دوران عدت نکاح کیس میں سزا کیخلاف اپیلیں،ایک ماہ میں فیصلے کے حکم کیخلاف عدالت سے رجوع

اسلام آباد: دوران عدت نکاح کیس میں بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کی سزا کیخلاف اپیلوں پر ایک ماہ میں فیصلہ دینے کی پابندی کیخلاف خاور مانیکا نے اسلام آباد ہائی کورٹ سے رجوع کرلیا۔

خاور مانیکا کی جانب سے اسلام آباد ہائی کورٹ میں دائر درخواست میں اپیلوں پر فیصلے کے لیے ایک ماہ کے وقت کی پابندی ختم کرنے کی استدعا کی گئی ہے۔

درخواست میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ اسلام آباد ہائی کورٹ کے ایک ماہ میں فیصلہ دینے کے احکامات سے سیشن کورٹ بظاہر دباؤ میں لگ رہی ہے۔ اپیلوں پر فیصلے کے لیے متعین وقت کی پابندی کے احکامات واپس لیے جائیں۔

اسلام آباد ہائی کورٹ نے 13 جون کو عدت میں نکاح کیس کی اپیل کا ایک ماہ میں فیصلہ کرنے اور سیشن کورٹ کو 10 روز میں سزا معطلی کی درخواست پر فیصلہ کرنے کا حکم دیا تھا۔

آسٹریلیا کی پارلیمنٹ کی چھت پر مظاہرین نے فلسطینی بینرز لہرا دیے

سڈنی:  آسٹریلیا میں فلسطینیوں کے حامی مظاہرین پارلیمنٹ ہاؤس کی چھت پر چڑھ گئے اور آزادی کے حق میں بینرز لہرا دیے۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق آسٹریلوی پارلیمنٹ کے سامنے فلسطین کے حامیوں نے اسرائیلی جارحیت کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا۔ مظاہرین نے آزادیٔ فلسطین کے حق میں نعرے بازی بھی کی۔

مظاہرین کا کہنا تھا کہ غزہ میں اسرائیل جنگی جرائم میں ملوث ہے۔ ہم اسرائیل کی جارحیت کو معاف نہیں کریں گے اور اس بربریت کے خلاف مزاحمت جاری رکھیں گے۔

بعد ازاں چند مظاہرین نے پولیس کی رکاوٹوں کو عبور کرتے ہوئے پارلیمنٹ کی چھت پر پہنچ کر فلسطین کے حق اور اسرائیل کے خلاف بینیرز لہرا دیے۔ مظاہرین نے پارلیمنٹ کی چھت پر شدید نعرے بازی کی۔

دوسری جانب اپوزیشن ہوم افیئرز کے ترجمان جیمز پیٹرسن نے واقعے کی تحقیقات پر زور دیتے ہوئے کہا کہ یہ پارلیمنٹ کی سیکیورٹی کی سنگین خلاف ورزی ہے۔

واضح رہے کہ اسرائیل کی غزہ پر وحشیانہ بمباری کے خلاف دنیا بھر میں صیہونی ریاست کے خلاف مظاہرے ہوئے ہیں جن میں بین الاقوامی جامعات کے طلبا سب سے آگے ہیں۔

باجوڑ میں سیکیورٹی فورسز کا آپریشن، انتہائی مطلوب دہشتگرد کمانڈر ہلاک

 راولپنڈی:  ضلع باجوڑ میں سیکیورٹی فورسز کے آپریشن میں  دہشت گرد کمانڈر عرفان اللہ عرف عدنان مارا گیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق ضلع باجوڑ میں انتہائی مطلوب دہشت گرد کی  موجودگی کی اطلاع پر سیکیورٹی فورسز نے  آپریشن کیا، اس دوران  شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا جس میں دہشتگرد کمانڈر عرفان اللہ  عرف عدنان ہلاک ہوگیا۔

مارا گیا دہشت گرد کمانڈرسیکیورٹی فورسز کے خلاف متعدد دہشت گردانہ  سرگرمیوں، بھتہ خوری اور  معصوم شہریوں  کی ہلاکتوں  میں ملوث اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کو انتہائی مطلوب تھا۔

مقامی لوگوں نے  سیکیورٹی فورسز کے آپریشن کو سراہا اور ملک سے دہشت گردی کے خاتمے کے لیے اپنی پوری حمایت  کا اظہار کیا۔

خواتین کے حقوق پر طالبان کے مؤقف کی وجہ سے افغانستان سے سیریز نہیں ہوگی، آسٹریلیا

میلبورن: کرکٹ آسٹریلیا نے کہا ہے کہ خواتین کے حقوق کے حوالے سے طالبان حکومت کے مؤقف کی وجہ سے افغانستان کے ساتھ دو طرفہ کرکٹ سیریز نہیں ہوگی۔

مشہور کرکٹ ویب سائٹ کرک انفو کی رپورٹ کے مطابق کرکٹ آسٹریلیا کے چیف ایگزیکٹیو نکی ہوکلے کا افغانستان کے ساتھ دوطرفہ سیریز کے حوالے سے کہنا تھا کہ اس معاملے پر افغانستان کرکٹ بورڈ (اے سی بی) کے ساتھ مستقل مذاکرات کیے جا رہے ہیں اور امید ہے دونوں ٹیموں میں مستقبل میں دو طرفہ سیریز بحال ہوگی۔

انہوں نے کہا کہ افغانستان نے انتہائی باصلاحیت کھلاڑیوں کے ساتھ بہترین ٹورنامنٹ کھیلا ہے اور انہوں نے عظیم اسپرٹ اور عزم کے ساتھ کرکٹ کھیلی ہے لیکن ہماری دوطرفہ سیریز کے حوالے سے ہم نے آسٹریلیا کی حکومت سمیت اسٹیک ہولڈرز کے ساتھ جامع مشاورت کرچکے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ ہم نے ماضی میں افغانستان کرکٹ بورڈ کے ساتھ متعدد سیریز انسانی حقوق کی بنیاد پر ملتوی کرتے رہے ہیں۔

نکی ہوکلے نے کہا کہ ہم سجھتے ہیں کہ آسٹریلیا میں موجود افغان خواتین نے آئی سی سی کو خط لکھا ہے کہ آئی سی سی اس معاملے کا جائزہ لے، جولائی میں کولمبو میں ہمارا اجلاس ہوگا اور مجھے یقین ہے کہ وہاں یہ موضوع بحث کا حصہ ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ آسٹریلیا میں مقیم افغان خواتین کرکٹ برادری سے رابطے میں ہیں اور انہیں برادری کی جانب سے بہترین جواب مل رہا ہے لیکن اس معاملے سے ہم براہ راست جڑے ہوئے نہیں ہیں۔

خیال رہے کہ آسٹریلیا اس سے قبل افغانستان کے ساتھ تین سیریز یہ جواز پیش کرتے ہوئے ملتوی کرچکا ہے کہ افغانستان میں خواتین اور لڑکیوں کے حقوق کی صورت حال سنگین تر ہے لیکن انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کے ایونٹس میں مقابلے ہوتے رہے ہیں۔

حالیہ ٹی20 ورلڈ کپ کے ایک اہم میچ میں افغانستان نے آسٹریلیا کو شکست دے دی تھی اور میچ کے بعد افغانستان کے کپتان راشد خان نے کہا تھا کہ امید ہے کہ ہم اس مسئلے کے حل کے لیے کچھ کرسکیں۔

وزیر اعلیٰ سندھ اور عذرا پیچوہو کی نیویارک اسمبلی کے ڈپٹی اسپیکر کے ساتھ ملاقات

کراچی: وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ اور وزیر صحت و آبادی بہبود سندھ ڈاکٹر عذرا فضل پیچوہو نے نیویارک اسمبلی کے ڈپٹی اسپیکر فلپ راموس اور نیویارک اسمبلی کے ریپبلکن اسمبلی مین مسٹر ایلک بروک کراسنی سے ملاقات کی۔

ملاقات کا مقصد نرسوں کو امریکا میں کام کرنے کی اجازت دینے کے طریقہ کار پر تبادلہ خیال تھا۔امریکن پاکستانی پبلک افیئرز کمیٹی (APPAC) بھی ملاقات کا حصہ تھی۔وفد میں ایپک کے چیئرمین ڈاکٹر اعجاز احمد، ایپک کے صدر امتیاز راہی اور ڈائریکٹر ایپک ڈاکٹر پرویز اقبال شامل تھے۔

ڈائریکٹر ہیلتھ ڈویلپمنٹ مسٹر دبیر اے خان، سی ای او ایس آئی ای ایچ ایس بریگیڈیئر (ر) طارق لکھیر، اے کے یو میں نرسنگ کے سربراہ ڈاکٹر رفعت جان، ڈاؤ یونیورسٹی کی پرنسپل نرسنگ محترمہ روبینہ قاسم، پرنسپل نرسنگ لمس محترمہ پروین اور پرنسپل کورنگی نرسنگ کالج مسٹر شبیر جھٹیال نے شرکت کی۔

اجلاس میں نرسوں کو امریکا بھیجنے کے عمل میں درپیش رکاوٹوں کی نشاندہی کی گئی۔ دونوں فریقوں نے امریکا میں کام کرنے کے لیے مل کر کام کرنے پر اتفاق کیا۔ اس سلسلے میں امریکا اور پاکستان دونوں میں اسٹاف لیول کمیٹی کو مطلع کیا جائے گا۔

پاکستان چھوڑنے والے غیرقانونی افغان باشندوں کی تعداد ساڑھے 6لاکھ تک پہنچ گئی

 اسلام آباد: پاکستان چھوڑنے والے غیر قانونی افغان باشندوں کی تعداد تقریباً ساڑھے 6لاکھ تک پہنچ گئی ہے۔

تفصیلات کے مطابق 03 جولائی 2024 تک پاکستان چھوڑنے والے غیر قانونی افغان باشندوں کی کل تعداد 6لاکھ 37ہزار 427 تک پہنچ چکی ہے اور واپسی کا یہ سلسلہ تاحال جاری ہے۔

اکیس جون سے 03 جولائی تک 16 ہزار 446 افغان باشندوں میں 7345 مرد، 4732 خواتین اور 4369 بچے اپنے ملک چلے گئے۔

افغانستان روانگی کے لیے 496 گاڑیوں میں 432 خاندانوں کی اپنے وطن واپسی عمل میں لائی گئی ہے۔

سندھ حکومت کا عوام کو گھر پر نمبر پلیٹس فراہم کرنے کا فیصلہ

  کراچی: محکمہ ایکسائز سندھ نے عوام کو گھر پر گاڑیوں کی نمبر پلیٹس فراہم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن کی زیر صدارت اجلاس میں پریمیم نمبر پلیٹس کے اجرا کے لیے مخصوص دفاتر قائم کرنے کا  فیصلہ کیا گیا۔ کراچی کے ضلع جنوبی میں موٹر رجسٹریشن کے دفتر کے قیام اور شام کے اوقات میں بھی کام کرنے کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا۔

شرجیل انعام میمن کا کہنا تھا کہ پریمیم  نمبر پلیٹس کے اجرا کا پہلا مرحلہ کامیاب رہا۔ عوام کی جانب سے بھرپور پذیرائی ملی۔ پریمیم نمبر پلیٹس کی نیلامی کا دوسرا مرحلہ بھی جلد شروع کیا جائے گا۔  رجسٹریشن کے طریقہ کار کو مزید آسان بنانے کے لئے اقدامات کئے جائیں۔ عوام کو زیادہ سے زیادہ سہولیات کی فراہمی ہمارا اولین فرض اور ذمہ داری ہے۔  محکمہ ایکسائز کو کارپوریٹ طریقے سے چلانے کے خواہاں ہیں ۔

شریف خاندان میں وزارتِ عظمیٰ کی جنگ جاری ہے، بیرسٹر سیف

پشاور: مشیر اطلاعات پختونخوا بیرسٹر سیف نے کہا ہے کہ شریف خاندان میں وزارتِ عظمیٰ کی جنگ جاری ہے۔

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز پر تنقید کرتے ہوئے بیرسٹر سیف کا کہنا تھا کہ راجکماری کہتی ہیں کہ انہیں کام نہیں کرنے دیا جا رہا، وہ کون ہے جو آپ کو کام نہیں کرنے دے رہا۔ آپ کے چچا اور ابا جی کی حکومت میں آخر یہ فریاد کیوں؟۔

انہوں نے کہا کہ راجکماری کے بہتے آنسو خاندان شریفیہ میں اختلافات کا ثبوت ہیں۔ خاندان شریفیہ میں وزارت عظمیٰ کی جنگ جاری ہے۔نواز شریف چوتھی بار وزیراعظم بننے کے لیے سر توڑ کوشش کر رہے ہیں۔ نواز شریف گروپ بمقابلہ شہباز شریف گروپ آپس میں دست و گریباں ہیں۔ شہباز شریف کی گردن اسحاق ڈار اور رانا ثنااللہ کے ذریعے دبائی ہوئی ہے جب کہ مریم نواز کا ہدف بھی شہباز شریف اور اس کی حکومت ہے۔

بیرسٹر سیف کا کہنا تھا کہ کرسی کی اس اندرونی لڑائی میں عوام رل رہے ہیں۔ عوام کے مسائل کی خاندان شریفیہ کو بالکل پروا نہیں۔ مریم کی تمام توجہ پی ٹی آئی کی خواتین کارکنان اور عمران خان کے خلاف انتقامی کارراوئیوں پر مرکوز ہے۔ عنقریب مریم نواز اڈیالہ جیل میں قیدِ بامشقت کاٹ رہی ہوں گی۔ پنجاب جیسا اہم صوبہ غیر سنجیدہ ٹک ٹاکر سہیلیوں کے حوالے کر دیا گیا ہے۔ مریم نواز کی ٹک ٹاک اور اداکاری شریف خاندان کی آخری کارکردگی ثابت ہوگی۔

آفریدی، مصباح اور یونس کو دیکھ کر شائقین بابر، رضوان، شاہین کو بھول گئے

ورلڈ چیمپئین شپ آف لیجنڈز کے پہلے میچ میں پاکستان نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد آسٹریلیا کو 5 وکٹوں سے شکست دی تو شائقین بابر، رضوان اور شاہین کو بھول گئے۔

انگلینڈ کے ایجبسٹن کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے معرکے میں پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے آسٹریلیا لیجنڈز نے مقررہ 20 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 189 رنز بنائے جبکہ ہدف کے تعاقب میں پاکستان نے دو گیندیں قبل 5 وکٹوں پر191 رنز بنا کر میچ 5 وکٹوں سے جیت لیا۔

اس میچ میں لیجنڈری بیٹسمین یونس خان 41 گیندوں پر 63، مصباح الحق نے 30 بالز پر 46 جبکہ میچ کے اختتامی لمحات میں شاہد آفریدی نے 5 گیندوں پر 11 رنز بناکر میچ جتوایا۔

شائقین کرکٹ نے سوشل میڈیا سائٹس کا رخ کرتے ہوئے لیجنڈری کرکٹرز کو دوبارہ ٹیم میں کھلانے کا مشورہ دیا جبکہ بابراعظم، محمد رضوان اور شاہین کو سابق کرکٹرز سے سیکھنے بھی کہا۔

فینز نے ٹی20 ورلڈکپ کے پہلے راؤنڈ سے باہر ہونے والی ٹیم کے کھلاڑیوں کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہا کہ آج بھی ہمارے لیجنڈز کا اسٹرائیک ریٹ موجودہ کھلاڑیوں کے مقابلے کئی گُنا بہتر ہے۔

واضح رہے کہ آسٹریلیا کیخلاف میچ میں جیت کے بعد لیجنڈز ٹیم کے کپتان یونس خان فتح کو پاکستانی شائقین کے نام کیا تھا۔

اسٹاک ایکسچینج میں زبردست تیزی، انڈیکس نئی بلند ترین سطح پر پہنچ گیا

 کراچی: پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں آج جمعرات کے روز بھی زبردست تیزی دیکھنے میں آ رہی ہے، کاروبار کے دوران انڈیکس نئی بلند ترین سطح پر پہنچ گیا۔

کاروباری ہفتے کے چوتھے روز بازارِ حصص میں مثبت پیش رفت جاری ہے۔ اس دوران کے ایس ای 100 انڈیکس میں 631 پوائنٹس کا اضافہ ہوا، جس سے انڈیکس بڑھ کر 80865 پوائنٹس کی نئی بلند ترین سطح پر پہنچ گیا۔

واضح رہے کہ بدھ کے روز بھی پی ایس ایکس میں ریکارڈ ساز تیزی دیکھی گئی جب انڈیکس نئی بلند ترین سطح کو چھوگیا تھا۔