ن لیگ، اتحادی سن لیں! آئی پی پیز کو لگام نہ ڈالی تو چھوڑیں گے نہیں، حافظ نعیم

امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمان حکمراں جماعت مسلم لیگ ن اور اتحادی پیپلزپارٹی کو دھمکی دی ہے کہ کاؤنٹ ڈاؤن کے 28 دن باقی رہ گئے ہیں اگر آئی پی پیز کو لگام نہ ڈالی گئی تو چھوڑیں گے نہیں۔

منصورہ میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ حق دو عوام تحریک کو از سر نو منظم کرکے عوامی ایجنڈا تشکیل دیا ہے، سیاسی جماعتیں مفادات اور ذاتیات کی بنیاد پر سیاست کررہی ہیں، کوئی گیس و بجلی بلوں پر بات نہیں کرنا چاہتا، کسی کو کسی کی ایکسٹیشنُ یا سیٹیں لینی ہیں یا پھر سیاسی جوڑ توڑ کرنے سے فرصت نہیں۔

انہوں نے کہا کہ آئی پی پیز کا تسلط جو ظلم کا نظام ہے اس پر کوئی بات کرنے کوتیار نہیں، پارٹیوں میں ذاتیات مفادات والی سیاست سرگرم ہوگئی ہے۔ ملک کو گیس و بجلی کا بحرانوں کا سامنا ہے، تنخواہ دار طبقہ پر ٹیکس پر ٹیکس لگائیے جارہے ہیں۔

حافظ نعیم نے کہا کہ 2 ہزار ارب روپے بجلی نہ بنانے کیلئے آئی پی پیز کو دئیے گئے، 28 اگست کو ملک گیر ہڑتال، شٹر ڈاؤن گا۔ تاجر برادری کی جانب سے ملک گیر ہڑتال کی حمایت کرتے ہیں، حکومتوں نے آئی پی پیز کو انکم ٹیکس پر چھوٹ دی۔ 5 آئی پی پیز سے 4 کے معاہدے ختم ہوئے لیکن پھر ان کو عوام پر مسلط کر دیا گیا، جھوٹ بول کر معاہدے کئے جن سے معاہدے ہوئے ان کو پکڑا جائے، سب شریک جرم ہیں۔

انہوں نے کہا کہ دھرنا دیا تو پھر گھر نہیں بیٹھے معاہدہ کرکے فالو اپ کررہے ہیں، کاؤنٹ ڈاؤن میں 28 دن رہ گئے ہیں ن لیگ پیپلزپارٹی کو بتانا چاہتے ہیں ہم چھوڑیں گے نہیں، 14 روپے فی یونٹ پر کمی مونگ پھلی بھی نہیں، شریف خاندان کی آئی پی پیز چھوڑیں تو بجلی کی قیمت کئی گنا کم ہوجائے گی۔

انہوں نے کہا کہ آئی پی پیز نے 2017-18 میں 1.2 ٹریلین روپے ٹیکس پر چھوٹ دی گئی، تنخواہ دار عام لوگوں کے بجلی و گیس پر ٹیکس پیٹرول پر لیوی لگاتے ہیں، یہ ظلم کی انتہا ہے۔ زبردستی ٹیکس نظام کو مسلط کرکے مطلوبہ ٹیکسُ بھی وصول نہیں ہوگا، ٹیکس نیٹ بنے لیکن حکومتی ٹیکس قابل قبول نہیں۔

حافظ نعیم نے مزید کہا کہ خود ایف بی آر کی رپورٹ میں 1299ارب روپے کی سالانہ کرپشن ہوئی ٹیکس نیٹ والوں کے انکم ٹیکس کو کم دکھا کر رشوت لی گئی، ایف بی آر والے کرپشن کرتے ہیں ٹیکس کو تباہ کرنے والے ادارے کو کوئی ٹھیک کرنے کو تیار نہیں۔

امیر جماعت اسلامی پاکستان نے بنگلادیش کے حالات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ بنگلادیش میں گزشتہ 15 برسوں میں جماعت ظلم وستم کیا گیا، کئی رہنماؤں کے جنازے جیلوں سے اٹھائے گئے۔ جماعت اسلامی 1941 قیام پاکستان سے پہلے وجود میں آئی، مولانا مودودی نے کہا تھا قومیں وطن سے نہیں نظریہ سے بنتی ہیں۔

پاکستان کے قیام سے اب تک ملکی دفاع نظریاتی سرحدوں عوامی خدمت قانون سازی دین و عوامی مفاد میں خدمات کسی سے ڈھکی چھپی نہیں، میدان عمل میں سیاسی جدوجہد و قربانیوں کی بات کریں تو بڑی تحریکیں بنانے میں جماعت اسلامی کا اہم کردار رہا۔

لاہور؛ گھریلو ملازمین بن کر مالکان کو لوٹنے والا نوسر باز جوڑا گرفتار

لاہور: گوالمنڈی چوکی میو اسپتال پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے گھریلو ملازمین بن کر مالکان کو لوٹنے والا نوسر باز جوڑا گرفتار کر لیا۔

پولیس کے مطابق ملزم غربت کی آڑ لے کر اپنی بیوی کو گھریلو کام کاج کے لیے گھروں میں ملازمت دلواتا پھر فیملی کو اعتماد میں لینے کے بعد ملزمان نشہ آور کھانا کھلا کر واردات کرتے اور غائب ہو جاتے۔

ملزمان برکی پولیس کو تین سال سے مطلوب تھے۔ چوکی میو اسپتال پولیس نے جدید ٹیکنالوجی اور ہیومین ریسورس کی مدد سے روپوش اشتہاریوں کو تلاش کیا۔

گرفتار اشتہاریوں میں پروین اور خاوند سرور شامل ہیں، مفرور اشتہاریوں کو گرفتار کر کے متعلقہ پولیس کے حوالے کیا گیا۔

ایس پی سٹی قاضی علی رضا نے انچارج چوکی میو اسپتال محمد خرم اور ٹیم کو شاباش دی۔ انہوں نے کہا کہ مقدمات میں مطلوب اشتہاریوں کی گرفتاری کو یقینی بنایا جا رہا ہے۔

غزہ پالیسی؛ کیا کملا ہیرس ریاست مشی گن میں ناراض مسلم ووٹرز کو منا پائیں گی

مشی گن: امریکی صدارتی الیکشن میں سوئنگ اسٹیٹ کی حیثیت رکھنے والی ریاست مشی گن میں عرب اور مشرق وسطیٰ سے تعلق رکھنے والے مسلمان ووٹرز کی بڑی تعداد رہائش پذیر ہے جو صدارتی الیکشن کے مجموعی نتائج پر گہرا اثر ڈال سکتے ہیں۔

عالمی خبر رساں ادارے ’’اے ایف پی‘‘ کے مطابق مشی گن میں جوبائیڈن کی اسرائیل کی حمایت پر مایوس ڈیموکریٹ کے مسلم ووٹرزنے نمائندہ خصوصی سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ کملا ہیرس کو مشی گن میں ڈیموکریٹ کی فتح کو برقرار رکھنے کے لیے سخت محنت کرنا ہوگی۔

یاد رہے کہ سابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی مسلم ممالک پر سفری پابندی، مغربی کنارے میں اسرائیلی بستیوں کی حمایت اور دیگر متنازع اقدامات کے باعث مشی گن کے قصبے ڈیئربورن کے مسلم ووٹرز نے 2020 میں بائیڈن کی حمایت کی تھی۔

اس سے قبل 2016 کے صدارتی الیکشن میں مشی گن نے ڈونلڈ ٹرمپ کو جیتوایا تھا۔ یہ ریپبلکن پارٹی کی 1988 کے بعد مشی گن میں پہلی فتح تھی جس میں قصبے ڈیئربورن کے مسلم ووٹرز کا کلیدی کردار تھا۔

اے ایف پی کے نمائندے نے امریکی صدر جوبائیڈن کے غزہ جنگ میں اسرائیل کی حمایت پر اس بار مسلم ووٹرز کا رجحان معلوم کرنے کے لیے مشی گن میں ایک لاکھ 10 ہزار کی آبادی والے قصبے ڈیئربورن کا دورہ کیا جہاں اکثریت عرب نژاد امریکی رہتے ہیں۔

مقامی مسلم ووٹرز جنھوں نے گزشتہ الیکشن میں جوبائیڈن کو ووٹ دیا تھا، اے ایف پی کے نمائندے کو بتایا کہ فی الوقت ’دیکھو اور انتظار کرو‘ والا معاملہ ہے۔ ہم یہ دیکھنا چاہتے ہیں کہ ڈیموکریٹ کی صدارتی امیدوار کملا ہیرس کی غزہ پر کیا پالیسی ہے اور ان کے اختیارات کا وزن کتنا ہے۔

خیال رہے کہ جمعرات کو پارٹی کے کنونشن میں ڈیموکریٹک صدارتی نامزدگی کو قبول کرتے ہوئے کملا ہیرس نے اپنی تقریر میں غزہ میں جنگ بندی اور فلسطینیوں کو وقار، سلامتی، آزادی اور خود ارادیت کے اپنے حق کا احساس یقینی بنانے کا عہد کیا تھا۔

تاہم فلسطین کے حامی مندوبین میں اس بات پر غم و غصہ پایا گیا کہ کنونشن میں ان کے بطور اسپیکر شریک ہونے کی درخواست مسترد کر دی گئی تھی۔

مسلم ویمن فار ہیرس والز نے کہا کہ ڈیموکریٹ کے اس فیصلے نے ایک “خوفناک پیغام” بھیجا ہے اور اعلان کیا ہے کہ وہ مہم سے اپنی حمایت ختم کر رہی ہے اور واپس لے رہی ہے۔

مسلم اکثریتی قصبے ڈیئربورن کے میئر عبداللہ حمود نے ایک حالیہ انٹرویو میں کہا تھا یہاں تقریباً 55 فیصد باشندے عرب نژاد ہیں اور غزہ کے متاثرین ہمارا خاندان اور ہمارے دوست ہیں۔

ملک کی سب سے بڑی مسجد اور مشرق وسطیٰ کی لاتعداد سپر مارکیٹوں، کھانے پینے کی اشیاء اور کافی شاپس کے گھر ڈیئربورن کو اسلامک سینٹر آف امریکا بھی کہا جاتا ہے۔

2018 میں جنوب مشرقی مشی گینڈرز نے راشدہ طلیب کو منتخب کیا جو کانگریس میں پہلی فلسطینی نژاد امریکی ہیں جب کہ 3 عرب امریکی میئر بھی حال ہی میں نواحی علاقوں سے منتخب ہوئے ہیں۔

اے ایف پی کے نمائندے نے یہاں صدارتی الیکشن سے متعلق یہ تاثر پایا کہ مسلم ووٹرز ’’2 برائیوں میں سے کم برائی ” کے کلیے پر ووٹ دینے سے تھک چکے ہیں اور اس کے بجائے وہ ایسے امیدواروں کو چاہتے ہیں جو غزہ میں مستقل جنگ بندی اور اسرائیل کو ہتھیاروں کی فراہمی کے خاتمے کے ان کے مطالبات کو پورا کرسکیں۔

واضح رہے کہ امریکی انتخابات میں 7 ریاستیں ایریزونا، جارجیا، مشی گن، نیواڈا، شمالی کیرولینا، پنسلوانیا اور وسکونسن کو سوئنگ اسٹیٹس کہا جاتا ہے جو کلی طور پر نہ تو ڈیموکریٹ اور نہ ریپبلکن کا گڑھ ہیں۔ ان ریاستوں میں دونوں جماعتیں فتح حاصل کرتی آئی ہیں اور کانٹے کا مقابلہ ہوتا ہے۔

تونسہ میں پولیس مقابلے کے دوران خوارج کے دو دہشت گرد ہلاک

اسلام آباد / لاہور: تھانہ سٹی تونسہ کی حدود میں سٹی فوڈ کلب کے قریب پولیس سے مقابلے کے دوران فتنۃالخوارج کے دو دہشت گرد مارے گئے۔

پولیس ذرائع کے مطابق 24 اگست کو فتنۃ الخوارج کا ایک گروہ دہشت گردی کی بڑی کارروائی کے لیے موجود تھا، ایس ایچ او تحصیل وہوا ضلع تونسہ کی جانب سے دہشت گردوں کی موجودگی کی خفیہ اطلاع پر فوری چھاپہ مارا گیا۔

پولیس کے پہنچتے ہی دہشت گردوں نے پولیس پارٹی پر فائرنگ شروع کر دی جہاں پولیس نے جوابی کارروائی کرتے ہوئے 2 خارجی دہشت گردوں کو جہنم واصل کر دی۔

شدید فائرنگ کے تبادلے میں ایس ایچ او وہوا، سب انسپکٹر صادق اور کانسٹیبل مظمر نذیر زخمی ہوگئے۔ زخمی پولیس اہلکاروں کو تحصیل ہیڈ کوارٹر تونسہ منتقل کر دیا گیا جہاں انھیں طبی امداد دی جا رہی ہے۔

قانون نافذ کرنے والے اداروں کی اس کارروائی سے فتنۃالخوارج کو شدید دھچکا لگا، اہل علاقہ نے دہشت گردوں کا مردانہ وار مقابلہ کرنے پر پولیس جوانوں کی حوصلہ افزائی کی۔

قانون نافذ کرنے والے ادارے اور سیکیورٹی فورسز وطن عزیز سے دہشت گردی کے خاتمے کے لیے پُرعزم ہیں۔

راولپنڈی ٹیسٹ؛ شاہین کی نومولود بیٹے کیلئے جشن کی ویڈیو وائرل

قومی کرکٹ ٹیم کے فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی نے بنگلادیش کیخلاف پہلی وکٹ حاصل کرکے اپنی خوشی کو یادگار بنالیا۔

راولپنڈی میں کھیلے جارہے ٹیسٹ میچ کے دوران فاسٹ بولر شاہین آفریدی نے بنگلادیشی کرکٹر حسن محمود کو آؤٹ کرنے کے بعد اپنے نومولود بیٹے کی آمد پر خراج تحسین پیش کرتے ہوئے جھولا جھولانے کی سیلیبریشن کی جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر خوب وائرل ہورہی ہے۔

سابق کپتان شاہین اور ان کی اہلیہ انشا آفریدی کے ہاں آج بیٹے کی ولادت ہوئی تھی، جس کا نام انہوں نے علی یار رکھا ہے۔

فاسٹ بولر اس خاص لمحے میں اپنی اہلیہ کیساتھ نہیں تھے کیونکہ وہ بنگلادیش کیخلاف راولپنڈی ٹیسٹ میں قومی ٹیم کی نمائندگی کررہے ہیں تاہم انہوں نے جشن کا منفرد انداز اپنا کر مداحوں کے دل جیت لیے۔

واضح رہے کہ پہلے ٹیسٹ کے بعد وہ اپنی فیملی کے ساتھ رہنے کیلئے کراچی واپس آجائیں گے اور توقع ہے کہ انہیں دوسرے ٹیسٹ میچ کیلئے آرام دیا جاسکتا ہے۔

رحیم یار خان؛ کچے میں ڈاکوؤں کے ہاتھوں اغوا پولیس کانسٹیبل احمد نواز بازیاب

رحیم یار خان: پولیس نے کچے کے علاقے میں کامیاب کارروائی کرتے ہوئے مغوی کانسٹیبل احمد نواز کو بحفاظت بازیاب کرالیا۔

دو روز قبل پنجاب کے علاقے رحیم یار خان میں کچے کے ڈاکوؤں نے پولیس پر شدید حملہ کیا تھا جس میں 12 اہلکار شہید جبکہ پانچ زخمی ہوئے تھے۔ کچہ ماچھکہ سے ڈاکو کانسٹیبل احمد نواز کو اغوا کرکے ساتھ لے گئے تھے۔ ڈاکوؤں نے مغوی کانسٹیبل کی ویڈیو بھی جاری کی تھی۔

ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق کانسٹیبل احمد نواز کی بازیابی سے اس کے اہل خانہ میں خوشی کی لہر دوڑ گئی۔

آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے کہا کہ کانسٹیبل احمد نواز کی بحفاظت بازیابی اولین ترجیح تھی، کچہ کریمنلز کی سرکوبی مشن ہے،کچہ کو ڈاکوؤں سے پاک کرنے کے لیے پر عزم ہیں۔

ڈی پی او رحیم یارخان نے کہا کہ پولیس کچہ ایریاز میں پوری قوت کے ساتھ موجود ہے، مورال بلند ہے، پولیس فورس کا اپنے ٹارگٹ پر فوکس ہے، کانسٹیبل احمد نواز کی بحفاظت بازیابی پولیس کی اہم کامیابی ہے۔

پاکستان کی بھارت کو شنگھائی تعاون تنظیم اجلاس میں شرکت کی دعوت

اسلام آباد: پاکستان نے شنگھائی تعاون تنظیم اجلاس میں بھارت سمیت تمام رکن ممالک کو شرکت کی دعوت دے دی۔

شنگھائی تعاون تنظیم کا اجلاس اکتوبر میں پاکستان میں ہوگا۔ پاکستان نے تمام رکن ممالک کو کانفرنس میں شرکت کی دعوت دے دی

کانفرنس میں شرکت کیلئے بھارت سمیت 9 ممالک کو مدعو کیا گیا ہے۔ ذرائع کے مطابق بھارت کی جانب سے اس دعوت نامے پر فیصلہ تاحال نہیں کیا گیا۔

شنگھائی تعاون تنظیم کی میٹنگ اس سال 15 سے 16 اکتوبر کو اسلام آباد میں منعقد ہوگی۔ تنظیم کے سربراہان حکومت کی کونسل کی چیئرمین شپ اس بار پاکستان کے پاس ہے۔

شنگھائی تعاون تنظیم کا پچھلا اجلاس بھارت میں ہوا تھا جس میں وزیرخارجہ بلاول بھٹو زرداری نے شرکت کی تھی جو کسی پاکستانی وزیرخارجہ کا 12 سال بعد پہلا دورہ بھارت تھا۔

ہر دوسرا مرد شادی کی پیشکش کرتا ہے، رابی پیرزادہ کا انکشاف

لاہور: اسلام کی خاطر شوبز انڈسٹری سے کنارہ کشی اختیار کرنے والی پاکستان کی سابقہ گلوکارہ رابی پیرزادہ نے انکشاف کیا ہے کہ اُنہیں کئی مرد شادی کی پیشکش کرتے ہیں۔

حال ہی میں رابی پیرزادہ نے حفیظ احمد کے پوڈ کاسٹ میں شرکت کی جہاں اُنہوں نے شادی کی پیشکش اور ملک میں طلاق کی بڑھتی شرح سمیت مختلف موضوعات پر گفتگو کی۔

رابی پیرزادہ نے کہا کہ مجھے روزانہ کی بنیاد پر شادی کے لیے بہت سارے پروپوزل موصول ہوتے ہیں، میری فاؤنڈیشن کے آٹھ سے دس فون نمبرز ہیں تو اگر آپ اُن نمبر پر آنے والے میسجز دیکھیں تو ہر دوسرے میسج میں کسی نہ کسی مرد نے مجھے شادی کی پیشکش کی ہوتی ہے۔

اُنہوں نے کہا کہ ہر دوسرا مرد مجھے شادی کی پیشکش کرتا ہے، اس کی وجہ یہ ہے کہ آج کل کے مرد شوبز سے وابستہ گلیمرس لڑکیوں کو زیادہ پسند کرتے ہیں لیکن میری نظر میں یہ غلط ہے۔

سابقہ گلوکارہ نے کہا کہ میری مردوں سے گزارش ہے کہ وہ گلیمرس لڑکیوں کے بجائے اپنے اردگرد موجود سادہ لڑکیوں کے بارے میں سوچیں، وہ بھی خوبصورت ہیں جو شادی کی پیشکش کی منتظر ہیں۔

رابی پیرزادہ نے کہا کہ مردوں کو شادی کے لیے اداکاراؤں کے بجائے سادہ لوح لڑکیوں پر غور کرنا چاہیے، ان لڑکیوں کی قدر کرنی چاہیے۔

اُنہوں نے مزید کہا کہ ہمارے معاشرے کا ایک اہم مسئلہ یہ بھی ہے کہ لڑکے کہتے ہیں کہ لڑکیاں اُن کی قدر نہیں کرتیں کیونکہ اُن کے پاس کمائی کا اچھا ذریعہ اور نوکری نہیں ہے جبکہ لڑکیاں کہتی ہیں کہ وہ شادی نہیں کر سکتیں کیونکہ ان کے پاس چہیز بنانے کے وسائل نہیں۔

خیال رہے کہ رابی پیرازادہ ماضی میں گلوکارہ، اداکارہ، ماڈل اور بطورِ آرٹسٹ شوبز انڈسٹری میں کام کر چکی ہیں تاہم مذہب کی خاطر شوبز سے کنارہ کشی اختیار کرنے کے بعد اب وہ فلاحی ادارہ چلا رہی ہیں۔

ویمنز ٹی20 ورلڈکپ؛ فاطمہ ثنا کو گرین شرٹس کی کپتانی کریں گی

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے آئی سی سی ویمنز ٹی20 ورلڈکپ 2024 کیلئے ویمنز ٹیم کی قیادت کے فرائض نوجوان فاطمہ ثنا کو سونپ دیے۔

بورڈ کی جانب سے جاری کردہ اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ 22 سالہ فاطمہ ثنا کو سینئیر کرکٹر ندا ڈار کی جگہ کپتانی کے فرائض سونپ دیے گئے ہیں اور یہ فیصلہ سلیکشن کمیٹی نے متفقہ طور پر کیا ہے۔

فاطمہ ثنا 41 ون ڈے انٹرنیشنل اور 40 ٹی20 انٹرنیشنل میچز میں پاکستان کی نمائندگی کرچکی ہیں جبکہ ایمرجنگ اور ڈومیسٹک ٹیموں کی قیادت فرائض بھی سرانجام دے چکی ہیں۔

آئی سی سی ویمنز ٹی20 ورلڈکپ رواں برس 3 سے 20 اکتوبر تک متحدہ عرب امارات (یو اے ای) میں کھیلا جائے گا۔

فاطمہ ثنا نے دسمبر 2023 میں نیوزی لینڈ کے خلاف ہیگلے اوول کے ون ڈے انٹرنیشنل میں پاکستان ٹیم کی کپتانی کی تھی یہ میچ سپر اوور میں پاکستان کی شاندار جیت کی وجہ سے یاد رکھا جاتا ہے۔

فاطمہ ثنا 37 سالہ آل راؤنڈر ندا ڈار کی جگہ قیادت سنبھالیں گی جنہوں نے بسمہ معروف سے تینوں فارمیٹ کی کپتانی سنبھالی تھی۔ ندا ڈار موجودہ ٹیم میں شامل ہیں وہ 112 ون ڈے انٹرنیشنل اور 153 ٹی20 انٹرنیشنل کھیل چکی ہیں۔

واضح رہے کہ پاکستان ٹی20 ورلڈکپ میں گروپ اے میں آسٹریلیا، سری لنکا، بھارت اور نیوزی لینڈ کیساتھ رکھا گیا ہے۔

سلیکشن کمیٹی نے ٹیم میں صرف ایک تبدیلی کی ہے جو گزشتہ ماہ سری لنکا میں اے سی سی ایشیا کپ کھیلی تھی۔ دائیں ہاتھ کی بیٹر صدف شمس، جو گزشتہ سال جنوبی افریقہ میں ٹی20 ورلڈکپ کھیلی تھیں ٹیم میں نجیہہ علوی کی جگہ واپسی ہوئی ہے۔

نجیہہ علوی بطور ریزرو کھلاڑی ٹیم کے ساتھ سفر کریں گی۔

آئی سی سی ویمنز ٹی20 ورلڈکپ 2024 کیلئے پاکستانی اسکواڈ:

فاطمہ ثنا (کپتان)، عالیہ ریاض، ڈیانا بیگ، گل فیروزہ، ارم جاوید، منیبہ علی (وکٹ کیپر)، نشرہ سندھو، ندا ڈار، عمیمہ سہیل، صدف شمس، سعدیہ اقبال (فٹنس سے مشروط)، سدرہ امین، سیدہ عروب شاہ، تسمیہ رباب اور طوبیٰ حسن۔

1

بھارتی فوج کی ریاستی دہشت گردی میں ایک اور کشمیری نوجوان شہید

سرینگر: مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج نے نام نہاد سرچ آپریشن کی آڑ میں ایک گھر پر اندھا دھند فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں ایک نوجوان شہید ہوگیا۔

کشمیر میڈیا سروس کے مطابق جنت نظیر وادی کے ضلع بارہ مولا میں قابض بھارتی فوج نے ایک گاؤں کے داخلی اور خارجی راستوں کو بند کر کے سرچ آپریشن کے نام پر گھر گھر تلاشی لی۔

اس دوران موبائل فون سروس معطل رکھی گئی اور ایمبولینس کو بھی داخل ہونے کی اجازت نہیں دی گئی۔ سرچ آپریشن میں خواتین کو ہراساں کیا گیا اور بزرگوں کو تشدد کا نشانہ بنایا گیا۔

قابض بھارتی فوجی نے چند نوجوانوں کو حراست میں لے کر پوچھ گچھ بھی کی جب کہ ایک گھر پر اندھا دھند فائرنگ کی گئی جس کے نتیجے میں ایک کشمیری نوجوان شہید ہوگیا۔

بھارتی فوج نے انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزی کرتے ہوئے شہید نوجوان کی لاش اہل خانہ کے حوالے کرنے کے بجائے پولیس کے سپرد کردی۔

شہید نوجوان کے والدین اپنے لخت جگر کی لاش کے حصول کے لیے دربدر کی ٹھوکریں کھانے پر مجبور ہیں۔

ادھر کٹھ پتلی بھارت نواز انتظامیہ نے نوجوان کی شہادت کے واقعے کو پولیس مقابلہ ظاہر کرنے کی کوشش کرتے ہوئے کہا کہ نوجوان مسلح تھا اور بھارتی فوج کی جوابی فائرنگ میں مارا گیا۔