررہا ہے، پیرس میں رواں برس اولمپکس کا میلہ 26 جولائی سے 11 اگست تک سجے گا۔

وسیم اکرم نے ’مشورہ‘ دینے والے کو آڑے ہاتھوں لے لیا

پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان وسیم اکرم نے تنقید کرنے والے صارف کو آڑے ہاتھوں لے لیا۔

سوئنگ کے سلطان وسیم اکرم ان دِنوں اپنی فیملی کے ہمراہ آسٹریلیا میں موجود ہیں، جہاں سے وہ تصاویر اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹ انسٹاگرام پر شیئر کرتے رہتے ہیں۔

حال ہی میں انہوں نے سڈنی کے موسم سے لطف اندوز ہوتے ہوئے اپنی ایک تصویر انسٹاگرام پر شیئر کی تھی۔

انہوں نے تصویر شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ ’مارننگ، سڈنی میں ایک خوبصورت دن‘۔

سابق کرکٹر کو اس پوسٹ پرایک صارف نے جب ٹرول کیا تو انہوں نے اس پر برہمی کا اظہار کردیا۔

صارف نے وسیم اکرم پر تنقید کرتے ہوئے نامناسب لب ولہجہ اختیار کرتے ہوئے کہا کہ ’بغل کے بال کاٹ لیں‘۔ اس پر وسیم اکرم نے صارف کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہا کہ ’دنیا چاند پر پہنچ چکی ہے اور میرے ملک میں احمق بغل کے بالوں کی بات کررہے ہیں۔ یہ ظاہر کرتا ہے کہ ہم ایک ملک کے طور پر کہاں ہیں اور ہماری ثقافت حیران کن ہے‘۔

وسیم اکرم ایک شاندار کمنٹیٹر اور کوچ ہیں۔ وہ پی ایس ایل میں ٹیموں کی کوچنگ بھی کرتے ہیں۔ وسیم اکرم اور شنیرا اکرم کی شادی 2013 میں ہوئی اور ان کی ایک پیاری بیٹی عائلہ ہے۔

بھارتی کرکٹر بھی جاوید میانداد کی تعریف کیے بغیر نہ رہ سکے

بھارتی کرکٹر روی ایشون بھی سابق لیجنڈری پاکستانی اسٹار جاوید میانداد کی تعریف کیے بغیر نہ رہ سکے۔

سماجی رابطے کی سائٹ ٹوئٹر (ایکس) پر ایک صارف نے روی ایشون کو ٹیگ کرتے ہوئے لکھا کہ جاوید میانداد اسپین کھیلنے کے ماہر تھے، آج کے بلےبازوں میں انکی آدھی مہارت بھی نہیں ہے۔

جس پر بھارتی آف اسپنر روی ایشون نے جواب دیتے ہوئے اعتراف کیا کہ میں آپ کے نقطہ نظر سے بالکل متفق ہوں، وہ ایک شاندار کرکٹر تھے تاہم اس دور میں اس چیز جو مشکل کا سبب بنتی ہے وہ (ڈی آر ایس) ہے لیکن میں سمجھتا ہوں وہ بالر کیخلاف یہ جنگ جیت جاتے۔

واضح رہے کہ جاوید میانداد کا بھارت کے خلاف ون ڈے میچوں میں شاندار ریکارڈ ہے، انہوں نے روایتی حریف کیخلاف 35 مقابلے کھیلے جس میں 1 ہزار 175 رنز بنائے۔ عظیم کرکٹر کی اوسط بھارت کیخلاف 51.08 جبکہ اسٹرائیک ریٹ 72.44 کا تھا، جس میں 6 نصف سنچریاں اور 3 سنچریاں شامل تھیں۔

نواز شریف اور فیملی کیخلاف شریف ٹرسٹ کیس میں نیب تحقیقات بند

چئیرمین نیب کی زیر صدارت نیب ایگزیکٹو بورڈ کا اہم اجلاس ہوا جس میں ایگزیکٹو بورڈ نے چھ کرپشن کیسز بند کرنے کی منظوری دے دی۔

اجلاس میں نواز شریف اور ان کے خاندان کے خلاف شریف ٹرسٹ کیس میں نیب تحقیقات بند کرنے کی منظوری بھی دی گئی۔

اس کے علاوہ آئی جی اسلام آباد اکبر ناصر خان کے خلاف سیف سٹی کرپشن کیس کی انکوائری بند کرنے کا فیصلہ بھی کلیا گیا ہے۔

سیاستدانوں کی تاحیات نااہلی کالعدم قرار، نوازشریف اور جہانگیر ترین کی سزا ختم

بورڈ اجلاس میں سی ڈی اے افسران کے خلاف پارک انکلیو ہاؤسنگ سوسائٹی انکوائری، وفاقی حکومت کے افسران کے خلاف من پسند افراد کو بھرتی کرنے کی انکوائری اور شاہد ملک اور شہباز یاسین ملک کے خلاف بھی انکوائری بند کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

نیب کی جانب سے اپنی ویب سائٹ پر جاری کردہ اعلان کے مطابق، یکم جنوری 2024ء کو ہونے والی بیورو کی ایگزیکٹو بورڈ میٹنگ (ای بی ایم) کے فیصلے کے بعد نواز شریف اور ان کی فیملی کے اراکین کے خلاف شریف ٹرسٹ کیس میں انوسٹی گیشن بند کر دی گئی ہے۔

شریف ٹرسٹ کیس میں انویسٹی گیشن کی منظوری 31 مارچ 2000ء کو دی گئی تھی۔

شریف فیملی پر الزام عائد کیا گیا تھا انہوں نے خفیہ طور پر شریف ٹرسٹ میں کروڑوں روپے وصول کیے، ٹرسٹ کے کھاتوں کا آڈٹ نہیں کرایا گیا، رقوم میں خرد برد کی گئی ہے اور ٹرسٹ کے نام پر بے نامی جائیدادیں بنائی گئیں۔

بجلی کمپنیوں کی نگرانی کے لیے فوجی افسر مقرر ہوں گے

حکومت نے خسارے میں چلنے والی 5 پاور ڈسٹری بیوشن کمپنیوں کے لیے پاک فوج کے حاضر افسران کی سربراہی میں پرفارمنس مینجمنٹ یونٹس (پی ایم یوز) کے قیام کا فیصلہ کرلیا۔

نگراں وزیر توانائی و پٹرولیم کے قریبی ذرائع کا کہنا ہے کہ وفاقی کابینہ خسارے میں چلنے والی پانچ پاور ڈسٹری بیوشن کمپنیوں (ڈسکوز) میں پاک فوج کے حاضر سروس بریگیڈیئر کی سربراہی میں پرفارمنس مینجمنٹ یونٹس (پی ایم یوز) کے قیام کی منظوری دینے کے لیے تیار ہے ۔

بزنس ریکارڈ کے مطابق آج 9 جنوری کو ہونے والے وفاقی کابینہ کے اجلاس میں خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل (ایس آئی ایف سی) کی اپیکس کمیٹی کے فیصلے کی روشنی میں تیار کی گئی تجویز پرغور کیا جائے گا۔

ذرائع نے بتایا کہ واپڈا کی بندش کے بعد پاکستان میں بجلی کی تقسیم کا کاروبار10 ڈسٹری بیوشن کمپنیوں (سوائے کراچی کے جو ایک نجی کمپنی کر رہی ہے) کو سونپ دیا گیا۔وزارت توانائی (پاور ڈویژن) کے تحت ان ڈسکوز میں چیف ایگزیکٹو آفیسرز (سی ای اوز) کے طور پر موزوں افراد کی تقرری حکومت کے لیے ہمیشہ ایک چیلنج رہی ہے۔

ماضی میں سی ای او ز کے عہدے پُر کرنے کی ایسی تمام کوششیں ناکام رہی ہیں۔ نتیجتا بجلی کا شعبہ بنیادی طور پر موثر قیادت کے فقدان کی وجہ سے نااہلیوں کا شکار ہے۔ اس کے نتیجے میں جون 2023 تک گردشی قرضہ 2.310 ٹریلین روپے تک پہنچ چکا ہے۔ ڈسکوز کی وصولیوں میں بھی 1.786 ٹریلین روپے کا اضافہ ہوا ہے جس کی وجہ سے یہ شعبہ غیر پائیدارہو گیا ہے۔

پاور ڈویژن کے مطابق مالی سال 2023-24 کے دوران ڈسکوز کو تقریبا 589 ارب روپے کا نقصان ہونے کا خدشہ ہے جس میں انڈر ریکوری اور نیپرا کی حد سے زیادہ نقصان شامل ہے۔

یہ کمپنیاں کارپوریٹائزیشن اور ڈسٹری بیوشن سسٹم میں مزید نجکاری کے لئے بنائی گئی تھیں۔ تاہم بدانتظامی کی وجہ سے مزید اصلاحات کا عمل پٹڑی سے اتر چکا ہے اور نتیجتاً یہ ادارے اب قومی خزانے پر مستقل بوجھ ہیں۔

پاور ڈویژن کا کہنا ہے کہ بجلی کے شعبے میں نقصانات کو کم سے کم کرنے کے لیے حکومت نے بجلی چوری اور نادہندگان سے وصولی کے خلاف مہم شروع کی ہے۔

تاہم خدشہ موجود ہے کہ ڈسکوز کی کمزور قیادت مطلوبہ نتائج حاصل کرنے کے قابل نہیں ہوسکتی ہے. خاص طور پر حیسکو، سیپکو، پیسکو اور کیسکو کو انتظامی صلاحیت کی شدید کمی کا سامنا ہے اور انہیں اس حوالے سے انتظامی مدد کی ضرورت ہے۔

4 اکتوبر 2023 کو ہونے والے ایس آئی ایف سی کی اپیکس کمیٹی کے اجلاس میں قانون نافذ کرنے والے اداروں، ضلعی انتظامیہ اور انٹیلی جنس ایجنسیوں کے افسران پر مشتمل انسداد چوری ٹاسک فورس قائم کرنے کا فیصلہ کرتے ہوئے نمایاں نقصان اٹھانے والے ڈسکوز کیسکو، پیسکو، سیپکو، میپکو اور حیسکو کو کے ساتھ وابستگی کا فیصلہ کیا گیا۔

پائلٹ پروجیکٹ ہیسکو کے ساتھ شروع ہوگا اور ہیسکو میں پائلٹ مداخلت کے نتائج کا جائزہ لینے کے بعد دیگر ڈسکوز میں بھی ایسا کیا جائے گا۔

وجوہات کی وضاحت کے بعد پاور ڈویژن نے کابینہ کی منظوری کے لیے مندرجہ ذیل تجاویز پیش کی ہیں: (1) ہر ڈسکو میں ایک پرفارمنس مینجمنٹ یونٹ قائم کیا جائے۔ پائلٹ کے طور پر پہلا پی ایم یو حیسکو میں قائم کیا جائے گا جس میں پی اے ایس، ایف آئی اے اور انٹیلی جنس ایجنسی کے افسران شامل ہوں گے جس کی سربراہی پاک فوج کے بی ایس 20 افسر کریں گے۔

یہ پرفارمنس منیجمنٹ (پی ایم یو) براہ راست سیکرٹری پاور ڈویژن کو رپورٹ کرے گا۔

وزارت دفاع ہر ڈسکو کے انتظام کو مضبوط بنانے کے لیے ٹیم اور متعلقہ عملے کے ساتھ پاک فوج کے ایک حاضر سروس بی ایس 20 افسر کو تعینات کر سکتی ہے۔ ابتدائی طور پر حیسکو کے لیے ایسی صرف ایک ٹیم کی ضرورت ہوگی۔

وزارت دفاع ہر ڈسکو میں انٹیلی جنس ایجنسیوں سے ایک افسر تعینات کر سکتی ہے۔

انسداد چوری مہم میں پولیس حکام کے ساتھ کوآرڈینیشن کے لیے متعلقہ صوبائی پولیس حکام کی طرف سے ہر ڈسکو میں بی ایس 18 کے حاضر سروس پولیس افسر کو تعینات کیا جاسکتا ہے۔

نادرا/ آئی ایم پاس اور بینکوں کو ہدایت کی جائے کہ وہ ان ڈیفالٹر افراد کے پاسپورٹ جاری یا تجدید نہ کریں یا بینک اکاؤنٹ نہ کھولیں، جن کی فہرستیں پاور ڈویژن پی ایم یو کی جانب سے فراہم کردہ ان پٹ کی بنیاد پر متعلقہ حکام کے ساتھ شیئر کرے گا۔

پاور ڈویژن نے مزید کہا ہے کہ پاکستان ایڈمنسٹریٹو سروس (پی اے ایس) کے گریڈ 17 کے افسران کو تمام ڈسکوز میں تعینات کیا گیا ہے۔ گریڈ 17 یا 18 کے ایف آئی اے افسران کو سب سے پہلے تین ڈسکوز (حیسکو، سیپکو اور پیسکو) سے منسلک کیا گیا تھا تاکہ چوری اور ریکوری مہم میں ڈسکوزملازمین کے ساتھ مل کر کام کرنے والے ملازمین کے خلاف فوری کارروائی کی جا سکے۔

سیکریٹری خزانہ کے قریبی ذرائع نے بزنس ریکارڈر کو بتایا کہ فنانس ڈویژن نے پاور ڈویژن کی جانب سے خسارے میں چلنے والی پاور ڈسٹری بیوشن کمپنیوں (ڈسکوز) میں سینئر فوجی افسران (بریگیڈیئرز) کی سربراہی میں پرفارمنس مینجمنٹ یونٹس (پی ایم یوز) کے قیام کی تجویز کی مخالفت کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس سے ڈسکوز کے اندر گورننس مزید خراب ہوگی۔

بجلی کمپنیوں کے افسران کیلئے مفت بجلی کی سہولت ختم

فنانس ڈویژن نے 10 نومبر 2023 کو وزارت توانائی (پاور ڈویژن) آفس میمورنڈم پر اپنے تبصرے میں کہا کہ وفاقی کابینہ کی سمری کے مسودے میں پی ایم یوز کے قیام کے حوالے سے تجویز کی توثیق نہیں کی گئی جس کی سربراہی پاک فوج کے بی ایس 20 افسر کریں گے اور جس میں پاکستان ایڈمنسٹریٹو سروس (پی اے ایس)، فیڈرل انویسٹی گیشن ایجنسی (ایف آئی اے) اور انٹیلی جنس ایجنسیوں کے افسران تعینات ہوں گے۔

فنانس ڈویژن نے اپنے تبصروں میں دلیل دی کہ چوری پر قابو پانا اور کارکردگی کا انتظام دو بالکل مختلف افعال ہیں، مجوزہ پی ایم یو کے ٹرمز آف ریفرنس (ٹی او آرز) اور کلیدی کارکردگی انڈیکیٹرز (کے پی آئیز) کی نشاندہی نہیں کی گئی ہے۔

فنانس ڈویژن نے پاور ڈویژن سے ریمٹ پر تبصرہ کے لیے ٹی او آرز فراہم کرنے کا کہتے ہوئے مزید کہا ہے کہ ، پی ایم یو کمپنی کا رسمی انتظام غیر متعلقہ بنا تے ہوئے ڈسکوز کے اندر گورننس کو مزید خراب کرے گا ۔ فنانس ڈویژن نے تجویز دی ہے کہ نئے یونٹ کا دائرہ سختی سے انسداد چوری اقدامات اوربلوں کی وصولی تک محدود ہونا چاہئیے۔

ذرائع نے فنانس ڈویژن کے حوالے سے مزید بتایا کہ اس تجویز سے ان کمپنیوں کو اضافی اخراجات کا سامنا کرنا پڑے گا جو پہلے ہی خسارے میں ہیں۔

پاکستان نے ہیلتھ سیکورٹی پر عالمی کانفرنس بلا لی

نگران وفاقی وزیر برائے صحت ندیم جان کا کہنا ہے کہ اسلام آباد میں جلد ایک گلوبل ہیلتھ عالمی سربراہی کانفرنس ہورہی ہے، یہ کانفرنس لوگوں کی ہیلتھ کے بارے میں ہے۔

اسلام آباد میں نگراں وزیر صحت ندیم جان نے مرتضیٰ سولنگی کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ کورونا کی وجہ ہمیں بہت نقصان ہوا ہے، کل سے گلوبل ہیلتھ عالمی سربراہی کانفرنس اسلام آباد میں شروع ہورہی ہے، جس میں ستر سے زیادہ مندوبین اس میں شرکت کریں گے۔

وزیرِ صحت ندیم جان نے کہا کہ کانفرنس بلانے کا مقصد دنیا کو ہیلتھ سیکورٹی کے حوالے سے محفوظ کرنا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہیلتھ کا سیاست سے کوئی تعلق نہیں، ہمارے ہیلتھ پلان میں بھی بہت خامیاں ہیں۔

ندیم جان نے کہا کہ ویکسین ایکوئٹی کی ٹیکنالوجی کو اپ گریڈ کرنے کی ضرورت ہے، ہم پاکستان اور پوری دنیا میں سسٹم کی اپ گریڈیشن چاہتے ہیں۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ ہم نے غزہ کے تناظر میں بھی کہا تھا کہ صحت کو سیاست سے دور رکھنا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ ہر مریض اور ہر زخمی کو صحت کی سہولیات فراہم کرنا بنیادی حق ہے۔

شہباز شریف پر الیکشن کے بعد نااہلی کی تلوار لٹک گئی

الیکشن ٹریبونل سندھ ہائیکورٹ میں شہباز شریف کے کاغذات نامزدگی کی منظوری کے خلاف دوسری درخواست بھی مسترد کردی گئی ہے، جبکہ این اے 132 لاہور سے بھی شہباز شریف کے کاغذات منظوری کے خلاف اپیل مسترد کردی گئی۔

گزشتہ روز سابق وزیراعظم شہباز شریف کے خلاف حلقہ این اے 242 سے کاغذات نامزدگی کی منظوری پر اٹھائے گئے اعتراض کو ٹربیونل نے مسترد کردیا تھا اور شہبازشریف کو الیکشن کے لیے اہل قرار دیا تھا۔

دوران سماعت سندھ ہائیکورٹ ٹریبونل نے ریمارکس دئے کہ درست معلومات کا تنازعہ الیکشن کے بعد بھی دیکھا جاسکتا ہے۔

ن لیگ استحکام پاکستان پارٹی سے 2 نشستوں پر سیٹ ایڈجسٹمنٹ پر آمادہ

سندھ ٹریبونل کے جسٹس ارشد حسین نے ریمارکس دئے کہ اگر کسی نے غلط معلومات دی ہیں تو الیکشن کے بعد بھی نااہل ہوسکتا ہے۔

ایم کیوایم کا وزیراعظم کیلئے نوازشریف کوووٹ دینے کا اعلان

درخواست گزار نے ٹریبونل کو بتایا کہ شہباز شریف نے این اے 242 کے کاغذات میں درست حلف نامہ نہیں لگایا۔

درخواست گزار نے استدعا کی کہ شہباز شریف نے بیان حلفی میں کاروبار سے متعلق غلط بیانی کی ہے، لہٰذا ریٹرننگ افسر کا فیصلہ کالعدم دے کر کاغذات مسترد کیے جائیں۔

مودی سرکار نے سیاسی مفاد کے لیے رام مندر کو بھی داؤ پر لگادیا

نئی دہلی: انتہا پسند بھارتی سیاسی جماعت بی جے پی کی مودی سرکار نے انتخابات میں ووٹ حاصل کرنے کے لیے رام مندر کو بھی داؤ پر لگا دیا۔

بھارت کی جنتا دل پارٹی کے رہنما اجے یادیو نے بی جے پی حکومت پر رام مندر کو بم سے اڑانے کے منصوبے کا الزام لگا دیا۔ پارٹی کے ایم ایل اے نےاپنے الزام میں کہا ہے کہ بی جے پی 22 جنوری 2024ء کو رام مندر کے افتتاح کے موقع پر بم دھماکا کرے گی اور اس ممکنہ دھماکے سے مذہبی تناؤ شدت اختیار کر جائے گا۔

اجے یادیو نے الزام عائد کرتے ہوئے دعویٰ کیا ہے کہ مودی سرکار ایودھیہ رام مندر پر حملہ کرکے الزام پاکستان اور مسلمانوں پر لگانا چاہتی ہے۔ ہمارے ٹیکس کے پیسے سے تعمیر کیے گئے رام مندر کا کریڈٹ بی جے پی لے رہی ہے۔
دریں اثنا جنتا دل پارٹی کے ایم پی کوشلندر کمار نے بھی مودی سرکار کی پالیسیوں کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ رام سب کا صرف بی جے پی کا نہیں ۔ واضح رہے کہ 22 جنوری 2024ء کو رام مندر کے افتتاح کے موقع پر مودی کو بطور مہمان خصوصی شرکت کی دعوت دی گئی ہے۔

بھارتی پولیس کا کہنا ہے کہ نامعلوم شخص کی کال موصول ہوئی جس میں 22 جنوری کو رام مندر کے افتتاح کے موقع پر دھماکا کرنے کی دھمکی دی گئی۔ این ڈی ٹی وی کے مطابق تیہار سنگھ اور اوم پرکاش مشرا نامی 2 افراد نے سوشل میڈیا کے ذریعے یوگی آدتیہ اور رام مندر کو بم سے اڑانے کی دھمکی دی۔

عمران خان جی ایچ کیو حملہ کیس میں بھی گرفتار

راولپنڈی: رہائی کی روبکار جاری ہونے کے بعد بانی پی ٹی آئی عمران خان کو جی ایچ کیو حملہ کیس میں بھی گرفتاری کر لیا گیا۔

جیل میں وڈیو لنک سے سماعت شروع ہوگئی اور تمام 12 مقدمات کے ایس ایچ اوز ریکارڈ سمیت کمرہ عدالت میں موجود ہیں۔ ایس ایچ او تھانہ آر اے بازار نے جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی ہے۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز آفیشل سیکریٹ ایکٹ کی خصوصی عدالت نے بانی پی ٹی آئی عمران خان کی رہائی کے روبکار جاری کیے تھے۔
مزید پڑھیں: سائفر کیس میں عمران خان کی رہائی کا روبکار جاری

جج ابوالحسنات ذوالقرنین نے روبکار جاری کیا تھا جس میں کہا گیا کہ بانی پی ٹی آئی کی ضمانت منظور ہوچکی ہے، عمران خان کسی دوسرے مقدمے میں نامزد نہیں تو رہا کیا جائے۔

سائفر کیس میں عمران خان کی ضمانت منظور ہوگئی ہے تاہم توشہ خانہ اور 190 ملین پاؤنڈ کیس میں گرفتاری کے باعث بانی پی ٹی آئی جیل میں ہی رہیں گے۔