ٹیکسز کیخلاف تاجر تنظیموں کا 28اگست کو ملک گیر شٹر ڈاؤن ہڑتال کا اعلان

اسلام آباد: مرکزی تنظیم تاجران اور آل پاکستان انجمن تاجران نے تاجر دوست اسکیم اور ٹیکسز کے خلاف 28 اگست کو ملک گیر شٹر ڈاؤن ہڑتال کا اعلان کر دیا ہے۔

مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کاشف چوہدری اور اجمل بلوچ نے کہا کہ نام نہاد تاجر دوست اسکیم ناقابل عمل ہونے کے باعث مسترد کرتے ہیں لہٰذا تاجر دشمن اسکیم کو فی الفور واپس لیا جائے اور دالوں، آٹے سمیت تمام اشیاء پر لگایا گیا ودہولڈنگ ٹیکس ختم کیا جائے۔

انہوں نے کہا کہ آئی پی پیز کے ساتھ کیے گئے معاہدوں پر نظر ثانی کی جائے، بجلی کے بلوں پر لگائے گئے ٹیکسز اور سلیب سسٹم ختم کیا جائے جبکہ گیس کی قیمتوں میں اضافہ، اضافی سیکیورٹی اور ظالمانہ سلیب ختم کیے جائیں۔

رہنماؤں نے کہا کہ ایف بی آر کے جاری کردہ ایس آر او G۔236 اور h-236 واپس لیے جائیں جبکہ صدر، وزیراعظم سمیت تمام افسران کو مفت بجلی، گیس اور پیٹرول سمیت تمام مراعات بند کی جائیں۔ سرکاری افسران کو بڑی گاڑیوں کے بجائے کلٹس گاڑیاں دی جائیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ اشیائے خور و نوش سمیت اسٹیشنری، پولٹری، ادویات و دیگر پر لگایا گیا جنرل سیلز ٹیکس فی الفور واپس لیا جائے۔ ایکسپورٹ سیکٹر پر بھاری ٹیکس عائد کرنے کا فیصلہ واپس لیا جائے، پرائیویٹ تنخواہ دار طبقہ اور تاجروں کے انکم ٹیکس سلیب میں اضافے کو واپس لیا جائے۔

تاجر رہنماؤں نے مطالبہ کیا کہ انکم ٹیکس کے لیے آمدن کی چھوٹ کی حد کو مہنگائی کے تناسب سے بڑھایا جائے، رئیل اسٹیٹ اور تعمیراتی صنعت پر لگائے نئے ٹیکسز کو واپس اور گین پیریڈ بحال کیا جائے۔ ایف بی آر کے افسران کو دیے گئے لامحدود اختیارات کو ختم کیا جائے، معاشی بہتری و استحکام کے لیے سودی معیشت کا خاتمہ کیا جائے۔

ڈاکٹر شاہد قتل؛ جائے وقوع پر کون تھا، فائرنگ کس نے کی؟ تفصیلات سامنے آ گئیں

لاہور: ڈاکٹر شاہد صدیق قتل سے متعلق جائے وقوع پر ملزمان کی موجودگی اور فائرنگ کے حوالے سے اہم تفصیلات سامنے آ گئیں۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق ڈاکٹر شاہد صدیق کے قتل کے ملزمان کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔ ان کے قتل کے وقت کتنے لوگ جائے وقوع پر موجود تھے اور کس نے فائرنگ کی، اس سلسلے میں پولیس تحقیقات میں سامنے آیا ہے کہ جائے وقوع پر ملزم سجاد،شاہد اور نواز ش پہنچے تھے جب کہ ڈاکٹر شاہد صدیق پر فائرنگ ملزم نوازش نے کی۔

ذرائع کے مطابق سجاد اور شاہد نے ڈاکٹر شاہد صدیق کی نشاندہی کی تھی اور موقع واردات پر موجود رہے۔ واردات کے بعد ملزمان فرار ہوگئے۔ قتل کا مقدمہ تھانہ کاہنہ میں درج کیا گیا، پولیس نے ابتدائی تحقیقات کے بعد ملزمان عبدالقیوم، نوازش،سجاد اور شاہد کو گرفتار کرلیا۔

واضح رہے کہ سجاد اور شاہد سگے بھائی جب کہ ملزم شہریار سجاد کا بیٹا ہے۔ملزم شہریار ابھی تک گرفتار نہیں ہوا۔ دوسری جانب گرفتار دیگر ملزمان نے اعتراف جرم کرلیا ہے اور ملزم نوازش سے آلہ قتل بھی برآمد کرلیا گیا ہے۔

پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ وقوعے میں استعمال ہونے والی گاڑی پہلے ہی قبضے میں لے لی گئی تھی۔ ملزمان کے خلاف مضبوط چالان پیش کرکے قرار واقعی سزا دلوائی جائے گی۔

نواز شریف کا پنجاب میں 500 یونٹس تک بجلی صارفین کو 14 روپے فی یونٹ ریلیف کا اعلان

لاہور: مسلم لیگ (ن) کے قائد میاں نواز شریف نے کہا ہے کہ مہنگائی اور زائد بجلی کے بلوں پر عوام کے کرب کا اندازہ ہے ان سب کا کی ذمہ دار عمران خان حکومت ہے، آئی ایم ایف کو واپس لانے والے چہرے ہم نہیں جیل میں بیٹھے لوگ ہیں۔

نواز شریف نے کہا کہ عمران خان کے زمانے سے مہنگائی شروع ہوئی، عمران خان نے خود کہا تھا کہ ملک کو آئی ایم ایف کی ضرورت نہیں اور دنیا بھی کہہ رہی تھی کہ پاکستان آئی ایم ایف کی غلامی سے آزاد ہوگیا مگر آئی ایم ایف کو دوبارہ کون لایا؟ وہ چہرے شہباز شریف یا ہمارے نہیں، جیل میں بیٹھے چہرے ہیں جو ہاں سے بڑھ چڑھ کر باتیں کررہے ہیں۔

لاہور میں وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مجھے معلوم ہے عوام مہنگائی اور بجلی کے زائد بلوں کے کس کرب سے گزر رہے ہیں، میرے زمانے میں بجلی کے بل کتنے تھے اور آج کتنے ہیں مجھے اندازہ ہے، میرا ذہن بار بار 2017ء کی طرف جاتا ہے جب بل کم تھے اور مہنگائی میں بھی کمی تھی، آمدنی زیادہ اور اخراجات کم تھے۔

سابق وزیراعظم نے کہا کہ 2013ء میں جب ٹیک اوور کیا تو پاکستان تقریباً ڈیفالٹ کی حالت میں تھا اور اس معیشت کو ٹھیک کرکے دنیا کی بہترین ترقی والی قوموں میں شامل کردیا یہ میرے نہیں دنیا بھر کے اخبارات و جرائد کے الفاظ ہیں، جب تک مجھے نکالا نہیں گیا اس وقت تک ڈالر 104 روپے پر رہا، مجھے نکال کر انہوں نے ملک کے ساتھ بڑی زیادتی کی، میں نے چار سال تک ڈالر کو 104 روپے کی قیمت پر رکھا تو اطمینان رکھنا چاہیے تھا کہ آئندہ بھی ڈالر اسی قیمت پر رہتا مگر مجھے نکال دیا گیا۔

نواز شریف نے کہا کہ عمران خان کے زمانے سے مہنگائی شروع ہوئی، عمران خان نے خود کہا تھا کہ ملک کو آئی ایم ایف کی ضرورت نہیں ہمارے دور حکومت میں دنیا کہہ رہی تھی کہ پاکستان آئی ایم ایف کی غلامی سے آزاد ہوگیا مگر آئی ایم ایف کو دوبارہ کون لایا؟ وہ چہرے شہباز شریف یا ہمارے نہیں، جیل میں بیٹھے چہرے ہیں جو ہاں سے بڑھ چڑھ کر باتیں کررہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہم نے لوڈ شیڈنگ کا مسئلہ ختم کیا اور بجلی کے کارخانے لگائے، ریکارڈ عرصے میں چین کے تعاون سے سی پیک کے تحت بجلی کے کارخانے لگائے اور بجلی کے ریٹ بھی بڑھنے نہیں دیے، 2017 میں بجلی کا بل 1600 روپے اور آج 18 ہزار روپے آرہا ہے، غریب کہاں سے بجلی کا بل دے گا؟

انہوں ںے کہا کہ مریم نواز نے وزیراعلیٰ بنتے ہی آٹے کی قیمت کم کی، کبھی صحت اور کبھی ہاؤسنگ کے معاملات کی بہتری میں مگن ہے۔

نواز شریف نے کہا کہ ہمارے دور میں بینک کی شرح سود سوا پانچ روپے تھے کون اسے ساڑھے بائیس فیصد تک لے گیا؟ سرمایہ کاری کیسے ہوگی؟ ہمیں آئی ایم ایف کی شرائط پر جکڑ دیا گیا ہے، میرے بعد کون لوگ قرض مانگنے کے لیے جاتے رہے؟ یہ موٹر وے ہم نے قرض مانگ کر نہیں بنائی، موٹر وے اپنے وسائل سے بنائی، میں اقتدار کا خواہش مند نہیں خلوص سے ملک کی خدمت کی مگر آج دل دکھتا ہے کہ ملک کے ساتھ کیا کردیا گیا، پاکستان کو تباہی کے دہانے پر پہنچا دیا۔

انہوں نے کہا کہ میں نے آج وزیراعظم شہباز شریف اور وزیراعلیٰ مریم نواز سے بھی بات کی ہے کہ ملک کے مظلوم طبقے کو کس طرح ریلیف دیا جائے، شہباز شریف نے کچھ عرصے قبل کم یونٹ والوں کو ریلیف دیا ہے اسی طرح پنجاب حکومت نے فیصلہ کیا ہے کہ گرمی کے مہینوں میں اگست اور ستمبر کے بلوں میں فوری ریلیف کے لیے پیکیج دینے کا فیصلہ کیا ہے کہ 500 یونٹ تک
گھریلو صارفین کو فی یونٹ 14 روپے ریلیف دیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ یہ بہت بڑا ریلیف ہے، 14 روپے فی یونٹ ریلیف دینے پر حکومت پنجاب کے 45 ارب روپے خرچ ہوں گے جس کے لیے پنجاب حکومت نے اپنے مختلف شعبوں سے اخراجات کو کم کیا ہے، ترقیاتی فنڈز کی کٹوتیاں کی ہیں۔

سابق وزیراعظم نے مزید کہا کہ یہ ریلیف یہیں ختم نہیں ہوگا، مزید ریلیف کے لیے پنجاب میں گھروں کو سولر پینل دیے جائیں گے تاکہ ان کا بجل کا بل مزید کم ہوجائے جس کے لیے پنجاب حکومت 700 ارب روپے خرچ کرنے کی منصوبہ بندی کررہی ہے، شہباز شریف سے بھی درخواست ہے کہ وہ پنجاب حکومت سمیت دیگر صوبوں کے ساتھ مل کر عوام کو سولر پینل دینے کے لیے کام کریں۔

نئی دماغی کمپیوٹر ٹیکنالوجی نے شہری کو بولنے کے قابل بنا دیا

نیویارک: امریکا میں ایک شہری جو بولنے سے قاصر ہوچکے تھا حال ہی میں نئی برین کمپیوٹر ٹیکنالوجی کی مدد سے بولنے کے قابل ہوگیا۔

45 سالہ کیسی ہیرل امیوٹروفک لیٹرل اسکلیروسیس (اے ایل ایس) مرض کی وجہ سے بولنے کی صلاحیت کھوچکے تھے، اس بیماری کو Lou Gehrigکی بیماری بھی کہا جاتا ہے۔

کیسی ہیرل کا کہنا تھا کہ کمیونیکیشن نہ کر پانا بہت مایوس کن اور حوصلہ شکن ہے۔ ایسا لگتا ہے کہ آپ وقت کے دھارے میں رُک گئے ہیں”

تاہم ایک نیا دماغی کمپیوٹر انٹرفیس ہیرل کو ایک بار پھر دوسروں سے بات کرنے کے قابل بنا رہا ہے، ہیرل کا دماغ الفاظ فراہم کرتا ہے اور ایک کمپیوٹر انہیں آواز کی شکل میں خارج کردیتا ہے ۔

دماغی خطہ میں لگائے گئے چار مائیکرو الیکٹروڈ تقریر کو مربوط کرنے کے لیے ذمہ دار ہوتے ہیں اور ان الفاظ کا پتہ لگاتے ہیں جو ہیرل کہنا چاہتا ہے اور حاصل کردہ معلومات کمپیوٹر پروگرام کو منتقل کردیتے ہیں جو معلومات کو آواز میں تبدیل کرکے خارج کردیتا ہے۔

ہائی بلڈ پریشر اور الزائمر میں تعلق کا انکشاف

نیو ساؤتھ ویلز: نئی تحقیق سے پتہ چلتا ہے کہ 60 کی دہائی میں ہائی بلڈ پریشر کا علاج نہ کرنے سے بعد میں الزائمر کی بیماری کا خطرہ بڑھ سکتا ہے ۔

عالمی تحقیق سے پتا چلا ہے کہ بلڈ پریشر کی ادویات لینے سے بعد کی زندگی میں الزائمر کی بیماری کا خطرہ کم ہوتا ہے۔

آسٹریلیا میں یونیورسٹی آف نیو ساؤتھ ویلز کے مطالعہ کے مرکزی مصنف ڈاکٹر میتھیو لینن نے کہا کہ یہ نتائج بتاتے ہیں کہ ایک شخص کی عمر کے ساتھ ہائی بلڈ پریشر کا علاج الزائمر کی بیماری کے خطرے کو کم کرنے میں ایک اہم عنصر ہے۔ یہ نتائج جرنل نیورولوجی میں شائع ہوئے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ بلڈ پریشر کی ادویات لینے سے پچھلی تحقیق میں بھی پایا گیا ہے کہ کسی شخص کے الزائمر کے خطرے کو مجموعی طور پر کم کیا جا سکتا ہے، لیکن اس بارے میں کم معلوم ہے کہ بلڈ پریشر کس طرح کسی شخص کے الزائمر کی بیماری کے خطرے کو متاثر کرتا ہے۔

خلا میں 10 لاکھ میل گھنٹے کی رفتار سے سفر کرنے والی نامعلوم شے دریافت

واشنگٹن: ناسا میں خلا کا مشاہدہ کرنے والے عملے نے خلا میں 10 لاکھ میل فی گھنٹے کی رفتار سے سفر کرنے والے مادے کو دریافت کیا ہے۔

بیک یارڈ اسٹار گیزرز نے خلا میں دس لاکھ میل فی گھنٹہ سے زیادہ کی رفتار سے حرکت کرنے والی ایک چیز دریافت کی ہے۔

ناسا کا اس حوالے سے کہنا تھا کہ یہ خلا میں پیش آنے والا اہم واقعہ ہے جس نے ہائی ٹیک رصد گاہوں، ماہر فلکیات اور سائنسدانوں کی توجہ حاصل کرلی ہے۔

بیک یارڈ اسٹار گیزرز ناسا کے بیک یارڈ ورلڈز پروجیکٹ 9 پر کام کررہے ہیں جنہوں نے اتنی تیزی سے حرکت کرنے والی چیز کو دریافت کیا ہے۔

ماہرین کے مطابق یہ شے ملکی وے گلیکسی کی کشش ثقل کے اصولوں کی خلاف ورزی کرتی دکھائی دیتی ہے۔ مزید برآں یہ شے چھوٹے ستارے سے ملتی جلتی دکھائی دیتی ہے۔

منوج باجپائی اور شرمیلا ٹیگور کی ‘گل موہر’ نے بہترین ہندی فلم کا ایوارڈ جیت لیا

بالی ووڈ کے معروف اداکار منوج باجپائی اور سینیئر اداکارہ شرمیلا ٹیگور کی فلم ‘گل موہر’ نے 70ویں نیشنل فلم ایوارڈز میں بہترین ہندی فلم کا ایوارڈ اپنے نام کرلیا۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق بھارت کے اطلاعات و نشریات کی وزارت نے جمعے کو نئی دہلی میں ایک پریس کانفرنس میں 70ویں نیشل فلم ایوارڈز کے فاتحین کا اعلان کیا۔

70ویں نیشنل فلم ایوارڈز کے فاتحین میں منوج باجپائی اور شرمیلا ٹیگور کی فلم ‘گل موہر’ بھی شامل ہے جسے بہترین ہندی فلم کے ایوارڈ سے نوازا گیا ہے۔

بھارتی میڈیا نے اپنی رپورٹ میں بتایا کہ 13 سال بعد اداکاری کی دنیا میں واپسی کرنے والی سینیئر اداکارہ شرمیلا ٹیگور نے فلم ‘گل موہر’ میں ہم جنس پرستوں کا کردار ادا کیا۔

دوسری جانب منوج باجپائی نے فلم میں شرمیلا ٹیگور کے بیٹے کا کردار نبھایا جو وہ گود لیتی ہیں جبکہ فلم کی دیگر کاسٹ میں سورج شرما، امول پالیکر، کاویری سیٹھ اور سمرن شامل تھیں۔

راہول وی چٹیلا کی ہدایتکاری میں بننے والی فلم ‘گل موہر’ کو اسٹار اسٹوڈیوز اور چاک بورڈ انٹرٹینمنٹ کی جانب سے پروڈیوس کیا گیا تھا جبکہ یہ فلم سال 2023 میں 3 مارچ کو ریلیز ہوئی تھی۔

مہنگے برانڈ کا بیگ ساتھ رکھنے کی ضد نے فلائٹ میں گھنٹوں تاخیر کروادی

بیجنگ: پرواز میں تاخیر اکثر مسافروں کے غیر ذمہ دارانہ رویے کی وجہ سے ہوتی ہے لیکن حال ہی میں چین میں پیش آنے والے ایک عجیب واقعے نے اس مسئلے کو ایک نیا زاویہ دے دیا ہے۔

چین میں ایک خاتون نے مشہور برانڈ لوئس ووٹن کا اپنا لگژری ہینڈ بیگ یہ کہہ کر ہوائی جہاز میں باقی سامان کے ساتھ رکھنے سے انکار کردیا کہ یہ بہت مہنگا ہے اور ایک مشہور برانڈ لوئس ووٹن کا ہے۔

مقامی میڈیا کے مطابق چینی خاتون نے فلائٹ اٹینڈنٹ کی جانب سے ہینڈ بیگ سامنے والی سیٹ کے نیچے رکھنے سے انکار کردیا جس پر ایک گھنٹے کی تاخیر ہوئی اور خاتون کو جہاز سے باہر لے جانا پڑا۔

جیسے ہی اس واقعے کی ویڈیو چینی سوشل میڈیا ایپ Douyin پر پوسٹ کی گئی، یہ فوری طور پر وائرل ہو گئی۔

واقعے نے ڈوئن پر 4 ملین ویوز حاصل کرلیے ہیں۔ مسافر نے اپنا نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ اکانومی کلاس میں بیٹھی ایک خاتون نے اپنا لوئس ووٹن ہینڈ بیگ سامنے والی سیٹ کے نیچے رکھنے کے بجائے اپنے پاس رکھنے پر اصرار کیا۔

منکی پاکس عالمی سطح پر صحت عامہ کی ایمرجنسی قرار

جنیوا: عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او) کے ڈائریکٹر جنرل ڈاکٹر ٹیڈروس ایڈھانوم گیبریئس نے ڈیموکریٹک ریپبلک آف کانگو میں منکی پاکس کا اضافہ اور افریقہ کے ممالک میں اس کی بڑھتی تعداد کے پیش نظر اسے بین الاقوامی عوامی صحت کی ہنگامی صورتحال قرار دے دیا ہے۔

ڈاکٹر ٹیڈروس کا یہ اعلان آزاد ماہرین کی ایک ایمرجنسی کمیٹی کے مشورے پر آیا جس نے ڈبلیو ایچ او اور متاثرہ ممالک کے ماہرین کے پیش کردہ ڈیٹا کا جائزہ لینے کے بعد یہ فیصلہ کیا۔

کمیٹی نے ڈائریکٹر جنرل کو مطلع کیا کہ وہ منکی پاکس کے اضافے کو ایک ہیلتھ ایمرجنسی سمجھتی ہے جس کے افریقی ممالک میں اور ممکنہ طور پر براعظم سے باہر پھیلنے کا خدشہ ہے۔

ڈائریکٹر جنرل کمیٹی کے اجلاس کی رپورٹ شیئر کریں گے اور کمیٹی کے مشورے کی بنیاد پر منکی پاکس کی روک تھام کے حوالے سے ممالک کو عارضی سفارشات جاری کی جائیں گی ۔

پشاور ہائی کورٹ نے گیس کی قیمتوں میں اضافے کا نوٹی فکیشن معطل کردیا

پشاور: ہائی کورٹ نے گیس کی قیمتوں میں اضافے کا نوٹی فکیشن معطل کردیا۔

خیبر پختونخوا ٹیکسٹائل ملز ایسوسی ایشن کی جانب سے گیس کی قیمتوں میں اضافے کے خلاف دائر درخواستوں پر سماعت جسٹس اعجاز انور اور جسٹس سید ارشد علی نے کی۔

دوران سماعت درخواست گزار کے وکیل شمائل احمد بٹ ایڈووکیٹ نے دلائل دیے کہ اوگرا نے وفاقی حکومت کے کہنے پر گیس کی قیمتوں میں اضافہ کیا۔ اوگرا نے یکم جولائی کو ٹیرف نوٹیفکیشن جاری کیا۔

وکیل نے کہا کہ ایس این جی پی ایل نے گیس ٹیرف میں اضافے کے لیے اوگرا سے رابطہ کیا تو اوگرا نے طے کیا کہ ایس این جی پی ایل نے بہت کمایا ہے اب صارفین کو فائدہ پہنچنا چاہیے۔ اوگرا نے تمام کیٹگریز کے ٹیرف میں 179 روپے فی ایم ایم بی ٹی یو کمی کی تجویز پیش کی تھی۔

درخواست گزار کے وکیل نے کہا کہ وفاقی حکومت نے صارفین کو ریلیف دینے کے بجائے قیمتوں میں اضافہ کردیا۔ وفاقی حکومت نے قیمت 2750 ایم ایم بی ٹی یو سے بڑھا کر 3000 ایم ایم بی ٹی یو کردی۔ وفاقی حکومت کا قیمتوں میں اضافہ غیر قانونی ہے۔

ڈپٹی اٹارنی جنرل ثنا اللہ نے عدالت کو بتایا کہ یہ درخواست قابل سماعت نہیں ہے، وفاقی حکومت کپیسٹو پاور پروسیجر کی حوصلہ شکنی کرنا چاہتی ہے۔

بعد ازاں عدالت نے ابتدائی دلائل سننے کے بعد گیس کی قیمتوں میں اضافے کا نوٹی فکیشن معطل کردیا اور آئندہ سماعت پر ایس این جی پی ایل سے جواب طلب کرلیا۔