گورنر سندھ کو داودی بوہرہ جماعت کی طرف سے 100 لیپ ٹاپ موصول

  کراچی: گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری کو داو دی بوہرہ جماعت کی طرف سے آئی ٹی طلباءکے لیے 100 لیپ ٹاپس موصول ہوگئے، داو دی بوہرہ جماعت برہانی پیلس کے ایڈمنسٹریٹر کمیل نے گورنر ہاؤس میں پہنچائے۔

یاد رہے کہ داو دی بوہرہ جماعت کے روحانی پیشوا سیدنا مفضل سیف الدین نے آئی ٹی طلباءکے لیے اعلان کیا تھا، قبل ازیں گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری سے داو دی بوہرہ جماعت کے وفد نے گورنر ہاﺅس میں ملاقات کی۔

اس موقع پر انڈس موٹر کے چیف ایگزیکٹیو آفیسر علی اصغر جمالی بھی موجود تھے، گورنر سندھ نے سیّدنا مفضل سیف الدین کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ان کے اعلان کردہ لیپ ٹاپس نہیں ان کی محبت ملی۔

انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان سے قرضہ خاتمہ کے لئے داو دی بوہرہ جماعت کی فکر کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔

شاہد آفریدی کا دنیائے کرکٹ کا کم عمر ترین نانا بننے پر مبارک باد دینے والوں کا شکریہ

  کراچی: سابق ٹیسٹ کپتان شاہد آ فریدی نے  خود کو  دنیائے کرکٹ کا کم عمر ترین نانا بننے پر مبارک باد دینے  والوں کا  شکریہ ادا کیا ہے۔

سوشل میڈیا پوسٹ میں 47 سالہ شاہد آفریدی نے کہا کہ  دنیائے کرکٹ  کا کم عمر  ترین  نانا بنے پر آپ تمام  احباب کے محبت بھرے  پیغامات موصول ہورہے ہیں، ہماری خوشیوں میں  شامل ہونے پر میں اور  میری فیملی  آپ سب کا  دل سے شکریہ ادا کرتے ہیں۔

واضح رہے کہ کہ 47 برس کی عمر میں  نانا بننے والے شاہد آفریدی  یکم مارچ 1977 کو پیدا ہوئے تھے جبکہ ان کے داماد  پاکستان کرکٹ ٹیم  کے فاسٹ بولر اور  انشا آفریدی کے  ہاں بیٹے کی پیدائش ہوئی ہے۔

6 اپریل 2000 کو پیدا ہونے والے 24 سالہ شاہین آفریدی 3 فروری 2023 کو سابق کپتان شاہد آفریدی کی صاحبزادی کے ساتھ رشتہ ازدواج میں منسلک ہوئے تھے۔

صدر مملکت آصف علی زرداری کی مولانا فضل الرحمن سے اُنکی رہائش گاہ پر ملاقات, سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال

  اسلام آباد: صدر مملکت آصف علی زرداری ملاقات کیلیے مولانا فضل الرحمان کی رہائش گاہ پہنچ گئے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق صدر مملکت آصف زرداری کی مولانا فضل الرحمن کی رہائش گاہ آمد ہوئی، اُن کے ہمراہ وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی بھی موجود تھے۔

مولانا فضل الرحمن نے صدر مملکت کا پُرجوش استقبال کیا۔ بعد ازاں دونوں رہنماؤں نے ملاقات میں ملک کی موجودہ سیاسی صورت حال سمیت مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا۔

صدر آصف علی زرداری کی مولانا فضل الرحمان سے ملاقات ہوئی جس میں انہوں نے جمعیت علما اسلام کے سربراہ کو قیمتی بندوق کا تحفہ پیش کیا۔ جے یو آئی ترجمان کے مطابق ملاقات میں ملکی سیاسی صورتحال پر گفتگو کی گئی۔

ملاقات میں مولانا عبدالغفور حیدری ، مولانا اسعد محمود ، اسلم غوری ،انجنیئر ضیاء الرحمان موجود تھے۔

واضح رہے کہ ایک روز قبل تحریک انصاف کے وفد بھی اسلام آباد میں مولانا فضل الرحمان کی رہائش گاہ پر پہنچا جہاں دونوں جماعتوں کے قائدین میں ملاقات ہوئی تھی۔

بعد ازاں پریس کانفرنس کرتے ہوئے دونوں جماعتوں کے قائدین نے کہا تھا کہ قومی اسمبلی اور سینیٹ میں ملکر چلنے اور قانون سازی کیلیے کمیٹی تشکیل دی گئی ہے۔

پاکستان کی بھارت سے یکطرف تجارت جاری، ایک ارب 62 کروڑ ڈالر کی اشیا خرید لیں

  اسلام آباد: پاکستان اور بھارت میں دوستی نہ ہونے کے باوجود تجارت جاری، بھارت سے یک طرفہ تجارت ہونے پر ملکی خزانے سے ایک  ارب 62 کروڑ ڈالر نکل گئے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق پاکستان نے بھارت سے 1 ارب 62 کروڑ ڈالرز سے زائد کی اشیا خریدیں جب کہ 5 سال میں پاکستان سے بھارت ایک روپے کی کوئی چیز نہیں گئی۔

ایکسپریس نیوز نے یک طرفہ بھارتی تجارت کی تفصیلات حاصل کرلیں جس کے مطابق گزشتہ پانچ سال میں بھارت سے پاکستان ایک ارب 62 کروڑ ڈالرز کی اشیا منگائی گئیں۔

سال 2019-20 میں 38 کروڑ ڈالر کی اشیا درآمد ہوئیں، سال 2020-21 میں 32 کروڑ 70 لاکھ ڈالرز ، سال 2021-22 میں 35 کروڑ 20 لاکھ ڈالرز کی اشیا، سال 2022-23 میں 27 کروڑ 60 لاکھ ڈالرز اور 2023-24 میں 27 کروڑ 80 لاکھ کے اشیاء درآمد ہوئیں جبکہ پاکستان سے بھارت ایک روپے کی بھی کوئی شے نہیں گئی۔

جولائی 2024، بھارت کی ‘مقبول ترین اداکارہ’ کا نام سامنے آگیا

 ممبئی: جولائی 2024 میں سب سے زیادہ پسند کی جانے والی بھارتی اداکاراؤں کی فہرست جاری ہوگئی ہے۔

بھارت میں مقبول ترین فلم اسٹارز کا سروے کرنے والی ویب سائٹ ‘اورمیکس میڈیا’ نے جولائی 2024 کی مقبول ترین بھارتی اداکاراؤں کے نام کی فہرست جاری کردی ہے۔

رپورٹ کے مطابق بالی ووڈ اسٹار عالیہ بھٹ ‘مقبول بھارتی اداکارہ’ کی دوڑ میں تمام بالی ووڈ اور ساؤتھ انڈین اداکاراؤں کو شکست دیتے ہوئے فہرست میں نمبر ون پر ہیں جبکہ دوسرے نمبر پر اداکارہ سمانتھا روتھ پربھو کا نام موجود ہے۔

فہرست میں عالیہ بھٹ اور سمانتھا روتھ کے بعد دیپیکا پڈکون کا نام ہے جبکہ چوتھے نمبر پر کاجول اگروال اور پانچویں نمبر پر ننیتارا ہیں، اس طرح یہ اداکارائیں ٹاپ 5 میں اپنی جگہ بنانے میں کامیاب ہوئیں۔

سروے رپورٹ کے مطابق فہرست میں چھٹے نمبر پر کترینہ کیف، ساتویں پر تریشا، آٹھویں پر کیارا ایڈوانی، نویں پر کریتی سینن اور آخر میں دسویں نمبر رشمیکا مندانا کا نام موجود ہے۔

علیمہ گروپ اور بشریٰ گروپ پی ٹی آئی پر قبضہ کرنا چاہتے ہیں، عطا تارڑ

 لاہور: وزیر اطلاعات عطاءاللہ تارڑ علیمہ گروپ اور بشریٰ گروپ دونوں پی ٹی آئی پر قبضہ کرنا چاہتے ہیں، تحریک انتشار ملک کو نقصان پہنچانے کی سیاست کر رہی ہے اور آج خود انتشار کا شکار ہے۔

لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ تحریک انتشار ملک کو نقصان پہنچانے کی سیاست کر رہی ہے، تحریک انتشار نے ملک کے اداروں کے خلاف پروپیگنڈا کیا، ملکی مفاد کو نقصان پہنچانے سے کبھی گریز نہیں کیا، انتشار کی سیاست کی بنیاد بانی چیئرمین پی ٹی آئی نے رکھی انہوں نے معاشرے کو تقسیم کیا، ایک دوسرے سے لوگوں کو لڑایا آج تحریک انصاف کی پارٹی خود انتشار کا شکار ہے۔

وزیر اطلاعات نے کہا کہ نفرت کی سیاست کا انجام اچھا نہیں ہوتا، علیمہ خان نے رﺅف حسن سے کہا کہ بشریٰ بی بی جھوٹی خبریں پھیلا رہی ہیں، بشریٰ بی بی ہمدردی کے لئے جھوٹا اور ہمدردی کا بیانیہ پھیلا رہی ہیں، تحریک انتشار میں مختلف گروپس بن گئے ہیں، تحریک انتشار میں کئی ڈس انفارمیشن سیل چل رہے ہیں، ایک ڈس انفارمیشن سیل رﺅف حسن علیمہ خان کے ساتھ مل کر چلا رہے تھے، دوسرا سیل بشریٰ بی بی چلا رہی تھیں۔

عطا تارڑ نے کہا کہ جنہوں نے لوگوں کو تقسیم کیا آج اُن کی اپنی پارٹی تقسیم اور انتشار کا شکار ہے، علیمہ گروپ اور بشریٰ گروپ پارٹی پر پی ٹی آئی پر قبضہ کرنا چاہتے ہیں، بشریٰ بی بی جو جھوٹا بیانیہ بنا رہی ہیں اس میں کوئی حقیقت نہیں، نفرت اور تقسیم کی سیاست کرنے والوں کی اپنی پارٹی انتشار کا شکار ہے، سیاسی مفادات کے لئے ملک کو نقصان پہنچانے کی کوششیں ہو رہی ہیں۔

اسکرین پر زیادہ وقت گزارنا ہارٹ اٹیک کا خطرہ بڑھادیتا ہے

ایک نئی تحقیق میں خبردار کیا گیا ہے کہ جوانی  میں موبائل، ٹی وی یا کمپیوٹر جیسے آلات کے سامنے زیادہ وقت گزارنے سے ہارٹ اٹیک کا خطرہ بڑھ جاتا ہے۔

30 سال سے زائد عرصے تک 4000 سے زائد نوجوان بالغوں کی صحت پر نظر رکھنے والے ایک مطالعے کے اعداد و شمار میں ان لوگوں میں دل کا دورہ پڑنے کے امکانات زیادہ پائے گئے جو 20 کی دہائی کے اوائل میں ٹی وی دیکھنے میں بہت زیادہ وقت گزارتے تھے۔

مطالعہ کے سرکردہ مصنف ڈاکٹر جیسن ناگاٹا نے کہا کہ ہمارے نتائج بتاتے ہیں کہ نوجوان بالغ افراد اسکرین دیکھنے میں جتنا وقت گزارتے ہیں وہ بعد کی زندگی میں دل کے سنگین امراض کے خطرے کو نمایاں طور پر متاثر کر سکتا ہے۔

مزید برآں اسکرین کا زیادہ وقت نیند اور جسمانی سرگرمی جیسی اہم سرگرمیوں کو ختم کر سکتا ہے۔ ڈاکٹر نے یہ بھی کہا کہ یہ مطالعہ مستقبل میں دل کی بیماری اور فالج کو روکنے کے لیے ابتدائی زندگی میں اسکرین کی محدودیت کو فروغ دے کر مجموعی صحت کی اہمیت کو واضح کرتا ہے۔

رات ڈیڑھ بجے کال موصول، صبح 6 بجے ڈیوٹی پر پہنچنے کی ہدایت

 ممبئی: بھارت کے ایک شہری جو انجینیئر کے شعبے سے وابستہ ہیں، نےسوشل ویب سائٹ Reddit پر شیئر کیا کہ اسے رات 1:30 بجے نیند کے دوران دفتر کی کال آئی جس کا مقصد صبح 6 بجے دفتر پہنچنے کی ہدایت دینی تھی۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق ونیت پاٹل نامی شہری نے وضاحت کی کال ایک سینئر ساتھی کی طرف سے تھی جس میں اسے یہ اطلاع دینا مقصود تھا اسے پانچ گھنٹے سے بھی کم وقت میں دفتر میں صبح کی شفٹ کرنی ہے۔

تاہم اس نے بتایا کہ اس نے کال مس کر دی کیونکہ وہ سو رہا تھا۔ وہ دفتر سے رات 9 بجے کی ڈیوٹی ختم کرکے نکلا تھا جس میں وہ ایک ساتھی کی غیر موجودگی کی جگہ کام کررہا تھا۔

ونیت نے پوسٹ میں لکھا کہ کل رات مجھے میرے ساتھی نے ایک فون کال کی جو مجھ سے سینئر ہے یہ بتانے کے لیے کہ مجھے صبح 6 بجے آفس جوائن کرنا ہے جبکہ میری شفٹ 7:30 بجے شروع ہوتی ہے۔ بہرحال میں نے وہ کال نہیں اٹھائی کیونکہ میں سو رہا تھا، یہاں تک کہ میں 6 بجے بیدار ہوا اور اپنا موبائل چیک کیا۔

راولپنڈی میں ڈینگی وائرس کے کیسز میں اضافہ

 راولپنڈی: شہر بھر میں  ڈینگی وائرس سر اٹھانے لگا ہے جہاں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید 14 افراد میں ڈینگی وائرس کی تصدیق ہو گئی۔

محکمہ صحت نے بیان میں کہا کہ ہولی فیملی اسپتال میں 4 مریض  ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹرز اسپتال میں 4 اور بی بی ایچ اسپتال میں بھی ایک مریض زیر علاج ہے۔

بیان میں کہا گیا کہ11  ہزار گھروں کو چیک کیا گیا اور 796 گھروں سے ڈینگی لاروا برآمد ہوا ہے۔

محکمہ صحت راولپنڈی نے مزید کہا کہ رواں برس قوانین کی خلاف ورزی پر 15 سو 12 مقدمات درج، 442 مقامات کو سیل کردیا گیا، رواں برس 14 سو 83 چالان ٹکٹ جاری ہوئے، 62 لاکھ 53 ہزار 2 روپے جرمانہ عائد کیا گیا۔

بنگلہ دیشی کھلاڑی آؤٹ؛ شاہین نے وکٹ نومولود بیٹے کے نام کردی

 راولپنڈی: پاکستان کرکٹ ٹیم کے فاسٹ بالر شاہین شاہ آفریدی نے میچ میں وکٹ اپنے نومولود بیٹے کے نام کردی۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق قومی کرکٹ ٹیم کے فاسٹ بالر شاہین شاہ آفریدی کے گھر بیٹے کی ولادت ہوئی ہے جبکہ شاہین آفریدی پنڈی میں بنگلہ دیش سے ٹیسٹ سیریز کھیلنے میں مصروف ہیں۔

میچ کے دوران انہوں ںے مدمقابل بنگلہ دیش کے بلے باز محمود کو پویلین کی راہ دکھائی جس کے بعد انہوں ںے یہ وکٹ اپنے نومولود بیٹے کے نام کردی، گراؤنڈ میں موجود شائقین نے انہیں دل کھول کر داد دی۔

دریں اثنا پاکستان اور بنگلہ دیش کے مابین راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں  کھیلے جانے والے پہلے ٹیسٹ کے چوتھے دن کے کھیل  کے دوران بنگلہ دیش کے شائقین کی خاصی تعداد میچ دیکھنے آئی۔

شائقین نے ہاتھوں میں بنگلہ دیش کے جھنڈے اٹھا رکھے تھے اور وہ اپنی ٹیم کی حوصلہ افزائی کے لیے نعرے بھی لگاتے رہے شائقین نے بنگلہ دیش کے زندہ باد کے نعرے لگائے شدید گرمی کے دوران بنگالی شائقین سایہ تلاش کرتے رہے۔