کے پی میں نان کسٹم پیڈگاڑیوں کو 10 فیصد اضافی ڈیوٹی لیکر رجسٹر کرنے کی تجویز

 پشاور: خیبرپختونخوا حکومت نے سابقہ پاٹا اورفاٹا میں موجود نان کسٹم پیڈ اورنان ڈیوٹی پیڈگاڑیوں کی پروفائلنگ کرتے ہوئے ان کی رجسٹریشن کے لیے معاملہ مرکز کو ارسال کردیا۔

اسکیم پر عمل درآمد کے بعدمستقبل میں کوئی این سی پی اور این ڈی پی گاڑی کسی بھی حصہ میں نہیں چل پائے گی۔۔

ایپکس کمیٹی کے فیصلے کی روشنی میں محکمہ ایکسائزاینڈٹیکسیشن اورپولیس نے ملاکنڈڈویژن اورسابقہ قبائلی اضلاع میں موجود نان کسٹم پیڈ اورنان ڈیوٹی پیڈ 2 لاکھ 11 ہزار گاڑیوں کی پروفائلنگ کرتے ہوئے انھیں ریگولر کرنے کی سفارش کی ہے ۔

صوبائی حکومت کی تجاویز میں کہاگیا ہے کہ رجسٹرڈ بارگین ڈیلرز کو 10 فی صد اضافی ڈیوٹی کے ساتھ گاڑیوں کو رجسٹر کرنے کی سہولت دی جائے۔ گاڑیوں کے مالکان کو 5 سال تک گاڑیاں فروخت کرنے کی اجازت ہوگی۔ فائلرز اور نان فائلرز کی حیثیت کا بھی جائزہ لیا جائے۔

صوبائی حکومت نے تجویز کیاہے کہ 800 سی سی گاڑی پر فائلر 1 لاکھ، نان فائلر 1 لاکھ 50 ہزار،801 سے 1000 سی سی گاڑی پر فائلر 2 لاکھ، نان فائلر 3 لاکھ،1001 سے 1300 سی سی گاڑی پر فائلر 2 لاکھ 50 ہزار، نان فائلر ساڑھے 3 لاکھ،2001 سے 2500 سی سی گاڑی پر فائلر 5 لاکھ 50 ہزار، نان فائلر 8 لاکھ،2500 سی سی سے اوپر گاڑی پر فائلر 7 لاکھ، نان فائلر 10 لاکھ ،800 سی سی گاڑی کی مجوزہ رجسٹریشن فیس 15 ہزار، 1000 سی سی کی 20 ہزار ، 1300 سی سی کی 30 ہزارروپے ، 2500 سی سی کی 1 لاکھ، اس سے اوپر سی سی گاڑیوں کی مجوزہ رجسٹریشن فیس 2 لاکھ رکھی جائے۔

صوبائی وزیر ایکسائز اینڈٹیکسیشن خلیق الرحمٰن نے مرکز کو تجاویز ارسال کرنے کی تصدیق اور ان تجاویزکی حمایت کرتے ہوئے کہا کہ اس سے یہ مسلہ ایک ہی مرتبہ حل ہوجائے گااورمستقبل میں کوئی این سی پی یا این ڈی پی گاڑی کہیں نہیں ہوگی ۔

تحریک انصاف میں اختلافات کے خاتمے کیلیے کمیٹی تشکیل، عارف علوی سربراہ مقرر

  اسلام آباد: پی ٹی آئی میں اندرونی اختلافات کے خاتمے کیلئے کمیٹی تشکیل دے دی گئی۔

ذرائع کے مطابق سابق صدر عارف علوی کو کمیٹی کا سربراہ مقرر کردیا گیا۔ عارف علوی ایک ہفتے کے اندر اندرونی اختلافات کے خاتمے کیلئے تجاویز دیں گے۔ سابق صدر اختلافات رکھنے والے رہنماؤں سے ملاقات کرکے ان کے تحفظات بھی سنیں گے۔

واضح رہے کہ پی ٹی آئی میں مرکزی و صوبائی سطح پر اختلافات شدت اختیار کرگئے ہیں۔

پی ٹی آئی نے پارٹی کے سابق سینئر نائب صدر اور رکن قومی اسمبلی شیر افضل مروت کی بنیادی پارٹی رکنیت منسوخ کردی تھی۔ پھر خیبرپختونخوا کے سابق وزیر کمیونیکیشن اینڈ ورکس شکیل خان کو استعفی دینے پر مجبور کیا گیا۔ نیز علیمہ خان اور بشریٰ بی بی کے درمیان بھی تعلقات کشیدہ ہیں۔

افریقی ملک ایتھوپیا میں مٹی کا تودا گرنے سے 10 افراد ہلاک

ادیس ابابا: شمالی ایتھوپیا میں ہونے والی لینڈ سلائیڈنگ کے باعث 10 افراد ہلاک اور 8 زخمی ہوگئے۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق ایتھوپیا میں امہارا کے علاقے میں مٹی کا ایک بڑا تودا رہائشی مکانات پر گر گیا جس کے ملبے تلے درجنوں افراد دب گئے۔

امدادی کاموں کے دوان ملبے سے 4 افراد کی لاشیں نکالی گئیں جب کہ درجن سے زائد افراد کو زخمی حالت میں اسپتال منتقل کیا گیا جن میں سے مزید 6 نے دم توڑ دیا۔

اسپتال انتظامیہ نے بتایا کہ 8 شدید زخمیوں کو اسپتال میں داخل کرلیا گیا جب کہ 10 کو طبی امداد کے بعد گھر جانے کی اجازت دیدی گئی۔

لینڈ سلائیڈنگ کے واقعے میں ڈھائی ہزار افراد بے گھر ہوگئے جنھیں ریلیف کیمپ منتقل کردیا گیا۔

یاد رہے کہ گزشتہ ماہ بھی ایتھوپیا کے جنوبی علاقے میں لینڈ سلائیڈنگ میں 250 سے زائد افراد ہلاک اور ہزاروں بے گھر ہوگئے تھے۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ لینڈ سلائیڈنگ کے بڑھتے ہوئے واقعات کی وجہ موسمیاتی تغیرات ہیں۔

عالمی اسپیس اسٹیشن میں پھنسے خلاباز فروری تک زمین پر آجائیں گے، ناسا

  واشنگٹن: ناسا نے اعلان کیا ہے کہ بوئنگ اسٹار لائنر کے عملے کے ارکان بوچ ویلمور اور سنی ولیمز، جو جون سے بین الاقوامی خلائی اسٹیشن پر پھنسے ہوئے ہیں، فروری سے پہلے دنیا میں واپس نہیں آسکیں گے۔

اس بات پر غور کرتے ہوئے کہ آیا انہیں اپنے خراب شدہ اسٹار لائنر کرافٹ پر سوار ہو کر زمین پر واپس آنے کی اجازت دی جائے یا فروری میں زمین پر واپس آنے والے اسپیس ایکس کریو 9 ڈریگن مشن کی تکمیل تک انتظار کیا جائے، ناسا کے  ایڈمنسٹریٹر بل نیلسن نے کہا کہ ایجنسی نے حفاظتی وجوہات کی بناء پر بعد والے آپشن کا انتخاب کیا ہے۔

انہوں نے ہیوسٹن کے جانسن اسپیس سینٹر میں ایک ٹیلی ویژن نیوز کانفرنس کے دوران بتایا کہ بوچ ویلمور اور سنی اگلے فروری میں کریو 9 کے ساتھ زمین پر واپس آئیں گے۔

انہوں نے مزید کہا کہ عملے کی واپسی کے ساتھ ہی خراب شدہ اسٹار لائنر کیپسول، جو فی الحال آئی ایس ایس میں بند پڑی ہے، بغیر پائلٹ کے زمین پر واپس لائی جائے گی۔

فلسطین کا بدلہ؛ داعش نے جرمنی میں حملے کی ذمہ داری قبول کرلی

برلن: جرمنی کے مغربی شہر زولنگن کے ایک رنگا رنگ میلے میں شرکا پر ہونے والے چاقو بردار شخص کے حملے کی ذمہ داری داعش نے قبول کرلی۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق جرمن پولیس کے ترجمان نے بتایا کہ چاقو حملے کے الزام میں جائے وقوعہ سے کچھ فاصلے پر واقع پناہ گزینوں کے ہاسٹل سے 2 افراد کو گرفتار کیا گیا ہے۔

پولیس ترجمان نے صحافیوں کے پوچھنے کے باوجود ملزمان کی شناخت ظاہر نہ کرتے ہوئے کہا کہ ابھی تفتیش ابتدائی مرحلے میں ہے۔ اس لیے کچھ بھی کہنا قبل از وقت ہوگا۔ ٹھوس ثبوت سامنے آنے پر میڈیا کو تفصیلات بتائی جائیں گی۔

ادھر داعش سے وابستہ عماق نیوز ایجنسی نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹیلی گرام پر لکھا کہ گزشتہ روز جرمنی کے شہر زولنگن میں مسیحیوں کے اجتماع پر حملہ کرنے والا دولت اسلامیہ کا فوجی تھا اور یہ حملہ فلسطین اور ہر جگہ پر رہنے والے مسلمانوں کا بدلہ ہے۔

تاہم آزاد ذرائع سے تاحال داعش کے اس دعوے کی تصدیق نہیں ہوسکی۔

یاد رہے کہ جمعے کی رات کو فیسٹیول میں چاقو بردار شخص کے حملے میں 3 افراد ہلاک ہوگئے تھے جن میں ایک خاتون بھی شامل ہیں جب کہ 9 زخمیوں میں سے 4 کی حالت نازک ہے۔

اس واقعے کے بعد اتوار تک جاری رہنے والے فیسٹیول کو معطل کردیا گیا تھا۔

پریانکا چوپڑا کے ‘ہار’ کی قیمت جان کر مداح ششدر رہ گئے

 ممبئی: بالی ووڈ سمیت ہالی ووڈ میں بھی اپنی اداکاری کے جوہر دکھانے والی معروف بھارتی اداکارہ پریانکا چوپڑا کے بھائی کی شادی میں اُن کا ہار اور بریسلیٹ توجہ کا مرکز بن گیا۔

بھارتی میڈیا کے مطابق ان دنوں پریانکا چوپڑا اپنے بھائی سدھارتھ چوپڑا کی شادی کی تقریبات میں شرکت کے لیے ممبئی میں موجود ہیں۔

حال ہی میں پریانکا چوپڑا کے اہلخانہ نے اپنے بیٹے سدھارتھ چوپڑا کی شادی کا جشن منانے کے لیے ممبئی میں ایک تقریب کا انعقاد کیا جس میں شرکت کے لیے اداکارہ نے معروف ڈیزائنر منیش ملہوترا کی تیار کردہ ساڑھی زیب تن کی۔

منیش ملہوترا کی تیار کردہ ساڑھی میں جلوے بکھیرنے والی پریانکا چوپڑا اُس وقت توجہ کا مرکز بنیں جب مہمانوں کی نظر اُن کے کروڑوں کے ‘ہار’ اور ‘بریسلیٹ’ پر پڑی۔

بھارتی میڈیا کے مطابق بُلگاری کی بین الاقوامی سفیر ہونے کی حیثیت سے پریانکا چوپڑا نے اپنے بھائی کی شادی کی تقریب میں بُلگاری کا 8 کروڑ بھارتی روپے کی مالیت کا ‘ڈائمنڈ ہار’ پہنا۔

اس کے علاوہ، اُنہوں نے تقریب میں موجود مہمانوں کی مزید توجہ حاصل کرنے کے لیے ہاتھ میں ‘ڈائمنڈ بریسلیٹ’ بھی پہنا جس کی قیمت 31 لاکھ 93 ہزار 311 بھارتی روپے بتائی جارہی ہے۔

مہوش حیات نے ارشد ندیم کی بائیوپِک کیلئے اداکار کا انتخاب کرلیا

  کراچی: پاکستانی فلم و ڈرامہ انڈسٹری کی معروف اداکارہ مہوش حیات نے پیرس اولمپکس 2024 میں گولڈ میڈل جیتنے والے اولمپئین ارشد ندیم کی بائیوپِک کے لیے اداکار کا انتخاب کرلیا۔

ارشد ندیم وہ قومی ہیرو ہیں جنہوں نے پیرس اولمپکس 2024 کے جیولین تھرو ایونٹ میں 92.97 میٹر طویل تھرو کرکے 40 سال بعد اولمپکس گیمز میں پاکستان کے لیے گولڈ میڈل جیتا۔

اُنہوں نے 92.97 میٹر طویل تھرو کرکے اولمپکس میں نیا ریکارڈ بھی بنایا، ارشد ندیم نے اپنی تاریخی فتح سے پوری قوم کا سر فخر سے بُلند کرکے عالمی میڈیا کی توجہ حاصل کی۔

ارشد ندیم کی تاریخی فتح کے بعد سے سوشل میڈیا صارفین اور شوبز شخصیات اُن کی زندگی پر فلم بنانے کا مطالبہ کررہی ہیں تاکہ پوری دُنیا کو ارشد ندیم کی جدوجہد کے بارے میں معلوم ہوسکے۔

اس حوالے سے صارفین نے چند پاکستانی اداکاروں کا انتخاب بھی کیا تھا جن میں سرفہرست اداکار و ماڈل عُمر شہزاد تھے اور اب سُپر اسٹار مہوش حیات نے بھی ارشد ندیم کی بائیوپِک کے لیے کردار کا انتخاب کرلیا ہے۔

دراصل، حال ہی میں پاکستانی اداکار فرحان علی آغا نے سوشل میڈیا پر اپنے ورک آؤٹ کی چند تصاویر پوسٹ کی تھیں جن میں اداکار کی فٹنس دیکھ کر پاکستانی اداکاراؤں سمیت مداح بھی دنگ رہ گئے۔

مزید پڑھیں: ہمایوں سعید اور محسن عباس حیدر کا ارشد ندیم پر بائیوپک بنانے کا مطالبہ

فرحان علی آغا کی یہ تصاویر وائرل ہوئیں تو سوشل میڈیا پیجز نے صارفین سے سوال کیا کہ ارشد ندیم کی بائیوپِک کے لیے فرحان علی آغا پرفیکٹ اداکار ہیں؟

اس سوال کے جواب میں جہاں صارفین نے فرحان علی آغا کا انتخاب کیا تو وہیں مہوش حیات نے بھی پوسٹ پر کمنٹ کرتے ہوئے کہا کہ جی ہاں بالکل، ارشد ندیم کے کردار کے لیے فرحان علی آغا بہترین انتخاب ہیں۔

واضح رہے کہ اولمپکس گیمز میں پاکستان نے اپنا آخری مرتبہ 8 اگست 1992 میں کانسی کے تمغے کے ساتھ ہاکی ایونٹ میں حاصل کیا تھا جبکہ آخری گولڈ میڈل بھی ہاکی کی ہی بدولت 1984 میں حاصل ہوا تھا۔

پاکستان کی طاقت پیس باؤلنگ ہے ہمارے پاس دونوں کا کمبینیشن ہے، بنگلادیشی کپتان

 راولپنڈی: بنگلادیشی کپتان نجم الحسن شانتو نے کہا ہے کہ جیت کا کریڈٹ تمام بیٹرز کو جاتا ہے۔

راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کپتان نجم الحسن نے کہا کہ بنگلہ دیشی اسپنرز نہایت تجربہ کار ہیں، شکیب کی کارکردگی بھی عمدہ رہی، انھوں نے بہت اچھا پرفارم کیا، ہمارے لیے بہت خوشی کا مقام ہے۔

انہوں نے کہا کہ موسم کی صورتحال بھی ہمارے لیے ساز گار رہی، ہم نے شدید گرم موسم میں کھیلا اور رزلٹ حاصل کیا، جیت کا کریڈٹ تمام بیٹرز کو بھی جاتا ہے جنہوں نے بالز کو شاندار انداز میں کھیلا ، باؤلرز نے بھی بہترین پرفارمنس دی۔

نجم الحسن کا کہنا تھا کہ پاکستان کی طاقت پیس باؤلنگ ہے ہمارے پاس دونوں کا کمبینیشن تھا ، جب ہم پانچویں دن کھیل کے لیے اترے تو امید تھی کہ ہم جیتیں گے۔

انہوں نے کہا کہ دوسرا ٹیسٹ بھی نہایت اہم ہے، کوشش ہوگی سکون سے رہیں اور آگے پلاننگ سے چلیں، ابھی ہم جیت کو منائیں گے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ایک ماہ قبل بنگہ دیش کی صورتحال کافی پریشان کن تھی، اس جیت نے ہمارے اور بنگلہ دیشی عوام کے لیے خوشی کا موقع پیدا کیا۔

واضح رہے کہ بنگلادیش نے راولپنڈی ٹیسٹ میں پاکستان کو 10 وکٹوں سے شکست دیکر تاریخ رقم کردی۔ میچ کے آخری روز پاکستانی ٹیم دوسری اننگز میں محض 146 رنز بناکر ڈھیر ہوگئی۔

ہم شائقین سے معذرت اور اپنی غلطیاں تسلیم کرتے ہیں، شان مسعود

 راولپنڈی: پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان شان مسعود کا کہنا ہے کہ مایوسی پورے پاکستان کو ہوئی ہے اور ہم شائقین سے معذرت اور اپنی غلطیاں تسلیم کرتے ہیں، ٹیم کے مورال کے لیے دوبارہ بیٹھیں گے۔

راولپنڈی میں بنگلا دیش کے خلاف پہلے ٹیسٹ میں شکست کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوئے قومی ٹیم کے کپتان نے کہا کہ یقیناً مایوس کن کارکردگی ہے لیکن گر کر اٹھنا ہے، ان شاء اللہ ایک دوسرے کو اٹھا کر پاکستان کو اچھے نتائج دیں گے۔

شان مسعود نے کہا کہ ٹیم کی حیثیت سے پانچویں دن غلطیاں کیں، وکٹ چار دن تک ٹھیک ہی رہی لیکن باؤلنگ میں ہم نے کچھ کمزوری دکھائی۔ صرف ایک چیز کو وجہ قرار نہیں دے سکتے بلکہ موسم وغیرہ اور دیگر عوامل بھی اثر انداز رہے۔

انہوں نے کہا کہ صرف پانچویں دن پر بات نہیں کروں گا بلکہ چاروں دن کی صورتحال کو مدنظر رکھنا چاہیے، بنگلا دیش کو پانچویں روز اسپنر سے مدد ملی۔ ہم سے کچھ غلطیاں ہوئیں جیسے 200 رنز کی لیڈ تھی لیکن اس کا فائدہ نہیں اٹھا سکے۔

شان مسعود نے کہا کہ میچ میں کچھ موومنٹ ہوتے ہیں جیسے باؤلنگ میں نئی بال کا تھا وہاں کوشش تھی پرفارم ہو، بعض موقعوں پر بنگلا دیش نے بہتر کھیل پیش کیا لیکن کبھی ڈرا کی طرف نہیں سوچا۔ جو غلطیاں ہوئیں ہیں اب ان کو سدھارنے کا وقت ہے۔

قومی ٹیم کے کپتان نے کہا کہ دوسرے ٹیسٹ کے لیے وکٹ کی صورتحال کو چیک کریں گے جو بہترین ہوا وہ کریں گے۔ اسپنرز کو شامل کرنے کا فیصلہ صورتحال دیکھ کر کریں گے، ابرار اَن فٹ تھا۔ جیتنے اور کارکردگی دیکھانے کے لیے کھیلتے ہیں، سپورٹس مین کبھی بھی ہار نہیں مانتا، کوشش ہوگی اگلا میچ جیتیں۔

ن لیگ پی پی اجلاس، پیپلز پارٹی کے تحفظات دور کرنے پر اتفاق

لاہور: پاکستان مسلم لیگ ن اور پیپلز پارٹی کی مشترکہ کمیٹی کا اجلاس گورنر ہاؤس لاہور میں منعقد ہوا جس میں ن لیگ کی طرف سے رانا ثنا اللہ، مریم اورنگزیب، اعظم تارڑ، ملک احمد خان جبکہ پیپلز پارٹی کی جانب سے یوسف رضا گیلانی، راجہ پرویز اشرف ، ندیم افضل چن ، حسن مرتضیٰ اور علی حیدر گیلانی شریک ہوئے۔

اجلاس میں پاور شئیرنگ کے وعدوں اور پنجاب میں پیپلز پارٹی کے تحفظات پر عمل درآمد کا جائزہ لیا گیا جبکہ حکومتی اتحاد کے درمیان تحریری معاہدے پر بھی مشاورت کی گئی۔

اجلاس میں معاہدے کے بقیہ نکات پر مرحلہ وار عملدرآمد پر اتفاق کیا گیا جس کے تحت کچھ نکات پر فوری اور باقی نکات پر بتدریج عمل ہوگا۔

حکومت نے قانون سازی، بجٹ اور پالیسیوں پر قبل از وقت پیپلز پارٹی کو اعتماد میں لینے کا فیصلہ کیا۔

ذرائع کے مطابق پنجاب کے جیتنے والے اضلاع میں پیپلز پارٹی کی مرضی کے افسران تعینات ہونگے اور پنجاب میں پیپلز پارٹی کو ن لیگ کے ارکان کے برابر ترقیاتی فنڈز دینے پر اتفاق ہوا۔

دونوں جماعتوں کے رہنما اجلاس کی رپورٹ قائدین کو پیش کریں گے۔