بھارت نے 2036 کی اولمپکس کی میزبانی کا خواب سجالیا

بھارت کے یوم آزادی کے موقع پر وزیراعظم نریندر مودی نے 2036 اولمپکس کی میزبانی کا خواب سجالیا۔

بھارتی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق آزادی کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نریندر مودی نے کہا کہ ہندوستان 2036 میں اولمپکس کی میزبانی کیلئے تیاری شروع کرچکا ہے، ہم تمام کھلاڑیوں کو مبارکباد دیتے ہیں جنہوں نے پیرس اولمپکس میں بھارت جھنڈا لہرایا۔

نریندر مودی نے کہا کہ جی 20 سمٹ جیسے بڑے ایونٹ کی میزبانی کرکے دنیا کو بتاچکے ہیں کہ ہمارا خواب 2036 میں اولمپکس کی میزبانی کرنا ہے۔

دوسری جانب بھارت 28 اگست سے شروع ہونے والے پیرس پیرا اولمپکس کے لیے 84 ایتھلیٹس کا اپنا سب سے بڑا دستہ میدان میں اتارا ہے، 84 ایتھلیٹ 12 کھیلوں میں حصہ لیں گے، جن میں تیر اندازی، ایتھلیٹکس، بیڈمنٹن، کینوئنگ، سائیکلنگ، بلائنڈ جوڈو، پاور لفٹنگ، روئنگ، شوٹنگ، تیراکی شامل ہیں۔ ، ٹیبل ٹینس، اور تائیکوانڈو شامل ہیں۔

ایم پاکس عالمی وبا قرار، پاکستان میں اب تک کوئی کیس رپورٹ نہیں ہوا، وزارت صحت

اسلام آباد: وزارت صحت کا کہنا ہے کہ عالمی ادارہ صحت نے ایم پاکس کو عالمی وبا قرار دے دیا ہے۔

ترجمان وزارت صحت کی جانب سے جاری بیان کے مطابق عالمی ادارہ صحت ( ڈبلیو ایچ او) نے کانگو اور افریقا کے دیگر مقامات پر ایم پاکس کی نئی قسم کے پھیلنے کو ہنگامی عالمی صورتحال قرار دیا ہے۔ افریقا کے کچھ ممالک میں بچوں اور بڑوں میں ایم پاکس کیسز کی تصدیق ہوئی ہے۔

ترجمان کے مطابق پاکستان میں اب تک ایم پاکس کی نئی قسم کا کوئی کیس رپورٹ نہیں ہوا ہے۔ ایم پاکس سے بچاؤ کے حوالے سے ملک بھر کے تمام ائیرپورٹس کو الرٹ رہنے کی ہدایت کردی گئی ہے جبکہ بارڈر ہیلتھ سروسز پاکستان کے ادارے کو بھی ہائی الرٹ کردیا گیا ہے۔ ملک کے داخلی راستوں پر اسکریننگ کے نظام کو مضبوط کیا جا رہا ہے۔ انٹرنیشنل ہیلتھ ریگولیشن کی سفارشات پر عملدرآمد کو یقینی بنایا جا رہا ہے۔

ترجمان کا مزید کہنا ہے کہ کل 13 ممالک میں ایم پاکس کے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں جبکہ 517 اموات کی اطلاع ہے۔ رواں سال ایم پاکس کے سے سے زیادہ مشتبہ کیسز افریقی ممالک میں 17 ہزار سے زائد رپورٹ ہوئے ہیں۔

سرکاری دورے پر یورپ جانیوالے سینیٹ افسر کے اہلخانہ نے سیاسی پناہ لے لی

اسلام آباد: سیکرٹری خارجہ سائرس سجاد قاضی نے قومی اسمبلی اور سینیٹ سیکریٹریٹ کو خط لکھ کر ویزا نوٹس کے اجراء کے لیے نئی ہدایات سے آگاہ کردیا۔

خط کے مطابق سینیٹ سیکریٹریٹ کے جوائنٹ سیکریٹری حیدر علی سندرانی کو 23 سے 27 مارچ 2024 تک جنیوا، سوئٹزرلینڈ میں منعقد ہونے والے بین الپارلیمانی یونین (آئی پی یو) کی اسمبلی کے 148 ویں اجلاس میں شرکت کے لیے نامزد کیا گیا تھا۔

جوائنٹ سیکرٹری نے ایک رسمی درخواست کے ذریعے سینیٹ سیکرٹریٹ سے نہ صرف اپنے لیے بلکہ اپنے خاندان کے لیے بھی ایک نوٹ اور تعارفی خط حاصل کیا۔

وزارت خارجہ کو انکشاف ہوا اس کے خاندان کے افراد نے یورپ جاکر مغربی یورپی ممالک میں سے ایک میں سیاسی پناہ کی درخواست دے دی اور واپس نہیں لوٹے۔ حیدر علی کی طرف سے یہ فعل نہ صرف قومی شرمندگی کا باعث بنا بلکہ اس سے دیگر قانونی درخواست دہندگان کو پہلے سے درپیش مشکلات میں مزید اضافہ ہوگیا۔

وزارت خارجہ نے صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے اراکین قومی اسمبلی اور سینیٹرز کے ساتھ ساتھ بیرون ملک دورے کرنے والی شخصیات کے لئے خصوصی ہدایات جاری کردیں۔

وزارت خارجہ نے قومی اسمبلی اور سینیٹ سیکرٹریٹ کے افسران،اہلکاروں کے لیے تعارفی نوٹ کی زبانی اور تعارفی خطوط کے اجراء کے رہنما خطوط پر نظر ثانی کی ہے۔ اب زبانی اور تعارفی خطوط جاری کرنے کے لیے پالیسی رہنما خطوط پر عمل کیا جائے گا۔

سینیٹ یا قومی اسمبلی سیکرٹریٹ سے باضابطہ درخواستیں موصول ہونے کے بعد سفارتی/سرکاری پاسپورٹ رکھنے والوں کو سرکاری دورے کے لیے نوٹ جاری کیا جائے گا اور ان کے نجی دوروں کے لیے تعارفی نوٹ جاری کیا جائے گا۔

تعارفی خطوط قومی اسمبلی یا سینیٹ سیکرٹریٹ کی طرف سے اس باضابطہ حلف نامے کے ساتھ مشروط ہوں گے کہ وہ کسی بھی ملک میں سیاسی پناہ حاصل نہیں کریں گے۔

سرکاری اور نجی دوروں پر جانے والے قومی اسمبلی اور سینیٹ سیکرٹریٹ کے افسران/افسران کے اہل خانہ کو ”آئی ایل ایس“ جاری نہیں کیے جائیں گے۔ یہ پالیسی گائیڈ لائنز نائب وزیراعظم اسحاق ڈار کی منظوری سے جاری کی گئی ہیں۔

اسلام آباد؛ بھارتی یوم آزادی پر ہائی کمیشن کے باہر کل جماعتی حریت کانفرنس کا احتجاج

اسلام آباد: بھارت کے یوم آزادی پر بھارتی ہائی کمیشن (اسلام آباد) کے باہر کل جماعتی حریت کانفرنس کی جانب سے احتجاج کیا گیا۔

کشمیری عوام آزاد و مقبوضہ جموں کشمیر سمیت دنیا بھر میں بھارتی یوم آزادی پر آج 15 اگست کو یوم سیاہ کے طور پر منا رہے ہیں، اس سلسلے میں وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں بھارتی ہائی کمیشن کے سامنے کل جماعتی حریت کانفرنس کا احتجاجی مظاہرہ کیا گیا، جس میں شرکا نے بھارت کے خلاف اور آزادی کے نعرے لگائے۔

احتجاج کے شرکا نے سیاہ جھنڈے اٹھائے ہوئے تھے۔ مظاہرے میں بچوں اور خواتین نے بھی شرکت کی۔

یاد رہے کہ آج 15 اگست کو بھارت کے یومِ آزادی کے موقع پر مقبوضہ کشمیر کے غیور اور بہادر عوام یومِ سیاہ منا رہے ہیں۔ اس حوالے سے پاکستان سمیت دنیا بھر میں کشمیریوں کی جانب سے یوم سیاہ کے حوالے سے احتجاج، تقاریب اور سیمینار کا انعقاد کیا جا رہا ہے۔

کشمیر میڈیا سروس کے مطابق حریت قیادت کی کال پر مقبوضہ وادی میں مکمل ہڑتال ہے۔ تعلیمی ادارے ، دکانیں اور کاروباری مراکز بند ہیں اور ٹرانسپورٹ معطل ہے۔ بھارتی مظالم اور غاصبانہ قبضے کے خلاف کشمیریوں نے گھروں پر سیاہ پرچم لہرا رکھے ہیں۔

قابض بھارتی فورسز نے کشمیریوں کو احتجاج سے روکنے کے لیے سکیورٹی مزید سخت کرتے ہوئے اضافی نفری تعینات کردی ہے۔اہم شاہراہوں کو خاردار تار لگا کر بند کردیا گیا ہے۔ مختلف علاقوں میں موبائل اور انٹرنیٹ سروس بند کردی گئی ہے۔ متعدد نوجوانوں کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔

سعودی ولی عہد محمد بن سلمان نے اپنے قتل کا خدشہ ظاہر کردیا، امریکی میڈیا

  واشنگٹن / ریاض: سعودی ولی عہد اور وزیراعظم محمد بن سلمان نے اپنے قتل کا خدشہ ظاہر کیا ہے۔امریکی میگزین پولیٹیکو کی رپورٹ کے مطابق محمد بن سلمان نے امریکی کانگریس کے ارکان سے گفتگو میں قتل کا خدشہ ظاہر کیا۔رپورٹ کے مطابق محمد بن سلمان نے کہا کہ اسرائیل کے ساتھ تعلقات معمول پر لانے اور امریکا کے ساتھ غیر مشروط تعاون کے معاملے پر میں اپنی جان خطرے میں ڈالی اور مجھے اس وجہ سے کسی بھی وقت نشانہ بنایا جاسکتا ہے۔امریکی میڈیا رپورٹ کے مطابق محمد بن سلمان نے اس بات کا ذکر کیا کہ اس خطرے کو مدنظر رکھتے ہوئے ضروری ہے کہ معاہدے میں فلسطینی ریاست کے قیام کےلیے فوری راستہ بھی شامل کیا جائے۔رپورٹ کے مطابق امریکی کانگریس اراکین سے گفتگو میں سعودی ولی عہد نے مصر کے مقتول صدر انور سادات کا حوالہ دیا اور کہا کہ انہیں بھی اسرائیل کے ساتھ تعلقات معمول پر لانے کی پاداش میں قتل کیا گیا تھا۔

‘چیمپئینز ٹرافی 2025؛ بھارت آئے گا یا نہیں! ابھی سرکاری موقف نہیں آیا’

بھارتی کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) کے سیکریٹری جے شاہ نے آئی سی سی چیمپئیز ٹرافی 2025 سے متعلق لب کشائی کردی۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق بی سی سی آئی سیکریٹری سے سوال کیا گیا کہ چیمپئینز ٹرافی 2025 کیلئے کیا بھارتی ٹیم پاکستان جائے گی؟ جس پر جے شاہ نے جواب دیا کہ ابھی تک کوئی سرکاری موقف نہیں آیا ہے، ایونٹ سے قریب آنے سے پہلے حتمی فیصلہ کیا جائے گا۔

مجوزہ شیڈول کے مطابق چیمپئنز ٹرافی کا افتتاحی میچ 19 فروری کو پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں کھیلا جائے گا،24 تاریخ کو پاکستان اور بنگلہ دیش کا راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم پر سامنا ہونا ہے۔

پاک بھارت معرکہ آرائی یکم مارچ کو لاہور میں ہوگی، 5 اور 6 مارچ کو سیمی فائنلز بالترتیب کراچی اور راولپنڈی میں کھیلے جائیں گے،9 مارچ کو فائنل کا انعقاد قذافی اسٹیڈیم لاہور میں ہوگا۔

دوسری جانب آئی سی سی چیمپئینز ٹرافی 2025 کیلئے پاکستان نے تیاریوں کا آغاز کردیا ہے جبکہ بھارتی بورڈ حکومتی اجازت کا بہانہ بناکر ٹیم بھیجنے سے ہچکچارہا ہے۔

متعدد بار سیکیورٹی کا بہانہ بناکر بھارت نے سال 2008 کے بعد سے پاکستان کا دورہ نہیں کیا جبکہ پاکستان نے گزشتہ برس ون ڈے ورلڈکپ کیلئے بھی اپنی ہندوستان بھیجی تھی تاہم گرین شرٹس کو ہندو انتہاپسند تنظیموں کی جانب سے حملوں کی دھمکی دی گئی تھی۔

واضح رہے کہ آئی سی سی نے پاکستان میں چیمپئنز ٹرافی کی میزبانی کے لیے 7 کروڑ ڈالرز کے بجٹ کی منظوری دی ہے جبکہ اضافی اخراجات کے لیے 45 لاکھ ڈالرز مختص کیے گئے ہیں۔

سعودی فرمانروا شاہ سلمان کی پاکستانی قوم کو یوم آزادی کی مبارک باد

پاکستان کے 77 ویں یوم آزادی پاکستان پر خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبد العزیز نے پاکستانی قوم کو دلی مبارک باد پیش کرتے ہوئے نیک تمناؤں کا اظہار کیا ہے۔

سعودی خبر رساں ایجنسی کے مطابق فرمانروا شاہ سلمان اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے تہنیتی پیغام میں پاکستان کی ترقی اور خوشحالی کےلیے نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے اور دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کے فروغ پر زور دیا ہے۔

شاہ سلمان اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے صدر آصف علی زرداری کو تہنیتی مکتوب روانہ کیے جس میں پاکستانی حکومت، عوام اور ملک کےلیے نیک جذبات کا اظہار کیا گیا۔

روسی صدر پوٹن سمیت دیگر مغربی ممالک کے سربراہان نے بھی پاکستان کے یوم آزادی پر پاکستانی عوام کے نام حکومت کو تہنتی پیغامات بھیجے ہیں۔

بھارتی ہدایتکار نے مجھے بدصورت کہا، شاہ رخ خان کا انکشاف

ممبئی: بالی ووڈ کے کنگ شاہ رخ خان نے انکشاف کیا ہے کہ اُن کے بہترین دوست اور بھارتی ہدایتکار نے اُنہیں شکل سے بدصورت قرار دیا تھا۔

بالی ووڈ میں رومانوی ہیرو کے طور پر اپنے کیریئر کا آغاز کرنے والے میگا اسٹار شاہ رخ خان نے چند فلموں میں رومانوی جنونی عاشق جیسے منفی کردار بھی ادا کیے لیکن ان منفی کرداروں سے بھی اداکار کو کافی شہرت ملی۔

مداح ہمیشہ سے ہی جاننا چاہتے تھے کہ کنگ خان نے اپنے کیریئر میں جنونی عاشق کے منفی کردار کیوں کیے؟ شاہ رخ خان نے اپنی ایک تقریر کے دوران منفی کردار کرنے کی وجہ بتا دی۔

بھارتی میڈیا کے مطابق شاہ رخ خان نے ماضی میں یونیورسٹی کے طالب علموں سے تقریر کرتے ہوئے کہا تھا کہ بالی ووڈ میں بہت کم اداکار ایسے ہیں جنہوں نے رومانوی ہیرو سے اپنے کیریئر کا آغاز کیا اور پھر اُنہوں نے جنونی عاشق کے منفی کردار نبھائے لیکن میں نے ایسا کیا کیونکہ مجھے ایسے کردار کرنے کی ضرورت تھی۔

شاہ رخ خان نے منفی کردار کرنے کی وجہ بتاتے ہوئے کہا کہ میرے بہت اچھے دوست جو اب بالی ووڈ کے ہدایتکار بھی ہیں، اُنہوں نے میرے کیریئر کے آغاز میں مجھے کہا تھا کہ تمہاری شکل بدصورت ہے اور اسی بدصورتی کی وجہ سے تمہیں منفی کرداروں کی آفر ہوتی ہے۔

اداکار نے اپنی بات جاری رکھتے ہوئے کہا کہ اُنہوں نے مجھے کہا تھا کہ تمہارا چہرہ چاکلیٹی ہیرو بننے کے لیے مناسب نہیں ہے۔

میگا اسٹار نے مزاحیہ انداز میں کہا کہ دوست کی بات سُننے کے بعد، میں نے بھی بہت ساری چاکلیٹس کھانا شروع کردی تھیں اور پھر خوشی خوشی منفی کرداروں کی آفر قبول کی۔

اُنہوں نے کہا کہ مداحوں نے جہاں میرے رومانوی کردار پسند کیے تو وہیں مجھے منفی کرداروں میں بھی پسند کیا گیا اور یہی میرے لیے سب سے بڑی کامیابی تھی۔

شاہ رخ خان نے طالب علموں سے مخاطب ہوتے ہوئے مزید کہا کہ انسان کو بڑے خواب دیکھنے چاہئیں اور اپنے خوابوں کو پورا کرنے کے لیے ہر ممکن کوشش کرنی چاہیے۔

بلوچ ریپبلکن آرمی کے 2 اہم دہشتگردوں کی خفیہ گفتگو سامنے آ گئی، اہم انکشافات

کالعدم دہشت گرد تنظیم بلوچ ریپبلکن آرمی کے 2 اہم دہشت گردوں کی خفیہ بات چیت منظرِ عام پر آ گئی، جس سے اہم انکشافات ہوئے ہیں۔

بلوچ ریپبلکن آرمی کے 2 اہم دہشت گردوں کی خفیہ فون کال میں دونوں دہشت گرد براہمداغ بگٹی اور ماہ رنگ بلوچ کے دھرنوں کے حوالے سے بات چیت کر رہے ہیں۔ بات چیت کے دوران ایک دہشت گرد ،دوسرے دہشت گرد سے کہہ رہا ہے کہ ’’میں واٹس ایپ کے نیٹ ورک پر گیا ہوں، سردار صاحب کے ساتھ رابطہ کیا ہے‘‘۔

گفتگو میں دہشت گرد سبزال کہتا ہے کہ ’’دھرنا جاری ہے، ماہ رنگ کے اس دھرنے میں ہمارا علی نواز خوش نہیں ہے کیونکہ وہ گروپوں میں غلط باتیں کر رہا ہے۔ براہمداغ بادشاہ آدمی ہے وہ اس کو کچھ نہیں کر رہا ہے‘‘۔

دہشت گرد لغاری چندرزئی نے کہا کہ ’’براہمداغ نے خود تو ان دھرنے والوں کے اوپر ظلم ہونے پر مذمت کی ہے‘‘۔

دہشت گرد سبزال نے کہا کہ ’’ان کا مجھے پتا ہے جب اسلام آباد میں ان کا دھرنا ہوا تھا تو سردار برہمداغ نے 50 سے 70 لاکھ روپے ان کو دیے تھے‘‘۔

دہشت گرد سبزال نے مزید کہا کہ ’’مجھے یہ بات ریاض گل نے بتائی تھی‘‘۔ وہ لوگ بلوچوں کی خاطر یہ دھرنے اور جلوس کر رہے ہیں، علی نواز کو کیا تکلیف ہے۔ اس دفعہ ڈاکٹر ماہ رنگ کچھ نہ کچھ کرے گی‘‘۔

دہشت گرد لغاری چندرزئی نے کہا کہ ’’ہاں وہ کوئی طریقہ کرے گی اگر بلوچوں نے اس کی بات مانی ہے‘‘۔

دہشت گرد سبزال نے کہا کہ ’’وہ اس کی بات مان لیں گے کیوں کہ وہ بشیر زیب اور ڈاکٹر اللہ نذر کی بات چل رہی ہے۔ ملک میں زیادہ تبدیلی جلسے جلوس سے آتی ہے۔ پولیس اور وہ 5 خاص آدمیوں کو ہم معاف نہیں کریں گے‘‘۔

دہشت گرد لغاری چندرزئی نے کہا کہ ’’پولیس والا بیان میں نے نہیں سنا تھا‘‘۔ جس پر دہشت گرد سبزال نے کہا کہ ’’پولیس والا بیان کل آیا تھا‘‘۔

دفاعی ماہرین کا کہنا ہے کہ دونوں دہشتگردوں کی آڈیو کال نے بلوچ یکجہتی کمیٹی کے راجی مچی اور اسلام آباد والے دھرنے کے پورے بیانیے کی حقیقت واضح کر دی ہے۔ کال میں بشیر زیب اور ڈاکٹر اللہ نذر کا دھرنے کی بات چیت سے تعلق اس بات کو ثابت کرتا ہے کہ دھرنے کو بلوچ دہشت گردوں کی کھلی پشت پناہی حاصل ہے۔

دفاعی ماہرین نے کہا کہ کال میں ماہ رنگ بلوچ کے اسلام آباد والے دھرنے کے لیے بی آر اے کے براہمداغ بگٹی کی طرف سے 50 سے 70 لاکھ روپے دینے کا انکشاف یہ بات ثابت کرتا ہے کہ ماہ رنگ اِن ملک دشمن عناصر کے ساتھ مل کر کام کر رہی ہے۔ آڈیو کال نے ماہ رنگ بلوچ کی دہشتگردوں کے لیے سہولت کاری اور اصلی ایجنڈے کو بھی بے نقاب کر دیا ہے۔ کال اس بات کا بھی ثبوت ہے کہ ملک میں جاری دہشتگردانہ کارروائیوں کی سہولت کاری اندرون اور بیرون ملک بیٹھے ماسٹر مائنڈ کر رہے ہیں۔

جشن یوم آزادی؛ مقبوضہ کشمیر میں غیور عوام نے پاکستانی پرچم لہرادیے

سری نگر: مقبوضہ جموں و کشمیر میں قدم قدم پر بھارتی فوجی کی تعیناتی اور سخت ترین پابندیوں کے باوجود پاکستان کا یومِ آزادی جوش اور جذبے کے ساتھ منایا گیا۔

کشمیر میڈیا سروس کے مطابق وادیٔ کشمیر اور جموں کے مختلف علاقوں میں پاکستان کا یوم آزادی انتہائی جوش و خروش اور احترام کے ساتھ منایا گیا۔ اس موقع پر جگہ جگہ پاکستانی پرچم اور پوسٹرز لگائے گئے۔

کشمیری نوجوانوں نے جنت نظیر وادی پر غیر قانونی قبضے کے خلاف جموں، راجوری، ڈوڈا اور اسلام آباد سمیت متعدد اضلاع میں بھارتی پرچم نذر آتش کردیے۔

حریت جماعتوں نے بھی سری نگر میں پاکستان کا یوم آزادی منایا اور اس مناسبت سے منعقد کی گئیں تقریب سےخطاب میں حریت رہنماؤں کا کہنا تھا کہ بھارتی جبر کشمیریوں کے آزادی کے عزم کو دبانے میں ناکام رہا ہے۔

اس موقع پر بھارت کے ناجائز قبضے کے خلاف جدوجہد آزادیٔ کشمیر کے لیے کسی بھی قسم کی قربانی سے دریغ نہ کرنے کے عزم کا اظہار کیا گیا۔

حریت رہنماؤں نے کہا کہ کشمیریوں کی 1947 سے ان کی منصفانہ جدوجہد آزادی کی اخلاقی، سیاسی اور سفارتی حمایت پر پاکستان کے تہہ دل سے شکر گزار ہیں۔

کُل جماعتی حریت کانفرنس نے آج 15 اگست کو بھارت کے یوم آزادی کو یوم سیاہ کے طور پر منانے اور مقبوضہ علاقے میں سیاہ پرچم لہرانے کی کال کی حمایت کردی۔