وزیراعظم شہباز شریف کا ارشد ندیم کیلئے ہلال امتیاز، 15 کروڑ انعام کا اعلان

  اسلام آباد: وزیراعظم  شہباز شریف نے پیرس اولمپکس میں تاریخ ساز کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے پاکستان کے لیے گولڈ میڈل حاصل کرنے والے ارشد ندیم کے لیے ہلال امتیاز اور 15 کروڑ انعام کا اعلان کر دیا۔

اسلام آباد میں ارشد ندیم کے اعزاز میں استقبالیہ تقریب سے خطاب کرتے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ یہ انتہائی فخر اور خوشی کا لمحہ ہے، صرف میرے لیے یا حکومت پاکستان کے لیے نہیں بلکہ پاکستان کے 25 کروڑ عوام کے دلوں کی دھڑکنوں کے ہیرو کا نام ارشد ندیم ہے، جس نے نہ صرف 40 سال بعد اپنی محنت اور والدین اور کروڑوں عوام کے دعاؤں کے نتیجے میں پاکستان کے لیے گولڈ میڈل جیت کر دیا، اس پر پوری پاکستانی قوم ان کی شکر گزار ہے۔

انہوں نے کہا کہ آج یوم آزادی کے موقع پر ہماری خوشیوں کو دوبالا کردیا ہے،یہ صرف 40 سال بعد میڈل نہیں لے کر آئے بلکہ آپ نے اس نیزہ پھینکنے کے حوالے سے اولمپک میں ریکارڈ قائم کیا ہے، جس پر ہر پاکستانی کا دل باغ باغ ہے اور پوری قوم کا مورال آسمانوں سے چھو رہا ہے اور آپ کی عظیم کامیابی نے یہ بات روز روشن کی طرح عیاں کی ہے کہ مشکلات سے گھبرانا نہیں چاہیے، مسائل سے پریشان نہیں ہونا چاہیے بلکہ مسائل کا ہمت اور استقامت کے ساتھ مقابلہ کرنا چاہیے۔

ارشد ندیم کو مخاطب کرکے ان کا کہنا تھا کہ آپ نے پیرس میں جو مثال قائم کی ہے یہ ہم سب کے لیے روشن مثال ہےکہ آج جہاں پر ہم یوم آزادی منانے کی پوری تیاری کر رہے ہیں تو اس مثال سے ہمیں اور پوری قوم کو اس سے حوصلہ ملا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ہمالیہ نما چیلنجز ہیں اس کو ان شااللہ آپ کے اس راستے پر چلتے ہوئے شبانہ روز محنت کرتے ہوئے اتحاد اور اتفاق کے ساتھ ان مسائل اور چینلجز کو ہم ضرور عبور کریں گے اور مل کر پاکستان کو عظیم طاقت بنائیں گے۔

ارشد ندیم کی والدہ کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ آپ نے یہ جو کامیابی کا پودا لگایا ہے یہ نہ صرف سایہ دار درخت ثابت ہوگا بلکہ اس سے ہمارے معاشرے میں بے شمار پودے ہرے بھرے ہوں گے اور ان کی جڑیں مضبوط ہوں گی اور وہ بہت سایہ دار درخت بنیں گے۔

انہوں نے کہا کہ آنے والے دنوں، ہفتوں، مہینوں اور برسوں میں آپ کی کامیابی کے ریکارڈز میں اضافہ ہوگا، اس سلسلے میں وفاقی اور صوبائی حکومتیں اور کھیلوں کی ایسوسی ایشنز سب کا فرض بنتا ہے کہ آپ کی مثال پر عمل کرتے ہوئے اپنے اختلافات ختم کریں کھیلوں ہاکی، کرکٹ، اسکواش کو بحال کریں۔

وزیراعظم نے تقریب میں موجود  ہاکی کے مشہور اولمپینز صلاح الدین، شہباز جونیئر اور دیگر ممتاز کھلاڑیوں سے گزارش کی کہ آگے بڑھیں اور مجھے تجاویز دیں تاکہ کھیلوں کی دنیا میں جو ہماری طوطی بولتا تھا وہ واپس لائیں، یہ مشکل ضرور ہے لیکن ناممکن نہیں ہے، میری حکومت صوبوں کے ساتھ مل کر بھرپور تعاون کرنے کے لیے تیار ہیں، اس کے لیے آپ ہمیں راستہ بتائیں اور سفارشات دیں۔

انہوں نے کہا کہ اس کے لیے آج ایک کمیٹی تشکیل دینے کا اعلان کرتا ہوں جو کھیلوں کے میدان میں حکومت وقت کر سکتی ہے تاکہ ہم ماضی میں پاکستان کا جو مقام تھا وہ واپس لائیں اور وہ ان شااللہ آپ کی محنت اور کاوش سے ہوگا۔

انعامات کا اعلان

وزیراعظم شہباز شریف نے سندھ اور پنجاب کی صوبائی حکومتوں کی جانب سے ارشد ندیم کو انعامات کے اعلان پر شکریہ ادا کیا اور مریم نواز کی جانب سے میاں چنوں جا کر 10 کروڑ انعام دینے کو سراہا اور کہا کہ یہ مقابلہ نہیں ہے لیکن انعامات بھی دنیا کی رسم و رواج کا حصہ ہیں کیونکہ اس سے حوصلہ بڑھتا ہے اور خاص طور پر ارشد ندیم جیسے کھلاڑیوں سے حوصلہ ملتا ہے، میں ارشد ندیم کو سلام پیش کرتا ہوں کہ انہوں نے پاکستان کو یہ عظیم مرتبہ دلایا۔

شہباز شریف نے کہا کہ ارشد ندیم نے قوم کا سر فخر سے بلند کیا ہے اور اولمپکس میں شان دار کارکردگی پر ارشد ندیم کو حکومت اور پاکستان کے عوام کی جانب سے  15 کروڑ روپے انعام دیا جائے گا اور اس میں کوئی ٹیکس عائد نہیں ہوگا، ٹیکس لینے والے یہاں بیٹھے ہیں وہ آپ سے ٹیکس نہیں لیں گے، وہ ٹیکس نہیں دینے والوں سے ٹیکس لیتے نہیں ہیں اور جو ٹیکس دیتے ہیں ان سے زیادہ ٹیکس لیتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں ایف 9 اور ایف 10 سیکٹر کے درمیان سڑک کو ارشد ندیم روڑ کا نام دیا جائے گا اور ایک اکیڈمی بھی قائم کی جائے گی۔

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ جناح اسٹیڈیم اسلام آباد میں نوجوانوں کو کھیلوں کی تربیت کے لیے ارشد ندیم ہائی پرفارمنس اکیڈمی قائم کی جائے گی جہاں 2028 اولمپکس کے لیے ایتھلیٹس اور کھلاڑیوں کو تربیت دے کر بھرپور مقابلے کے لیے تیار کیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ کھلاڑیوں کی بہبود، انہیں تربیت کے بہترین مواقع فراہم کرنے اور ریٹائرڈ کھلاڑیوں کی ضروریات پوری کرنے کے لیے ایک ارب روپے کے اسپورٹس اینڈومنٹ فنڈ  بھی قائم  کیا جائے گا، اس کے لیے 40 کروڑ روپے کی تجویز آئی تھی لیکن میں ہاکی، ٹینس، اسکواش، تیراکی اور دیگر کھیلوں کے لیے کام آئے گا۔

وزیر اعظم شہباز شریف نے ارشد ندیم کے کوچ سلمان اقبال بٹ کے لیے بھی ایک کروڑ روپے کے انعام کا بھی اعلان کردیا کیونکہ کوچز کو بعد میں لوگ پوچھتے نہیں ہیں حالانکہ کامیابی میں کوچز کا بڑا کام ہوتا ہے اور 23 مارچ تک میڈل دلوائیں گے۔

یوم آزادی پر وزیراعظم کا تحفہ، پیٹرول کی فی لیٹر قیمت میں 8 روپے 47 پیسے جبکہ ڈیزل کی فی لیٹر قیمت میں 6.7 پیسے کمی

  اسلام آباد: وزیراعظم نے یوم آزادی پر عوام کو بڑا تحفہ دیتے ہوئے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں بڑی کمی کی منظوری دے دی۔

تفصیلات کے مطابق وزیراعظم نے پیٹرول کی فی لیٹر قیمت میں 8 روپے 47 پیسے جبکہ ڈیزل کی فی لیٹر قیمت میں 6.7 پیسے کمی کی منظوری دے دی۔

وزارت خزانہ کے مطابق حالیہ کمی کے بعد 31 اگست تک پیٹرول کی فی لیٹر قیمت 269 روپے 43 پیسے سے کم ہوکر 260 روپے 96 پیسے ہوجائے گی۔

اسی طرح ڈیزل کی فی لیٹر قیمت 272.77 روپے سے کم ہو کر 266.07 روپے فی لیٹر ہوگئی۔

وزارت خزانہ کے مطابق نئی قیمتوں کا اطلاق 13 اگست کی رات 12 بجے سے شروع ہوجائے گا۔

مریم نواز کا شکریہ جو اتنی عزت دی، شہباز شریف کے ہاتھ کا لگایا ہوا پودا ہوں، ارشد ندیم

  اسلام آباد: پاکستان کو اولمپکس میں گولڈ میڈل جیتنے اور ریکارڈ بنانے والے اولمپیئن ارشد ندیم نے حکومت اور پاکستانی قوم کی جانب سے کی گئی دعاؤں اور ملنے والی پذیرائی پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس کامیابی کے پیچھے بڑی محنت ہے اور میں عالمی ریکارڈ توڑنا چاہتا تھا۔

اولمپک گولڈ میڈلسٹ ارشد ندیم نے اسلام آباد میں وفاقی وزیراطلاعات عطااللہ تارڑ اور اپنے کوچ سمیت دیگر کے ہمراہ گفتگو کرتے ہوئے اپنے والدین اور پوری پاکستانی قوم کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ ان کی دعاؤں سے پیرس اولمپکس میں صرف گولڈ میڈیل نہیں جیتا بلکہ ریکارڈ بھی بنایا۔

انہوں نے کہا کہ اس کامیابی کے پیچھے ہماری بڑی محنت ہے، 2012 میں شہباز شریف کی جانب سے کروائے گئے مقابلوں میں حصہ لیا تھا اور 2014 میں بھی میڈیلز جیتے۔

ان کا کہنا تھا کہ 2012 کا یوتھ فیسٹول وقت پر لگا تھا تو اس کا ثمر ملا اور آگے جاؤں گا، 2015 میں نئے کوچ ملے اور ٹوکیو اولمپکس میں بھی بڑی  کامیابی حاصل کی۔

ارشد ندیم نے کہا کہ ٹوکیو اولمپکس کے بعد میرے کوچ سلمان بٹ نے اپنے بچوں سے بڑھ کر میرا خیال رکھا، ہم نے محنت کی اور دولت مشترکہ اور ورلڈ اسلامک گیمز میں 90 پلس کا ریکارڈ توڑا۔

انہوں نے کہا کہ بدھا پسٹ میں پاکستان کی تاریخ میں پہلی مرتبہ میڈیل جیتا، اس کے ساتھ میں انجری کا بھی شکار ہوا لیکن ڈاکٹروں کی محنت سے صحت یاب ہوا۔

اولمپیئن نے کہا کہ 6 اگست کو جب کوالیفائی راؤنڈ ہوا تو پہلے تھرو پر فائنل کے لیے کوالیفائی ہوا اور امید پیدا ہوئی کہ گولڈ میڈیل کے لیے مقابلہ کروں گا اور وہی ہوا۔

ان کا کہنا تھا کہ جب پہلی تھرو کی تو رن اپ خراب ہوا کیونکہ احساس اچھا تو بڑا تھرو کرنا اور پھر دوسرا تھرو کیا تو کوشش کی رن اپ بھی اچھی کرنی ہے اور تھرو بھی بڑی کی۔

ارشد ندیم نے کہا کہ دوسری تھرو 92.97 ہوئی اور اسی تھرو سے اللہ نے عزت دی، اس کے بعد کوچ سے ملا تو کہا کہ میں ان شااللہ ورلڈ ریکارڈ کروں گا لیکن اولمپکس کا ریکارڈ بنا۔

انہوں نے کہا کہ وطن واپسی پر لاہور ایئرپورٹ میں بڑے اچھے طریقے سے استقبال کیا گیا بلکہ جہاں سے گزرتا گیا اور پوری قوم نے عزت دی، میں نے جو محنت کی تھی اس کا پھل پوری قوم نے دیا اور بلکہ ابھی تک دے رہی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز ہمارے گاؤں آئی اور مجھے بڑی عزت دی اور اتنی عزت دی ہے جس پر میں بہت خوش ہوں۔

ارشد ندیم نے کہاکہ وزیراعظم شہباز شریف نے بھی مجھے عزت دی اور یہاں بلایا ہے، پاکستانی قوم اور وزیراعظم سب نے مجھے بہت عزت دی ہے جو میڈل سے بڑھ کر ہے، میں پوری پاکستانی قوم کا شکر گزار ہوں کیونکہ مجھے اتنی عزت دے رہے ہیں اور میرے لیے دعا کی۔

انہوں نے کہا کہ اللہ کا شکر ہے کہ اگست کے مہینے میں اتنی بڑی کامیابی دی ہے، کل 14 اگست ہے ان شااللہ اس میڈل کے ساتھ 14 اگست منائیں گے۔

شمسی پینل ٹیکنالوجی میں انقلابی پیش رفت

آکسفورڈ: ایک نئی تحقیق معلوم ہوا ہے کہ بیگ، سیل فون یا کار کی چھت پر انسانی بال سے 100 گنا پتلی ایسی کوٹنگ پرنٹ کی جاسکتی ہے جو باآسانی سورج کی توانائی کو جمع کر سکے گی۔یہ پیشرفت دنیا بھرمیں وسیع پیمانے پر زمین استعمال کرنے والے شمسی فارموں کی ضرورت کو کم کر سکتی ہے۔

آکسفورڈ یونیورسٹی کے شعبہ طبیعیات کے سائنس دانوں نے ایک ایسا انتہائی مہین، روشنی جذب کرنے والا مواد تیار کیا ہے جو تقریبا کسی بھی عمارت یا شے کی سطح پر لگایا جاسکتا ہے ، اور موجودہ شمسی پینل کی تقریبا دوگنی توانائی پیدا کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔

یہ ٹیکنالوجی شمسی توانائی کے فروغ کے لئے ایک اہم وقت میں سامنے آئی ہے کیونکہ انسانوں کی وجہ سے آب و ہوا کی تبدیلی سیارے کو تیزی سے گرم کر رہی ہے ، جس کی وجہ سے دنیا کو صاف توانائی کی طرف منتقلی کے عمل میں تیزی لانی  پڑ رہی ہے۔

شمسی کوٹنگ پیرووسکائٹس نامی مواد سے بنی ہے ، جو آج بڑے پیمانے پر استعمال ہونے والے سلیکون پر مبنی پینل کے مقابلے میں سورج کی توانائی کو جذب کرنے میں زیادہ موثر ہے۔ جس کی بنیادی وجہ اس کی روشنی جذب کرنے والی پرتوں کا روایتی پینل کے مقابلے میں سورج کے اسپیکٹرم سے روشنی کی ایک وسیع رینج کو جذب کرنے کی صلاحیت ہے۔ اور زیادہ روشنی کا مطلب زیادہ توانائی ہے۔

آکسفورڈ کے سائنسدان اکیلے نہیں ہیں جنہوں نے اس قسم کی کوٹنگ تیار کی ہے ، لیکن ان کی کوٹنگ خاص طور پر موثر ہے ، جو سورج کی روشنی میں تقریبا 27فی صد  توانائی حاصل کرتی ہے۔ آج کے شمسی پینل جو سیلیکون خلیات کا استعمال کرتے ہیں ، اس کے مقابلے میں ، عام طور پر سورج کی روشنی کا 22فی صد تک بجلی میں بدلتے ہیں۔

محققین کا ماننا ہے کہ وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ پیرووسکائٹس 45 فیصد سے زیادہ کارکردگی فراہم کرنے کے قابل ہو جائیں گے، جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ وہ صرف پانچ سال کے تجربے کے دوران 6 فیصد سے 27 فیصد تک پیداوار حاصل کرنے میں کامیاب رہے ہیں۔

مارگن اینڈ اسٹینلےنے 7 پاکستانی کمپنیوں کو انڈیکس میں شامل کرلیا

  کراچی: بین الاقوامی ادارے مارگن اینڈ اسٹینلے کیپٹل انٹرنیشل نے پاکستان کی 7 کمپنیوں کو انڈیکس میں شامل کرلیا ہے جس کے نتیجے میں ایم ایس سی آئی کے انڈیکسز میں شامل پاکستانی کمپنیوں کی تعداد 82 ہوگئی ہے۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ اس فیصلے سے پاکستانی کیپٹل مارکیٹ میں بیرونی سرمایہ کاری میں اضافہ ہوگا۔ ایم ایس سی آئی نے سہہ ماہی جائزے کے بعد پاکستانی کمپنیوں کی درجہ بندی جاری کی ہے۔

مقامی آٹو سیکٹر کی کمپنی سازگار انجینئرنگ کو ایم ایس سی آئی کے فرنٹیئر مارکیٹ انڈیکس میں شامل کیا گیا ہے۔ ایم ایس سی آئی اسمال کیپ انڈیکس میں پاکستان کی 6 کمپنیوں کو شامل کیا گیا ہے۔

آئل اینڈ گیس کے شعبے کی ایک کمپنی ہیسکول کو ایم ایس سی آئی نے اسمال کیپ انڈیکس سے خارج بھی کیا گیا ہے۔

دنیا کے بڑے سرمایہ کار ادارے شیئرز میں انویسٹمنٹ کیلیے مارگن اینڈ اسٹینلے کی تقلید کرتے ہیں۔ دنیا کے 100 بڑے سرمایہ کار اداروں میں سے 95 ادارے ایم ایس سی آئی کے کلائنٹس ہیں۔

بنگلادیش میں 15 اگست کی عام تعطیل منسوخ کرنے کا فیصلہ

ڈھاکا: بنگلادیش میں قومی سوگ کے طور منائی جانے والے 15 اگست کے روز کی عام تعطیل کو منسوخ کرنے کا امکان ہے۔

بنگلادیش میں شیخ حسینہ واجد کے 15 سالہ اقتدار کا دور طلبا تحریک کے نتیجے میں ختم ہوگیا تھا اور وہ مستعفی ہوکر پناہ لینے بھارت چلی گئی تھیں۔ جس کے بعد سے فوج نے ملک میں عبوری حکومت قائم کردی ہے۔

عبوری حکومت کی سربراہی نوبیل انعام یافتہ ماہر معاشیات محمد یونس کے حصے میں آئی جب کہ وزارت داخلہ کے سربراہ ایک ریٹائرڈ فوجی ہیں۔ کابینہ میں کئی طلبا نمائندے بھی شامل ہیں۔

عبوری حکومت کے قیام کے بعد سے بنگلادیش میں خصوصی اقدامات اُٹھائے گئے ہیں جن میں سے ایک ممکنہ طور پر 15 اگست کی تعطیل کو منسوخ کرنا ہے۔

وزارت پبلک ایڈمنسٹریشن کے ذرائع کے مطابق 15 اگست کو قومی یوم سوگ کے طور پر منائی جانے والی عام تعطیل کے منسوخ ہونے کا امکان ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ چھٹی کو منسوخ کرنے کا نوٹیفکیشن تیار ہے اور منظوری کے بعد کسی بھی وقت جاری کیا جا سکتا ہے۔

عبوری حکومت نے پولیس، بی جی بی، آر اے بی اور ممکنہ طور پر فوج کو 15 اگست کو نظم و نسق برقرار رکھنے کے لیے تعینات کرنے کا ارادہ ظاہر کیا ہے۔

یہ دن بنگلادیش کے بانی کہلائے جانے والے عوامی لیگ کے سربراہ اور شیخ حسینہ واجد کے والد کے قتل کا دن ہے۔ وہ ملک کے پہلے صدر تھے اور 15 اگست 1975 کو فوجی بغاوت میں اہل خانہ سمیت قتل کردیے گئے تھے۔

بعد ازاں جب حسینہ واجد اقتدار میں آئیں تو انھوں نے اپنے والد کے قتل کے روز یعنی 15 اگست کو قومی سوگ طور پر منانے کا آغاز کیا گیا اور اس دن ملک بھر میں عام تعطیل دی جاتی تھی۔

اداکاری سے قبل اشتہاری ایجنسی میں میڈیا پلانر تھا، جان ابراہام کا انکشاف

 ممبئی: بالی وڈ کے معروف اداکار جان ابراہم نے انکشاف کیا ہے کہ شوبز میں آنے سے قبل وہ ایک اشتہاری ایجنسی میں میڈیا پلانر تھے۔ 

ایک تازہ انٹرویو میں اداکار نے بالی وڈ میں قدم رکھنے سے قبل اپنی جدوجہد اور مالی مشکلات کے متعلق گفتگو کی ہے۔

جان ابراہام کا کہنا تھا کہ ایم بی اے کی ڈگری کرنے کے بعد انہوں نے ایک اشتہاری کمپنی میں بطور میڈیا پلانر جاب شروع کی تھی۔

اداکار نے بتایا کہ ان کی پہلی تنخواہ ساڑھے چھ ہزار تھی اور اس وقت ان کے اخراجات بھی بہت کم تھے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ 1999 میں ان کے دوپہر کے کھانے کی قیمت صرف چھ روپے 25 پیسے ہوا کرتی تھی۔

معاشرے کی سنگل خواتین پر افسوس کا رواج ختم ہونا چاہئے، ونیزہ احمد

 لاہور: پاکستانی اداکارہ ونیزہ احمد نے کہا ہے کہ ہمارے معاشرے کی سنگل خواتین پر افسوس کا رواج ختم ہونا چاہئے۔ 

ایک تازہ انٹرویو میں اظہار خیالات کرتے ہوئے اداکارہ نے خواتین کو بااعتماد و خود مختار بنانے پر زور دیا ہے۔

اداکارہ نے کہا کہ اگر خواتین کا کوئی سرپرست نہیں ہے تو انہیں کمزور نہیں سمجھنا بلکہ انہیں بااعتماد بنانے کی کوشش کرنی چاہئے۔

ان کا کہنا تھا کہ جب کوئی خاتون اپنا جیون ساتھی کا انتخاب کرنا چاہے تو کر سکے اور اس بات کی پروا نہیں ہونی چاہئے کہ وہ عمر کے کس حصے میں ہے۔

ونیزہ احمد نے بتایا کہ ان کی شادی 39 برس کی عمر میں ہوئی تھی اور جب میں ماں بنیں تو ان کی عمر 40 برس کی تھی۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ معاشرے کی سنگل خواتین پر افسوس کرنے کا رواج ختم ہونا چاہئے تاکہ وہ اپنی زندگی اپنی شرائط پر گزار سکیں۔

فنکاروں پر تنقید، ریشم نے خلیل الرحمان قمر کو آڑے ہاتھوں لے لیا

 لاہور: پاکستان کی سینئر اداکارہ ریشم نے نامور مصنف اور ہدایتکار خلیل الرحمان قمر کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔ 

ایک تازہ انٹرویو میں اداکارہ کا کہنا تھا کہ خلیل الرحمان قمر میں تکبر اور حقارت ہے اور وہ اپنے منہ کی کھارہے ہیں۔

ریشم کا کہنا تھا کہ فنکاروں پر تنقید کرنے والے پر آج پورا زمانہ ہنس رہا ہے، ان کو اپنے گریبان میں جھانکنا چاہئے۔

اداکارہ کا کہنا تھا کہ خلیل الرحمان قمر ہر وقت عورت کو ٹارگٹ کرتے ہیں اور اب انہوں نے پھر اعلان کیا ہے کہ وہ مرتے دم تک یہی کریں گے۔

ریشم کا کہنا تھا کہ ڈرامہ رائٹر کو کوئی حق نہیں ہے کہ وہ نعمان اعجاز یا ماہرہ خان کی کردار کشی کریں اور ان کیلئے برے الفاظ استعمال کریں۔

صنم جاوید کو گرفتار نہ کرنے کا حکم، حفاظتی ضمانت منظور

  اسلام آباد: اسلام آباد ہائی کورٹ نے پی ٹی آئی رہنماء صنم جاوید کی حفاظتی ضمانت منظور کرلی اور پولیس کو انہیں گرفتار کرنے سے روک دیا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے حفاظتی ضمانت کی درخواست پر سماعت کی۔ صنم جاوید اپنے وکیل احد کھوکھر کے ہمراہ عدالت میں پیش ہوئیں۔

وکیل نے کہا کہ میانوالی میں مقدمہ درج ہے جس میں ان کی گرفتاری کا خدشہ ہے متعلقہ عدالت میں پیش ہونا چاہتے حفاظتی ضمانت دی جائے۔

عدالت نے ایک ہفتہ کی حفاظتی ضمانت منظور کرلی اور پولیس کو صنم جاوید کو گرفتار نہ کرنے کا حکم جاری کردیا۔ عدالت نے حکم دیا کہ صنم جاوید ایک ہفتہ کے اندر متعلقہ عدالت میں پیش ہوجائیں۔