بشری بی بی بیرک میں چوہوں سے پریشان

 راولپنڈی: اڈیالہ جیل میں قید عمران خان کی اہلیہ بشری بی بی بیرک میں چوہوں سے پریشان ہوگئیں۔

اڈیالہ جیل راولپنڈی میں 190 ملین پاؤنڈ ریفرنس کی سماعت ہوئی۔ وکلاء صفائی کی عدم حاضری پر تفتیشی گواہ پر 10ویں مرتبہ بھی جرح نہ ہوسکی۔ عدالت نے گواہ پر جرح کے لئے وکلاء صفائی کو مزید ایک موقع دیتے ہوئے سماعت ملتوی کردی۔

سماعت کے دوراں بشری بی بی نے عدالت کو بتایا کہ میری بیرک میں چوہے ہیں، مین نماز پڑھتی ہوں چوہے چھت سے گرتے ہیں، تین ماہ سے چوہوں کا مسئلہ چل رہا ہے۔

بشری بی بی کے بیان پر جج نے ڈپٹی سپریٹنڈنٹ کو طلب کرلیا اور حکم دیا کہ ڈپٹی سپریٹنڈنٹ صاحب یہ مسئلہ حل کریں۔

ڈپٹی سپریٹنڈنٹ طاہر صدیق شاہ نے عدالت میں بیان دیا کہ ہمیں آج ہی اس مسئلے کا پتہ چلا ہے،انشاءاللہ حل کرلیتے ہیں۔

مجھے دو بار قتل کرنے کی کوشش کی جاچکی ہے، عمران خان

  اسلام آباد: بانی پی ٹی آئی کا کہنا ہے کہ مجھے پہلے بھی دو بار قتل کرنے کی سازش کی گئی، جیل میں چوتھی بار میرا عملہ تبدیل کردیا گیا، جو میرا کھانا چیک کرتا تھا اسے تبدیل کردیا گیا، اسٹیبلشمنٹ سے کوئی بات نہیں ہورہی، اگر بات ہوگی تو پاکستان کے لیے ہوگی۔

190 ملین پاؤنڈ ریفرنس سماعت کے دوران اڈیالہ جیل میں صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو کرتے بانی پی ٹی آئی کا مزید کہنا تھا کہ کرکٹ واحد ٹیم سپورٹ ہے جو پاکستان میں ٹی وی پر دیکھی جاتی ہے، یہ ایک سفارشی کو لے کر آئے اس نے کرکٹ تباہ کردی، اس کے پیچھے طاقتور ہیں، ورلڈ کپ میں ہم پہلی چار اور ٹی 20 کی 8 ٹیموں میں ہماری ٹیم نہیں آئی، کل بنگلہ دیش سے ہار کر نئی تاریخ رقم کردی، یہ سارا نزلہ ایک ادارے پر گر رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ محسن نقوی کی پانچ ملین ڈالر مالیت پراپرٹی دبئی میں بیوی کے نام پر ہے، یہ گندم اسکینڈل میں ملوث ہے، ملک کا سب سے بڑا فراڈ الیکشن اس نے کروایا، اس کی قابلیت کیا ہے، کرکٹ تباہ کرچکا، بلوچستان اور ملک میں امن و امان کی صورتحال سب کے سامنے ہیں، ہر روز کے پی اور بلوچستان میں شہادتیں ہو رہی ہیں، پنجاب میں چوری، ڈکیتی اور پولیس ملازموں کو شہید کردیا گیا، یہ 2008 کا نیب زدہ اور سفارشی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ دوسری جانب فارم 47 کی حکومت مسلط کردی، اس کا نزلہ بھی ایک خاص ادارے پر گررہا ہے، یہ اصلاحات نہیں کرسکے، نہ خرچ کم کیے نہ آمدن بڑھائی، یہ کام مینڈیٹ والی حکومت کرسکتی ہے جو ان کے پاس نہیں ہے، ان سب کے پیسے اور پراپرٹیز باہر ہیں یہ صرف قرض لے رہے ہیں، قرض لینے سے مہنگائی بڑھ رہی ہے، بڑی ملٹی نیشنل کمپنیاں اور پروفیشنلز ملک چھوڑ کر جارہے ہیں، مزید مہنگائی کا دور آرہا ہے ان کے پاس کوئی پلان نہیں ہے،اگر عوام تنقید کرے تو یہ ڈیجیٹل دہشتگردی بنا دیتے ہیں۔

انہوں ںے کہا کہ اپیل ہے کہ فوج ہم سب کی ہے ملک کو مضبوط ادارے کی ضرورت ہے، یہ جو کررہے ہیں یہ خودکشی ہے، مجھے ملک کی فکر ہے میرا جینا مرنا پاکستان میں ہے، میرا ملک سے باہر کوئی پیسہ نہیں میں زرداری نواز شریف کی طرح ڈیل نہیں کرسکتا، شوکت خانم کے سی ای او نے بتایا کہ پروفیشنلز کے باہر جانے سے ادارہ چلانے پر مشکل ہوری ہے۔

صحافی نے سوال کیا کہ ملک میں حالات خراب ہیں، آپ لیڈرشپ کا مظاہرہ کریں، قومی مفاہمت کریں وہ آپ کو اور آپ ان کو معاف کردیں؟ اس پر بانی پی ٹی آئی نے جواب میں کہا کہ جیسے اسرائیل فلسطین کو کہہ رہا ہے کہ ماضی میں جو ہوا اس کو بھول جائیں، آپ کہہ رہے ہیں کہ میں فراڈ الیکشن کو بھول جاوں؟ امن انصاف سے آتا ہے، مشرقی پاکستان والے انصاف مانگ رہے تھے، ہمارے خلاف نہیں تھے، آپ جس قومی مفاہمت کی بات کررہے ہیں اس سے قبل انصاف تو کریں، صرف بھیڑ بکریاں ڈنڈوں سے کنٹرول ہوتی ہیں انسان ایسے کنٹرول نہیں ہوتے، بنگلہ دیش میں کیا ہوا، آرمی چیف، چیف جسٹس اور پولیس چیف سب وزیراعظم کے تھے، عوام نکلی تو اپنا حق لے کر گئی؟ یورپ کو دیکھیں اس نے کتنے فوجی آپریشن کیے۔

صحافی نے سوال کیا کہ اطلاعات ہیں کہ محسن نقوی کے وزیراعلی کے پی کے سے رابطے کے بعد اعظم سواتی کی ملاقات کرائی گی اور آپ نے جلسہ ملتوی کردیا، لیکن اسی محسن نقوی پر آپ کڑی تنقید کرتے ہیں؟ جس پر بانی پی ٹی آئی نے کہا کہ یہ ساری حکومت جھوٹ پر چل رہی ہے، میں تو ان کی خبر تک نہیں پڑتا، میرا اسٹیبلشمنٹ سے کسی قسم کا رابطہ نہیں ہے، اگر بات ہوگی تو صرف ملک، آئین کے لیے ہوگی، مجھے جس سیل میں رکھا ہے وہ اوون کی طرح گرم ہے، اس لیے پسینہ آتا ہے، اس کے باوجود میں کوئی ریلیف نہیں چاہتا۔

صحافی نے سوال کیا کہ آپ باربار سپہ سالار پر الزام لگاتے ہیں وہ آپ کو کیوں ماریں گے ان کی آپ سے کیا ذاتی دشمنی ہے؟ جس پر بانی پی ٹی آئی نے کہا کہ مجھے دو بار قتل کرنے کی کوشش ہوئی، سی سی ٹی وی فوٹیج آئی ایس آئی نے چوری کی، جہاں مجھ پر حملہ ہوا، وہاں کا کنٹرول رات کو آئی ایس آئی نے سنبھال لیا تھا، آپ جو مرضی کرلیں، 8 فروری کو آپ کا بیانیہ قوم نے مسترد کردیا، لوگ آرمی سے پیار کرتے ہیں، کیونکہ وہ ہمیں تحفظ دیتے ہیں، 8 فروری کے الیکشن میں فالس فلیگ آپریشن ہوا، اس آپریشن میں ہم پر تشدد کیا گیا ہماری پارٹی پر پابندی لگائی گی، جیل میں زیادہ ہی سختیاں ہورہی ہیں مطلب ان کی ٹانگیں کانپ رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ میرے ساتھ تعینات عملے کو چوتھی مرتبہ تبدیل کردیا گیا، یہ مجھے فراہم کیے جانے والے کھانے کو چیک کرتے تھے کہ اس میں زہر تو نہیں ملا، یہ سب آئی آیس آئی کنٹرول کرتی ہے، دوبارہ کہہ رہا ہوں مجھے کچھ ہوا تو آرمی چیف اور ڈی جی آئی ایس آئی ذمہ دار ہوں گے۔

صحافی نے سوال کیا کہ بشری بی بی نے جج صاحب سے کیا شکایت کی؟ جس پر بانی پی ٹی آئی نے کہا کہ بشری کے کمرے میں چوہے ہیں، جب نماز پڑھتی ہے تو چوہے چھت سے گرتے ہیں، 3 مہینے سے چوہوں کے بارے میں شکایت کررہی ہے، اب عدالت کو آگاہ کیا ہے۔

صحافی نے سوال کیا کہ آرمی چیف نے یوتھ سے خطاب میں کہا کہ ڈیجیٹل دہشت گردی سے قوم میں مایوسی پھیلائی جارہی ہے، ایسے عناصر ناکام ہوں گے؟ بانی پی ٹی آئی نے کہا کہ عوام سوشل میڈیا پر تنقید کرتی ہے اور اسے دہشت گردی بنادیتے ہیں، انٹرنیٹ سروس بند ہوئی تو عوام نے بات کی اب یہ عوام انٹرنیٹ بند ہونے پر بھی بات نہ کرے؟

انٹرنیٹ سست روی: کل تیسری زیرسمندر کیبل بھی کٹ گئی، پی ٹی اے کا عدالت میں جواب

  اسلام آباد: انٹرنیٹ میں سست روی پر حکومت اسلام آباد ہائی کورٹ میں تسلی بخش جواب نہ دے سکی، پی ٹی اے نے کہا کل سمندر میں موجود تیسری کیبل بھی کٹ گئی۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق  انٹرنیٹ سست روی اور فائر وال کے خلاف اسلام آباد ہائی کورٹ میں دائر کی گئی درخواست پر چیف جسٹس عامر فاروق کے روبرو سماعت ہوئی۔ انٹرنیٹ میں ایشو کس وجہ سے ہے ؟ حکومت عدالت کے سامنے تسلی بخش جواب نہ دے سکی۔

اسلام آباد ہائیکورٹ نے آئندہ سماعت تین ستمبر پر حکومت سے تفصیلی رپورٹ طلب کرلی اور ممبر ٹیکنیکل وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی کو آئندہ سماعت ذاتی حیثیت میں طلب کرلیا۔

چیف جسٹس ہائی کورٹ عامر فاروق نے کہا کہ آئی ٹی سے متعلق جو لوگ کام رہے ہیں یہ ساری چیزیں انٹرنیٹ کی مرہون منت ہیں، وزرا کے متضاد بیانات آرہے ہیں کبھی فائر وال ہے کبھی فائر وال نہیں ، وزیر ایک دن ایک دوسرے دن دوسرا بیان دیتا ہے پوری قوم کنفیوژ ہے۔

پی ٹی اے کے وکیل نے کہا کہ پہلے ہمیں پتا چلا دو کیبلز کٹی ہوئیں تھیں اور اب ہمیں کل میسج آیا تیسری کیبل بھی کٹ گئی ہے۔

عدالت نے کہا کہ لاہور ہائی کورٹ میں کیس زیر التوا ہے یہاں بھی کوئی ذمہ داری نہیں لے رہا، کیبل یا کیبلز کٹ گئی ہیں اس کا ذمہ دار پی ٹی اے ہے یا کون ہے؟ پچھلے دس دن کے اخبارات اٹھا کے دیکھ کر متضاد بیانات ہیں وزیر کا ایک دن ایک بیان دوسرے دن دوسرا بیان آتا ہے، حکومت اسے اتنا نارمل لے رے ہے اس طرح عدالت پیش ہو کر بیان دینا کہ کچھ معلوم نہیں۔

ڈپٹی اٹارنی جنرل نے کہا کہ ہماری کسی انسٹالیشن کی وجہ سے کوئی ایشو نہیں آیا۔

عدالت نے کہا کہ دس دن سے بزنس کمیونٹی شکایت کر رہی ہے انٹرنیٹ سے متعلقہ ہر کوئی شکایت کر رہا ہے، حکومت کہہ رہی ہے خراب ہے بس خراب ہے اب یہ پرانا دور تو نہیں جب ایک فون خراب ہوتا تھا تو خراب ہی ہے۔

وکیل ایمان مزاری نے کہا کہ انٹرنیٹ چل رہا ہے واٹس ایپ کے فنکشن متاثر ہو رہے ہیں آڈیو ویڈیو صحیح طریقے سے سینڈ نہیں ہو رہیں، چیئرمین پی ٹی اے نے کہا ہے ویب آپریٹنگ سسٹم کو اپ گریٹ کررہے ہیں۔

عدالت نے کہا کہ سیکیورٹی اور نیشنل انٹرسٹ کا معاملہ ہو تو عدالت کے دیکھنے کے لیے رپورٹ دے دیں، عدالت جاننا چاہتی ہے یہ ہو کیا رہا ہے؟ ایک رات کے لیے سسٹم میں مسئلہ آجاتا ہے یہاں تو بارہ سے چودہ روز ہو چکے ہیں۔

حمزہ عباسی کا شادی کی پانچویں سالگرہ پر ’مداحوں‘ کیلئے خوبصورت تحفہ

پاکستان شوبز کے ورسٹائل فنکار ، ہدایت کار اور سیاست دان حمزہ علی عباسی نے شادی کی پانچویں سالگرہ منائی۔

شادی کی سالگرہ کی خوبصورت تصاویر حمزہ علی عباسی اور نیمل نے ایک مشترکہ پوسٹ پر شیئر کیں۔

پوسٹ کی گئی ان تصاویر میں جوڑے کوسفید رنگ کے خوبصورت ملبوسات کی میچنگ زیب تن کیے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔

شادی کی سالگرہ کی پہلی تصویر قدرت کے حسین نظاروں کے درمیان لی گئی ہے، جبکہ دوسری تصویر میں وہ شادی کا کیک اٹھائے کھڑے ہیں۔

حمزہ علی عباسی اور نیمل کی پانچویں شادی کی سالگرہ پرسوشل میڈیا صارفین شوبز شخصیات اور دوستوں کی جانب سے مبارک باد کا سلسلہ جاری ہے، جوانہیں اپنی نیک تمنائیں اور دعائیں پہنچارہے ہیں۔

یاد رہے کہ اداکار حمزہ علی عباسی نے اداکارہ نیمل خاور سے 2019ء میں شادی کی تھی۔ یہ شادی انتہائی سادگی سے انجام پائی تھی ۔ جس کی اچانک خبر نے مداحوں کو حیران کر دیا تھا۔

اس حسین جوڑی کا ایک بیٹا بھی ہے ، جس کا نام مصطفی ہے۔

نیمل خاور نے شادی کے بعد شوبز کی دنیا سے کنارہ کشی اختیار کرلی تھی ، تاہم حمزہ عباسی ابھی تک انڈسٹری سے وابستہ ہیں۔

حکومت نے بجلی کے پری پیڈ میٹرز کے منصوبہ کا عندیہ دے دیا

وفاقی وزیر توانائی اویس لغاری نے آئندہ ایک برس میں بجلی کی قیمتوں میں کمی کی پیش گوئی کرتے ہوئے کہا ہے کہ پری پیڈ میٹرز کا منصوبہ زیر غور ہے جیسے فون میں پری پیڈ سسٹم ہوتا ہے، اسی طرح کا میٹر بھی ملنا چاہیے۔

ملتان میں پریس کانفرنس کے دوران انہوں نے کہا کہ کوشش ہے کہ بجلی چوری سےہونے والا نقصان گزشتہ سال سےکم ہو، بجلی چوری قابل برداشت نہیں ہے، انہوں نے کہا کہ بجلی چوری کم کرنےکےلیےاقدامات کر رہے ہیں، بجلی صارفین کو سہولیتیں دینے کے لیے اقدامات جاری ہیں۔

انہوں نے کہا کہ انہوں نے کہا کہ ریلیف کو عام آدمی تک پہنچایاجائےگا، بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں کے ساتھ گفتگو کر رہے ہیں، 45 ارب کا ریلیف ہرصارف تک پہنچایا جائے گا۔

اویس لغاری کا کہنا تھا کہ کیپسٹی پیمنٹ روپے کی قدر کم ہونے سے دگنی ہوگئی، ایک سال میں بجلی کی قیمتیں کافی حدتک کم ہوجائیں گی۔

بلوچستان میں دہشگردوں کے حملے، فورسز کی جوابی کارروائیوں میں 12 دہشتگرد ہلاک

بلوچستان کے مختلف علاقوں میں سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کا دہشت گردوں کے خلاف آپریشن جاری ہے، اس دوران مختلف کارروائیوں میں 12 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا گیا۔

سکیورٹی ذرائع کے مطابق 24 اور 25 اگست کی رات دہشت گردوں نے بلوچستان میں متعدد جگہوں پر بزدلانہ حملے کیے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ سکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے ادارے اِن حملوں کا مؤثر جواب دے رہے ہیں، جوابی کارروائیوں میں اب تک 12 دہشت گرد جہنم واصل کیے جا چکے ہیں جبکہ متعدد دہشت گرد زخمی بھی ہوئے ہیں۔

سکیورٹی ذرائع کا مزید بتانا ہے کہ دہشت گردوں کے خاتمے تک سکیورٹی فورسز کا آپریشن جاری رہے گا۔

یاد رہے کہ گزشتہ رات بھی دہشت گردوں نے بلوچستان کے علاقوں قلات اور موسیٰ خیل میں بزدلانہ حملے کر کے معصوم شہریوں اور فورسز کے جوانوں کو شہید کیا۔

موسیٰ خیل میں 23 افراد کو گاڑیوں سے اتار کر شہید کیا گیا اور متعدد گاڑیوں کو نذر آتش بھی کیا گیا جبکہ قلات میں لیویز کی موبائل پر حملے کے نتیجے میں 2 لیویز اہلکار زخمی ہوگئے۔

اداکارکو جیل میں وی آئی پی سہولت دینے پر 7 اہلکار معطل

ممبئی: بھارتی اداکار کو جیل میں وی آئی پی سہولت دینے پر 7 اہلکاروں کو معطل کردیا گیا۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق قتل کے الزام میں قید کناڈا کے اداکار درشن کی تصویر سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تھی جس میں وہ جیل اہلکاروں کے ساتھ لان میں بیٹھے چائے پیتے ہوئے اور خوشگوار موڈ میں باتیں کرتے دکھائی دے رہے تھے۔

اداکار کو جیل میں ملنے والے وی آئی پی ٹریٹمنٹ پر عوامی غصے کے بعد کرناٹک کے وزیرداخلہ نے بیان میں کہا کہ بنگلورو جیل کے 7 اہلکاروں کو معطل کردیا گیا ہے۔ پولیس کی ایک خصوصی ٹیم معاملے کی مزید تحقیقات کررہی ہے۔

اداکار درشن اور دیگر 16 افراد رینوکا سوامی نامی شخص کے قتل کے الزام میں قید ہیں۔ پولیس ذرائع کے مطابق 33 سالہ رینوکاسوامی اداکار درشن کا فین تھا اور اس نے اداکار کی بیوی کومبینہ طورپر فحش میسجز بھیجے تھے جس پر مشتعل ہو کر اداکاردرشن نے اپنے ساتھیوں کے ساتھ مل کر رینوکا سوامی کو قتل کردیا تھا۔

ذہنی سرگرمی مجموعی صحت کیلئے مفید

ساؤتھ ایمپٹن: نئی تحقیق سے پتہ چلتا ہے کہ روزانہ کی مختصر ذہنی سرگرمیاں دماغی صحت کو بڑھا سکتی ہی جس میں ڈپریشن اور اضطراب کی کمی شامل ہے۔

برٹش جرنل آف ہیلتھ سائیکالوجی میں ایک تفصیلی مطالعے میں یونیورسٹی آف ساؤتھمپٹن ​​کے محققین نے دریافت کیا ہے کہ روزانہ دس منٹ سے بھی کم کسی بھی قسم کی ذہن سرگرمی صحت مندی کو بڑھا سکتی ہے اور ڈپریشن اور اضطراب کا مقابلہ کر سکتی ہے۔

انہوں نے یہ بھی پایا کہ ذہنی سرگرمی ورزش، خوراک اور بہتر نیند کے ساتھ صحت مندی کو فروغ دیتی ہے۔

شریک مصنف ڈاکٹر میکس ویسٹرن نے مزید کہا کہ یہ دیکھنا بہت امید افزا ہے کہ اس طرح کی ہلکی پھلکی ذہنی سرگرمی صحت مند طرز زندگی پر اثر ڈال سکتی ہے۔

ملک میں کسی بھی قسم کی دہشتگردی قطعاً قبول نہیں، وزیراعظم

اسلام آباد: وزیراعظم محمد شہباز شریف نے بلوچستان کے علاقے موسیٰ خیل میں مسافر بس پر دہشتگرد حملے پر شدید غم وغصہ کا اظہار اور شدید مذمت کی ہے۔

وزیراعظم نے مقامی انتظامیہ کو لواحقین کے ساتھ مکمل تعاون اور زخمیوں کو فوری طبی امداد فراہم کرنے کا حکم دیا۔

وزیراعظم کی قانون نافذ کرنے والے اداروں کو واقعے کی فوری تحقیقات کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ اس واقعے کے ذمہ دار دہشتگردوں کو قرار واقعی سزائیں دی جائیں گی، ملک میں کسی بھی قسم کی دہشتگردی قطعاً قبول نہیں، ملک سے دہشتگردی کے مکمل خاتمے تک دہشتگردوں کے خلاف ہماری جنگ جاری رہے گی۔

واضح رہے کہ بلوچستان کے علاقے موسیٰ خیل میں مسلح افراد نے شاہراہ پر ناکہ لگا کر مختلف گاڑیوں سے مسافروں کو اتارا اور 23 مسافروں کو فائرنگ کر کے قتل کر دیا۔

مون سون ہواؤں کے کم دباو میں مزید شدت، کراچی میں آج سے بارش کا امکان

کراچی: وسطی بھارت پر موجود مون سون ہواؤں کا کم دباو مزید شدت اختیار کر گیا جس کے باعث آج کراچی میں ہلکی اور دیہی سندھ کے مختلف اضلاع میں تیز بارشیں ہوسکتی ہیں۔

محکمہ موسمیات کے مطابق گزشتہ روز ڈپریشن میں تبدیل ہونے والا سسٹم مزید ایک درجہ شدت اختیار کرکے طاقتور سسٹم ڈیپ ڈپریشن کی شکل اختیار کر چکا ہے، بارشوں کا سسٹم بتدریج مشرقی سندھ کی جانب بڑھ رہا ہے۔

کراچی میں کل 27 اگست سے موسلادھار بارشیں ہونے کا امکان ہے جبکہ بارشوں کا سلسلہ وقفے وقفے سے 31 اگست تک برقرار رہ سکتا ہے۔ تندوتیز ہواؤں کے ساتھ بارش اربن فلڈنگ کا سبب بن سکتی ہے۔

محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ ماہی گیروں کو کھلے سمندر میں مچھلی کے شکار پر جانے سے گریز کا مشورہ دیا جاتا ہے۔