کراچی: ماضی کی معروف پاکستانی اداکارہ و میزبان مشی خان نے اُن فنکاروں کو آڑے ہاتھوں لے لیا جو معاوضہ لیکر وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کے لیے تشہیری مہم چلا رہے ہیں۔
مشی خان نے اپنے آفیشل انسٹاگرام ہینڈل پر جاری کیے گئے ویڈیو پیغام میں کہا کہ بڑے افسوس کی بات ہے کہ ہمارے ملک کے حالات بدترین ہوتے جا رہے ہیں، بجلی کے بھاری بلوں سے غریب عوام پریشان ہے۔
اداکارہ نے کہا کہ لوگ بجلی کے بل بھرنے کی خاطر سونے کی چھوٹی چھوٹی چیزیں اور اپنی قیمتی اشیاء فروخت کررہے ہیں، صرف یہی نہیں، اس حکومت نے بجلی کے بل بھرنے کے لیے لوگوں کو اپنے اعضاء تک فروخت کرنے پر مجبور کردیا ہے، ایسے میں ہمارے معروف فنکار اور سوشل میڈیا انفلوئنسرز بھاری معاوضہ لیکر مریم نواز اور حکومتِ پاکستان کے لیے تشہیری مہم چلا رہے ہیں۔
اُنہوں نے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ اس وقت ملک پر آئی ایم ایف کا قرضہ ہے، آپ کو تشہیری مہم چلانے کے لیے فنکاروں کو بھاری معاوضہ دینے کے بجائے، یہ پیسہ جمع کرکے ملک کا قرضہ اُتارنا چاہیے۔
مشی خان نے کہا کہ مریم نواز، کراچی میں بیٹھے فنکاروں سے اپنے صوبے پنجاب کے لیے تعریفی تشہیری مہم چلوا رہی ہیں جبکہ ہمارے فنکار بھی پیسوں کے بھوکے ہیں جو بنا سوچے سمجھے ہر کام کے لیے فوری ہاں کردیتے ہیں۔
اداکارہ نے کہا کہ ہمارے فنکاروں کے پاس اتنا پیسہ ہے لیکن پھر بھی یہ بھوکے ہیں، ان کا ضمیر سوگیا ہے، یہ کبھی تھوڑے سے پیسوں کی خاطر فلسطین کا دُکھ بھول جاتے ہیں، جب پوری دُنیا اسرائیل کے حامیوں کا بائیکاٹ کررہی ہے تو ہمارے فنکار بیرون ملک ایوارڈ شو میں شرکت کرنے چلے جاتے ہیں۔
اُنہوں نے پاکستانی فنکاروں سے سوال کیا کہ کیا آپ لوگوں کو انکار کرنا نہیں آتا؟ کیا آپ کو احساس ہے کہ اس وقت ملک کے حالات کیا ہیں؟ آپ کو اپنی لگژری زندگی میں غریب عوام کی پریشانی نظر نہیں آتی؟
واضح رہے کہ گزشتہ کچھ دنوں سے سوشل میڈیا پر وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کے لیے تشہیری مہم چل رہی ہے جس میں اُن کے اب تک کے کام کی تعریف کی جارہی ہے۔
اس مہم میں سوشل میڈیا انفلوئنسرز اور معروف پاکستانی اداکاراؤں نے بھی حصہ لیا جن میں عروہ حسین، صنم سعید اور صبور علی شامل ہیں۔